توانائی بحران کے خاتمے کے لئے شہبازشریف کی کاوشیں

پنجاب حکومت اور کینیڈین سولر کمپنی کے مابین شمسی توانائی کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ معاہدے کے مطابق کینیڈا کی سولر کمپنی قائداعظم سولرپارک چولستان میں پانچ سو میگاواٹ کا سولر پراجیکٹ لگائے گی۔ پہلے مرحلے میں دوسومیگاواٹ کاپلانٹ ایک سال میں جبکہ تین سو میگاواٹ کا پلانٹ اگلے دوسالوں میں مکمل کیا جائے گا۔ کینیڈین سولر کمپنی پانچ سو میگاواٹ کے سولرپاورپراجیکٹ پرتقریباًپونے دوارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ جبکہ پنجاب حکومت منصوبے کے پراجیکٹ کے لئے زمین مفت فراہم کرے گی۔معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، صوبائی وزیر توانائی چوہدری شیر علی خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی جہانزیب خان، کینیڈین سولر کمپنی کے سینئر نائب صدر، گلوبل ہیڈ آف یوٹیلٹی سولر پراجیکٹ مسٹر چارلس بائی، اور کمپنی کے دیگر عہدیداران بھی تقریب میں موجودتھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاپنجاب حکومت اورکینیڈا کی سولر کمپنی کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے۔ کینیڈین کمپنی پنجاب میں شمسی توانائی کے پانچ سو میگاواٹ کے پاورپلانٹ کے لئے تمام سرمایہ کاری خودکرے گی۔ ہم کینیڈین کمپنی کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اور توانائی کے شعبے میں یہ ایک اچھی پیشرفت ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیدوارکے لئے زیادہ تر انحصارتھرمل پر ہے اور ہرسال دس ارب ڈالر تیل کی درآمد پر خرچ کرنا پڑرہا ہے۔ پاکستان جیسا غریب ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے منصوبے لگائے جائیں جس پر پیداواری لاگت کم ہوتاکہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ پنجاب حکومت اس جانب تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ او رصوبے میں بجلی کے حصول کے کم پیداواری لاگت کے منصوبے لگائے جارہے ہیں۔ کینیڈین کمپنی کے سینئرنائب صدرچارلس بائی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی پاکستان سمیت بیس ممالک میں کام کررہی ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبے میں مل کرکام کرنے میں ہمیں خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ ہیں۔ ہم وزیراعلیٰ شہبازشریف کی کاوشوں سے متاثرہوئے ہیں۔ اس لئے ہم نے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کرکام کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں پانچ سومیگاواٹ کے پاورپلانٹ لگائیں گے۔ اورتمام سرمایہ کاری خودکریں گے۔

لاہور سے خبر ہے کہ پنجاب حکومت اورجرمنی کے بین الاقوامی گروپ البا(ALBA) کے درمیان آج یہاں سالڈویسٹ سے توانائی پیداکرنے کے حوالے سے مفاہمت کی دویادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کی روسے جرمن کمپنی کوڑاکرکٹ اورہاسپیٹل ویسٹ سے توانائی پیداکرنے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گی۔ منصوبے پر برق رفتاری سے کام ہوگا۔ 2015ء میں سو میگاواٹ کے اس منصوبے سے بجلی کی پیداوارشروع ہوجائے گی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے لاہورسالڈویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی وسیم اجمل جبکہ جرمن گروپ کی طرف سے کمپنی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر مارٹن بیکررتھمین نے دستخط کئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مفاہمتی یادداشت پردستخطوں کی تقریب سے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور جرمن گروپ کے درمیان سالڈویسٹ سے توانائی کے حصول کا منصوبہ طے پایا ہے۔ جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سو میگاواٹ کا پاورپلانٹ لگایا جائے گا۔ جس سے بجلی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپیٹل ویسٹ کوٹھکانے لگانابڑا چیلنج ہے۔ اوراس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے سے ہاسپیٹل ویسٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے میں بھی مددملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرمن گروپ سے ہونے والے معاہدے پرپوری طرح عمل کیا جائے گا۔ اور اس منصوبے کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہورسے شروع کیے گئے اس منصوبے کو دیگر شہروں میں بھی لگانے جائزہ لیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کے لئے چارہزارٹن ویسٹ دستیاب ہوگی جسے استعمال میں لاکر بجلی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ایک بڑا ملک ہے۔ پنجاب حکومت اور جرمن گروپ کے درمیان اشتراک کارسے نہ صرف جدید مشینری پنجاب میں آئے گی۔ بلکہ جرمن ٹیکنالوجی سے آگاہی بھی حاصل ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قوم کو صرف مایوس کیا۔ اور پانچ برس تک قوم کو مایوسیاں دینے والے سابق حکمران ملک میں ایک دھیلے کی سرمایہ کاری بھی پاکستان میں نہیں لائے۔ ہم ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے خلوص نیت سے کام کررہے ہیں۔ جرمن البا گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ ہمیں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ جس پر ہمیں خوشی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر سالڈویسٹ سے ایک سومیگاواٹ کا منصوبہ لگائیں گے۔

جرمنی کے ساتھ پنجاب حکومت نے صرف سالڈویسٹ سے سومیگاواٹ کا منصوبہ لگانے کا ہی معاہدہ ہی نہیں کیا۔ بلکہ اس کی ایک اور کمپنی کے ساتھ اس طرح کے اور بھی معاہدے کیے ہیں۔ اس کی تفصیلات کچھ یوں ہیں۔ کہ پنجاب حکومت اورجرمن کمپنی ’’انرجی کویل‘‘ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمت کی تین یادداشتوں پردستخط ہوئے۔ جس کے تحت جرمن کمپنی ساہیوال میں سومیگاواٹ کا سولر پاورپلانٹ لگانے کے ساتھ ساتھ بائیوگیس اوربائیوماس کا بھی ایک ایک پلانٹ لگائے گی۔ سو میگاواٹ کے سولر پاورپلانٹ کی تنصیب کاکام چارماہ میں مکمل کرلیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ، جرمن کمپنی کے وفد کے سربراہ ہیلمٹ فیوج مین ، کمپنی کے دیگر عہدیداران کے علاوہ کوارڈی نیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی ، سیکرٹری زراعت اور متعلقہ حکام نے مفاہمت کی یادداشتوں کی تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی جہانزیب خان اور سیکرٹری زراعت منیراعجازاورجرمن کمپنی کی طرف سے وفد کے سربراہ ہیلمٹ فیوج مین نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور جرمن کمپنی کے مابین توانائی کے شعبہ میں تعاون کے معاہدے خوش آئند ہیں۔ اور ہم جرمن کمپنی کی جانب سے پنجاب میں توانائی کے شعبے میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ حکومت توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ تاکہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے متعدد غیر ملکی کمپنیوں سے معاہدے کیے گئے ہیں۔ جن پر عملدرآمد سے توانائی بحران میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات اور سہولتیں دی جارہی ہیں۔ متعدد غیر ملکی کمپنیوں نے بہاولپورمیں قائم کیے جانے والے قائداعظم سولر پارک میں منصوبے لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک میں انفرانسٹرکچر اوردیگر سہولتوں کی فراہمی پر تیزی سے کام کیا جارہاہے۔ بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک کے منصوبے سے روزگارکے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن کمپنی کی جانب سے ساہیوال میں سو میگاواٹ کا سولر پاورپلانٹ بائیوگیس او ر بائیوماس کے پلانٹس لگانے کے منصوبوں پر انتہائی تیز رفتاری سے کام کیاجائے گا۔ اور جرمن کمپنی کوہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اور پنجاب حکومت جرمن کمپنی سے مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل ہمارا مشن ہے۔ جرمن کمپنی کے وفد کے سربراہ ہیلمٹ فیوج مین نے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ابتدائی طور پر ساہیوال میں سومیگاواٹ کا سولر پاورپلانٹ لگائیں گے۔ چولستان میں بھی سولر پاورپلانٹ لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سولرپاورپلانٹ کے آلات پاکستان میں ہی تیارکرنے کی کوشش کریں گے۔ جس سے جرمن ٹیکنالوجی پاکستان میں منتقل ہوگی۔ ساہیوال میں سولر پاورپلانٹ کی تنصیب چارماہ میں مکمل کریں گے۔

توانائی شعبہ کی چین کی معروف کمپنی چائنہ ویسٹرن پاورکے چیئر مین لی رن چاؤسے ملاقات کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک وقوم کو توانائی کے بحران کاسامنا ہے۔ تاہم موجودہ حکومت نے انتہائی تیزرفتاری سے توانائی کے حصول کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ چارسواسی ارب روپے کا گردشی قرضہ ادا کرنے سے لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ حکومتی اقدامات کے باعث متعدد غیر ملکی کمپنیوں نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
چائنہ ویسٹرن کمپنی کے چیئر مین نے پنجاب میں کوئلے اور کوڑا کرکٹ سے توانائی کے منصوبے لگانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ اورپنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفدسے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ گڈانی اور پورٹ قاسم پر کوئلے سے بجلی پید اکرنے کے منصوبے لگانے کے لئے کام شروع کردیا گیا ہے۔ پنجاب میں بھی کوئلے سولر بائیوماس ، اوربائیوگیس سے توانائی کے حصول کے لئے تیزی سے کام جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے لاہور، فیصل آباد اورملتان میں سوسومیگا واٹ کے کول پاورپلانٹ لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ جبکہ ساہیوال میں ایک ہزارمیگاواٹ کا کول پاورپلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ بہاولپور میں گیارہ ہزارایکڑاراضی پر قائداعظم سولرپارک قائم کیاگیا ہے۔ سالڈویسٹ سے توانائی کے حصول کے لئے جرمن کمپنی سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے چائنہ ویسٹرن پاورکمپنی پنجاب میں کوئلے اورسالڈویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا جائزہ لے۔ ہرممکن سہولتیں اورمراعات فراہم کریں گے۔ چائنہ وسٹرن پاورکمپنی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت سے عوام کو کافی توقعات ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف توانائی کے حصول کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں پاکستان کی مددکرنا چاہتے ہیں۔ اوران کی کمپنی کوئلے اور سالڈویسٹ سے بجلی پیداکرنے کے منصوبے لگانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ اوراس ضمن میں پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

سماجی شعبے میں کام کرنے والی بین الاقوامی این جی اواکیومن فنڈکی چیف ایگزیکٹو آفیسرجیکولین نووگریٹزسے ملاقات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی پرتیزی سے کام کررہی ہے۔ پنجاب میں ٹیوب ویلوں کوبائیوگیس سے چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس ضمن میں جرمن کمپنی سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ گھریلو صارفین کے لئے سولر ہوم سلوشن متعارف کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اکیومن فنڈکے بین الاقوامی تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے اوراس ضمن میں اشتراک کا رکے ذریعے توانائی، ہاؤسنگ، تعلیم ، صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں بہتری کے لئے مل کرکام کیا جاسکتا ہے۔ اکیومن فنڈکی چیف ایگزیکٹونے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکیومن فنڈپنجاب حکومت کے ساتھ سماجی شعبے میں بہتری کے لئے کام کرنا چاہتا ہے۔

پنجاب حکومت اورچائنہ ویسٹرن پاورکمپنی کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی تین یادداشتوں پردستخط ہوئے۔ معاہدے کی روسے چینی کمپنی ساہیوال میں 660-66-میگاواٹ کے دوپاورپلانٹ لگائے گی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت چینی کمپنی کے اشتراک سے ڈیڑھ سومیگاواٹ کے تین پاورپلانٹ لاہور، ملتان ااورفیصل آباد میں لگائے گی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے مفاہمتی یادداشتوں پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی جہانزیب خان اورایم ڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ڈاکٹروسیم اجمل اورچائنہ ویسٹرن پاورکمپنی کی طرف سے چیئرمین لی رن چاؤ نے دستخط کیے۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں چین کے تعاون سے کوئلے سے بجلی پید اکرنے کے منصوبے اڑھائی سال میں مکمل کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا اہم دوست ہے۔ اوردونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں تیزی سے وسعت آرہی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ ہم ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے پرعزم ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔ غیر ملکی توانائی کی کمپنیوں سے کیے جانے والے معاہدوں پر تیزی سے کام کیا جائے گا۔ اوران منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے پنجاب حکومت مکمل تعاون کرے گی۔

قارئین آپ نے پنجاب حکومت کی طرف سے مختلف ممالک کی پاورکمپنیوں سے پنجاب میں پاورپلانٹ لگانے کے معاہدوں کی تفصیل پڑھ لی ہے۔ اس سے یہ اندازہ آسانی سے لگایا جاسکتا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب حکومت اور شہبازشریف ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے لئے کتنے سنجیدہ ہیں۔ اگرچہ ان منصوبوں کو مکمل ہونے اور آپریشنل ہونے میں وقت لگے گا تاہم لوڈشیڈنگ ایک دن ختم ہوہی جائے گی۔ یہ تحریر لکھنے تک یہی معاہدے ہوئے ہیں۔ جس تیز رفتاری سے شہبازشریف غیر ملکی توانائی کمپنیوں سے معاہدے کررہے ہیں۔ عین ممکن ہے کہ اس تحریر کی اشاعت تک اور کمپنیوں سے بھی معاہدے ہوجائیں۔ پاکستان میں، شمسی، توانائی ، کوئلے اور ہوا سے بجلی پیداکرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ شہباز شریف نے جتنے بھی معاہدے کئے ہیں۔ ان میں کسی بھی کمپنی سے ہوا سے بجلی پید اکرنے کا منصوبہ شامل نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اس کو بھی معاہدوں میں شامل کریں۔ جس طرح بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک قائم کیا گیا ہے۔ ہمارے شہر لیہ کی تحصیل چوبارہ میں بھی یہی سولر پارک قائم کیا جاسکتا ہے۔ یہاں بھی ایک وسیع اراضی پڑی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ بھکر اور مظفرگڑھ میں بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سٹریٹ لائٹس شمسی توانائی سے چلائی جائیں تو لوڈشیڈنگ میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر کی چھتوں پر بھی سولر پلانٹ لگائے جائیں اوردفاتر کی تمام لائٹس اسی سے جلائی جائیں۔ تمام مساجد کی چھتوں پر بھی یہی پلانٹ لگا کر مساجدمیں روشنی اسی سے کی جائے توبجلی کی طلب میں کمی سے لوڈشیڈنگ کم کی جاسکتی ہے۔ میدانی علاقوں کے تمام اضلاع میں سولر پارک قائم کیے جاسکتے ہیں۔ لیہ کی عوام نے مسلم لیگ کو دوایم این اے اورتین ایم پی اے دیے ہیں۔ اس لیے یہاں بھی بتائی گئی جگہ پر سولر پارک بنایا جائے۔ لیہ شہر کے گردونواح میں بھی یہی پلانٹ لگائے جائیں۔ اگر اتفاق سے لیہ کے ارکان اسمبلی یہ تحریر پڑھ لیں تو وہ بھی وزیراعلیٰ سے ہمارے مشورہ کی تائید کریں۔ یہ ان کی طرف سے اپنے اپنے حلقہ کی عوام کے لئے احسان ہوگا۔ جب غلط کاموں پر تنقید کی جاتی ہے تو اچھے کاموں کی تعریف بھی ہونی چاہیے۔ توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے شہبازشریف کی کاوشیں قابل تحسین بھی ہیں اور قابل تعریف بھی۔ اس سے ہمیں تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ نوازشریف نے شہبازشریف کی ڈیوٹی ہی یہی لگائی ہے کہ تم بجلی کا بحران ختم کرو۔ باقی کام بھی ہوتے رہیں گے۔

Muhammad Siddique Prihar
About the Author: Muhammad Siddique Prihar Read More Articles by Muhammad Siddique Prihar: 394 Articles with 301676 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.