رمضان کا پیغام

روزہ ارکان الدین کا رکن ہے اور رمضان مبارک قمری مہینوں کا نوواں مہینہ ھے.

رمضان المبارک کا مقدس مہینہ امت محمدی رب کی جانب سے ایک خاص تحفہ ہے. اس ماہ مقدس میں ہر نیکی اور عبادت کا اجر ستر گنا کر دیا جاتا ہے.

ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
’’اے ایمان والو! تم پر اسی طرح روزے فرض کیے گئے ہیں جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤo‘‘
(البقرة، 2 : 183)

آیت سے صاف ظاہر ہے کہ مومن پر روزہ فرض عبادت ہونے کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک کا مہینہ اللہ کریم کی جانب اپنے بندوں کے لئے پیغام بھی ہے اگر اس کو عقل و فہم سے سمجھا جائے تو ہم پر صاف واضح ہو جاتا ہے کہ روزے کا بنیادی مقصد انسان کی دینی و اخلاقی لحاظ سے سیرت و کردار کی تعمیر کرنا ہے. روزہ مومن کو نہ صرف عبادات کے ذریعے بارگاہ الہی میں مقبول کرواتا ہے بلکہ انسان کو اپنے نفس اور جنسی و مادی خواہشات پر قابو پانا سکھاتا ہے. طمع و لالچ، فحش گوئی، لڑائی جھگڑے، جوا و قمار بازی جیسی برائیوں سے بچنے کی ترغیب و ہمت دیتا ہے.

یہ کہنا مناسب ہو گا کہ رمضان کا مہینہ مسلمانوں کی روحانی، جسمانی، اخلاقی اور دینی تربیت کروانے آتا ہے.

رمضان کی خاص عنائیت ہے کہ تقریبا ہر بندہ سحری و افطاری اور نماز و تروایح کے اوقات کی پابندی کرتے ہوئے اپنے آپ میں نظم و ضبط پیدا کر لیتا ہے.

ساری نعمتوں کے ہوتے ہوئے بھی کئی گھنٹے تک بھوکا پیاسا رہ کر انسان اپنے رب کے حکم کی تکمیل کرتے ہوئے عاجزی سیکھتا ہے.

اور بھوک اور پیاس کا یہ احساس انسان میں مفلس و نادار افراد کی بھوک اور طلب سمجھنے کا اور انسانیت سے محبت کرنے کا شعور پیدا کرتا ہے.

رمضان المبارک کا ہر پل برکتوں، سعادتوں اور حکمتوں سے بھرپور ہوتا ہے. روزہ مومنو کو پوری طاقت و موجودات ہونے کے باوجود نفسانی خواہشات پر قابو رکھتے ہوئے تقوی و پرہیزگاری جیسی لازوال نعمت سے سرفراز بھی کرتا

اسلئے ہمیں چاہیے کہ ہم رمضان المبارک میں خدا کے حضور عبادات، دعا اور توبہ و استغفار کی کثرت کریں اور ساتھ ساتھ اپنے معاملات اور اخلاق و کردار کو بھی درست کریں تاکہ الله رب العزت ہماری اعمال کو شرف قبولیت بخشے.

رمضان المبارک امت محمدی کے لئے بخشش، نجات اور اللہ کی خوشنودی و قرب کی نوید لیکر آتا ہے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا:

’’جو شخص بحالتِ ایمان ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھتا ہے اس کے سابقہ گناہ بخش دیے جاتے ہیں۔‘‘
بخاری، الصحيح، کتاب الصلاة التراويح، باب فضل ليلة القدر، 2 : 709، رقم : 1910

اللہ کریم سےدعا ہے کہ اللہ ہمیں ماہ صیام کے مقصد و پیغام کو سمجھنے اور نیک اعمال پر کرنے اور انکی ترغیب دینے کی توقیق و ہمت نصیب فرمائے.
آمین ثم آمین
 

Tariq Iqbal Haavi
About the Author: Tariq Iqbal Haavi Read More Articles by Tariq Iqbal Haavi: 3 Articles with 1071 views میں شاعر ہوں ایک عام سا۔۔۔
www.facebook.com/tariq.iqbal.haavi
.. View More