سعودی عرب کا پہلا فلم فیسٹول

سعودی عرب کی تاریخ کا پہلا فلم فیسٹول جدہ میں منعقد کیا گیا ہے۔

12 دن تک چلنے والے اس ایشین فلم میلے کی شروعات ہندوستانی بلاک بسٹر فلم’چک دے انڈیا‘ سے ہوئی۔

میلے کے پہلے دن سعودی عرب کے ہدایت کار ممدو سلیم کی دستاویزی فلم ’فل مون نائٹ‘ بھی دکھائی گئی۔ تہواروں کے دوران سرزمینِ حجاز کی روایتیں اور نوجوانوں پر اس کے اثر کو اس دستاویزی فلم کا موضوع بنایا گیا ہے۔

اس فلمی میلے کا اہتمام سعودی حکومت اور جدہ میں ایشین کونسل کلب نے کیا ہے۔ فلم میلے کا افتتاح سعودی وزارتِ خارجہ میں مغربی خطے کے ڈائریکٹر جنرل محمد بن احمد طیب نے کیا۔
 

اس میلے میں بارہ ایشیائی ممالک کی بعض مقبول ترین فلمیں دکھائی جائیں گی اور فلمی میلے کے پہلے دن سعودی عرب کے شہریوں ميں زبردست جوش پایا گیا۔

فلمی میلے کے دوران پاکستان کی فلم ’جناح‘ بھی دکھائی جائے گی جبکہ چین کی فلم ’نتوبوہ‘ اور بعض دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائيں گی۔

میلے میں سری لنکا کی ’ادوگان یمایا‘، انڈونیشیا کی ’ناگابونار‘، چین کی ’بیوٹی فل ہوم لینڈ‘، تھائی لینڈ کی ’ہوم رونگ‘ جیسی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔

یہ پہلی بار ہے جب سعودی عرب میں اس طرح کا فلم میلہ منعقد کیا گیا ہے۔ اس فلمی میلے میں جہاں ایشیائی فلم ہدایت کاروں اور شائقین کو ایشین سنیما پر بحث کے لیے سعودی عرب جیسا ایک نیا پلیٹ فارم ملا ہے وہیں امید کی جا رہی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے سعودی عرب کے عوام میں فلمسازی کے حوالے سے جوش پیدا ہوگا۔

 

 

YOU MAY ALSO LIKE: