بسم اﷲ الرحمن الرحیم

 قیصر روم کو بڑی شدت سے دردِسر لاحق ہوا،علاج ودواء سے مایوسی کے بعد حضرت عمر ؓکو اس بارے لکھا، انہوں نے ایک ٹوپی ارسال کی، جب وہ رکھتا تھا تو درد ختم ہوجاتاتھا، اور جب اتارتا تو پھر شروع ہوجاتا ،انہوں نے اس ٹوپی کو اندر سے کھول دیا،تو اس میں﴿ بسم اﷲ الرحمن الرحیم﴾ لکھا ہواتھا، (تفسیرکبیر : ج ۱ ص ۱۷۱) ۔ ہالینڈ کے ایک ماہر نفسیات نے انکشاف کیاہے کہ لفظ ’’ اﷲ ‘‘ کا ذکر افسردگی اور ذہنی تناؤ کے شکار مریضو ں کیلئے علاج ہے، بلکہ انہیں دیگر نفسیاتی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے ۔ مذکورہ ڈچ ماہر نفسیات وینڈ رہاون نے اپنی نئی دریافت میں اعلان کیاہے کہ قرآن مجید کا مطالعہ اور لفظ ’’اﷲ ‘‘ کا باربار دہرایاجانا مریض یا عام شخص ہردو پر اثر کرتاہے ،یہ ڈچ پروفیسر اپنے مطالعہ اور تحقیق سے گزشتہ ۳سال سے مریضوں پر تجربہ کررہے ہیں ،ان میں بیشتر مریض غیر مسلم تھے، جو عربی نہیں بول سکتے تھے، انہیں لفظ ’’ اﷲ ‘‘ صاف طور پر بولنے کی تربیت دی گئی ،اس کا غیر معمولی نتیجہ برآمد ہو ا،خاص طور ان مریضوں پر جو افسر دگی اور تناؤ کاشکار تھے ۔اپنی تحقیق کی مزید وضاحت کرتے ہوئے وینڈرہارن نے بتایاکہ لفظ ’’اﷲ ‘‘ کا پہلا حرف ’’الف‘‘ نظام تنفس سے خارج ہوتاہے اور سانس کو کنٹرول میں رکھتاہے ، حرف ل کی ادائیگی کیلئے زبان کو معمولی ساتالوسے لگاکر تھوڑا توقف کرنے کے بعد اس عمل کوصحیح ادائیگی سے دہرانے اور سانس لینے کا عمل توقف سے جاری رکھنے سے تناؤ کو عافیت حاصل ہوگی ،انہوں نے مزید کہاکہ لفظ ’’اﷲ‘‘ کاآخری حرف ’’ہ ‘‘ کی ادائیگی سے پھیپھڑوں اور دل کا رابطہ ہوتاہے اور بدلے میں یہ را بطہ دل کی دھرکن کو کنٹرول کرتاہے ۔ سعودی روزنامہ الوطن نے لکھاہے جو عربی پڑھ سکتے ہیں اور قرآن مجید کا مطالعہ بلاناغہ کرتے ہیں ،وہ خود کو نفسیاتی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں ،ایک ماہر نفسیات کے مطابق ’’اﷲ ‘‘ کا ہر حرف نفسیاتی امراض کے سد باب میں مؤثر ہے ۔

مشہور ماہرِعملیات وتعویذات جناب اعجاز احمد خاں سنگھانوی صاحب لکھتے ہیں:
1۔اگر کسی شخص کاکوئی جائز مقصد ہو، اس میں کامیابی اس کے لئے لازم اور ضروری ہو،اس کے لئے یہ عمل بہت مجرب اور سریع التاثیر ہے،اس عمل کے ذریعے ان شاء اﷲ تعالی ہر جائز مقصد میں کامیابی ہوگی۔نیزیہ وظیفہ ہر دینی ودنیاوی کام کے لئے پڑھاجاسکتا ہے۔
اول تین مرتبہ درودِ ابراہیمی شریف پڑھے،اس کے بعد (786)سات سوچھیاسی بار ’’بسم اﷲ الرحمن الرحیم‘‘ پڑھے، آخرمیں بھی تین بار درودِ ابراہیمی شریف پڑھے۔
یہ عمل بعد صلاۃ العشاء باوضو مسلسل سات دن کرے، اور روزانہ عمل کے بعد اپنے مقصد میں کامیابی کی دعا کیاکرے۔
2۔نیا چاند دیکھنے کے بعد کسی ایک نماز کے بعد پابندی کے ساتھ بلاناغہ اکیس دن تک مسلسل یہ عمل کرے ،انشاء اﷲ تعالی مشکل حل ہوگی اور مقصد میں کامیابی حاصل ہوگی۔ شرط یہ ہے کہ مقصد جائز ہو ،ناجائز کام کے لئے کرے گا تو خود نقصان اٹھائے گا اور ہرگز کامیاب نہ ہوگا۔
عمل یہ ہے :
اول وآخر بیالیس بیالیس مرتبہ درود ِابراھیمی شریف پڑھے اور درمیان میں یہ آیت ایک سو بار پڑھے ۔
’’ بِسْمِ اﷲ ِالرَّحمن ِالرَّحِیْمِ ، الم ، ذلِکَ الْکِتبُ لَارَیْبَ، فِیْہِ ‘‘۔
اگر یہ عمل فجر کی نماز کے بعد شروع کیاہے تو روزانہ فجر کی نماز کے بعد ہی پڑھے ،اگر ظہر کی نماز کے بعد شروع کیا ہے تو آخر تک ظہر کے بعد ہی پڑھے، ایسانہ کرے کہ کبھی فجر میں پڑھ لیا، کبھی ظہر میں پڑھ لیا،کبھی عصر میں پڑھ لیا ،کبھی مغرب میں پڑھ لیا، اس طرح کا میابی مشکل ہے ،اگر اﷲ تعالی اپنی رحمت سے اس طرح بھی نوازدے تو اس کا فضل عظیم ہے ۔
3۔گھریلو تمام تر ناچاقیوں کے لئے صبح شام آٹھ آٹھ سو مرتبہ چلتے پھرتے ، اٹھتے بیٹھتے مکمل بسم اﷲ پڑھا کرے ، حالات بالکل تبدیل ہوکر اچھے سے اچھے ہوجائنگے،ان شاء اﷲ تعالی۔
 
Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 817623 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More