فضائل رمضان اور آج کے مسلمان

حضور اکرم نے مسلمانوں کے لیے ہر باب میں رمضان کے جس قدر فضائل اور ترغیبات ارشاد فرمائی ہیں ان کا اصل شکریہ اور قدردانی تو یہ ہے کہ ہم ان پر مرمٹتے مگر ہماری کوتاہیاں اور دینی بے رغبتیاں اس قدر بڑھ گئی ہیں ان پر عمل کرنا تو دور کنار ان کی طرف توجہ بھی نہیں رہی۔ حتیٰ کہ اب لوگوں کو ان کا علم بھی بہت کم ہوگیا ہے۔

ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چند احادیث کا حوالہ دوں گا تاکہ اﷲ کی رحمت سے اور اپنے محبوب کے کلام کی برکت سے ہم لوگوں کو اس مبارک مہینے کی کچھ قدراور اس کی برکات کی طرف کچھ توجہ ہوجائے تاکہ ہمارے نیک اعمال کی زیادتی اور بداعمالیاں کی کمی کا ذریعہ بن سکے۔حضور کا ارشاد ہے کہ اگر تیری وجہ سے اﷲ تعالیٰ ایک شخص کو بھی ہدایت فرمادیں تو تیرے لیے سرخ اونٹوں سے(جوعمدہ مال شمار ہوتا ہے ) بہتر اور افضل ہے۔رمضان کا مہینہ مسلمانوں کے لیے اﷲ کی طرف سے بڑاانعام ہے ورنہ ہم جیسے گنہگاروں کے لیے یہ ایک مہینہ رمضان رمضان چلائے جانے کے سوا کچھ نہیں-

ایک حدیث میں ہے کہ اگر لوگوں کو یہ معلوم ہوجائے کہ رمضان کیا چیز ہے تو میری اُمت تمنا کرے کہ سارا سال رمضان ہوجائے۔ نبی کریم ﷺ نے سینکڑوں روایات میں مختلف انواع کے فضائل رمضان بیان فرمائیں ہیں۔ جن کا احاطہ مجھ جیسے ناکارہ کے لیے ممکن نہیں۔ لیکن میرا خیال ہے کہ کچھ تفصیل سے لکھو تو پڑھنے والے اکتا جائیں گے۔ اس زمانہ میں دینی امور میں جس قدر بے التفاقی جارہی ہے وہ مختاج بیان نہیں۔علم و عمل میں جس قدر بے پرواہی دین کے بارے میں بڑھتی جارہی ہے وہ ہر شخص اپنی ہی حالت پر غور کرکے معلوم کرسکتا ہے۔ اس لیے چند احادیث پر اکتفا کرتا ہوں۔

ابوہریرہؓ نے حضور ﷺ سے نقل کیا ہے کہ میری اُمت کو رمضان شریف کے بارے میں پانچ چیزیں مخصوص طور پر دی گئی ہیں جو پہلی اُمتوں کو نہیں ملی ہیں ٭ ان کے منہ کی بدبو اﷲ کے نزدیک مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے ٭ ان کے لیے دریا کی مچھلیاں تک دعا کرتی ہیں اور افطارکے وقت تک کرتی رہتی ہیں۔ ٭ جنت ان کے لیے ہر روز آراستہ کی جاتی ہے پھر حق تعالیٰ شانہ فرماتے ہیں کہ قریب ہے کہ میرے نیک بندے دنیا کی مشقتیں اپنے اوپر سے پھینک کر تیری طرف آویں۔ ٭ اسمیں سرکش شیاطین قید کردیے جاتے ہیں کہ وہ رمضان میں ان برائیوں کی طرف نہیں پہنچ سکتے جن کی طرف غیر رمضان میں پہنچ سکتے ہیں۔ ٭ رمضان کی آخری رات میں روزہ داروں کے لیے مغفرت کی جاتی ہے ۔ صحابہ نے عرض کیا کہ یہ شب قدر شب مغفرت ہے فرمایا نہیں بلکہ دستور یہ ہے کہ مزدور کو کام ختم ہونے کے وقت مزدوری دی جاتی ہے۔
اس حدیث میں اﷲ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے کتنا اعزاز رکھا ہے ہم اگر پھر بھی رمضان کا فائدہ نہ اٹھائیں توہم سا بدنصیب کوئی نہیں۔ پورا سال ہم اپنی مرضی کے مطابق گزارتے ہیں کیا صرف 30دن اپنے رب کے احکام کے مطابق نہیں گزار سکتے۔ جس رب نے ہمیں پیدا کیا پھر ہمیں یہ اعزاز بخشا کہ اشرف المخلوقات بنایا اس سے بڑھ کر مسلمان بنایا پھر کیا ہم اپنا فرض ادا نہیں کرسکتے ؟

آخر کیوں کیا ہمارا ایمان کمزور ہے یا پھر ہمارے اوپر شیاطین کے اثرات اتنے گہرے ہیں کہ شیاطین کے قید ہونے پر بھی ہم اسی کی اطاعت کرتے ہیں۔ہمارے ہاں رمضان میں سرعام رمضان کے احترام کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں۔کھانا تو ایک طرف کسی بھی برائی میں کمی نہیں کرتے ۔ ویسے ہی کھانے کھاتے ہیں ، گانے سنتے ہیں اور ٹی وی پر بے حیائی کے پروگرامز دیکھتے ہیں ۔ پھر کہتے ہیں ہم مسلمان ہیں ۔ کیا ایسے مسلمان ہوتے ہیں؟

ہوش میں آؤ اے مسلمانوں! اﷲ تعالیٰ نے تمہیں جورتبہ دیا ہے اسے جان لو اور رب کا شکر ادا کرو اپنے فرائض پر غور کرو۔ رمضان کا احترام کرو اور اپنے بچوں کو بھی احسا س دلاؤ۔اے مسلمانو! توبہ کے دروازے کھلے ہیں اور رب تعالیٰ اپنی رحمتیں بانٹ رہا ہے ابھی بھی وقت ہے اپنے رب کے سامنے سجدہ ریز ہوکر بخشش طلب کرلو وہ بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے۔ایک حدیث شریف میں حضور ﷺ کا ارشاد ہے کہ تین آدمیوں کی دعا رد نہیں ہوتی۔ ایک روزدار کی افطار کے وقت ، دوسرے عادل بادشاہ کی دعا اور تیسرے مظلوم کی جسکو حق تعالیٰ بادلوں سے اوپر اٹھا لیتے ہیں اور آسمان کے دروازے اس کے لیے کھول دئے جاتے ہیں اور ارشاد ہوتا ہے کہ میں تیری ضرور مدد کرونگا گوہ کسی مصلحت سے کچھ دیر ہوجائے۔
ایک اور حدیث بیان کرتا چلوں۔ کعب بن عجرہ کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضورﷺ نے ارشاد فرمایا کہ منبر کے قریب جاو ہم لوگ حاضر ہو گئے ۔ جب حضور ﷺ نے منبر کے پہلے درجے پر قدم رکھا تو فرمایا آمین ، جب دوسرے پر قدم رکھا تو فرمایا آمین ، جب تیسرے پر قدم رکھا تو فرمایا آمین، جب آپ ﷺ خطبہ سے فارغ ہوکر نیچے اترے تو ہم نے عرض کیا کہ ہم نے آج سے پہلے منبر پر چڑھتے ایسی بات سنی جو پہلے کبھی نہیں سنی تھی۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اس وقت جبرائیل ؑ میرے سامنے تھے جب پہلے درجے پر قدم رکھا تو انہوں نے کہا ہلاک ہو جیو وہ شخص جس نے رمضان کا مبارک مہینہ پایا پھر بھی اسکی مغفرت نہیں ہوئی ،میں نے کہا آمین ، پھر جب دوسرے درجے پر چڑھا تو انہوں نے کہا ہلاک ہو جیو وہ شخص جس کے سامنے آپ ﷺ کا ذکر مبارک ہو اور وہ درود نہ بھیجے ، میں نے کہا آمین ، جب تیسرے درجے پر گیا تو انہوں نے کہا ہلاک ہو وہ شخص جسکے سامنے اس کے والدین یاان میں سے کوئی ایک بڑھاپے کوپاویں اور وہ اسکو جنت میں داخل نہ کرائیں ، میں نے کہا آمین حضور نے اس حدیث میں تین بدعا پر آمین فرمایا ہے اﷲ تعالیٰ ان تینوں برائیوں سے بچائے آمین۔

ایک حدیث میں ہے کہ حضرت محمد ﷺ کا ارشادہے کہ روزہ آدمی کے لیے ڈھال ہے جب تک اس کو پھاڑ نہ ڈالے۔ ایک روایت میں کہ روزہ حفاظت ہے اﷲ تعالیٰ کے عذاب سے ، دوسری روایت ہے کہ روزہ جہنم سے حفاظت ہے۔ اگر رمضان کے فضائل گننے بیٹھے تو ہمیں بہت لمبا عرصہ بھی کم ہے۔ اس لیے محدود وقت میں چند چیزیں اور فضائل پر روشنی ڈالتے ہوئے دعاگو ہوں اے میرے رب تمام مسلمانوں کو رمضان کی برکات کو سمیٹنے کا موقع عطا فرما اور رمضان شریف کی قدروقیمت سے آگاہ کردے (آمین)
Aqeel Khan
About the Author: Aqeel Khan Read More Articles by Aqeel Khan: 147 Articles with 111214 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.