پہلی بار ایسا اعزاز - نیوزی لینڈ کو چوتھا میچ ہرا کر پاکستان کس نمبر پر آگیا اور پانچواں میچ بھی جیت گیا تو کیا ہوگا؟

image
 
پانچ میچز کی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو مسلسل چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دے کر بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
 
اس سیریز کا پانچواں میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان پوائنٹ ٹیبل پر آسٹریلیا اور انڈیا سے آگے نکل جائے گا۔
 
اس وقت پاکستان، آسٹریلیا اور انڈیا 113 پوائنٹ کے ساتھ ایک قطار میں ہیں مگر پاکستان کو بہتر اوسط حاصل ہونے کی وجہ سے پہلی بار آئی سی سی کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔
 
اب پاکستان کو مزید ایک میچ میں فتح کی صورت میں 115 پوائنٹس کے ساتھ انڈیا اور آسٹریلیا پر مزید سبقت حاصل ہو جائے گی۔ اگر پاکستان نیوزی لینڈ سے آخری ون ڈے میچ ہار جاتا ہے تو پھر اس صورت میں پاکستان 112 پوائنٹ کے ساتھ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر چلا جائے گا۔
 
image
 
میچ کا احوال
چوتھے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 334 رنز بنائے جبکہ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 43.4 اوورز میں صرف 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یوں پاکستان نے یہ میچ 102 رنز سے اپنے نام کیا۔
 
میچ کی خاص بات پاکستان کے کپتان بابراعظم کی 18 ویں سنچری تھی، جنھوں نے 117 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ بابراعظم نے تیز ترین 5000 رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔
 
پاکستان کی طرف سے میچ میں آغا سلمان 58 اور شان مسعود نے 44 رنز بنا سکے جبکہ افتخار احمد نے 28 رنز بنائے۔
 
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے 60 جبکہ مارک چیپمین نے 46 رنز بنائے۔ کیویز کی طرف سے ڈیرل مچل 34 ، ٹام بلینڈل 23، ویل ینگ 15 اور جیمز نیشم 11 رنز بنا سکے۔
 
نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کا رستہ دکھایا جبکہ بین لسٹر اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
 
پاکستان کی طرف سے اسامہ میر نے چار، محمد وسیم نے تین، حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
 
image
 
 
’پہلی پوزیشن ہمیشہ سے ہی ہمارا خواب رہا‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان کی پہلی پوزیشن پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلا نمبر ہمیشہ ہی ان کا خواب رہا ہے۔
 
سپورٹس جرنلسٹ عبدالغفار نے ٹویٹ کی کہ پاکستان نے ون ڈے میچز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ بابر اعظم ایک روزہ میچز کے بہترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔
 
میچ کے بعد جب بابراعظم سے یہ سوال کیا گیا کہ وہ ٹیم کو پہلے نمبر پر لے آئے ہیں تو انھوں نے اس پر کہا کہ یہ خدا کی مہربانی اور ٹیم کی محنت سے ممکن ہو سکا ہے۔
 
 
گراس روٹ کرکٹ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے یہ ٹویٹ کی گئی کہ جب 5 مئی 2015 کو بابراعظم نے قومی ٹیم میں جگہ بنائی تو پاکستان نویں نمبر کی ٹیم تھی جبکہ آج ان کی کپتانی میں یہ ٹیم پہلے نمبر کی ٹیم بن چکی ہے۔
 
 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے بابراعظم کی سنچری کی ویڈیو شئیر کی، جس کی بدولت پاکستان پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
Partner Content: BBC Urdu
YOU MAY ALSO LIKE: