چین میں معاشی قوت کی مضبوط نمائش

رواں سال 2024 میں چینی معیشت کے بارے میں متعدد مغربی میڈیا کے پیش کردہ شکوک و شبہات کے باوجود، سامنے آنے والی حقیقت ایک مختلف بیانیے کو ظاہر کرتی ہے۔یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ چین میں رواں سال کا آغاز معاشی قوت کی ایک مضبوط نمائش کے ساتھ سامنے آیا ہے۔سست اشاریوں کے بجائے، نئے سال کے ساتھ کھپت اور سیاحت کی مارکیٹوں میں تیزی آئی ہے۔چین کی وزارت ثقافت و سیاحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران 13کروڑ 50لاکھ ملکی سیاحوں نے سفر کیا جو 2023ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں 155.3 فیصد زیادہ ہے۔

چین کے شمالی صوبے ہیلونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن میں "سیاحت کا بخار" خاص طور پر نمایاں ہے، جس نے حال ہی میں اپنے برفانی مناظر اور گرم جوش مہمان نوازی کی وجہ سے توجہ حاصل کی ہے۔ ابھی حال ہی میں نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران ،شہر نے تقریباً 3.05 ملین سیاحوں کا استقبال کیا ، جو ایک ریکارڈ بلند ترین سطح ہے ، جس سے سیاحت سے 5.91 بلین یوآن (تقریباً 832 ملین امریکی ڈالر) کی آمدنی ہوئی ہے۔اسی طرح بیجنگ، حو نان اور گوانگ دونگ جیسے صوبائی علاقوں نے صارفی واؤچر تقسیم کرنے، داخلہ فیس کو کم کرنے یا استثنیٰ دینے، اور کھپت کو فروغ دینے کے لئے تھیم پر مبنی تقریبات کے انعقاد سے صارفین کے تجربے کو بہتر بنایا ہے۔ ان تمام کوششوں کا مقصد عوام کی متنوع اور معیار پر مبنی کھپت کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرنا ہے۔ٹریول سیکٹر کے علاوہ، چین کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری نے بھی مضبوط ترقی کا مظاہرہ کیا ہے، اور یہ رجحان اس سال جاری رہنے کی توقع ہے۔
.
گزشتہ سال چینی آٹوموبائل انڈسٹری کی پیداوار اور فروخت کا حجم دونوں تاریخی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے ، جو بالترتیب 30.16 ملین اور 30.09 ملین یونٹس تک پہنچ گیا ہے ، اور سال بہ سال 11.6 فیصد اور 12 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ نئی توانائی کی گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت کی تعداد میں بالترتیب 35.8 فیصد اور 37.9 فیصد اضافہ ہوا۔ایسی دیگر کامیابیاں بھی ہیں جو سال کے اچھے آغاز کی نشاندہی کرتی ہیں۔ ابھی حال ہی میں چین کے خود ساختہ مسافر طیارے سی 919 نے بیجنگ اور شنگھائی جیسے بڑے شہروں کو ملانے والے ایک نئے راستے پر آپریشن کا آغاز کیا اور چین کے پہلے گھریلو ساختہ بڑے کروز جہاز اڈورا میجک سٹی نے اتوار کو اپنا پہلا تجارتی سفر مکمل کیا۔

ایک ہزار میل کا سفر ایک قدم سے شروع ہوتا ہے، یہ کامیابیاں آنے والی کامیابیوں کی بنیاد قائم کرتی ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ چین کی معیشت امید افزا سمت میں گامزن ہے۔ آنے والے چیلنجوں کے باوجود، چین کی معیشت نے ثابت کیا ہے کہ عزم اور اعتماد کسی بھی رکاوٹ پر قابو پا سکتا ہے، اور وہ فعال طور پر 2024 میں ایک اچھا آغاز کر رہا ہے. 2024 کے آغاز کے بعد سے صنعتی خبروں کی حوصلہ افزائی اور متعدد شعبوں میں سخت محنت چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں اعتماد کی تصدیق کرتی ہے.چینی حکام کی جانب سے ٹھوس کوششوں کے ساتھ، لچکدار چینی معیشت اندرون اور بیرون ملک چیلنجوں کا مقابلہ کرنے، متحرک ترقی کے ڈرائیوروں کو فروغ دینے اور نئے سال میں عالمی معیشت کے لئے ایک اہم انجن کے طور پر اپنے کردار کو برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
.
متعدد بین الاقوامی ماہرین نے بھی معاشی ترقی میں چین کی کامیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ معاشی بحالی اور طویل مدتی بہتری کا مجموعی رجحان تبدیل نہیں ہوا ہے۔ان کا ماننا ہے کہ اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کی چین کی کوششیں عالمی معیشت کی بحالی میں مزید استحکام اور رفتار پیدا کریں گی۔ماہرین کے نزدیک ایک پیچیدہ اور چیلنجنگ بین الاقوامی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے ، چین کی میکرو معیشت نے عالمی معاشی بحالی کی کمزور رفتار کے پس منظر میں مسلسل اور مستحکم بحالی درج کی ہے ، اور اس کی اعلیٰ معیار کی ترقی مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1139 Articles with 431321 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More