ایک کروڑ جیتنے والی پہلی مسلم خاتون

ملالہ یوسف زئی کو اپنا آئیڈیل ماننے والی 22 سالہ فیروز فاطمہ نے معروف ٹی وی شو کون بنے گا کروڑ پتی میں ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم جیت لی ہے۔

بی بی سی ہندی کی مدھو پال کہتی ہیں ’ان کے چہرے کی خوشی دیدنی ہے۔ وہ بات بات پر ہنس دیتی ہیں لیکن جب میں نے ان سے انٹرویو شروع کیا تو پوری طرح سنجیدہ نظر آئیں۔‘
 

image


ان کی سنجیدگی اور شائستگی ایسی چیزیں ہیں جو انہیں گیم شو میں ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم جیتنے میں مددگار ثات ہوئیں۔

فیروز فاطمہ اتر پردیش کے سہارنپور ضلع کے سنسارپور نامی گاؤں کی رہنے والی ہیں اور انھوں نے اسی سال اپنی بی ایس سی کی تعلیم مکمل کی ہے۔

اپنی جیت کا کریڈٹ وہ اپنی تعلیم کو دیتی ہیں۔ فیروز فاطمہ نے کہا ’میرے والد دو سال پہلے انتقال کر گئے تھے اس کے بعد ہمارے خاندان پر مصیبتوں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ اگر میں تعلیم یافتہ نہ ہوتی تو یہ کامیابی حاصل نہ کر پاتی۔ آج میں جو کچھ ہوں اپنی تعلیم کی وجہ سے ہوں۔‘

فیروز کے گھر میں ان کی ایک بہن اور ماں ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی ان کے رشتہ دار انہیں تعلیم دینے کے مخالف تھے۔
 

image

وہ کہتی ہیں ’میرے والدین سے سب کہتے کہ لڑکیوں کو کیوں پڑھا رہے ہو؟ انھیں آخر روٹی ہی تو بنانی ہے لیکن میرے ماں باپ نے ان کی ایک نہ سنی۔ اب دیکھئے میری جیت سے ان لوگوں کو سخت جواب مل گیا ہوگا۔‘

فیروز کا دعویٰ ہے کہ جب سے لوگوں کو پتہ چلا ہے کہ انھوں نے ’كے بی سی‘ میں ایک کروڑ روپے جیتے تب سے ان کی سوچ بھی بدل رہی ہے اور اب وہ بھی اپنی بچیوں کو تعلیم دینے کے حامی بن گئے ہیں۔

فیروز کے ساتھ ان کی والدہ بھی شو میں آئی تھیں۔ وہ اپنی ماں کو ایک بہادر خاتون بتاتی ہیں کیونکہ ان کے مطابق والد کے انتقال کے بعد ماں کی وجہ سے ہی وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

روایتی مسلم لباس میں ملبوس فاطمہ کا کہنا ہے کہ لباس سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ انسانی سوچ بہتر ہونی چاہیے۔ وہ ملالہ يوسف زئی کو اپنا آئیڈیل مانتی ہیں۔

شو کے ہوسٹ امیتابھ بچن کے بارے میں فیروز نے کہا ’جب میں ہاٹ سیٹ پر پہنچی تو بے حد نروس تھی لیکن امیتابھ جی نے مجھے حوصلہ دیا اور اتنی اچھی باتیں کیں کہ میری ساری گھبراہٹ دور ہو گئی۔‘

شادی کے بارے میں انھوں نے کہا ’ابھی اس بارے میں کچھ نہیں سوچا ہے لیکن جب بھی شادی کروں گی ماں کی رضامندی سے کروں گی‘۔

وہ اس ایک کروڑ روپے کا کس طرح استعمال کریں گی؟ اس سوال پر فاطمہ نے بتایا’والد کے علاج کے لیے جو قرض لیا تھا اسے چکاؤں گی۔ پھر اپنی اور بہن کی تعلیم کے لیے پیسے کا استعمال کروں گی۔ پھر کیا کروں گی کبھی سوچا نہیں تھا کہ اتنا پیسہ ایک ساتھ مل جائے گا۔‘

فیروز فاطمہ اب پبلک سروس کمیشن امتحانات کی تیاری کرنا چاہتی ہیں۔
 
YOU MAY ALSO LIKE:

Feroz Fatima, a 22-year-old girl from a village near Saharanpur, UP, is the first woman to win a crore on the seventh season of Kaun Banega Crorepati. The science graduate aspires to excel in Civil Services, and wants to use the money to secure her future.