روزہ میں قے(اُلٹی)روزہ ٹوٹا یا نہیں؟(احکام روزہ)۔

بَعض اَوْقات جب روزہ میں قَے ہوجاتی ہے تَو لوگ پریشان ہوجاتے ہیں بلکہ بعض تَو سمجھتے ہیں کہ روزہ میں خُود بَخُود قَے ہوجانے سے بھی روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔ حالانکہ ایسا نہیں۔چُنانچِہ سَیِّدُنا ابوہُریَرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حُضورِ پُرنور ،شافِعِ یومُ النُّشُورصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے : ترجَمہ:جس کو ماہ ِ رَمَضان میں خود بخود قَے آئی اسکا روزہ نہ ٹوٹا اور جس نے جان بوجھ کر قَے کی اسکا روزہ ٹوٹ گیا۔ (کنزالعُمّال ،ج٨،ص٢٣٠،حدیث٢٣٨١٤)

ایک اورمقام پر ارشاد فرمایا، ''جس کو خود بخود قَے آئی اس پر قضَاء نہیں اور جس نے جان بوجھ کر قَے کی وہ روزہ کی قضاء کرے۔
(ترمذی ،ج٢،ص١٧٣،حدیث٧٢٠)

قَے کے بارے میں 7 پَیرے
١: روزہ میں خود بخود کتنی ہی قَے (اُلٹی) ہوجائے(خواہ بالٹی ہی کیوں نہ بھر جائے)اِس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
(دُرِّمُختَار، ج٣،ص٣٩٢)
٢:اگر روزہ یاد ہونے کے باوُجُود قَصْداً (یعنی جان بُوجھ کر)قَے کی اور اگر وہ مُنہ بھر ہے (مُنہ بھر کی تعریف آگے آتی ہے)
تَو اب روزہ ٹوٹ جائے گا۔ (دُرِّمُختَار،ج٣،ص٣٩٢)
٣:قَصْداً مُنہ بھر ہونے والی قَے سے بھی اِس صُورت میںروزہ ٹوٹے گا جبکہ قَے میں کھانا یا ( پانی )یا صَفْرائ(یعنی کڑوا پانی ) یا خُون آئے ۔ (اَیْضاً)
٤:اگر قَے میںصِرف بَلْغَم نِکلا تَو روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ (اَیْضاً،ص٣٩٤)
٥:قَصْداً قَے کی مگر تھوڑی سی آئی ،مُنہ بھر نہ آئی تَو اب بھی روزہ نہ ٹوٹا۔ (دُرِّمُختَار ،ج٣،ص٣٩٣)
٦:مُنہ بھر سے کم قَے ہوئی اور مُنہ ہی سے دوبارہ لوٹ گئی یا خُود ہی لَوٹا دی ، ان دونوں صورتوں میں روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ (اَیْضاً )
٧:مُنہ بھر قَے بِلا اِختِیار ہوگئی تَو روزہ تَو نہ ٹوٹاالبَتَّہ اگر اِس میں سے ایک چَنے کے برابر بھی واپَس لوٹا دی تَو روزہ ٹو ٹ جائے گا۔اور ایک چَنے سے کم ہو تَو روزہ نہ ٹوٹا۔ (دُرِّمُختَار ،ج٣،ص٣٩٢)

مُنہ بھر قَے کی تعریف
مُنہ بھر قَے کے مَعنٰی یہ ہیں،''اِسے بِلاتَکَلُّف نہ روکا جاسکے۔'' (عالمگیری ،ج١،ص٢٠٤)

وُضو میں قَے کے 5 اَحْکامِ شرعی
١: وُضو کی حالت میں (جان بُوجھ کرقے کریںیا خود بخود ہوجائے دونوں صُورتوں میں)اگر مُنہ بھر قَے آئی اور اِس میں کھانا،پانی یا صَفْراء (کڑوا پانی )آیا تَو وُضو ٹوٹ جائے گا۔ (بہارِ شریعت ،حصّہ دُوم ،ص٢٦)
٢: اگر بَلْغَم کی مُنہ بھر قَے ہوئی تَو وُضو نہیں ٹوٹے گا۔ ( اَیضاََ)
٣: بہتے خُون کی قَے وُضو توڑدیتی ہے۔
٤: بہتے خُون کی قَے سے وُضو اُس وَقت ٹوٹتا ہے جبکہ خُون تُھوک سے مَغْلُوب نہ ہو۔(ردالمحتار ،ج١، ص٢٦٧)
یعنی خُون کی وجہ سے قَے سُرخ ہورہی ہے تَو خُون غالِب ہے وُضو ٹوٹ گیا اور اگر تُھوک زیادہ ہے اور خون کم تو وُضو نہیں ٹوٹے گا۔خون کم ہونے کی نشانی یہ ہے کہ پُوری قَے جو تُھوک پر مُشتَمِل ہے وہ زَرْد (یعنی پیلی ) ہوگی۔
٥: اگرقَے میں جَما ہوا خُون نِکلا اور وہ مُنہ بھرسے کم ہے تَو وُضُو نہیں ٹوٹے گا۔ (ملخص از بہار شریعت ،حصہ دوم، ص٢٦)

ضروری ہدایت
مُنہ بھرقَے(عِلاوہ بَلْغَم کے) ناپاک ہے۔اِس کا کوئی چھینٹا کپڑے یا جِسْم پر نہ گِرنے پائے اِس کی اِحتِیاط فرمائیے۔آج کل لوگ اِس میں بڑی بے اِحْتِیاطی کرتے ہیں،کپڑوں پر چھینٹے پڑنے کی کوئی پرواہ نہیں کرتے اور مُنہ وغےرہ پر جَوناپاک قَے لگ جاتی ہے اُس کو بھی بِلاجِھجک اپنے کپڑوں سے پُونچھ لیتے ہیں۔ اللّٰہ رَبُّ الْعِزَّت عَزَّوَجَلَّ ہمیں نَجاست سے بچنے کا ذہن عنایت فرمائے۔
اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
فیضان سنت کا فیضان ۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔

یا اللہ عزوجل ماہ رمضان کے طفیل برما کے مسلمانوں
کی جان و مال ،عزت آبرو کی حفاظت فرما۔اٰمین

وہ آج تک نوازتا ہی چلا جارہا ہے اپنے لطف وکرم و عنیایت سے مجھے
بس ایک بار کہا تھا میں نے یا اللہ مجھ پر رحم کر مصطفی کے واسطے
Abu Hanzalah M.Arshad Madani
About the Author: Abu Hanzalah M.Arshad Madani Read More Articles by Abu Hanzalah M.Arshad Madani: 178 Articles with 351041 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.