اکثر یتیم خانے میں بھی جاتی ہیں… وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کی اہلیہ کیا کرتی ہیں اور ان کی فیملی میں کون کون ہے؟ کچھ دلچسپ معلومات

image
 
پاکستان میں مہنگائی کا 14 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور اپریل 2022 میں وجود میں آنے والی حکومت میں ماہانہ بنیادوں پر جولائی 2022 میں مہنگائی کی شرح 24 اعشاریہ 9 فیصد رہی جو جولائی 2021 میں مہنگائی کی شرح 8 اعشاریہ 4 فیصد تھی۔ ملک میں ڈالر اور پیٹرول بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے اور ان تمام چیزوں کیلئے قوم ایک ہی شخص کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اس تمام تر صورتحال کیلئے شدید تنقید کی زد میں ہیں، مفتاح اسماعیل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دور میں بھی وزرات خزانہ کی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ آئیے آپ کو ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے کچھ بتاتے ہیں۔
 
ابتدائی زندگی
معروف سیاست دان اور ماہر معاشیات مفتاح اسماعیل 23 جولائی 1965 کو پیدا ہوئے، انہوں نے اپریل 2018 سے مئی 2018 تک مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت میں بھی خدمات انجام دیں اور مشیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور، پاکستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ماہر اقتصادیات کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
 
تعلیم اور کاروبار
مفتاح اسماعیل نے 1985 میں ڈوکیسن یونیورسٹی سے بزنس اسٹڈیز میں ڈگری حاصل کی، اس کے بعد 1990 میں وارٹن اسکول، یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پبلک فنانس اور پولیٹیکل اکانومی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری لی۔1990 کی دہائی کے اوائل میںواشنگٹن ڈی سی میں ایک ماہر معاشیات کے طور پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ کام کیا۔ 1993 میں اپنے خاندانی کاروبار اسماعیل انڈسٹریز لمیٹڈ کے لیے کام کرنے کے لیے پاکستان واپس آئے۔ اس کاروبار میں کنفیکشنری (کینڈیز)، بسکٹ، آلو کے چپس اور پلاسٹک کی تیاری شامل ہے اور اس کی سالانہ آمدنی تقریباً 200 ملین ڈالر ہے۔
 
image
 
سیاسی کیریئر
مفتاح اسماعیل نے 2011 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی اور 2012 سے 2013 تک پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سربراہ اور وائس چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔
 
2013 کے پاکستانی عام انتخابات کے دوران انہوں نے انتخابی حکمت عملی ٹیم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اکتوبر 2013 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بن گئے۔ نومبر 2013 میں وہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہوئے بعد ازاں وزیر اعظم نوازشریف کی کابینہ میں جونیئر رکن کے طور پر شامل کیا گیا۔ ان کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کی بڑے پیمانے پر تنظیم نو کی گئی جس میں علاقائی دفاتر کو ختم کرنا بھی شامل ہے۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ میں اپنے دور میں حکومت پاکستان نے آٹو موبائل سیکٹر کی ایک نئی پالیسی بنائی جس نے آٹو موبائل سیکٹر میں بہت سی نئی سرمایہ کاری کو راغب کیا۔
 
وزارت خزانہ
27 اپریل 2018 کونے شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں وفاقی وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور کے طور پر حلف اٹھایا، جہاں انہوں نے 31 مئی 2018 تک خدمات انجام دیں اور رواں سال عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد وجود میں آنے والی اتحادی حکومت میں انہیں ایک بار پھر وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔
 
image
 
ذاتی زندگی
مفتاح اسماعیل کی اہلیہ ریما اسماعیل نے امریکی یونی ورسٹی سے صحافت میں ایم اے کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ریما نہ صرف مختلف سماجی مسائل کے حوالے سے آواز اٹھاتی رہتی ہیں بلکہ کئی لحاظ سے نت نئی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں۔ مفتاح اسماعیل اور ان کی اہلیہ سماجی خدمات میں بھی پیش پیش رہتے ہیں اور اکثر یتیم خانوں کا دورہ بھی کرتے ہیں جہاں بے سہارا اور یتیم بچوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں اور اس دوران ان کا بیٹا بھی ان کے ہمراہ ہوتا ہے۔ پاکستان کے سیاسی و معاشی حالات پر گہری نظر رکھنے والے مفتاح اسماعیل اس وقت ملکی معیشت کو سنبھالنے کیلئے سرتوڑ کوشش میں مصروف ہیں، امید ہے کہ ان کی کاوشیں جلد رنگ لائیں گی اور پاکستان میں جاری مہنگائی کا طوفان جلد تھم جائیگا۔
 
image
وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کے بیٹے
YOU MAY ALSO LIKE: