مسلم لیگ ن کا نائن زیرو کا طواف

لندن میں آل پارٹیز کانفرنس2007میں شریک تمام سیاسی جماعتوں بشمول میزبان مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم کے ساتھ آئندہ کے لئے کوئی اتحاد اور تعاون نہ کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو بارہ مئی کو کراچی میں ہونے والی خون ریزی کا ذمہ دار قرار دیا تھا اور تب سے گزشتہ چھ سالوں میں ایک دوسرے کے خلاف کئی دفعہ زبردست نوک جھونک بھی رہی اور ایک دوسرے کو تمام پول کھولنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے اب اچانک صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی ضرورت مسلم لیگ ن کو نائن زیرو پر لے گئی حالانکہ پورا ملک جانتا ہے کہ مسلم لیگ ن صدارتی الیکشن با آسانی جیت سکتی تھی ۔نائن زیرو پر مسلم لیگ ن کے طواف سے مسلم لیگ ن کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے اور اعلیٰ اخلاق کا درس دینے والی اس کی قیادت کا پول بھی کھل گیا ہے جب کہ آزاد کشمیر میں عدم اعتماد سے الگ ہوکر مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت نے قوم میں ایک اچھا امیج قائم کیا تھا۔صدارتی الیکشن کے شیڈول کی تبدیل پر بھی مسلم لیگ ن اپنا امیج بہتر رکھنے میں بری طرح ناکام رہی ہے اور شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار کے طور پر عدالت عظمیٰ نے بھی جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام فریقوں کو سنے بغیر شیڈول تبدیل کرکے صدارتی الیکشن کو متنازعہ کردیا ہے لوگ کہتے ہیں کہ چیف جسٹس صاحب اپنی ملازمت میں توسیع چاہتے ہیں اس لئے انہوں نے کسی صدارتی امیدوار کی بجائے مسلم لیگ ن کے راہنما کی طرف سے آنے والی درخواست پر فوری حکم نامہ جاری کرکے پیپلز پارٹی کو بائیکاٹ پر مجبور کردیا اب یہ تو وقت ہی فیصلہ کرے گا کہ مسلم لیگ ن سے اظہار محبت کی گئی ہے یا دشمنی کرکے اسے بحران کی طرف دھکیل دیا ہے اب وزیر اعظم پاکستان جناب نواز شریف سے قوم کچھ سوالات پوچھنے میں حق بجانب نظر آتی ہے کہ صدارتی انتخابات میں واضع اکثریت ہونے کے باوجود نائن زیرو پر وفد بھیجنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟ جلاوطنی کے دوران آپ کی میزبانی میں ہونے والی 8جولائی 2007 کو لندن میں ہونے والی آ ل پارٹیز کانفرنس میں شامل 37 سیاسی جماعتوں نے ایم کیو ایم کو 12جولائی کو کراچی میں ہونے والے واقعات کا ذمہ دار قرار دے کر اس کے ساتھ لاتعلقی کرنے کے معاھدہ پر دستخط کئے تھے جس کے محرک بھی آپ خود تھے اب اس معاھدے کی خلاف ورزی کرنے کی ضرورت کیوں محسو س کی گئی ؟آپ نے سانحہ 12 مئی اور 7 اپریل کے واقعات میں متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے کا وعدہ کیا تھا اب ان پر ظلم و ستم کرنے والوں کے ساتھ ہاتھ ملا کر متاثرہ خاندانوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کو حکومتی تحفظ حاصل ہوگیا ہے اس لئے اب انہیں انصاف نہیں مل سکے گا ؟ آپ تو ایم کیو ایم کو پرویز مشرف کے سیاسی بازو اور اسیٹیبلشمنٹ کی جماعت سمجھتے تھے کیااب انہیں جمہوری جماعت کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا ہے؟گزشتہ کئی سالوں سے مسلم لیگ ن کے کارکن ایم کیو ایم کے تشدد کا نشانہ بنتے رہے اب ان کو انصاف ملنے کی امید تھی جس پر آپ نے پانی پھیر کر انہیں سخت مایوس کیا ہے اور اب انہیں انصاف کیسے ملے گا ؟عمران خان اپنی ایک کارکن کے قتل پر ایم کیو ایم کے تعاقب میں لندن تک پہنچ گئے ہیں آپ دسترس رکھنے کے باوجود اپنے کارکنوں کو انصاف دلانے کی بجائے ان سے ہاتھ ملاتے پھر رہے ہیں یہ سمجھ لیا جائے کہ آپ کے نزدیک کارکنوں کے خون کی کوئی وقعت نہیں ہے؟ انتخابات سے قبل آپ فرمایا کرتے تھے کہ حکومت نہ بنانا منظور ہے لیکن ایم کیو ایم دہشت گرد جماعت ہے ان سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا اب کیا ضرورت پیش آگئی ؟ اس وقت ایم کیو ایم عمران فاروق کے قتل اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہے اب آپ اس کو سہارا دے کر کیا ثابت کر رہے ہیں ؟ اور کیا 1997 کی تاریخ دھرانے جا رہے ہیں جب پیپلز پارٹی نے آپریشن کیا تھا جس سے ایم کیو ایم نڈھال ہوگئی تھی اورکراچی ،حیدر آباد کے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا تھا لیکن آپ نے اس وقت بھی انہیں سہارا دیا تھا کیا اب بھی وہی تاریخ دھرانے جارہے ہیں؟ کیا اب قوم سمجھ لے کہ آپ کیساتھ ہاتھ ملانے کے بعد لندن میں ہونے والی تفتیش کو رکوانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے اور سکاٹ لینڈ یارڈ سے تعاون نہ کرتے ہوئے یہاں کے ملزموں تک رسائی نہیں دی جائے گی؟ اقتدار سے قبل سپریم کورٹ کے بدامنی کیس کے فیصلے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا کرتے تھے جس میں کراچی میں ہونے والے جرائم میں ایم کیو ایم کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا تھا کیا اب آپ اس موقف سے پیچھے ہٹ گئے ہیں؟آپ کے اس فیصلے سے سندھ کی قوم پرست جماعتیں بھی آپ سے دور ہوگئی ہیں اب ایم کیو ایم کو حکومت میں بھی شامل کرکے انہیں وزارتوں سے بھی نوازا جائے گا۔
Ch Abdul Razzaq
About the Author: Ch Abdul Razzaq Read More Articles by Ch Abdul Razzaq: 27 Articles with 19608 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.