صرف ایک زمین

پاپ سنگر مائیکل جیکسن نے سن 1995میں اپنا ایک گانا ”ارتھ سونگ“ ریلیز کیا جس میں مائیکل جیکسن نے ماحولیاتی آلودگی اوردنیا میں ہونے والی جنگوں کے زمین پر اثرات کے بارے میں اس خوبصورت اور دردناک انداز میں گانا گاکر بیان کیا کہ شائقین کے دل میں اتر گیا۔شائد یہ پہلا موقع تھا کہ کسی اتنے بڑے سنگر نے اپنے گانے کے ذریعے زمین کے درد کو بیان کیا تھا یہی وجہ تھی کہ منفرد موضوع پر حامل ارتھ سونگ دنیا بھر میں مقبول ہوگیا اور اس کی لاکھوں کاپیاں دھڑا دھڑا فروخت ہونے لگیں۔ مائیکل جیکسن نے زمینی مسائل پر کئی اور گانے بھی گائے لیکن جو پذیرائی”ارتھ سونگ‘کو ملی وہ کسی اور گانے کو نہیں مل سکی۔آج بھی مائیکل جیکسن کے ارتھ سونگ کو ماحولیاتی آلودگی کے موضوع پر سیمینارز اور تقریبات میں ریفرنس کے طور پرکوڈ کیا جاتا ہے اس کے علاوہ بے شمار بین الاقوامی ویب سائٹس پر ماحولایتی آلودگی سے متعلق تحقیقی مقالے،ریسرچ اور نوٹس میں بھی ارتھ سونگ کا حوالہ دیا جاتا ہے۔

ارتھ سونگ میں مائیکل نے اپنے گانے میں بتایا کہ انسان ترقی کی دوڑ میں زمین کے قدرتی حسن سے محروم ہوتاجارہا ہے، روئے زمین پر پائے جانے والے جنگلات،باغ،درخت،پودے،پہاڑ،دریا، ندی نالے کم ہوتے جارہے ہیں،فیکٹریوں اور گاڑیوں کے دھوئیں نے تازہ فضاء برباد کردی ہے جس کی وجہ سے سانس لینے کے لئے آکسیجن نایاب ہوتی جارہی ہے،جنگوں نے انسانی تباہی کے ساتھ ساتھ قدرتی ماحول کو بھی تباہ کردیا ہے،جن مقامات پرجدید ہتھیاروں سے جنگیں ہوئیں یا جہاں ایٹم بم گرائے گئے ان مقامات پر ابھی تک قدرتی حسن بحال نہیں ہوسکا۔اگر دیکھا جائے تو مائیکل جیکسن کا گانا”ارتھ سونگ“ ایک طرح سے اقوام متحدہ کی جانب سے منائے جانے والے عالمی ماحولیاتی دن کی بہترین انداز میں عکاسی کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کے زیراہتمام سن1974سے ہر سال 5جون کو ماحولیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد زمین پر بسنے والے تمام انسانوں کو یہ آگاہی دینا ہے کہ وہ جس سیارے پر رہ رہے ہیں اس کی حفاظت کرنا اوراس کے قدرتی حسن کو بحال رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔اس اہم مسئلہ کو مزید واضح کرنے کے لئے عالمی ماحولیاتی دن کااس سال کا تھیم گذشتہ برسوں میں رکھے گئے تھیم سے کچھ زیادہ الفاظ پر مشتمل ہے۔اس سال عالمی ماحولیاتی دن کا تھیم ہے”صرف ایک زمین،کائنات میں اربوں کہکشاں ہیں،ہماری کہکشاں میں اربوں سیارے ہیں لیکن زمین صرف ایک ہے،آیئے اس کا خیال رکھیں“
Only one Earth
In the universe are billions of galaxies,
In our galaxy are billions of planets,
But there is
#Only One Earth.Lets take care of it.
اس تھیم کے ذریعے لوگوں کو یہ بتایا گیا ہے کہ کائنات میں اربوں کہکشاں اور سیارے تو ہیں لیکن انسانوں کے پاس زندگی بسر کرنے کے لئے صرف ایک ہی سیارہ ”زمین“ہے اس لئے اگر ہم نے قدرت سے چھیڑچھاڑ کرکے اس کو تباہ کردیا یا ترقی کو جواز بنا کر زمین کو برباد کردیا تو پھر ہماری آنے والی نسلوں کے لئے خدانخوستہ زمین پرزندہ رہنے کے آثارممکن نہ رہیں گے۔ہماری اپنی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے زمین کا اصل حسن اوراس کی اصل طاقت ختم ہوتی جارہی ہے۔ایک طرف انسانوں کے زندہ رہنے کے لئے سب سے اہم جزو”آکسیجن“کی فراہمی کے ذرائع جنگلات،درخت،پودے کم ہوتے جارہے ہیں تو دوسری جانب فیکٹریوں،گاڑیوں اوربھٹوں کے دھوئیں اورفصلوں کی باقیات جلاکر فضاء میں باقی رہ جانے والی آکسیجن کو بھی ختم کیا جارہاہے۔ماہرین ارضیات کئی مرتبہ انکشاف کرچکے ہیں کہ قدرت سے چھیڑ چھاڑاوراس کی مناسب حفاظت نہ کرنے کے نتیجہ میں گلوبل وارمنگ سمیت دیگر خطرناک مسائل جنم لے چکے ہیں اس کے علاوہ زیر زمین پینے کے پانی کا لیول کم ہوتا جارہا ہے،فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی ہورہی ہے، آبی و جنگلی حیات ناپید ہورہی ہیں،پہاڑ سرکتے جارہے ہیں،بارشوں اور موسم میں تبدیلیاں آرہی ہیں،انسانوں اور دیگر جانداروں کی اموات میں بھی مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے۔انسان خود کو زندہ رکھنے کے چکر میں خود ہی موت کا سامان خرید رہا ہے۔جانداروں کے زندہ رہنے کے لئے واحد سیارے زمین کو بچانے کے لئے ہر فرد کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ قدرتی ماحول پر پیدا ہونے والی منفی اور ناخوشگوار تبدیلیوں کے خاتمہ کے لئے مثبت کردار ادا کریں گے۔

Dr Jamshed Nazar
About the Author: Dr Jamshed Nazar Read More Articles by Dr Jamshed Nazar: 48 Articles with 23130 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.