فرقہ واریت یا کوئی اور امریکی چال

پاکستان ایک اسلامی ملک ہے۔ تمام مسلمانوں کا مذہب ایک ہے اوراس کا نام اسلام ہے مگر ہمارے مسلمان بھائیوں کے خیرخواہوں نے اسلام کو کئی فرقوں میں تقسیم کردیا ہے اور ہردوسرا شخص کسی نہ کسی فرقے میں بٹ چکاہے۔ فرقوں میں تقسیم ہونا کوئی اچنبھے کی بات نہیں کیونکہ فرقوں میں تقسیم ہونے کی بات تو قرآن پاک میں بھی موجود ہے۔ ہر فرقہ اپنے آپ کو اسلام کا داعی اور دوسرے کو کافر سمجھتا ہے۔جب کہ قرآن پاک میں اﷲ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

دنیا کاہر لحاظ سے مکمل اور انسانیت کے لیے بہترین مذہب اسلام ہے۔ اسلام ہمیں بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔چھوٹے اور بڑے کاادب و احترام سیکھاتا ہے۔ مگر ہمارے کچھ پیشہ ور مولویوں نے مسلمان بھائیوں کو گمراہ کرکے ایک دوسرے کا دشمن بنا دیا ہے۔ ایسے مولوی اسلام دشمن طاقتوں کے جال میں پھنس کر یا اپنے پیٹ کی خاطر لوگوں میں غلط فہمیاں پیدا کراکے ایک دوسرے کے خلاف بھڑکاتے ہیں۔ ان کو معلوم نہیں کہ اسلام میں کسی کو تفرقے میں ڈالنا کتنا بڑا گناہ ہے۔ اسلام میں قتل کرنے کے بارے میں کتنی سخت سزا ہے۔ لیکن افسوس ہم مولویوں کو کیا کہیں ہمارا اپنا ایمان کمزور ہے جو ہم ایسی دقیانوسی باتوں پر یقین کرلیتے ہیں۔ایسے مولویوں کے لیے تو بس یہی کہہ سکتا ہوں۔
دلیل تھی اور نہ کوئی حوالہ تھا پاس ان کے
عجیب لوگ تھے بس اختلاف رکھتے تھے

پہلے شعیہ اور سنی دو مختلف گروہ موجود تھے پھر سنی دیوبندی، بریلوی اور وہابی میں تقسیم ہو گئے ۔ لیکن اس کے باوجود فرقہ واریت کو آج تک کسی بھی شخص کو اچھا کہتے نہیں سنا گیا۔ سوال یہ ہے کہ اس کا معنی کون متعین کرے؟تفرقہ کی مذمت قرآن میں کی گئی ہے۔ احادیث میں اسکی وضاحت بیان ہوئی ہے۔
قرآن پا ک میں ارشاد ہے’’کہیں تم ان لوگوں کی طرح نہ ہو جانا جو فرقوں میں بٹ گئے اور کھلے کھلے دلائل آجانے کے بعد پھر اختلافات میں مبتلا ہوئے۔ یہی لوگ ہیں جن کیلئے ایک بڑا عذاب ہے جس دن کچھ چہرے روشن وشاداب ہوں گے اور کچھ کا منہ کالا ہوگا۔ جن کا منہ کالا ہوگا (ان سے کہا جائے گا) کیا نعمت ایمان پانے کے بعد بھی تم نے کافرانہ روش اختیار کی؟ اب اس کفر کے صلہ میں عذاب کا مزہ چکھو۔’’رہے وہ لوگ جن کے چہرے روشن ہوں گے تو وہ آپ کے سایہء رحمت میں ہوں گے اور (پھر) ہمیشہ ہمیشہ اسی حالت میں رہیں گے‘‘۔(آل عمران)

فرقہ واریت کے متعلق حدیث نبوی ہے’’ترجمہ : حضرت عبدﷲ بن عمرو سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺنے ارشاد فرمایا : ’’میری امّت تہتر (73) فرقوں میں تقسیم ہوگی، ان میں سے ایک کے علاوہ سب جہنمی ہونگے. صحابہؓ نے عرض کیا کہ اے اﷲ کے رسول ﷺ وہ (نجات پانے والے) کون ہونگے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: جس (طریقے) پر میں اور میرے صحابہ ہیں‘‘۔

حال ہی میں راولپنڈی میں رونما ہونے والاواقعہ ہم سب کے سامنے ہیں۔چند شرپسند عناصر کی وجہ سے کئی لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ لوگوں کا کروڑوں کامالی نقصان کیا گیا۔اﷲ کے گھر کی بے حُرمتی کی گئی جبکہ ان کے برعکس اﷲ کے گھر کاتو غیر مسلم بھی بڑا احترام کرتے ہیں۔اس واقعے کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں ہڑتال اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ہر طبقہ فکر نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ۔علماء کرام نے پُرامن رہنے کی درخواست کی مگر شرپسند عناصر عوام کو گمراہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔

حکومت پنجاب نے اس واقعے کی عدالتی تحقیقات کا حکم بھی صادر فرمادیا ہے پھر نہ جانے کیوں عوام کو بھڑکایا جارہا ہے ہے۔ ہم سب مسلمان ہیں ۔ ہمارا خدا اور رسول ایک ، کلمہ ایک اور ہماری کتاب (قرآن مجید) ایک ہے تو پھر ہم ایک دوسرے کے دشمن کیوں؟ ہم سب پاکستانیوں کو مل کر اس شعلے کو بھڑکنے سے پہلے شبنم بن کر دبانا ہوگا۔غیر مسلم تو پہلے ہی پاکستان کو تباہ کرنے کے در پر ہیں ۔ ایک طرف ہم ڈرون حملوں سے مر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف یہ فرقہ واریت کی آگ لگادی جس سے ہم آپس میں لڑ لڑکر مریں گے اور یہی چال ہے ان غیر مسلموں کی جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی ہوچکے ہیں۔اس آگ کو مزید بھڑکنے سے روکنے کے لیے ہم سب کو اپنااپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔ حکومت کو سانحہ راولپنڈی میں ملوث لوگوں کو سخت سے سخت سزادینی چاہیے تاکہ دوبارہ کوئی ایسی گھناونی سازش یا حرکت نہ کرے۔ اس کے علاوہ حکومت کو تاجر بھائیوں کے نقصان کا بھی ازالہ کرنا چاہیے۔

اے مسلمانو! اے میرے پاکستانی بھائیو خدارا سو چو، سمجھواور حالات کے مطابق دشمنوں کی چالوں سے بچو۔ غیر مسلموں کی آنکھ کا سب سے بڑا کانٹا پاکستان ہے جس کو وہ پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے مگر اس کی حفاظت ہم سب پاکستانیوں پر فرض ہے۔ دوسروں کی لگائی ہوئی اس آگ کو ہم نے ملکر بجھانا ہے۔ہمیں اپنے درمیان سے غیرمسلموں کے ایجنٹوں کو نکالنا ہوگاجو مسلمان کے بھیس میں غیر مسلموں کی حمایت کررہے ہیں۔ حکومت کو فرقہ واریت جیسے اسلام دشمن تشیہر پر بھی پابندی لگاناچاہیے۔

Aqeel Khan
About the Author: Aqeel Khan Read More Articles by Aqeel Khan: 283 Articles with 212071 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.