مقصدِ میلاد مصطفی ﷺپیغامِ انقلاب ہے

میلاد مصطفی ﷺ سے پہلے یہ دنیا ضلالت و گمراہی کی گھٹا ٹوپ تاریکیوں میں مستور تھی ۔اہل عالم کے سامنے کوئی تعمیری اور فکری لائحہ عمل نہ تھا ۔ہر طرف ظلم و طغیان کا دور دورہ تھا ۔تحریب کاری کا بازار گرم تھا۔انسانیت سسک سسک کر دم توڑ رہی تھی ۔اور اشرف المخلوقات جہالت کے اندھیروں میں قدم قدم پر لڑکھڑا رہا تھا کہ تاریکیوں کے اِن دبیز پردوں سے طلوعِ سحر کی ضیا پاشیاں رحمتہ العالمین ﷺ کے میلاد کی صورت میںجلوہ گر ہوئیں ۔تاریکی چھٹنے لگی۔ظلم و طاغوت پر مبنی ،طبقاتی،معاشی ،معاشرتی نظام اپنی موت کی طرف بڑھنے لگا اور اِنقلاب ِمیلادِمصطفی ﷺ اسلام کا اُجالا بن کر اطرافِ عالم میں چمکنے لگا۔

حضورﷺ نے 23برس تک پیغام ِربانی کے تحت ظلم و جبر کے نظام کو ختم کر کے نظام مصطفی کانفاذ کرنے کیلئے جدوجہد کی اور اسے کر کے دکھایا اور قیامت تک کے اہل اسلام کیلئے جدوجہد کا ایک روشن لائحہ عمل بھی دے دیا۔ اِس وقت عرب کے بارہ لاکھ انسانوں نے اس پیغام پر لبیک کہاتھا ۔پھر غلامان ِمحمد ﷺاسلام اور تعلیمات نبوی کا نوری لبادہ زیب تن کر کے مشرق و مغرب کے نگاہوں کو خیرہ کرنے لگے ۔انسان نے خود آگہی کا سبق لیا۔ مشرقِ وسطٰی اور ملتِ بیضا میں ارتقاءکی منازل بڑی تیزی سے طے ہونے لگیں ۔اور پھر مصطفوی ﷺ انقلاب نے عالمِ انسانیت کو اپنے پُر امن پروں میں سمیٹ لیا۔اور ہر سمت اور میدان میں انسانیت ترقی کے باب رقم کرتی گئی ۔

گردشِ افلاک نے رنگ بدلا تو اسلامی نظام کے امین ذاتی عیش وعشرت ،اناپرستی،اور مفاد پرستی کا شکار ہوگئے خلافت بادشاہت میں تبدیل ہو گئی اور یوں اسلامی نظام کا نفاذ دنیاسے کوچ کرتا چلا گیا اور آج یہ حال ہے کہ 56اسلامی ممالک میں اسلام کا نظام اور اسلام پردیسی ہے ۔اورمسلمان غیر مسلموں کے پاؤں کی ٹھوکروں پر ہیں۔عزتِ نفس ،جاوحشم سب خواب ہوگئے بلکہ عذاب ہوگئے ۔اور جب خواب عذاب بن جائیں تو انفرادی و قومی زندگی تلخ تر ہوجاتی ہے ۔سیاست جو دین کا جز ہے وطن عزیز میں اک گالی بن کر رہ گئی ہے۔ سیا سی جماعتیں اپنے اپنے مفاد کی خاطر اپنی اسلامی اور قومی شناخت تک کو بھول کر عجب راہ پہ چل پڑی ہیں اور قوم کو اک ایسی بند گلی میں دھکیل رہی ہیں جس کی دوسری جانب کوئی رستہ ہی نہیں ہے۔اور مذہبی سیاسی جماعتوں کے تو طور ہی نرالے ہیں ان پہ فکری جمود طاری ہے ۔باطل کے نظامِ سیاست میں سیاست کرتے جا رہے ہیں اسے بدلنے کی جدو جہد نہیں کرتے۔ہیں مذہبی سیاسی جماعتیں مگر فرعونی نظامِ سیاست میں لت پت ہیں۔

میں اکثر سوچتا ہوں کہ میلادِمصطفی ﷺمنانے والے اہل اسلام میلاد ِمصطفیﷺ کے فلسفہ کو فراموش کیوں کیے ہوئے ہیں ؟ اسلامی جماعتیں بھی اسلامی فلسفہ انقلاب کو بھول چکی ہیں وہ تو اسلامی فلسفہ سیاست اور فلسفہ قیام ِ جماعت کو فراموش کر کے فقط دعوت اور تبلیغ کا دامن تھامے ہوئے ہیں ۔ حالانکہ مقصد ِ بعثت محمدی فقط دعوت اور تبلیغ نہیں بلکہ اسلام کا نفاذ ہے ۔ دعوت و تبلیغ تو اس کا ایک جز ہے منزل نہیں ۔ قرآن مجید بڑے واضح انداز میں یوں بیان کرتا ہے ۔

"اور ہم نے اپنے رسول ﷺکو ہدایت اور دین ِاسلام دیکر بھیجا تاکہ وہ اس نظام کو دیگر تمام ادیانِ باطلہ پر غالب کر دے"

یعنی اسلامی نظامِ حیات کو باطل ،طاغوت ،دجل و فریب ،معاشی و معاشرتی طبقاتی نظام پر غالب کر کے اہل ِعالم کیلئے ایک پرامن ،خوشحال او رانسانیت دوست معاشرہ قائم کرے ،مگر افسوس کہ ملتِ اسلامیہ کے حکمران ولادت ِمحمدیہ ﷺکے دن قو م کو اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کا پیغام تو دیتے ہیں مگر خود اِن کے اپنے انفرادی و قومی اعمال و افعال میں اسوہ حسنہ ﷺکی جھلک دور دور تک دکھائی نہیں دیتی ۔اس صورت میں عوام الناس کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ میلادِمصطفی ﷺکا جشن منانے کے ساتھ ساتھ اس کے فلسفہ کو بھی سمجھے اور پھر اس کے حصول کیلئے جدوجہد کریں اور باطل معاشرتی نظام کو ختم کر کے اصل معنوں میں میلاد منانے کا حق ادا کریں ۔اگرچہ اس جدوجہد میں دکھ اور مصائب تو آئیں گے ۔مگر
آخری فتح صرف اور صرف حق کی ہوگی۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے ۔
"اور تم پست ہمت نہ ہونا اور نہ ہی گھبرانا ۔کامیابی یقینا تمہاری ہے اگر تم صاحبِ ایمان ہو"

مقصد میلاد ِمصطفی ﷺدراصل پیغام انقلاب مصطفی ﷺہے ۔ایک ایسا انقلاب ہے جو انصاف پر مبنی نظام کا نفاذ کرکے بلکتی ،سسکتی ،ظلم ، جبروتشدد کی چکی میں پستی انسانیت کے دکھوں کا مداوا کر کے ان کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیر دے ۔

یاد رہے فطر ت اور قدرت کا ایک اپنا نظام ہے ہر رات کے بعد سحر لازم ہے ۔سوال صرف یہ ہے کہ ہم نے اس سحر کیلئے کیا کوشش کی ہے ۔
رات کتنی بھی تاریک ہو سحر تو ہوگی
شب کا انجام یہی آج تلک دیکھا ہے
اس کی تقدیر میں ذلت ہے بتا دو اس کو
آج پھر جھوٹ صداقت سے الجھ بیٹھا ہے
Shahzad Ch
About the Author: Shahzad Ch Read More Articles by Shahzad Ch: 28 Articles with 28198 views I was born in District Faisalabad.I passed matriculation and intermediate from Board of intermediate Faisalabad.Then graduated from Punjab University.. View More