موبائل اور منی سکرٹس پر پابندی

نیپال کے قصبے پوکھارا کے حکام نے طلباء میں نظم و ضبط پیدا کرنے کے لیے ان پر سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔

حکام کی جانب سے طلباء پر تین پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ان میں موبائل فون کا استعمال، نہایت چھوٹی سکرٹس پہننا اور موٹر سائیکل کی سواری ممنوع قرار دی گئی ہے۔

ان پابندیوں سے زیادہ تر طلباء تو خوش ہیں سوائے ان کے جو موٹر سائیکل سواری کرتے ہیں اور جو زیادہ فیشن کرنے والے ہیں۔

ان پابندیوں کے بعد سولہ سے اٹھارہ سال کے طلباء کو کلاس میں موبائل لانے کی اجازت نہیں ہو گی اور ان کو موٹر سائیکل پر بھی بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

یہ پابندیاں پوکھارا کے استاد، والدین اور حکام کے درمیان اجلاس کے بعد عائد کی گئی ہیں۔

نیپال کی گارڈیئنز ایسوسی ایشن کے ممبر ہمراج برل کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سواری پر پابندی اس لیے عائد کی گئی ہے تاکہ طلباء کسی حادثے کا شکار نہ ہوں۔

پوکھارا حکام کا کہنا ہے کہ وہ اخلاقی اقدار میں بہتری لانا چاہتے ہیں کیونکہ چند طالبات فیشن کے لیے نہایت چھوٹی سکرٹس پہنتی ہیں۔

اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یا تو اب سے طالبات پتلونیں پہنیں گی یا پھر گھٹنے سے نیچے تک کی سکرٹ۔