سازشی کردار

نیکی اور بدی کی لڑائی اذلی ہے۔ہمیشہ سچ کو دبانے کے لئے جھوٹ کسی سازش کا جال بنتا ہے اور اس جال کی لمبائی ایک ایک سیکنڈ میں کئی کئی گنا بڑی ہوتی جاتی ہے لیکن سچ تو سچ ہوتا ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے برکت ہوتی ہے او ر ایک نہ ایک دن سچ کی جیت ہو جاتی ہے اور پھر جھوٹ نہ صرف رسوا ہوتا ہے بلکہ ذلالت اس کا مقدر ہو جاتاہے۔سابقہ صدر مشرف کے سامنے سر نگوں نہ ہونے والے چیف جسٹس آف پاکستان کو جھکانے کے لئے بالآخر ایک ایسی سازش اپنائی گئی جس کے کردار بہت ہی طاقتور اور پاکستان کے اہم ترین افراد میں سے ہیں۔عدلیہ اور چیف جسٹس کو بدنام کرنے کے لئے ان کے لختِ جگرکو ”گلٹی“ ثابت کرنے کے لئے ایک بہت بڑی لابی کو استعمال کیا گیا۔ہماری اور پاکستانی عوام کی خواہش ہے کہ اللہ تعالیٰ چیف جسٹس آف پاکستان کو سرخرو کرے۔آمین

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کیخلاف مبینہ کرپشن کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بیٹا مجرم ثابت ہوا تو ان کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کے بیٹے ڈاکٹر ارسلان افتخار پر بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض سے مختلف اوقات میں تیس سے چالیس کروڑ روپے لینے کا الزام ہے۔ یہ عنایات ڈاکٹر ارسلان پر اس لیے کی گئیں تاکہ ان کے والد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس افتخار چوہدری پر اثرانداز ہوکر ان کے دل میں ملک ریاض کے لیے نرم گوشہ پیدا کیا جا سکے۔ ایسا کرنے کا مقصد ملک ریاض کے خلاف سپریم کورٹ میں زیرِ التوا مقدمات میں حمایت حاصل کرنا تھا۔ جس پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ازخود نوٹس لیا اور اپنی سربراہی میں جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل تین رکنی بنچ قائم کیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ بیٹے سمیت کوئی بھی اگر اس ادارے کی عزت کو متاثر کرے تو نہیں چھوڑیں گے اٹارنی جنرل کا اٹھایا گیا معاملہ زیر تحریر لائیں گے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ قرآنی آیات کی روشنی میں فیصلہ دینگے۔عدالت نے نجی ٹی وی چینل کے کورٹ رپورٹر سے کہا کہ وہ چینل کے چیف ایگزیکٹو کو عدالت کا یہ پیغام پہنچا دیں گے کہ حامد میر ، نجم سیٹھی اور کامران خان کے پاس جو بھی میٹریل ہے وہ عدالت کو فراہم کریں۔ ملک ریاض کے پرنسپل آفیسر سٹاف نے عدالت کو بتایا کہ ملک ریاض بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین اور چیف ایگزیٹو احمد علی ریاض ہیں ملک ریاض برطانیہ گئے ہوئے ہیں۔

تما م ٹی وی چینلز اور اخبارات میں گردش کرتی ہوئی یہ خبر ہم سب کے لئے بہت ہی دردناک ہے کہ اس ملک کی سب سے بڑی عدالت کے سربراہ کے صاحبزادے ڈاکٹر ارسلان افتخارپر پیسوں کے لین دین میں ملوث ہونے یا کرنے والی نئی بحث سب کے لئے ناپسندیدہ ہے ۔اس ساری گیم کی سیاسی لگتی ہیں اور لگتا یہ ہے کہ گیلانی صاحبزادگان اور مونس الٰہی کے جرائم کا بدلہ لینے کے لئے اب ملک ریاض اورلابی نے ڈاکٹر ارسلان افتخارکا انتخاب کیا ہے کہ ان کو پھنسا کر تمام حکومتی اور اتحادی صاحبزادگان کا بدلہ برابر کیا جائے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ سیاسی بلیک میلنگ ہے کہ جس میں پیسے لینے دینے کا چکر چلا کر چیف جسٹس کو خدانخواستہ ٹریب کیا جائے۔

ڈاکٹر ارسلان افتخارکے اس کیس کی یقینی شفاف تحقیق ہو گی اور ڈاکٹر ارسلان افتخاراگر گناہ گار ہے یا بے گناہ اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔یہ سازش انشا ءاللہ ضرور بے نقاب ہوگی اور ہماری عدلیہ اور چیف جسٹس آف پاکستان انشاءاللہ کامیاب و کامران ہو کر دوبارہ اس ملک کے نام کی طرح جگمگائیں گے۔ہمارے ملک کی تاریخ ہے کہ جس نے بھی اس ملک میں دل سے قوم و ملک کی خدمت کا ذمہ اٹھایا اسے وقت کے شیطانیوں نے اپنی سازشوں اور ظلمات کا نشانہ بنایا۔لیاقت علی خان جو قائد اعظم کے بعد اس ملک کی اہم ترین قیادت تھی انہیں کتنی بے دردی سے شہید کروا دیا گیا؟بھٹو جس نے اقوام متحدہ میں تلاوت کروائی اس کو کس طرح پھنسایا گیا؟ضیاءالحق جس نے روس اور ہندوستان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں اسے کس طرح ایک سازش کے تحت ایک طیارہ حادثہ میں شہید کر دیا گیا۔ میاں نواز شریف جس نے بل کلنٹن کو انکار کر کے ایٹمی دھماکے کروائے اسے کس طرح حکومت سے ہٹا کر دیوار سے لگایا گیا؟ڈاکٹر قدیر جس نے ملک کا نام روشن کیا دیکھیں اسے کس طرح ٹریپ کرکے بدنام کیا گیا؟اور اب انصاف کے لئے اہم ترین پاکستانی دی گریٹ چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف ایک بہت بڑی سازش۔۔۔۔جب کوئی نہیں جھکتا تو پھر اس کو جھکانے کے لئے بے ایمان اکٹھے ہو کر اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیتے ہیں اور یہ بھی ایک ایسی ہی کوشش لگی ہے۔شیطان اور انسان کی دشمنی تا قیامت چلتی رہے گی اور انشا ءاللہ شیطان ہی شکست خوردہ ہو گا۔۔۔انشا ءاللہ

چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے بیٹے کے خلاف از خود نوٹس لیا۔۔۔چیف جسٹس زندہ باد۔۔۔اب ان کا صاحبزادہ کس طرح پھنسایا گیا اور جن کرداروں نے پھنسایا وہ سامنے آنا باقی ہیں۔۔۔اللہ چیف جسٹس اور عدالت عالیہ کی مدد فرمائے۔اللہ تعالیٰ اس ملک اور اس میں انصا ف کابول بالا کرے۔ آمین
mumtazamirranjha
About the Author: mumtazamirranjha Read More Articles by mumtazamirranjha: 35 Articles with 35270 views I am writting column since 1997. I am not working as journalist but i think better than a professional journalist. I love Pakistan, I love islam, I lo.. View More