کیا کہتے ہیں میٹرک سائنس کے پوزیشن ہولڈر؟

اپنا مقصد حاصل کرنے کے لیے محنت کرنا کوئی خاص بات نہیں لیکن محنت کر کے اپنے مقصد کو حاصل کرلینا واقعی ایک بہت بڑی کامیابی ہوتی ہے- اپنے مقاصد حصول کے لیے ایسی ہی محنت کی تھی چند طالبعلموں نے جنہیں بالآخر کامیابی حاصل ہوئی- ہم بات کر رہے ہیں کراچی کے میٹرک کے سالانہ امتحانات برائے 2014 میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی- یہ کامیاب طلبہ ہمارے روشن مستقبل کی ایک کرن ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہر پلیٹ فارم پر ضرور ہونی چاہیے- اسی حوالے سے ہماری ویب نے ٹاپ تھری پوزیشن ہولڈرز سے خصوصی بات چیت کی- اس بات چیت کا مقصد جہاں ایک جانب ان بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا وہیں دوسری طرف اپنے قارئین کی رہنمائی بھی ہے- دلچسپ بات یہ ہے مذکورہ امتحانات میں دوسری پوزیشن دو طالب علموں نے حاصل کی-

سب سے پہلے ہم بات کریں گے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے والی خوش نصیب طالبہ ماروا تنویر سے-

ہماری ویب: اسکول کا نام؟
ماروا تنویر= عثمان پبلک اسکول - کیمپس 6
 

image


ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
ماروا تنویر= بہت خوشی محسوس ہورہی ہے اور صرف میں ہی نہیں بلکہ میری فیملی بھی بہت خوش ہے-

ہماری ویب: آپ نے اس سے پہلے کبھی کوئی پوزیشن حاصل کی ہے؟
ماروا تنویر= میں نے نرسری سے ہمیشہ پہلی پوزیشن ہی حاصل کی ہے-

ہماری ویب: کیا آپ اسکول کے اساتذہ سے مطمئین ہیں؟
ماروا تنویر= ہمارے اسکول کے اساتذہ بہت کوآپریٹو ہیں اور اسکول کا نظام بھی بہت اچھا ہے-

ہماری ویب: ہمیشہ خود سے پڑھائی کی یا پھر کوچنگ بھی جوائن کیا ہے؟
ماروا تنویر= میں نے کبھی کوچنگ جوائن نہیں کیا٬ پرائمری میں والدہ پڑھاتی تھیں جبکہ سیکنڈری میں خود پڑھنا شروع کیا-

ہماری ویب: لوڈشیڈنگ یا امن و امان کی بدترین صورتحال نے پڑھائی کو متاثر کیا؟
ماروا تنویر= جی ہاں لوڈشیڈنگ نے بہت متاثر کیا جبکہ تمام تر تیاری کے بعد ہڑتال کے ہوجانے پر پڑھائی بھی متاثر ہوتی ہے-

ہماری ویب: تعلیم کے نظام کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے؟
ماروا تنویر= نصاب کو اپ ڈیٹ کیا جائے٬ کتب میں موجود مضامین ایڈوانس نہیں ہیں اور دس گیارہ سالوں سے وہی مضامین چلے آرہے ہیں-

ہماری ویب: آپ کی نظر میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
ماروا تنویر= پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ تعلیم کی کمی ہے-

ہماری ویب: آج کل کے دور میں ہر عمر کے فرد کے پاس موبائل موجود ہے٬ لیکن کیا اسکول کے طلبا کو اس کی اجازت ہونی چاہیے؟
ماروا تنویر= اسکول کے طلبا کو موبائل کی اجازت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ انہیں اس کی کوئی ضرورت نہیں البتہ کالج میں اجازت ہونی چاہیے-
 

image

ہماری ویب: مستقبل میں اپنے آپ کو کہاں دیکھتی ہیں؟
ماروا تنویر= میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں-

ہماری ویب: آپ دوسرے طالبعلموں کو تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کیا پیغام دیں گیں؟
ماروا تنویر= پڑھائی کو کبھی سر پر سوار نہ کریں اور پرسکون انداز میں پڑھیں- کورس کے علاوہ بھی دیگر کتابوں کا مطالعہ کریں-

اب ہم بات کریں گے سیکنڈ پوزیشن ہولڈر انس غنی سے-

ہماری ویب: اسکول کا نام؟
انس غنی= میٹرو پولیٹن اکیڈمی - کیمپس 1
 

image

ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
انس غنی= بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں-

ہماری ویب: آپ کتنا ٹائم پڑھائی کو دیتے ہیں؟
انس غنی= کبھی ٹائم فکس نہیں کیا- امتحانات کے دوران زیادہ سے زیادہ پڑھتا تھا اور کلاس کے دوران ہونے والے لیکچر کو بغور سنتا تھا-

ہماری ویب: لوڈشیڈنگ یا امن و امان کی بدترین صورتحال نے پڑھائی کو متاثر کیا؟
انس غنی= کوئی خاص پریشانی تو نہیں ہوئی البتہ پیپروں کے دوران حالات خراب ہونے سے ضرور مسائل پیدا ہوتے ہیں-

ہماری ویب: اکثر طالبعلم میٹرک سائنس سے کرنے کے بعد مستقبل میں کسی دوسرے مضمون کا انتخاب کرلیتے ہیں کہ وہ آسان ہے- آپ کی کیا رائے ہے اس بارے میں؟
انس غنی= جس کی جو مرضی ہو اور جو دل چاہے وہ اسی کا انتخاب کرے-

ہماری ویب: تعلیم میں کامیابی کے لیے والدین کے کردار کو کس طرح دیکھتے ہیں؟
انس غنی= یہ سب والدین اور اساتذہ کی وجہ سے ہی ہوتا ہے اور یہ صرف ایک سال کی بات نہیں بلکہ ان کی حوصلہ افزالی کی ضرورت اس وقت سے ہوتی ہے جب سے انسان اسکول جانا شروع کرتا ہے-

ہماری ویب: آئندہ کس مضمون کے انتخاب کا ارادہ رکھتے ہیں؟
انس غنی= میں انجنئیرنگ میں داخلہ لینا چاہتا ہوں-

ہماری ویب: آپ دوسرے طالبعلموں کو تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کیا پیغام دیں گے؟
انس غنی= کلاس میں جو بھی پڑھایا جائے اسے غور سے سنیں- اس طرح پیپر میں اگر کوئی سوال آؤٹ آف کورس بھی آتا ہے تو اس کا جواب دینا آسان ہوتا ہے-
 

image

ہماری ویب: آپ کی نظر میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
انس غنی= پاکستان کا سب سے بڑا دہشت گردی ہے-

ہماری ویب: انٹرنیٹ کے استعمال کو طالبعلموں کے لیے کیسا سمجھتے ہیں؟
انس غنی= اگر ضرورت کے تحت کیا جائے تو اچھا ہے-

اب باری ہے سعد خالد کی جنہوں نے میٹرک کے امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کی-

ہماری ویب: اسکول کا نام؟
سعد خالد= کلثوم بائی ولیکا سول ایوی ایشن ماڈل اسکول اینڈ کالج-
 

image
ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
سعد خالد= مجھے بہت خوشی ہورہی ہے- اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم کی بدولت مجھے یہ پوزیشن حاصل ہوئی ہے- میری کامیابی کا سہرا میرے اساتذہ کو جاتا ہے جنہوں نے میری ہر قدم پر حوصلہ افزائی کی-

ہماری ویب: ہمیشہ خود سے پڑھائی کی یا پھر کوچنگ بھی جوائن کیا ہے؟
سعد خالد= جی ہاں مزید رہنمائی حاصل کرنے کے لیے کوچنگ کلاسز بھی جوائن کی تھیں-

ہماری ویب: لوڈشیڈنگ یا امن و امان کی بدترین صورتحال نے پڑھائی کو متاثر کیا؟
سعد خالد= جی ہاں یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے٬ حالات اور لوڈشیڈنگ نے پڑھائی کو بہت متاثر کیا-

ہماری ویب: آئندہ کس مضمون کے انتخاب کا ارادہ رکھتے ہیں؟
سعد خالد= میرا پری میڈیکل میں داخلہ لینے کا ارادہ ہے کیونکہ میں ڈاکٹر بننا چاہتا ہوں-

ہماری ویب: تعلیم کے نظام کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے؟
سعد خالد= بورڈ کے امتحانات میں کافی نقائص موجود ہیں- نقل اور رشوت کے رجحان کو ختم ہونا چاہیے اس طرح حقدار کو اس کا حق مل سکے گا-

ہماری ویب: آپ کی نظر میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
سعد خالد= کرپشن٬ لوڈشیڈنگ اور غربت وغیرہ پاکستان کے سب سے بڑے مسائل ہیں-

ہماری ویب: آپ کے خیال میں نصاب میں کس طرح کی تبدیلیوں کی ضرورت ہے؟
سعد خالد= انگریزی تعلم کے ساتھ دینی تعلم کو بھی بہتر بنایا جانا چاہیے- عربی کو لازمی کورس کا حصہ بنایا جانا چاہیے اس سے قرآن پاک پڑھنے اور سمجھنے میں آسانی پیدا ہوگی-
 

image

ہماری ویب: آج کل کے دور میں ہر عمر کے فرد کے پاس موبائل موجود ہے٬ لیکن کیا اسکول کے طلبا کو اس کی اجازت ہونی چاہیے؟
سعد خالد= موبائل وقت ضائع اور برباد کرنے کا ایک ذریعہ ہے اس لیے اسکول کے طلبہ کو اس کے استعمال کی اجازت نہیں ہونی چاہیے-

ہماری ویب: انٹرنیٹ کے استعمال کو طالبعلموں کے لیے کیسا سمجھتے ہیں؟
سعد خالد= اگر مثبت استعمال ہو تو ٹھیک لیکن منفی استعمال نہیں ہونا چاہیے- انٹرنیٹ سے کورس کے متعلق معلومات حاصل ہوتی ہیں٬ وہ ضرور حاصل کرنی چاہئیں-

(سیکنڈ پوزیشن حاصل کرنے والی دوسری طالبہ ماہ نور سے چند وجوہات کی بنا پر رابطہ نہ ہوسکا)
YOU MAY ALSO LIKE:

Announcement of result or Preparation of result is very easy but successfully passing the Examination is very hard. Those students can evaluate who gets leading position in the results and make their parents and teachers proud. These students should be encouraged at every stage. On this purpose Hamariweb has chit chat with position holders of the matric science.