جماعت اسلامی آزادجموں کشمیر ضلع راولپنڈی

محترمی جناب ................
السلام علیکم ورحمتہ اللہ
مزاج گرامی۔ امید ہے ایمان و یقین کی بہترین حالت میں ہوں گے۔

آج دنیا کی میں ہر پانچواں فرد الحمد اللہ مسلمان ہے اور مجموعی طور پر مسلمانوں کی آبادی ایک ارب 80 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ طاغوت کی عسکری، ثقافتی، تہذیبی اور میڈیا وار کے باوجود مغرب میں باالخصوص مسلمانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جن میں مغربی معاشرے کے نامور ترین افراد کی تعداد بھی قابل ذکر ہے۔

صدیوں کی غلامی نے مسلم تہذیب و ثقافت،مذہبی عقائد و روایات اور اعتماد و تشخص کو بری طرح مجروح کیا۔ پچھلی صدی میں مسلم ممالک آزادی سے ہمکنار تو ہوئے لیکن مسلمانوں کے قلوب و اذہان، تہذیب و ثقافت اور رویوں میں مغربی بالا دستی کا بھوت ابھی تک غالب ہے۔یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ اکثر مسلمانوں کے وطن تو آزاد ہوگئے لیکن مسلمان ابھی تلک فکری غلامی سے باہر نہیں آسکا۔

آج ہمارے سامنے ایک روشن پہلو یہ ہے کہ مسلمانوں کے خلاف بے پناہ پروپیگنڈے کے باوجود مغرب میں مسلمانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ پونے دو ارب مسلمان اور ساٹھ سے زائد آزاد ممالک، بیش بہا قدرتی اور انسانی وسائل کے باوجود ذلت اور خواری سے دوچار ہیں۔اس کی وجہ بھی بالکل واضع ہے کہ مسلمانوں نے اسلام کو بطور نظام زندگی قبول نہیں کیا اور نہ ہی اختیار کیا۔انفرادی زندگی تو ہر ایک اسلام کے مطابق گزارنے کا خواہش مند ہے۔ جیسے کلمہ طیبہ کا اقرار، نماز، روزہ، حج، زکواة، نکاح، طلاق، تجہیز و تدفین اور وراثت کی تقسیم میں تو ہم سب اسلام کے پابندی کو لازم قراردیتے ہیں لیکن اپنے نظام تعلیم، نظام معیشت، انصاف، قانون سازی اور طرز حکمرانی میں ہم مغرب کی تقلید کرتے ہیں اور سماجی اقدار کے حوالے سے ہم اپنے آباؤ اجداد کے رسم و رواج پر قائم رہتے ہیں۔

یہی دراصل تناقص،منافقت اور دو رنگی ہے، جس کی اسلام میں کہیں بھی گنجائش نہیں کہ ایک دین (اسلام) پر ایمان لایا جائے اور زندگی( اجتماعی و انفرادی) کسی دوسرے دین (مغربی نظام یا آبائی روایات) کے مطابق گزاری جائے۔جب تک مسلمان پورے کے پورے اسلام میں داخل نہیں ہوں گے اور اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں مغربی نظام اور آبائی رسوم و روایات کی پیوندکاری نہیں چھوڑیں گے کامیاب و کامران نہیں ہوں گے بلکہ ذلت اور نامرادی ان کا مقدر رہے گی۔

جماعت اسلامی معاشرے سے اسی تناقص،منافقت اور دورنگی کو ختم کرنے اور دنیا میں اسلامی نظام زندگی قائم کرنے کی دعوت لے کر ہر فرد اور ہر دروازے پر دستک دے رہی ہے۔یہی وقت کی ضرورت اور ہمارے مسائل کا حل ہے۔ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ جب تم اسلام کو بطور نظام زندگی اختیار کر لو گے تو یہ کائنات تمہارے لیے مسخر کر دی جائے گی، زمین تم پر اپنے خزانے کھول دے گی اور آسمان تم پر رحمتوں کی بارش کرتا رہے گا۔

برادر محترم!
آئیے ایک شاندار اور عظیم الشان اسلامی انقلاب کے لیے اس قافلہ حق میں شامل ہوکر نبی اکرم ﷺ کی اس بشارت کا حصہ بن جائیں کہ میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ حق کی سربلندی کے لیے جدوجہد کرتا رہے گا اور اسلام کا پرچم پوری دنیا پر چھا کر انسانیت کو امن، سلامتی ، اخوت اور کامرانیوں سے ہمکنار کرے گا۔

آج انسانیت پر اسلام کی حقانیت روز روشن کی طرح واضع ہو چکی ہے اور وہ جوق در جوق اسلام کی آغوش میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ آئےے ! ہم ان کا استقبال کریں اور انہیں ایک پاکیزہ ، انصاف پرور ، پر امن اور اسلامی بھائی چارے کے فلسفے پر مبنی مثالی معاشرہ قائم کرکے دیں اور یہ ثابت کر سکیں کہ اسلام ہی آج کے دور کے چیلنجز کاواحد حل ہے۔ اسی میں ہماری دینی اور دنیاوی کامیابی پنہاں ہے۔

اگرآپ اس دعوت کو حق سمجھتے ہیں تو پھر آج ہی فیصلہ کیجیے اور اس میں اگر کوئی کمی کوتاہی محسوس کرتے ہیں تو ہماری راہنمائی کیجیے۔

خاکسار۔ آ پ کا بھائی
عطا ءالرحمن چوہان
امیر جماعت اسلامی آزادجموں کشمیر ضلع راولپنڈی
فون نمبر 0312-2561900
[email protected]
Atta ur Rahman Chohan
About the Author: Atta ur Rahman Chohan Read More Articles by Atta ur Rahman Chohan: 129 Articles with 105463 views عام شہری ہوں، لکھنے پڑھنے کا شوق ہے۔ روزنامہ جموں کشمیر مظفرآباد۔۔ اسلام آباد میں مستقل کالم لکھتا ہوں۔ مقصد صرف یہی ہے کہ ایک پاکیزہ معاشرے کی تشکیل .. View More