بوم بوم کی شاندار پرفارمنس٬ منفرد اعزازات

پاکستانی اسٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی کی عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت پاکستان نے پانچ ایک روزہ میچوں کے سلسلے میں گیانا میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 126رنز سے شکست دے دی۔

ڈی ڈبلیو ورلڈ کی رپورٹ کے مطابق بوم بوم شاہد خان آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ میں انتہائی عمدہ ’کم بیک‘ کرتے ہوئے اپنے روایتی انداز میں نہ صرف شاندار نصف سنچری اسکور کی بلکہ اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ بھی کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 9 اوورز کیے اور بارہ رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں انہوں نے پانچ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر 76 رنز بھی بنائے۔ انگلینڈ میں منعقد ہوئی حالیہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے شاہد آفریدی کو ناقص کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
 

image


ویسٹ انڈیز کے شہر گیانا کے پراویڈنس اسٹیڈیم میں اتوار کے دن کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان 224 رنز بنائے۔ تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اکتالیس اوورز میں 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کے خلاف ون ڈے میچوں میں ویسٹ انڈیز کا یہ کم ترین اسکور بن گیا ہے۔

پاکستان کی طرح ویسٹ انڈیز کے ابتدائی بلے باز بھی ناکام ہو گئے۔ میزبان ٹیم نے جب 225 رنز کا تعاقب شروع کیا تو پاکستانی فاسٹ بولر محمد عرفان نے اننگز کی دوسری ہی گیند پر اوپنر جیسن چارلس کو بولڈ کر دیا۔ اسی طرح ڈیرن براوَو بھی عرفان کی ایک عمدہ گیند پر وکٹ کیپر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں اوور میں ویسٹ انڈیز کا مجموعی اسکور ابھی سات ہی تھا کہ مصباح الحق کی ایک شاندار ’ڈائرکٹ تھرو‘ پر کرس گیل بھی رن آؤٹ ہو گئے۔ یہ گیل کا 250 واں بین الاقوامی ایک روزہ میچ تھا۔

اس دوران مارلون سیموئل نے کچھ سنبھل کر بلے بازی کی کوشش کی لیکن شاہد خان آفریدی دوسرے اینڈ سے ایک ایک کر کے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی آؤٹ کرتے رہے۔ باقی تمام سات وکٹیں شاہد آفریدی کے حصے میں ہی آئیں۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے نمایاں بلے باز سیموئل ہی رہے، جنہوں نے پچیس رنز بنائے۔

شاہد آفریدی کا منفرد اعزاز

ایک روزہ میچوں میں بولنگ کے شعبے میں شاہد خان آفریدی نے کسی ایک میچ میں دوسرے بہترین بولنگ کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ کسی ایک ون ڈے میچ میں بہترین بولنگ کا اعزاز سری لنکا کے چمندا واس کو حاصل ہے، جنہوں نے 2001ء میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں انیس رنز دے کر آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
 

image

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی شاہد آفریدی نے ایک روزہ میچوں میں ساڑھے تین سو وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کی طرف سے صرف وسیم اکرم اور وقار یونس نے ہی 350 سو سے زائد وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔ ان دونوں سابق فاسٹ بولرز میں سے وسیم اکرم نے 502 جبکہ وقار یونس نے 416 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

قبل ازیں جب پاکستان نے بلے بازی کا آغاز کیا تھا تو پاکستان کے پہلے پانچ کھلاڑی 47 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس وقت شاہد آفریدی اور کپتان مصباح الحق نے ’میچ وننگ‘ پارٹنر شپ میں 120 رنز بنائے۔ کپتان مصباح الحق نے اپنے کیریئر کی 26 ویں نصف سنچری بنائی۔ یوں وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہوں نے ابھی تک کوئی بھی سنچری اسکور نہیں کی ہے۔ 121 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے مصباح الحق کا کیریئر بیسٹ اسکور 96 ناٹ آؤٹ ہے۔
 

image

میچ کے بعد مصباح الحق نے کہا کہ یہ ان کے کیریئر کی مشکل ترین وکٹ تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیند سیم ہو رہی تھی اور رک کر آ رہی تھی لیکن جس طرح سے شاہد آفریدی نے بلے بازی اور بولنگ کی، یہ کہنا بجا ہو گا کہ یہ آفریدی ہی کا دن تھا۔ اس غیر معمولی کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی آفریدی کو ہی قرار دیا گیا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین اس سیریز کا دوسرا میچ سولہ جولائی کو گیانا میں ہی کھیلا جائے گا۔
YOU MAY ALSO LIKE:

Pakistan all-rounder Shahid Afridi produced a brilliant performance with both bat and ball to lead his team to a thumping 126-run victory over West Indies in their first one-day international on Monday (AEST). Afridi blasted 76 off 55 balls to help the visitors recover from a disastrous start to reach 9 for 224 from their 50 overs.