سیرت عشرہ مبشرہ رضی اللہ تعالی (4)


علی بن ابی طالب رضی اللہ کا نام عربی
خطاطی میں
ابو الحسن، ابو تراب، حیدر و حیدرہ،
اسد الله، المرتضی، باب مدینة العلم
اور عام طور پر عرب میں: سیِّدُنا علی، اور عرب و عجم میں امام علی، ہند و پاک میں مولا علی، اضافی دعا‏ئیہ الفاظ
(كرَّم الله وجہہ) اور (رضی الله عنہ)
ولادت 13 رجب 23 ق ھ بمطابق 17 مارچ 599ء مکہ مکرمہ
وفات 21 رمضان 40ھ، بمطابق 27 جنوری ء(ایک کتابچے کے مطابق مزار شریف، افغانستان (مُحتمل)لیکن اختلاف ہے اس میں)
نسب *
والد:
ابو طالب بن عبد المطلب
والدہ:
فاطمہ بنت اسد
بھائی:
طالب بن ابی طالب
عقیل بن ابی طالب
جعفر بن ابی طالب
ازواج:
فاطمہ الزہراء رضی اللہ (ام البنین)
خولہ بنت جعفر حنفیہ رضی اللہ
امامہ بنت ابی عاص بن ربیع رضی اللہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ
محیاہ بنت امرئ القیس رضی اللہ
لیلى بنت مسعود رضی اللہ
ام حبیبہ بنت ربیعہ تغلبیہ رضی اللہ
ام سعید بنت عروہ ثقفیہ رضی اللہ
بیٹے!
حسن رضی اللہ ,حسین رضی اللہ ,
محسن رضی اللہ ,عباس رضی اللہ
ہلال رضی اللہ ,عبد اللہ رضی اللہ ,جعفر رضی اللہ ,عثمان رضی اللہ ,عبید اللہ رضی اللہ ,ابوبکر رضی اللہ ,محمد بن حنفیہ رضی اللہ ,عمر رضی اللہ
محمد بن ابی بكر رضی اللہ
بیٹیاں!
زینب رضی اللہ ,ام کلثوم رضی اللہ ,
رقیہ رضی اللہ

علی بن ابی طالب (599ء –661ء) رجب کی تیرہ تاریخ کو شہر مکہ میں خانہ کعبہ میں پیدا ہوئے۔ آپ رضی اللہ کے والد کا نام ابوطالب اور والدہ کا نام فاطمہ بنت اسد ہے۔ آپ رضی اللہ کی پیدائش خانہ کعبہ کے اندر 13 رجب بروز جمعہ 30 عام الفیل کو ہوئی۔
آپ رضی اللہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے چچا زاد بھائی ہیں بچپن میں پیغمبر اسلام سرور کائنات صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے گھر آئے اور وہیں پرورش پائی۔
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زیر نگرانی آپ رضی اللہ کی تربیت ہوئی ۔ حضرت علی رضی اللہ پہلے بچے تھے جنہوں نے اسلام قبول کیا۔ آپ رضی اللہ کی عمر اس وقت تقریباً دس یا گیارہ سال تھی۔
اصحابہ کرام رضوان اللہ عنہم کو عمومی طور پر اور خلفائے راشدین رضوان اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین کو خصوصی طور پر ، امت میں جو مقام و مرتبہ حاصل ہے ،
اس کے بارے میں صرف اتنا کہہ دینا کافی ہے کہ
انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد یہ مقدس ترین جماعت تھی جس نے خاتم الانبیاء محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کی تصدیق کی ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت پر لبیک کہا ، اپنی جان و مال سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دفاع کیا ، راہِ حق میں بے مثال قربانیاں دیں ، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ ء حسنہ کی بے چوں و چراں پیروی کی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رحلت کے بعد اپنے عقیدہ و عمل کے ذریعے اس آخری دین اور اس کی تعلیمات کی حفاظت کی۔

صحیح احادیث میں خلفائے راشدین رضوان اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین کے جو فضائل بیان ہوئے ہیں ، وہ ہمارے لیے کافی ہیں ,اس لیے کہ جہاں ہم ان کے ذریعے ان رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین کے حقیقی مقام و مرتبہ کو جان سکتے ہیں وہیں ان کی عقیدت میں غلو کے فساد سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔

خلفائے راشدین رضوان اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین میں سب سے برتر فضیلت حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو حاصل ہے ،اس کے بعد حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ،پھر حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اور پھر حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ۔
حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
'' بے شک میرے اوپر لوگوں میں اپنی رفاقت اور مال میں سب سے زیادہ احسان ابو بکر کا ہےاور اگر میں اپنے رب کے سوا کسی اور کو دوست بناتا تو ابو بکر کو بناتا ، لیکن ان کے ساتھ اسلامی اخوت و محبت کا تعلق ہے,مسجد میں ہر دروازہ بند کر دیا جائے سوائے ابو بکر کے دروازے کے۔ ''(صحیح بخاری ، کتاب المناقب۔ حدیث : 3654 )
حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
'' تم سے سابقہ قوموں میں صاحبِ الہام یا صحیح گمان رکھنے والے لوگ ہوا کرتے تھے، پس اگر میری امت میں ان میں سے کوئی ہے تو وہ عمر ہیں۔ ''(صحیح بخاری ، کتاب المناقب ۔ حدیث : 3689 )
'' بے شک ، اللہ نے " حق" کو عمر کی زبان اور دل پر ثبت کر دیا ہے۔ ''
( جامع ترمذی ۔ حدیث : 3682 )
حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ
کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا!
حضرت مرہ بن کعب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ ﷺ نے فتنوں کا بیان کیا،اُس وقت ایک شخص کپڑا اوڑھے ہوئے گزرا ، آپ ﷺ نے فرمایا : ’’یہ شخص اُس دن(یعنی فتنوں کے دورمیں) ہدایت پر ہوگا ‘‘،میں نے جاکر دیکھا تو وہ شخص حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ تھے، (ترمذی ) ‘'
حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ایک فضیلت ایسی تھی جو ان کی شناخت اور پہچان بن گئی تھی۔ وہ فضیلت '' حیا و شرم '' کی صفت تھی۔

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما نے ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا :
'' جب ابوبکر رضی اللہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے کوئی خاص اہتمام نہیں فرمایا۔
پھر جب عمر رضی اللہ آئے تو اس وقت بھی آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے کوئی اہمیت نہیں دی لیکن جب عثمان رضی اللہ آئے تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اٹھ کر بیٹھ گئے اور اپنے کپڑے درست کر لیے تھے''
اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا :
'' کیا میں ایسے آدمی سے شرم نہ کروں جس سے فرشتے بھی شرماتے ہیں ۔ ''
( صحیح مسلم ۔ حدیث : 6209 )
حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے فضائل و مناقب میں جو صحیح احادیث مروی ہیں ، ان کی روشنی میں اگر حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیرت مرتب کی جائے تو ایک ضخیم کتاب تیار ہو سکتی ہے۔
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے محبت ایمان کی علامت اور ان سے کسی بھی درجے میں بغض و نفرت ، نفاق کی علامت ہے۔
جو لوگ ایک خاص طبقے کی مخالفت کی آڑ میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مقام و مرتبہ کو گھٹانے کی کوشش کرتے ہیں ، ان کو درج ذیل ارشادِ نبوی کے آئینہ میں اپنا خراب چہرہ دیکھ لینا چاہئے :
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا :
'' مجھ سے نبی اُمی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ وعدہ ہے کہ مجھ سے صرف مومن محبت رکھے گا اور صرف منافق مجھ سے بغض رکھے۔ ''
(صحیح مسلم ۔ حدیث : 240 )

نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عیب جوئی سے منع فرمایا ہے۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس بات کو سخت ناپسند فرماتے تھے کہ لوگ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر تنقید کریں اور ان کی ذات میں کیڑے نکالیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
'' ... علی میں عیب نہ نکالو ۔ بے شک ، علی مجھ سے ہے اور میں اس سے ہوں۔ اور میرے بعد وہ ہر مومن کا دوست اور خیرخواہ ہے۔ ''
( ترمذی ، كتاب المناقب عن رسول الله صلى الله عليه وسلم ، باب : مناقب علی بن ابی طالب رضى الله عنه ،
حدیث : 4077 )( سنن نسائی ، مسند احمد ، المستدرک الحاکم )

حضرت زید بن ارقم رضی اللہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
'' میں جس کا مولیٰ ہوں ، علی اس کا مولیٰ ہے۔ اے اللہ ! تو اس کو دوست بنا جو اس سے محبت کرے اور اس سے دشمنی کر جو اس سے عداوت رکھے ۔ ''
( ترمذی ، كتاب المناقب عن رسول الله صلى الله عليه وسلم ، باب : مناقب علی بن ابی طالب رضى الله عنه ،
حدیث : 4078 )۔

سیرت حضرت علی رضی اللہ تعالی کے چند درخشاں پہلو کے نام سے ایک کالم روز نامہ نواۓ وقت میں شائع ہو چکا ہے
جو تحریر تھی چوہدری محمد اسلم سلیمی صاحب کی سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور
مشہور محقق ڈاکٹر حمیداللہ نے ادارہ تحقیقات اسلامی اسلام آباد کے سہ ماہی مجلہ ”فکر و نظر“ بابت ماہ جولائی ۔ستمبر 1985 ءمیں شائع شدہ اپنے مضمون میں تحریر کیاتھا کہ :
”تاریخ اسلام کے کسی شخص کی سوانح عمری لکھنا اتنا دشوار نہیں جتنا حضرت علیؓ کی ۔ کیونکہ اس میں تعلق بدقسمتی سے عقائد سے ہوگیا ہے اور آج ساڑھے تیرہ سو سال بعد بھی دامن سمیٹ کر کوئی ایسی چیز لکھنا آسان نہیں جسے سب قبول کرسکیں ۔“
خودحضرت علیؓ نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ میرے بارے میں دو طرح کے گروہ پیدا ہوجائیں گے اور صحیح لوگ ان میں درمیانے درجہ میں ہوں گے۔ ان باتوں کے پیش نظر جادہ اعتدال پر چلتے ہوئے حضرت علیؓ کی سیرت کے چند درخشاں پہلو قارئین کی خدمت میں پیش ہیں تاکہ ہم سب ان سے رہنمائی حاصل کریں اور اس علم و حکمت سے فیضیاب ہوجائیں جس کا وافرحصہ حق تعالیٰ نے حضرت علیؓ کو عطا فرمایاتھا۔
نسب وخاندان:
حضرت علی کرم اللہ وجہہ بنی ہاشم کے چشم و چراغ تھے ۔ یہ خاندان حرم کعبہ کی خدمات ، سقایہ زمزم کے انتظامات کی نگرانی اور حجاج کرام کے ساتھ تعاون و امداد کے لحاظ میں مکہ کا ممتاز خاندان تھا ۔ علاوہ ازیں بنی ہاشم کو سب سے بڑا شرف اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سے نصیب ہوا وہ نبی آخرالزمان ، سرور عالم دو جہان کی بعثت ہے جو دوسرے تمام اعزازات سے بلند تر ہے ۔
حضرت علیؓ کے والد ابو طالب اور والدہ فاطمہ دونوں ہاشمی تھے۔ اس طرح حضرت علی نجیب الطرفین ہاشمی پیدا ہوئے ۔فاطمہ ؓمشرف بہ اسلام ہوئیں اور ہجرت مدینہ کا شرف بھی حاصل کیا ۔ انہوں نے مدینہ منورہ میں وفات پائی ۔ حضورنبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے خود ان کے کفن دفن کے انتظامات فرمائے تھے اور اپنا قمیص مبارک ان کے کفن میں شامل فرمایا اور قبر کے تیار ہونے پر پہلے خود اس میں داخل ہوئے اور اسے متبرک فرمایا ۔ حضور نبی پاک نے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت فرمائی اور یہ بھی فرمایا کہ ابوطالب کے بعد میری نگہداشت اور ضروریات پورا کرنے میں ان کی بہت بڑی خدمات ہیں اور میں نے ان کے حق میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ ان پر قبر کے شدائد آسان ہوں ً۔
ولادت اور تربیت :
بعض اقوال کے مطابق حضرت علیؓ کی ولادت مکہ شریف میں عام الفیل کے سات سال بعد ہوئی ۔
بعض سیرت نگار لکھتے ہیں کہ نبی اکرم کی ولادت کے تیس سال بعد حضرت علی ؓ پیدا ہوئے ۔ حضورنبی اکرم نے حضرت علیؓ کو اپنی کفالت میں لے لیا تھا ۔ اس طرح حضرت علی ؓکو رسول اکرم کی آغوش محبت میں تعلیم و تربیت نصیب ہوئی ۔ اس بنا ءپرحضرت علی ؓ ابتدائی طور پر امورخیر کی طرف راغب اور بت پرستی جیسی جاہلانہ رسوم سے مجتنب رہتے تھے۔
قبول اسلام :
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی طرف سے مبعوث ہونے کے بعد اسلام کی طرف دعوت دینے کا آغاز اپنے اہل خانہ سے فرمایا۔
حضرت خدیجة الکبریٰؓ نے سب سے پہلے اس دعوت کو قبول کرلیا اور پہلی مسلمان خاتون ہونے کا شرف حاصل کیا۔ حضورنبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حلقہ ءاحباب میں سب سے پہلے حضرت ابوبکر صدیقؓ نے دعوت حق قبول کرلی اور سب سے پہلے مسلمان بالغ مرد ہونے کا شرف حاصل کرلیا۔ اسی طرح نوخیز لڑکوں میں سب سے پہلے نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے گھر میں تربیت پانے واے حضرت علی ؓ مشرف بہ اسلام ہوئے اور غلاموں میں سب سے پہلے حضورنبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے خادم حضرت زید ؓبن حارثہ نے مسلمان ہونے کی سعادت حاصل کی ۔
اعزہ واقرباکی دعوت :
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنے تمام قریبی رشتہ داروں کو اپنے گھر میں جمع کرکے دعوت اسلام پیش کی تو موجود مرد اور خواتین سب خاموش رہے ۔ حضرت علیؓ ان میں سب سے کم عمر تھے ۔ انہوں نے اٹھ کر کہا کہ ”گو میں عمر میں سب سے چھوٹا ہوں اور مجھے آشوب چشم کا عارضہ ہے اور میری ٹانگیں دبلی پتلی ہیں تاہم میں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ساتھی اور دست و بازو بنوں گا۔ “حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ”بیٹھ جاﺅ ‘ تو میرا بھائی اورمیرا وارث ہے۔“
حضرت علی ؓکی جاں نثاری کا واقعہ :
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کے وقت حضرت علیؓ کی عمر تیئیس سال تھی ۔ سرور کائنات صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مشرکین مکہ کے محاصرے اور ان کے برے ارادوں کی اطلاع پا کر حضرت علی مرتضیؓ کو اپنے بستر پر استراحت کرنے کا حکم دیا اور مکہ کے لوگوں کی امانتیں جو حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پاس رکھی گئی تھیں ،ان کے مالکوں کے سپرد کردینے کی ہدایت فرمائی,
اس شدید خطرے کی حالت میں حضرت علیؓ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے بستر پر سکون و اطمینان کے ساتھ محو خواب ہو گئے ۔ مشرکین مکہ یہ سمجھتے رہے کہ حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہی اپنے بستر پر موجود ہیں ۔ وہ علی الصبح اپنے ناپاک ارادہ کی تکمیل کے لئے اندر آئے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی جگہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ایک جاں نثار اپنے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر قربان ہونے کے لئے موجود ہے ۔ درآں حالیکہ حضور نبی کریم ،حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو ساتھ لے کر رات کے وقت ہی مدینہ منورہ جانے کے لئے نکل چکے تھے ۔ مشرکین اپنی اس غفلت کی بنا پر ایک دوسرے پر برہم ہوتے رہے اور حضرت علی ؓ کو چھوڑ کر اپنے اصل مقصود کی تلاش میں روانہ ہوگئے ۔
حضرت علیؓ نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مکہ سے تشریف لے جانے کے بعد دو یا تین دن مکہ میں رہے اور حضورنبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ہدایت کے مطابق لوگوں کی امانتیں ان کے سپرد کرکے اور لین دین کے معاملات سے فراغت حاصل کرکے تیسرے یا چوتھے دن عازم مدینہ منورہ ہوئے ۔
غزوات میں شجاعت کے کارہائے نمایاں :

۰۲ھ میں غزوہ بدر میں تین سو تیرہ جاں نثار صحابہؓ میں حضرت علی ؓ نمایاں تھے نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سیاہ رنگ کے دو جھنڈوں میں سے ایک حضرت علی ؓ کے ہاتھ میں تھا۔ بدر کے میدان میں پہنچتے ہی حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے دشمن کی نقل و حرکت کا پتہ چلانے کے لئے حضرت علیؓ کو چند منتخب جاں بازوں کے ساتھ بھیجا ۔ انہوں نے نہایت خوبی کے ساتھ یہ خدمت انجام دی اور مجاہدین اسلام نے مشرکین سے پہلے پہنچ کر بدر کے اہم مقامات پر قبضہ کرلیا ۔
سترھویں رمضان کو جنگ کی ابتدا میں قاعدہ کے مطابق پہلے تنہا مقابلہ شروع ہوا تو مشرکین مکہ کی طرف سے تین بہادر جنگجو نکلے اور مسلمانوں سے مبارز طلب ہوئے۔ تین انصاری مسلمانوں نے ان کی دعوت پر لبیک کہا اور آگے بڑھے تو مشرکین کے بہادر جنگجوﺅں نے ان کا نام و نسب پوچھا ۔ جب یہ معلوم ہوا کہ وہ یثرب کے نوجوان ہیں تو ان کے ساتھ لڑنے سے مشرکین نے انکار کردیا اور حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو پکار کر کہا کہ ہمارے مقابلے میں ہمارے ہمسر قبیلہ قریش کے آدمی بھیجو۔ اس پر حضورنبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنے خاندان کے تین قریبی عزیزوں حضرت حمزہ ؓ،حضرت علیؓ اور حضرت عبیدہ ؓ بن حارث کو میدان میں بھیجا ۔ حضرت علی ؓ نے اپنے حریف ولید کو ایک ہی وار میں تہہ تیغ کردیا ۔
اس کے بعد جھپٹ کر حضرت عبیدہ ؓ کی مدد کی اور ان کے حریف کو بھی قتل کردیا ۔ اس کے بعد عام جنگ شروع ہوئی تو حضرت علیؓ نے اپنی شجاعت کے جوہر دکھائے اور بہت سے کفار کو جہنم واصل کیا ۔

۰۳ھ میں غزوہ احد میں حضرت علی ؓ نے حضرت مصعب بن عمیرؓ کی شہادت کے بعد آگے بڑھ کر علم سنبھالا اور بے جگری کے ساتھ داد شجاعت دی۔ اس غزوہ میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم زخمی ہوگئے تھے ۔ حضرت علی ؓ چند صحابہ کرامؓ کے ساتھ حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو پہاڑ پر لے گئے اور اپنی ڈھال میں پانی بھر کر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے زخموں پر گرایا تاکہ خون بند ہوجائے ۔

۰۴ھ میں غزوہ بنی نضیر میں بھی علم حضرت علیؓ کے ہاتھ میں تھا اور وہ پیش پیش تھے۔بنو نضیر کو ان کی بدعہدی کے باعث جلاوطن کر دیا گیا تھا۔
4 ۔
۰۵ھ میں غزوہ خندق میں کبھی کبھار کفار مکہ کے گھڑ سوار خندق میں گھس کر حملہ کرتے تھے۔ایک دفعہ گھڑ سواروں نے حملہ کیا تو حضرت علیؓ نے چند جاں بازوں کے ساتھ آگے بڑھ کر انہیں روکا اور گھڑ سواروں کے سردار عمرو کو قتل کر دیا ۔ اس کے قتل ہونے کے بعد باقی سواربھاگ کھڑے ہوئے۔
5 ۔غزوہ خندق کے بعد بنو قریظہ کی سرکوبی کی مہم میں بھی علم نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم حضرت علی ؓ کے ہاتھ میں تھا اور انہوں نے بنو قریظہ کے قلعہ پر قبضہ کر لیا۔
6 ۔
۰۶ھ میں بنو سعد کی سرکوبی کے لیے حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علیؓ کو ایک سو مجاہدین کی جمعیت کے ساتھ مامور فرمایا۔انہوں نے حملہ کرکے بنو سعد کو منتشر کر دیا اور یہود خیبر کی اعانت کرنے سے انہیں روک دیا۔ بنو سعد کے پانچ سو اونٹ اور دو ہزار بکریاں مال غنیمت میں لے آئے۔
7 ۔
۰۷ھ میں فتح خیبر کا شرف بھی حضرت علی ؓ کو حاصل ہوا۔ اس معرکہ میں بھی حضور نبی کریم نے اپنا علم حضرت علی ؓ کو دیا تھا اور علم دینے سے ایک دن پہلے فرمایا تھا کہ ”کل ایک ایسے بہاد ر کو علم دوں گا جو خدا اور رسول کا محبوب ہے اور خیبر کی فتح اسی کے ہاتھ میں مقدرہے۔ اس معرکہ میں حضرت علی ؓ نے خیبر کے یہودیوں کے سردار مرحب کو ایک ہی وار میں ڈھیر کر دیا تھا اور حیرت انگیز شجاعت کے ساتھ خیبر کے مضبوط قلعہ کو فتح کر لیا۔
8 ۔
۰۸ھ میں فتح مکہ کے موقع پر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی ؓ کو حکم دیا کہ وہ حضرت سعد بن عبادہ ؓ سے علم لے کر مکہ معظمہ میں داخل ہو جائیں ۔ چنانچہ وہ مکہ میں داخل ہو گئے اور مکہ معظمہ بغیر کسی خونریزی کے فتح ہو گیا۔ کعبہ کو بتوں سے پاک کرتے ہوئے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی ؓ کو اپنے کندھے پر چڑھا کر سب سے بڑے بت کو گرانے کا حکم دیا ۔ انہوں نے سلاخ سے اکھاڑ کر اس بت کو پاش پاش کر ڈالااور خانہ کعبہ کی تطہیر کا کام مکمل ہوگیا۔
9 ۔
فتح مکہ کے بعد غزوہ حنین کے عظیم الشان معرکہ میں بارہ ہزار مجاہدین اسلام میں سے جو حضرات ثابت قدم رہے تھے ان میں سے ایک حضرت علی ؓ بھی تھے۔ آپ رضی اللہ نے غیر معمولی شجاعت سے لڑائی کو شکست سے فتح میں تبدیل کر دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ بالآخراللہ تعالی کی نصرت شامل حال ہو گئی اور دشمن کو شکست ہو گئی۔
10 ۔
۰۹ھ میں تبوک کی مہم کے موقع پر حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی ؓ کو اہل بیت کی حفاظت کے لیے مدینہ منورہ میں رہنے کا حکم دیا تو شیر خدا کوجہاد سے محرومی کا غم لاحق ہو گیا۔ حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ان کا غم دور کرنے کے لیے ارشاد فرمایا : ً علی ؓ ! کیا تم اسے پسند کرو گے کہ میرے نزدیک تمہارا وہ رتبہ ہو جو ہارون علیہ السلام کا موسی علیہ السلام کے نزدیک تھاً۔
11 ۔
غزوہ تبوک سے واپسی کے بعد اسی سال حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو امیر حج بنا کر روانہ فرمایا تھا۔ اس کے بعد آنحضور پر مدینہ منورہ میں سورة توبہ نازل ہوئی تو حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی ؓ کو حکم دیا کہ وہ حج کے اجتماع عام میں جا کر اس سورة کو سنائیں اور یہ اعلان کر دیں کہ اس سال کے بعد کوئی مشرک حج کے لیے نہیں آ سکتا اور کوئی شخص کعبہ کا طواف برہنہ ہو کر نہ کرے۔
12 ۔
رمضان ۱۰ھ میں حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی ؓ کو یمن جا کر تبلیغ اسلام کا حکم دیا۔ اس موقع پر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی ؓ کے حق میں یہ دعا فرمائی کہ ً اے خدا اس کی زبان کو راست گو بنا اور اس کے دل کو ہدایت کے نور سے منور کر دے ً۔ اس دعا کے بعد حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی ؓ کو اپنا سیاہ علم دے کر یمن کی طرف روانہ فرمایا۔ یمن میں حضرت علی ؓ کی تعلیم و تلقین سے یمن کا اہم قبیلہ ہمدان مسلمان ہو گیا۔حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حجة الوداع میں حضرت علیؓ نے یمن سے آکر شرکت کی تھی۔
علم و فضل کے کمالات :
حضرت علیؓ کو بچپن ہی سے حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے تعلیم و تربیت کا جو موقع ملا تھا اس کا سلسلہ ہمیشہ قائم رہا۔اکثر سفر میں بھی آنحضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی رفاقت کا شرف حاصل ہوتا رہتا تھا۔اس لئے سفر سے متعلق شرعی احکام سے واقفیت حاصل ہوجاتی تھی۔ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے موزوں پر مسح کے متعلق سوال کیاگیا تو انہو ں نے حضرت علیؓ سے پوچھنے کے لئے کہا اور اس کی وجہ سے یہ بیان کی کہ وہ حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ساتھ سفر کرتے تھے۔
شاہ ولی اللہ ؒ نے اپنی کتاب
”ازالة الخفائ“میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ساتھ حضرت علیؓ کے تقرب اور تربیت کو ان کے فضائل کی اصلی بنیاد قرار دیا ہے۔
حضرت شاہ ولی اللہ نے لکھا ہے:۔
”حضرت علیؓ کے تقرب و اختصاص کی بناءپر خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپؓ کو قرآن مجید کی تعلیم دیتے تھے ۔ بعض موقعوں پر قرآن مجید کی آیتوں کی تفسیر بھی فرماتے تھے ۔
چند مخصوص احادیث بھی قلمبند کرلی تھیں ۔ غرض حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے ابتداہی سے علم وفضل کے گہوارہ میں تربیت پائی تھی ۔ اس لئے صحابہ کرام ؓمیں آپ (حضرت علیؓ)غیر معمولی تجربہ اور فضل و کمال کے مالک ہوئے۔“
حضرت علیؓ نے بچپن ہی میں لکھنے پڑھنے کی تعلیم حاصل کرلی تھی ۔ چنانچہ اسلام لانے کے وقت اگرچہ آپؓکی عمر بہت کم تھی ، تاہم آپ رضی اللہ لکھنا پڑھنا جانتے تھے۔اسی لئے ابتداءہی سے بعض دوسرے صحابہ ؓ کی طرح حضرت علی ؓ بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحریری امور انجام دیتے تھے۔ چنانچہ کاتبان وحی میں حضرت علی ؓ کا نام بھی شامل ہے ۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی طرف سے بعض مکاتیب و فرامین حضرت علیؓ کے دست مبارک سے لکھے ہوئے تھے۔
حدیبیہ کا صلح نامہ بھی حضرت علیؓ نے لکھا تھا ۔ صلح نامہ کے شروع میں انہوں نے لکھا کہ یہ صلح نامہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مکہ کے قریش کے درمیان طے پایا ہے ۔ اس پر قریش مکہ کے نمائندے نے اعتراض کیا کہ ہم تو محمد کو اللہ کا رسول نہیں مانتے تو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت علی ؓ سے فرمایا کہ آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے الفاظ کاٹ دیں ۔
حضرت علیؓ نے فرمایا کہ ان الفاظ کو میں تو اپنے ہاتھ سے نہیں مٹاسکتا(کیونکہ یہ حقیقت پر مبنی ہیں)اس پر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود اپنے دست مبارک سے ان الفاظ کو کاٹ دیا ۔
تفسیر اور علوم القرآن:
اسلام کے علوم و معارف کا اصل سرچشمہ قرآن پاک ہے۔ حضر ت علی ؓ اس سرچشمہ سے پوری طرح سیراب ہوئے تھے۔ انہوں نے حضورنبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زندگی میں نہ صرف پورا قرآن زبانی یاد کرلیاتھا بلکہ اس کی ایک ایک آیت کے معنی اور شان نزول سے بھی واقف تھے۔ حضرت علیؓ کا شمار مفسرین قرآن کے اعلیٰ طبقہ میں ہوتا ہے اور صحابہ کرامؓ میں حضرت ابن عباس ؓ کے سوا اس کمال میں حضرت علیؓ کا کوئی شریک نہیں ۔علم ناسخ و منسوخ میں بھی آپؓ کو کمال حاصل تھا۔
قرآن پاک سے اجتہاد اور مسائل کے استنباط میں آپؓکو یدطولیٰ حاصل تھا۔ چنانچہ تحکیم کے مسئلہ میں خوارج نے اعتراض کیا کہ فیصلہ کا حق خدا کے سوا کسی کو حاصل نہیں تو حضرت علیؓ نے فرمایا کہ” اللہ تعالیٰ نے میاں بیوی کے درمیان اختلاف کی صورت میں دونوں کے خاندانوں میں سے حکم بنانے کی اجازت دی ہے تو امت محمدیہ میں اختلاف ہوجانے پر حکم بنانا کس طرح ناجائز ہوسکتا ہے؟
کیا امت محمدیہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیثیت ایک مرد اور ایک عورت سے بھی خدا کی نگاہ میں کم ہے ؟“
قرآن پر عمل کا شوق:
قرآن کے علم کے ساتھ حضرت علیؓ قرآن پر عمل میں بھی دوسروں پر سبقت لے جانے والے تھے۔ سورہ المجادلہ کی آیت نمبر۱۲میں اللہ تعالیٰ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے تخلیہ میں بات کرنے سے پہلے صدقہ دینے کا حکم دیا تو حضرت علیؓ نے فوراً اس آیت پر عمل کیا ۔ مولانا مودودیؒ نے تفہیم القرآن جلد پنجم میں اس آیت کی تشریح میں ابن جریر کی یہ روایت نقل کی ہے کہ ”حضرت علی ؓفرماتے ہیں کہ قرآن کی یہ ایک ایسی آیت ہے جس پر میرے سوا کسی نے عمل نہیں کیا۔ اس حکم کے آتے ہی میں نے صدقہ پیش کیا اورایک مسئلہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے پوچھ لیا ۔“یہ حکم صرف ایک دن یا دوسری روایت کے مطا بق دس دن تک باقی رہا ۔ آیت نمبر۱۳میں یہ حکم منسوخ ہوگیا ۔اور صدقہ دینا ضروری نہ رہا۔
علم حدیث :
حضرت علی ؓ نے بچپن سے لے کر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی وفات تک پورے تیس سال حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خدمت اور رفاقت میں بسر کئے تھے او ر سفر و حضر میں حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ساتھ رہے ۔نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی وفات کے بعد تقریباً تیس سال تک حضرت علیؓ مسند ارشاد پر فائز رہے ۔ پہلے تین خلفائے راشدینؓ کے عہد میں دعوت و ارشاد اور قضاءکی خدمت حضرت علی ؓ کے سپرد رہی اور اپنے زمانہ ءخلافت میں بھی حضرت علیؓ کا فیض جاری رہا ۔ حضرت علیؓ کی روایت حدیث کی تعداد 586ہے ۔
حضرت علی ؓنے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے علاوہ اپنے رفقائے محترم اور ہم عصروں میں حضرت ابوبکرصدیقؓ،حضر ت عمر فاروقؓ،حضرت مقداد بن الاسودؓاوراپنی زوجہ محترمہ حضرت فاطمہ ؓسے بھی روائتیں کی ہیں ۔
حضرت علیؓ سے آپ رضی اللہ کی اولاد حضرت امام حسن ؓ،امام حسینؓ ، محمد بن حنفیہؓ کے علاوہ بہت سے صحابہ کرام ؓمثلاً حضرت عبداللہ بن مسعودؓ،حضرت ابوہریرہؓ، ابوسعیدخدریؓ،زید بن ارقمؓ،صہیبؓ رومی ، ابن عباسؓ،ابن عمرؓاور دوسرے بہت سے صحابہ کرام کے علاوہ بہت سے تابعین عظام نے حدیث کے علم کا فیض پایا ہے۔
فقہ و اجتہاد:
حضرت علیؓ کو فقہ و اجتہاد میں بھی کامل دستگاہ حاصل تھی۔ بڑے بڑے صحابہ کرامؓ ،یہاں تک کہ حضرت عمرؓ اور حضرت عائشہ صدیقہ ؓکو بھی حضرت علیؓ کے فضل و کمال کا ممنون ہونا پڑتاتھا۔ فقہ و اجتہاد کے لئے کتاب و سنت کے علم کے ساتھ سرعت فہم ، دقیقہ سنجی اور غیر معمولی ذہانت کی بڑی ضرورت ہوتی ہے۔ حضرت علیؓ کو یہ سب کمالات اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کئے گئے تھے ۔ مشکل سے مشکل اور پیچیدہ مسائل کی تہہ تک آپؓ کی نکتہ رس نگاہ آسانی سے پہنچ جاتی تھی ۔
منصب قضاءاورعدالتی فیصلے:
قرآن وسنت او رفقہ واجتہاد میں گہری بصیرت کی بناءپر حضرت علی ؓ منصب قضاءکے لئے بہت زیادہ موزوں تھے۔ حضرت عمرؓفرمایا کرتے تھے کہ ”ہم میں سے مقدمات کے فیصلے کے لئے سب سے موزوں حضرت علیؓ ہیں۔“حضرت عبداللہ بن مسعودؓنے فرمایا :”ہم (صحابہ ؓ)کہا کرتے تھے کہ مدینہ والوں میں سب سے زیادہ صحیح فیصلہ کرنے والے حضرت علیؓ ہیں۔
حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے یمن کے قاضی کے طورپر حضرت علی ؓ کو مقرر فرمایا تھا ۔ ان کے حق میں دعا بھی کی اور قضاءکے بنیادی اصول کی تعلیم بھی دی ۔
حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انہیں فرمایاتھا:
”علی!جب تم دو آدمیوں کا جھگڑا چکانے لگو تو صرف ایک آدمی کا بیان سن کر فیصلہ نہ کرو۔ اس وقت تک اپنے فیصلے کو روکو جب تک دوسرے کا بیان بھی نہ سن لو۔“
خلیفہ دوم حضرت عمرفاروق ؓ نے بھی حضرت علی ؓ کو مدینہ کا قاضی مقرر فرمایاتھا۔ حضرت علیؓ نے ماہر ، عادل اور قابل قاضی کے طور پر اپنے فرائض ادا کئے تھے۔خلافت راشدہ کے زمانہ میں حضرت علیؓ خلیفہ اول ابوبکرصدیقؓ اور خلیفہ دوم حضرت عمر ؓ اور خلیفہ سوم حضرت عثمان ؓ کے مشیر رہے تھے ۔
حضرت علیؓ کو مجلس شوریٰ میں شامل رکھا گیاتھا۔ حضرت عمرؓکو جب کوئی مشکل معاملہ پیش آجاتا تو حضرت علیؓ سے مشورہ کرتے تھے ۔ ”انہوں نے فرمایا تھا اگر علی ؓ نہ ہوتے تو عمرؓ ہلاک ہوجاتا۔“
حضرت علیؓ کے عدالتی فیصلے اسلامی قانون کے بہترین نظائر کی حیثیت رکھتے تھے ۔ اس لئے اہل علم نے ان کوتحریری صورت میں مدون کرلیا تھا۔
تقریر و خطابت:
تقریر و خطابت میں حضرت علیؓ کو خدا داد ملکہ حاصل تھا۔ آپؓکی تقریریں نہایت خطیبانہ ، مدلل اور بہت موثر ہوتی تھیں ۔ حضرت علی ؓ کے خطبات کو ”نہج البلاغة “کے نام سے چار جلدوں میں جمع کردیا گیا ہے ۔ ان خطبات نے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو فصیح و بلیغ مقرر بنادیا ہے ۔ حضرت علی ؓ کی طرف بہت سے اشعار بھی منسوب ہیں ۔ معرکہ خیبر میں آپؓکا رجزیہ شعر بہت مشہور ہے ۔
حضرت علیؓ کے بعض اقوال اور فرمودات علم و حکمت کے قیمتی موتی ہیں ۔ان سے قیامت تک رہنمائی حاصل کی جاتی رہے گی ۔
چند ایک بطور نمونہ پیش ہیں :
اللہ کی معرفت کے بارے میں انہوں نے فرمایا :
”میں نے خدا کو ارادوں کے ٹوٹنے اور عقدوں کے حل ہونے سے پہچانا۔“نیز فرمایا:
”تنہائیوں میں گناہ کرنے سے ڈرو کیونکہ جو گواہ ہے ،وہی حاکم ہے ۔“
حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے بارے میں حضرت علی ؓ نے فرمایا :”میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اس اللہ کے بندے اور رسول ہیں، جنہیں خدا نے اس وقت بھیجا جب ہدایت کے نشان پرانے ہوچکے تھے اور دین کے راستے مٹ چکے تھے۔ انہوں نے کھلم کھلا حق کی دعوت دی ، دنیا کو نصیحت کی ، ہدایت کی طرف رہبری کی اور سیدھے راستے پر چلنے کا حکم دیا ۔“
ایمان کے بارے میں فرمایا :
”ایمان کے چارستون ہیں ۔ صبر ، یقین ، عدل اور جہاد ۔“
حضرت علی ؓ کے فضائل اور کمالات اور ان کی سیرت کے درخشاں پہلو تو بے شمار ہیں ۔
طوالت کے خوف سے ان سب کا احاطہ نہیں کیاجاسکتا۔
صحیح روایت کے مطابق حضرت علی رضی اللہ عنہ پر کوفہ کی جامع مسجد میں چالیس ہجری سترہ رمضان بروز جمعۃ المبارک نماز فجر کے وقت عبد الرحمن ابن ملجم نے قاتلانہ حملہ کیا۔ جس کی وجہ سے آپ رضی اللہ عنہ انیس رمضان المبارک کو شہید ہو گئے۔ کفن دفن حضرت حسن، حسین، حنیفہ اور عبد اللہ بن جعفر رضی اللہ عنہم نے کیا اور باقی لوگ بھی ساتھ تھے۔
جنازہ حضرت حسن بن علی رضی اللہ بن ابی طالب نے پڑھایا اور آپ رضی اللہ عنہ کو گورنر ہاؤس کے پاس کوفہ میں ہی دفن کیا گیا لیکن آپ رضی اللہ عنہ کی قبر مبارک کو خفیہ رکھا گیا کیونکہ خارجیوں کے بے حرمتی کرنے کا ڈر تھا
(آپ رضی اللہ کی شہادت کے بعد سیدنا حسن رضی اللہ نے مجرم کو جیل سے نکالا اور قتل کر دیا,
سیدنا علی رضی اللہ کی قبر مبارک کے بارے بڑا اختلاف تاریخ کی کتب میں ملتا ہے کہ انکو کس جگہ دفن کیا گیا,
آپ رضی اللہ سے 586 احادیث مروی ہیں, ابن کیثر رحمہ اللہ کے مطابق آپ رضی اللہ کے 14 بیٹے, 17 بیٹیاں ہیں,
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے مطابق 21 بیٹے, اور 18 بیٹیاں ہیں, آپ رضی اللہ کے خاندان میں ایک سندھی لڑکی بھی آئی جس سے زید بن علی پیدا ہوۓ,
(حافظ ابن کثیر، البدایۃ والنھایۃ)
اللہ تعالیٰ ان بزرگ ہستیوں کے نقش قدم پر چلنے کے ساتھ مجھے اور تمام مسلمانوں کو حضرت علیؓ کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرکے اپنی زندگیوں کو سنوارنے کی توفیق عطا فرمائے !آمین۔

اللہ آپ کو اور مجھے ایمان کی حلاوت نصیب فرمائے اورحقیقی خوشیاں عطا فرمائے اور ہمیں اِن پاک نفوس کی اتباع کی توفیق نصیب فرمائے اور اللہ پاک سے دعا ھے ہر کمی معاف فرما کر ﺫریعہ نجات بناۓ..آمین
 

Babar Alyas
About the Author: Babar Alyas Read More Articles by Babar Alyas : 876 Articles with 468281 views استاد ہونے کے ناطے میرا مشن ہے کہ دائرہ اسلام کی حدود میں رہتے ہوۓ لکھو اور مقصد اپنی اصلاح ہو,
ایم اے مطالعہ پاکستان کرنے بعد کے درس نظامی کا کورس
.. View More