ٹی ٹی پی کا پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا

شاہین اختر

تحریک طالبان پاکستان جس کا اسلام دشمن اور پاکستان دشمن چہرہ بار بار بے نقاب ہو چکا ہے۔ امام کعبہ اپنے بیانات اور خطبہ حج میں تحریک طالبان پاکستان کی افواج پاکستان کے خلاف لڑائی ،خودکش حملوں کو حرام اور اسلامی تعلیمات کے منافی قرار دے چکے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان کی سرگرمیوں کو غیر اسلامی قرار دینے پر مولانا حسن جان کو انہی دہشت گردوں نے شہید کیا۔ تحریک طالبان پاکستان کے خونی ہاتھوں سے افواج پاکستان سمیت ساٹھ ہزار پاکستانی شہید ہو چکے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان کے رہنماؤں نے کبھی کسی مدرسے کے متعلم نہیں رہے اور نہ ہی مذہبی تعلیم حاصل کی ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کی صفوں میں جرائم پیشہ افراد کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اسلام اور جہاد کا نام استعمال کرنے والے تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد کئی معصوم شہریوں کو تاوان کیلئے اغوا کرچکے ہیں۔ تاوان کی ادائیگی کی صلاحیت نہ ہونے یا انکار پر کئی معصوم شہریوں کو شہید بھی کرچکے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان کو بھارتی ’’را‘‘ ، اسرائیلی ’’موساد‘‘ کی مکمل تائید و حمایت مالی امداد اور تربیت کی فراہمی جاری ہے۔ سروبی افغانستان میں بھارتی ’’را‘‘ کا ایک میجر جنرل پاکستان کے اندر تحریک طالبان پاکستان کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی نگرانی کرتا ہے۔ تحریک طالبان کے محفوظ ٹھکانے افغانستان میں ہیں۔ اسلام اور جہاد کا نام استعمال کرنے والی تحریک طالبان پاکستان نے آج تک کبھی افغانستان میں بھارتی افواج اور مراکز پر حملے کیوں نہیں کیے؟۔ امریکیوں سے پنجہ آزمائی کیوں نہیں کی۔ واحد اسلامی دنیا کی ایٹمی طاقت پاکستان کو لہو لہان کرنے والے تحریک طالبان کے دہشت گرد اب افواج پاکستان کی ضرب کاری کی زد میں آنے کے بعد جھوٹے پراپیگنڈے پر اُتر آئے ہیں جس میں ایک پراپیگنڈہ یہ بھی ہے کہ پاکستانی افواج نے 23مئی کو شمالی وزیرستان میں سو سے زیادہ افراد کو مار دیا اور بے شمار مساجد کو تباہ کردیا۔ پاکستان کو لہو لہو کرنے والے اب پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کے بعد یہ پروپیگنڈا کررہے ہیں کہ یہ کارروائی امریکی ہدایات پر کی جا رہی ہیں لہٰذا پاک فوج کے خلاف جہاد لازمی ہے۔ اسی پراپیگنڈے کی آڑ میں اسلام اور پاکستان دشمن تحریک طالبان پاکستان مقامی لوگوں کو اپنے بچے ’’جہاد ‘‘کیلئے ’’وقف‘‘ کرنے اور ’’مجاہدین‘‘ کی مالی مدد کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ پاکستان کی مساجد ، بازاروں، گلی کوچوں اور سکیورٹی فورسز پر خونی حملوں میں ملوث قاتل تحریک طالبان پاکستان اسلام اور جہاد کے نام پر افواج پاکستان کے خلاف اُن سے ملحقہ (مذہبی سکالرز) سے فتوے حاصل کررہے ہیں جن کو روایتی پراپیگنڈوں کے ہتھیاروں ، ایف ایم ریڈیوز، پمفلٹس اور مساجد میں خطبوں کو استعمال کررہے ہیں۔ یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے نفاذ اسلام اور اسلامی روایات کے ضمن میں جو دعوے کیے جاتے ہیں، ان کا پاکستان کی معاشرت اور حالات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ پاکستان کے آئین 1973ء میں واضح طور پر یہ درج ہے کہ مملکت خداداد پاکستان میں اسلامی تعلیمات اور اصولوں کے خلاف کوئی قانون رائج نہیں ہوگا۔
Javed Ali Bhatti
About the Author: Javed Ali Bhatti Read More Articles by Javed Ali Bhatti: 141 Articles with 94838 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.