احوال ایک کمانڈو ایکشن کا

عید کا دن ایک رات کی دوری پر ہو تو بازاروں میں رش بھی شدید ہوتا ہے۔ کچھ کمیٹی والوں کی چھابڑی والوں سے کمیٹی کے پیسے بنانے کی خواہش آدھے سے زیادہ بازار کا راستہ ویسے ہی بند کر دیتی ہے۔

ایسے میں آج میں بازار گھر والوں کے ساتھ عید کی شاپنگ جیسے مار دینے کی حد تک بور کام کے لیے پہنچا۔ بازار کے ایک چوک میں راستہ ملنے کے انتظار میں کھڑے تھے کہ ایک دم ساتھ سے گزرنے والے جوان آدمی کی شرٹ کندھے سے پکڑ کے ایک لڑکی نے کھینچی۔

میں سمجھا یہ کوئی اس کی فیملی کی لڑکی ہے جو اسے موٹرسائکلوں کو پھلانگنے سے منع کر رہی ہے مگر اگلے ہی لمحے لڑکی نے یہ کہتےہوئے کہ ہاتھ کہاں لگایا تم نے اسے ایک زوردار تھپڑ جڑ دیا۔اس سے پہلے کہ وہ لڑکا اپنا بچاؤ کرتا یا کچھ بولتا دوسری سائڈ سے ایک اور لڑکی نے زوردار تھپڑ جڑ دیا۔

اس سے بھی حیران کن منظر وہ ہم نے اور ہمارے ساتھ آسمان اور سارے بازار نے دیکھا جب ایک لڑکی نے باقاعدہ اس کے سینے پہ تقریباٗ فلائنگ کک جڑی۔

اس بے چارے( اگر وہ قصور وار تھا بھی تو اس اچانک افتاد کے بعد بے چارا ہو چکا تھا) نے کہا بھی کہ میں نے ایسا کچھ نہیں کیا ایک لڑکی نے اپنا ایڑی والا جوتا اتار لیا۔یہ دیکھ کے اس آدمی نے اپنے بچاؤ کے لیے دو لڑکیوں کے ہاتھ پکڑے تو میں نے اسے اپنی طرف کھینچ لیا۔ ایک لڑکی بولی " امی اس کا گلا دبا دیں"۔

خیر اس سے پہلے کہ اس آدمی کا مزید کباڑا ہوتا لوگوں نے بیچ بچاؤ کروا کے اسے وہاں سے بھیج دیا۔

اس ساری کاروائی میں دو منٹ سے زیادہ وقت نہیں لگا ہو گا۔

میں سوچ رہا تھا کہ پاکستانی پولیس کو ان لڑکیوں سے کمانڈو ایکشن سیکھنا چاہیے جنہوں نے 2 منٹ سے کم وقت میں بغیر کسی ہتھیار کے ایک ہٹے کٹے جوان کو زمین چاٹنے پر مجبور کر دیا۔
Tauseef Ahmad
About the Author: Tauseef Ahmad Read More Articles by Tauseef Ahmad: 10 Articles with 7335 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.