کنٹینر میں لیمن گراس اُگائیں

دھنیا‘ پودینہ‘ ہری مرچیں ‘ٹماٹر‘ کڑھی پتے ‘ لہسن اورادرک ایسی چیزیں ہیں جن کے بغیر بہت سے کھانوں کا تصور ہی ناممکن ہوتا ہے ‘ اسی لئے سبزی کی خریداری کے وقت ان چیزوں کو خرید لینا معمول ہے لیکن اگر یہی چیزیں گھر بیٹھے تروتازہ میسر آجائیں تو کیا ہی بات ہے۔ بہت سی سبزیاں اور جڑی بوٹیاں گھر میں اُگائی جاسکتی ہیں اور ان کے لئے بڑی جگہ کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔ قارئین کی سہولت کے لئے ہم ہر شمارے میں کنٹینرز یا گملوں میں اُگائے جانے والے پھل اور سبزیوں سے متعلق رہنمائی فراہم کررہے ہیں۔
اس شمارے میں ہم نے کنٹینر میں اُگانے کے لئے لیمن گراس کا انتخاب کیاہے ۔

مستعمل نام --- لیمن گراس (lemongrass)
سائنسی نام ---- سائمبوپوگون سٹراٹیس (Cymbopogon citratus)
وطن ---- چین
کاشت کا موسم ---- پوراسال

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ لیمن گراس کھٹاس کے حامل گھاس نما جڑی بوٹی ہے ۔ لیمن گراس کو تھائی اور ایشیائی ‘بالخصوص سردی میں پکائے جانے والے کھانوں میں خوشبو اور ذائقے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

لیمن گراس چین کے گردو نواح کے ممالک میں طویل عرصے سے استعمال ہوتی رہی ہے ‘تاہم گزرتے وقت کے ساتھ ہم نے اسے ایشیائی ممالک میں تیزی سے مقبول ہوتے دیکھا اور آج اسے آپ ہر دکان سے خرید سکتے ہیں ‘جب کہ اس کا پودا ہر نرسری سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

کاشت کا طریقہ
لیمن گراس لگانے کے لئے آپ کو بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بازار جاکر چند لیمن گراس کی جڑ والی ڈنڈی خرید لیں۔ اس کی جڑ ہری پیاز کی جڑ سے مشابہہ ہوتی ہے۔ایک ایسے گملے میں جس میں نیچے پانی کی نکاسی کی گنجائش ہو مٹی اور کھاد ڈال کر ڈنڈی کو جڑ والی جانب سے گملے میں لگائیں اور اسے اتنا پانی دیں کہ جڑیں 2انچ تک پانی میں ڈوبی رہیں۔ اس کے ہرے حصو ّں کو جڑوں سے اُوپر تک کاٹ کر نکال دیں۔2سے 3ہفتوں میں ہی لیمن گراس کے تروتازہ ہرے پتے اپنی آب و تاب دکھانے لگیں گے۔ اگر اسے کسی جار میں لگانا ہو تو اس کی جڑ کو 3انچ پانی میں ڈبو دیں اور اسے کھڑکی پر رکھ دیں۔ 3سے4ہفتوں میں اس کا پودا2انچ تک بڑھ جائے گا ۔ اُس وقت تک روز پانی تبدیل کریں ‘اس کے بعد حسب ضرورت 2سے3دن میں پانی ڈالیں۔

فوائد
طبی نقطہ نظر سے لیمن گراس کے بے شمار فوائد ہیں۔ انہیں خوشبو کے لئے چاولوں میں ڈالیںیا پھر چائے بناکر پئیں۔ایک پیالی پانی میں 2چھوٹی الائچیاں ڈال کر پانی پکائیں‘اس میں ایک ڈنڈی لیمن گراس ڈالیں اور پھر چینی ملاکر پی لیں۔اس جوشاندے کو پینے سے جسم کی تھکن د ُور ہوجاتی ہے‘ یہ کھانا ہضم کرتی ہے اور منہ کے ذائقے کو برقرار رکھتی ہے۔لیمن گراس کا قہوہ چڑچڑاپن ‘ دماغی بوجھ‘ تناﺅاور پریشانی کو دُور کرتا ہے۔ لیمن گراس کا سوپ بھی بنایا جا سکتا ہے جب کہ یخنی کا ذائقہ دوچند کرنے کے لئے لیمن گراس کے چند پتے ہی کافی ہیں۔

بلند فشار خون کو کم کرنے کے لئے لیمن گراس کے رس کا استعمال کیاجاتا ہے۔کیل مہاسے کم کرنے ہوں تو لیمن گراس پیس کر چہرے پر لگائیں اور پھر دھولیں۔ چند ہی روز میں بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔اس کا رس جسم میں ضرورت سے زیادہ چربی کو پگھلانے میں مدد دیتا ہے ‘

گرمی کو کم کرنے میں مفید ہے‘ جسم سے زہریلے مادوںکو ختم کرتا ہے‘ جلداورجسم کی بد ُبو کو د ُور کرتا ہے اورزخموں کے علاج میں مفید ہے۔ لیمن گراس کے تیل کی مالش سے جوڑوں اور پٹھوں کے درد سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔لیمن گراس کی چائے پینے سے متلی کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

تھکن ہومعدے کی خرابی ہو تو لیمن گراس کی چائے بنا کر پینے سے طبیعت صحیح ہوجائے گی ‘اس میں چینی کے بجائے شہد ملا کر پینے سے فلو بخار میں فائدہ ہوتا ہے اور کھانسی کم ہوجاتی ہے۔ خوشبو کے لئے چاولوں کو دَم دیتے وقت لیمن گراس کے چند پتے ڈال دیں۔

 

Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 197 Articles with 287569 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.