آبِ زمزم

زمزم کا پانی حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت ہاجَرعلیہا السلام کے شیر خوار بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی پیاس بجھانے کے بہانے اﷲ تعالیٰ نے تقریباً ۴ہزار سال قبل مکہ مکرمہ کے بے آب وگیاہ ریگستان میں جاری کیا جو آج تک جاری ہے۔

چاہِ زمزم مسجدِ حرام میں خانہ کعبہ کے جنوب مشرق میں تقریباً ۲۱ میڑ کے فاصلے پر تہ خانے میں واقع ہے، یہ کنواں وقت کے ساتھ ساتھ سوکھ گیا تھا نبی پاک ﷺ کے دادا حضرت عبدالمطَّلِب نے دوبارہ کھدوایا ،جوآج تک جاری وساری ہے، آبِ زمز م کا سب سے بڑاکنواں حجرِ اسود کے پاس ہے۔ جبکہ اذان کی جگہ کے علاوہ صفا ومروہ کے مختلف مقامات سے بھی نکلتاہے، ۱۹۵۳ء تک تمام کنوؤں سے پانی ڈول کے ذریعے نکالاجاتاتھا ،مگر اب مسجدِ حرام کے اندر اورباہر مختلف مقامات پر آبِ زمزم کی سبیلیں لگادی گئی ہیں، زمزم کا پانی مسجدِ نبویﷺ میں بھی عام ملتاہے،اور حجاج کرام یہ پانی دنیابھر میں اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔

فضیلت:
ابنِ قیم جوزی رحمہ اﷲ تعالیٰ کہتے ہیں: زمزم سب پانیوں کاسردار اورسب سے زیادہ شرف وقدروالاہے۔ لوگوں کے نفوس کو سب سے زیادہ اچھااور مرغوب اور بہت ہی قیمتی ہے، جوکہ جبریل علیہ السلام کے کھودے ہوئے چشمہ اوراﷲ تعالیٰ کی طرف سے اسماعیل علیہ السلام کی تشنگی دورکرنے والا پانی ہے۔
نیزنبی کریم ﷺ نے فرمایا: بلاشبہ زمزم بابرکت اورکھانے والے کے لیے کھانے کی حیثیت رکھتاہے صحیح مسلم، حدیث نمبر:۲۴۷۳۔
 

image
چاہِ زمزم کی ایک قدیم تصویر

ایک روایت میں ہے:’’ماء زمزم لِما شُرب لہ‘‘ یعنی آبِ زمزم جس مقصد کے لئے بھی پیاجائے اسی کے لئے ہے،گویا پینے والا پیتے وقت جو نیت کرکے پئے گا اسکی وہ مقصد براری ضرور ہوگی۔عبداﷲ بن مبارک رحمہ اﷲ تعالی ٰ نے جب حج کیا تو وہ زمزم کے پاس آئے ،کہنے لگے اے اﷲ! مجھے ابن ابی الموالی نے محمد بن منکدر سے اور انہوں نے جابر رضی اﷲ تالیٰ عنہ سے حدیث بیان کی کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: زمزم اسی چیز کے لیے ہے جس کے لیے اس سے نوش کیا جائے، اور میں روزِ قیامت کی تشنگی اور پیاس سے بچنے کے لیے اسے پی رہاہوں۔

اور ایک اور روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ یہ بیماری کی شفاہے۔ مسند البز ار، حدیث نمبر:۱۱۷۱۔۱۱۷۲۔ اور معجم طبرانی الصغیر، حدیث نمبر:۲۹۵۔
 

image
عصرِ حاضر میں چاہِ زمزم کی ایک خوب صورت تصویر

تجربات:
علماء نے اس حدیث پر عمل اور تجربہ بھی کیاہے،علا مہ ابنِ قیم رحمہ اﷲ تعالی فرماتے ہیں کہ میں نے اور میرے علاوہ دوسروں نے بھی زمزم پی کر تجربہ کیاہے ،کہ اس سے عجیب وغریب قسم کی بیماریاں جاتی رہتی ہیں اور مجھے زمزم استعمال کرنے کی وجہ سے کئی بیماریوں سے شفا نصیب ہوئی ہے، الحمدﷲ میں ان سے نجات حاصل کرچکاہوں۔

علامہ صاحب نے یہ بھی فرمایا کہ میں نے اس کابھی مشاہدہ کیا ہے ،کہ متعدد حضرات نے زمزم کو پندرہ یوم سے بھی زیادہ تک بطورِ غذا استعمال کیا اور انہیں بالکل بھوک محسوس نہ ہوئی، اور دیگرلوگوں کے ساتھ گھل مل کر باقاعدہ طواف کرتے رہے۔
Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 823005 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More