با عث افتخار

٭ پرویز مشرف کو اسلام آباد ، قصور اور کراچی کے بعد چترال سے بھی نااہل قرار دے دیا گیا۔ خبر
جیسا کرنا صاحب ویسا بھرنا، بے ایمان اور جعلساز ایک دن پکڑا جاتا ہے اور جب پکڑا جاتا ہے تو پھر اس کو ہر طرف سے یہی آواز سنائی دیتی ہے کہ
اے طائر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی
جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی

آپ نے گیارہ سال خوب مزے کئے۔ایک جمہوری حکومت پر قبضہ کرکے ملک کے آئین یا عدلیہ کا توڑ پھوڑ کرنا کوئی کھیل ہے کیا۔
اب بھگتو صاحب اپنی عیاشیوں کے بعد
جرم کیا کئے تماشہ ہم بھی دیکھتے ہیں

٭ راجہ پرویز اشرف کی نا اہلی ڈکیتی کے مترادف ہے۔ قائم علی شاہ
آپ نے اپنے خلاف اعتراض داخل کرانے والے وکیل پر نہ صرف حملہ کرایا بلکہ اس غریب کے پاس کچھ بھی نہ چھوڑا کیا وہ ایک ڈکیتی نہیں تھی۔عوامی پیسے پر لوٹ مار اور آئین کا مذاق کیا یہ آپ کے نامز د وزیراعظم کی طرف سے عدالتی حکم پر ڈکیتی نہیں تھی۔

٭ ملک بھر میں شاٹ فال پانچ ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ۔ خبر
گزشتہ حکومت نے نجانے کرپشن میں نام کمانے کے سوا کیا کچھ نہیں کیا۔مہنگائی،بجلی کا شارٹ فال،پٹرول اور گیس کی طویل قطاریں گزشتہ حکومت کا بہترین تحفہ ہے۔یہ تو الیکشن ہونے تک عارضی سٹ اپ ہے ،یہ اس شارٹ فال پر نجانے قابو پائیں یا پائیں مگر اتنا پتہ ضرور ہے کہ گزشتہ حکمران رینٹل پاور پروجیکٹ سمیت کئی ٹھیکوں میں پیشے خورد بر د کرکے شان سے رخصت ہو گئے۔

٭ 80فیصد ٹکٹ نئے لوگوں کو دیے۔ عمران خان
ہم مانتے ہیں خان بھائی آپ نے نئے لوگوں کو زیادہ ٹکٹ دیئے ہیں لیکن آپ کو یہ بھی ماننا پڑے گا کہ ان کی ایمانداری اور حب الوطنی کا ٹیسٹ ابھی باقی ہے۔سلیکٹ ہونے کے بعد یہ کیا گُل کھلاتے ہیں اس کا رزلٹ ہونا باقی ہے۔آپ کے امیدوار وں کے چہرے نئے سہی لیکن ہو سکتا ہے خاندان وہی سیاسی مگر پرانے ہوں۔

٭ اسرائیل کی ویب سائٹ ہیک ہونے سے اربوں ڈالر کا نقصان۔ خبر
عراق کے بغداد شہرمیں ایک نوجوان کی جانب سے اسرائیلی حکومت کی ویب سائٹوں کو ہیک کرنے کے باعث اسے ایک ارب ڈالر کا خسارہ ہوا ہے ، 14 سالہ نوجوان نے ہیکروں کے بین الاقوامی گروپ کی مدد سے صہیونی حکومت کی 52 اینٹرنیٹی ویب سائٹوں کے سرور کو ناکارہ بنایا جن میں وزیر اعظم،وزارت دفاع کی بھی ویب سائٹس شامل ہیں۔شکر ہے کسی مسلمان نے اسرائیل جیسی بہیمانہ قوم کو ناکوں چنے چبوائے ہیںورنہ تو اکثر ظالم اسرائیلی قوم نے مسلمانوں باالخصوص فلسطینیوں کو ہی نقصان پہنچایا ہے۔

٭ شمالی کوریا دھمکیاں ،جان کیری جاپان پہنچ گئے۔
امریکہ کو بھی ہر جگہ اور باالخصوص مسلمان ممالک میں پنگے لینے کی عادت ہے۔اب شمالی کوریا کے ہاتھوں ان کی جو بے عزتی ہو رہی ہے اور ہونا باقی ہے لگتا ہے اس سے یہ شرم سے ڈوب ہی مریں گے۔اب جان پہ بنی ہے تو جاپان کے پاﺅں پڑے ہیں کہ صاحب جیسے تیسے ہو ہماری باقی ماندہ عزت بچا لو۔

٭ اعجازبٹ بیان بازی نہ کریں بلکہ گھر بیٹھ کر آرام کریں: آفریدی
آفریدی بھائی ہم مانتے ہیں کہ اعجاز بٹ سے تھکڑ کوئی بھی آدمی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کرتا دھرتا نہیں رہا لیکن آپ کو بھی اپنی فٹنس دکھانی ہو گی۔کہیں ان کو گھر آرام کرنے کامشورہ دیتے دیتے آپ کی خراب پرفارمنس آپ کو ہی آپ کے گھر بیٹھنے پر مجبور نہ کردے۔

٭ ملک میں کچھ بھی نہیں بچا، مشکلات سے باہر نکالیں گے۔ نواز شریف
کیا بات کرتے ہیں مائی ڈیئر، ملک میں مشرف،گیلانی اور پرویز اشرف جیسے کئی اثاثے باقی بچے ہیں۔ان کے دیئے ہوئے تمام تحفے میں مہنگائی،شارٹ فال،کرپشن،گیس پٹرول کی شارٹیج بمعہ دہشت گردی عوام و ملک کے پاس ہیں۔اللہ کرے کہ آپ ان مشکلات کا کوئی حل نکال لیں۔

٭ عدالت عظمیٰ نے مزید CNG لائسنس کے اجراءپر پابندی لگا دی۔ خبر
سابقہ حکومت نے اپنے تمام وزیروں،مشیروںاور رشتہ داروں کو ناجائز اور غیر قانونی گیس پپمپ کنکشن کا اجرا گیس شارٹیج کے باوجود جاری رکھا۔دوسری طرف ملز مالکان،مزدور اور گاڑی مالکان مالی نقصان کے علاوہ طویل لائینوں میں تاحال گیس بحران کا شکار رہے۔ عدالت عظمیٰ کی یہ
مہربانی اور حکم ملک و قوم کے لئے باعث افتخار ہے۔

٭ جب کالم لکھ رہا تھا پشاور میں اے این پی کے جلسہ میں دھماکہ کی خبر دکھائی دی۔جس سے جانی نقصان ہوا،اس پر بہت افسوس ہوا۔اس سے پہلے صبح بلوچستان میں (ن) لیگ کے ایک قافلے پر حملے کے نتیجے میں کئی افراد شہید ہوئے۔حکومت وقت کو بہت ہی احتیاط اور توجہ کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں امن عامہ کی صورت حال بہتر ہو اور ہر قسم کے جانی و مالی نقصان سے عوام کو بچایا جا سکے۔
Mumtaz Amir Ranjha
About the Author: Mumtaz Amir Ranjha Read More Articles by Mumtaz Amir Ranjha: 90 Articles with 59505 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.