پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو آخری ایک روزہ بین الاقوامی
کرکٹ میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-3 سے جیت لی
ہے۔
بدھ کو سینٹ لوشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ
کرتے ہوئے پاکستان کو 243 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی ٹیم نے چھ وکٹوں کے
نقصان پر 50 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
|
|
پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد نے 64 اور کپتان مصباح الحق نے 63 رنز بنائے۔
عمر اکمل 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اڑتالیسیوں اوور میں جب پاکستان کا اسکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز
تھا تو میچ کچھ دیر کے لیے بارش کے باعث روکنا پڑا لیکن موسم بہتر ہونے پر
کھیل جلد ہی دوبارہ شروع ہوگیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹینو بیسٹ تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی
جس پر میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز
بنائے۔
ڈینی براوو 48 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ مارلن سیموئلز نے 45 اور
جانسن چارلز نے 43 رنز اسکور کیے۔
|
|
پاکستان کی جانب سے جنید خان نے تین جب کہ محمد عرفان اور سعید اجمل نے دو،
دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 126 رنز سے جیتا تھا جب کہ دوسرے میچ میں
ویسٹ انڈیز کو 37 رنز سے فتح حاصل ہوئی تھی۔
سیریز کا تیسرا میچ برابر رہا تھا لیکن چوتھے میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں
سے میزبان ٹیم کو شکست دیدی تھی۔
پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے اختتام پر دونوں ٹیمیں27 اور 28 جولائی کو
کنگز ٹاؤن میں دو ٹی20 میچز بھی کھیلیں گی۔ |