شعبان المعظم کے روزوں کی فضیلت

تعظیمِ رمضان کے لیے شعبان کے روزے
سرکارِ مدینہ، سلطانِ باقرینہ ، قرارِ قلب وسینہ ، فیض گنجینہ،صاحِبِ مُعطّر پسینہ،باعثِ نُزولِ سکینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عظمت نشان ہے ،''رَمَضان کے بعد سب سے افضل شَعبان کے روزے ہیں، تعظيم رَمَضان کیلئے۔''(شُعَبُ الْایمان ج۳ص۳۷۷حدیث۳۸۱۹)

شعبان کے اکثر روزے رکھنا سنّت ہے
اُمّ الْمُؤمِنِین حضرتِ سَیِّدَتُنا عائِشہ صِدّیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا رِوایَت فرماتی ہیں:حُضُورِ اکرم، نُورِ مُجَسَّم، شاہِ بنی آدم،رسولِ مُحتَشَم،شافِعِ اُمَم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو میں نے شَعبان سے زیادہ کسی مہینے میں روزہ رکھتے نہ دیکھا۔آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سِوائے چند دِن کے پورے ہی ماہ کے روزے رکھا کرتے تھے۔(تِرمِذی ج۲ص۱۸۲حدیث۷۳۶)

مرنے والوں کی فہرست بنائی جاتی ہے
اُمّ الْمُؤمِنِین حضرتِ سَیِّدَتُنا عائِشہ صِدّیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا رِوا یَت فرماتی ہیں: ''حُضورِ انور ،شافِعِ مَحشر ،مدینے کے تاجور ،بِاِذْنِ ربِّ اکبر غیبوں سے باخبر ،محبوبِ داوَر عَزَّوَجَلَّ و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پُورے شَعبان کے روزے رکھا کرتے تھے۔'' فرماتی ہیں: میں نے عرض کی، ''یارسولَ اللہ عَزَّوَجَلَّ و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! کیا سب مہینو ں میں آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے نزدیک زیادہ پسندیدہ شَعبان کے روزے رکھنا ہے ؟ '' توشفیعِ روز ِشُمار صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اللہ عَزَّوَجَلَّ اِس سال مرنے والی ہر جان کو لِکھ دیتا ہے اور مجھے یہ پسند ہے کہ میرا وَقتِ رُخصت آئے اور میں روزہ دارہوں۔''(مُسندِابویعلٰی ج۴ص۲۷۷حدیث۴۸۹۰)

پسندیدہ مہینہ
حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن ابی قَیس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مَروی کہ اُنہوں نے حضرتِ سیِّدَتُنا عائشِہ صِدِّیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو فرماتے ہوئے سُنا ، رسولُ اللہ عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پسندیدہ مہینہ شَعبانُ الْمُعَظَّم تھا کہ اس میں روزے رکھا کرتے پھر اسے رَمَضان سے ملا دیتے ۔(ابو داؤد ج۲ص۴۷۶حدیث۲۴۳۱)
Nasir Memon
About the Author: Nasir Memon Read More Articles by Nasir Memon: 103 Articles with 182245 views I am working in IT Department of DawateIslami, Faizan-e-Madina, Babul Madinah, Karachi in the capacity of Project Lead... View More