عید الفطرمیں کہاں کیا کھایا جاتا ہے ؟

دنیا میں جہاں جہاں مسلمان موجود ہیں وہاں وہاں عید الفطر کا جشن نہایت دھوم دھام سے منایا جاتا ہے ‘تاہم انڈیا‘ پاکستان اور بنگلہ دیش وہ ممالک ہیں جہاں زبردست قسم کے روایتی پکوانوں پکاکر تین دن تک عید منائی جاتی ہے۔شیر خورمہ ‘ شامی کباب‘ بریانی ‘مضافر اورسویاّں ہر دسترخوان کا حصہ ّ بنتی ہیں ۔جب مرد حضرات عید کی نماز پڑھ کر گھر کو لوٹتے ہیں تو ان کا استقبال شیر خورمے کی میٹھی اور مزیدار خوشبو کرتی ہے۔ سب گھر والے اکٹھے بیٹھ کر شیرخورمے سے لُطف اندوز ہوتے ہیں۔یہ ڈش میٹھے دودھ او ر سو یو ّں سے بنتی ہے ۔ اس کے علاوہ سویوں سے تیار کی جانے والی ڈشیں عید الفطر کے دسترخوان کا خاص حصہ ہوتی ہیں۔

بادامی گوشت پڑوسی ملک بھارت کے لوگوں کی ایک بہت پسندیدہ ڈش ہے جو وہ خاص طور پر عید الفطر اور دیگر تقریبات کے مواقعوں پر بناتے ہیں۔ یہ ایک تیز مرچوں اور گوشت سے بنائی جانے والی ڈش ہے جس کانہ صرف ذائقہ لذیذ ہوتا ہے بلکہ اس کی خوشبو بھی نہایت عمدہ ہوتی ہے۔ صوفی مال پورا بھی یہاں نہایت شوق سے کھایا جاتا ہے جو میدے اور سو ُجی سے بنتا ہے ۔ یہ میٹھا ہندوستان کے مسلمان گھرانوں میں زیادہ مقبول ہے اور مسلمان اسے عید کے موقع پر خاص طور پر پکاکر دوست احباب کو کھلاتے ہیں۔

ملائشیاءمیں عید الفطر کو ہاری رایا پاﺅسا (Hari raya puasa)کہا جاتا ہے ۔ اس موقع پر پورے ملک کو دلہن کی طرح سجایا جاتا ہے۔ سڑکوں پر جو بھی سجاوٹیں ہوتی ہیں وہ ایشیاءکی مشہور چاول کی ڈش کیٹوپاٹ (ketupat)جس کے لفظی معنی ”جشن کا دن ہے“سے مشابہہ ہوتی ہیں۔ یہ ڈش ملائشیاءمیں عید کے تہوار پر سب سے زیادہ کھانے جانے والی ڈش ہے ۔

مصر ی بچے بے تابی سے عید الفطر کا انتظار کرتے ہیں کیوں کہ یہ اُن کے عیدی وصول کرنے کا دن ہے جب کہ بڑوں کو اس دن کا انتظار خاک (khak)کھانے کے لئے رہتا ہے۔ عید کے جشن سے منسلک خاک مصر کی خاص ڈش ہے۔ یہ اخروٹ اور میوے سے بھرے ہوئے بسکٹس ہوتے ہیں جن پر پسی ہوئی چینی چھڑک کر پیش کیا جاتا ہے۔ خاک مصری روایتوں کی ایک اہم مثال ہے ۔عید کی صبح چھوٹے بچے خاک اپنے پڑوسیوں اور دوستوں میں تقسیم کرتے ہیں ۔

مانصف اردن کا قومی پکوان ہے ۔ عید کی دعوتوں میں اسے کھانے کی میز کے مرکزی پکوان کی حیثیت حاصل ہوتی ہے ۔ مانصف بھیڑ سے تیار کی جاتی ہے جس کو خشک خمیر شدہ شوربے میں پکا کر جارڈن کی خاص سادہ روٹی ‘شرک کے اُوپر ڈالا جاتا ہے اور پھر اسے چاول ‘ بادام‘ میوﺅں اور ساس سے سجاکر پیش کیا جاتا ہے ۔ایک بڑی تھالی کے ہمراہ مانصف کو سیدھے ہاتھ سے خاص دیسی طریقے سے کھایا جاتا ہے۔ مانصف نہ صرف اردن کی خاص ڈش ہے بلکہ یہ اردنی ثقافت کی نمائندگی بھی کرتی ہے۔

افغانستان میں عید پر کابلی پلاﺅ بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ کابلی پلاﺅ کے چاولوں کو گوشت‘ گاجر‘ کشمش اور دیگر میوﺅں اور بہت سے مصالحوں کے ساتھ پکایا جاتا ہے۔

ترکی میں عید کے تہوار میں میٹھے کا خاص اہتمام ہوتا ہے۔ ترکی کے لوگ عید پر بکلاوہ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ بکلاوہ پف پیسٹری میں میوے اور شہد کو ڈال کر اور بیک کرکے بنایاجاتا ہے ۔
Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 197 Articles with 287585 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.