ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کا دھرنا

امریکی ڈرون حملوں کے خلاف کراچی میں تحریک انصاف کی جانب سے 2 روزہ احتجاجی دھرنا دیاگیا ،جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک انصاف کے دھرنے سے متعلق بینرز اور پوسٹر لگائے گئے ۔ احتجاجی دھرنے میں تحریک انصاف کے علاوہ جماعت اسلامی، تحریک استقلال ،سنی تحریک ،جے یوآئی (س)اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی ۔حکومت نے بھی سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے۔ دھرنا کراچی پورٹ ٹرسٹ بلڈنگ کے سامنے جناح برج پر دیا گیا۔

دوسری جانب پارلیمنٹ کی متفقہ قرار داد کے بعد امریکا نے پاکستانی علاقوں میں جارحانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ امریکی سینیٹر جان کیری کی پاکستان میں موجودگی اور اعلیٰ قیادت سے مذاکرات کے دوران بھی 2 امریکی ڈرون حملے ہوئے جن میں 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ اب احتجاجی دھرنے سے عین ایک روز قبل یعنی جمعے کو بھی امریکا شمالی وزیرستان پر ڈرون حملہ کرنے سے نہ چوکا جس میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شمولیت اور امریکی اتحادی بننے کا صلہ ہمیں ڈرون حملوں کی صورت میں دیا گیا۔ ایک وقت تھا جب پاکستانی قوم جاسوس طیاروں اور ڈرون کے نام سے ناواقف تھی۔ قبائل کے باسی پہلی بار ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے دور میں اس سے اس وقت واقف ہوئے جب 2004ءامریکا نے پہلا ڈرون حملہ وزیرستان کے صدر مقام وانا پر کیا۔

اس کے بعد ان حملوں کا سلسلہ اور دائرہ کار وقت کے ساتھ ساتھ بڑھنے لگا۔ 2007ءتک بہت کم ڈرون حملے ریکارڈ کیے گئے۔ 2008ءکا آغاز ہوتے ہی امریکی کاروائیوں میں شدت آگئی۔ یوں اس سال 44 ڈرون حملے ہوئے۔ 2009ءمیں امریکا نے ڈرون حملوں کا دائرہ کار اورکزئی اور کرم ایجنسی تک بڑھا دیا چنانچہ اس سال ڈرون کے 51 حملے ریکارڈ ہوئے۔ 2010ءمیں 136 ڈرون حملوں میں 1040 شہری جاں بحق ہوئے۔ ایک اندازے کے مطابق 2004ءسے اب تک 350 سے زائد ڈرون حملوں میں ڈھائی ہزار کے لگ بھگ افراد جاں بحق اور ساڑھے 6 ہزار سے زاید افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

چنانچہ اگر تحریک انصاف کے کارکنوں کا کراچی کے شہریوں کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے یہ کہنا کہ آج یہ ڈرون حملے قبائلی باشندوں پر ہورہے ہیں تو کل ہم پر بھی ہوسکتے ہیں یہ واقعتاً ہمارے لیے ایک گھمبیر صورتحال ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھرنے کے لیے ایس ایم ایس مہم چلائی جس میں لوگوں سے گھروں سے نکل کر ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کی اپیل کی گئی ۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کو خود مختار بنانے کے لیے ڈرون حملے بند ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا ہے جمہوری حکومت کے پاس اگر اخلاقی طاقت ہو تو وہ کسی بھی ظالم کے سامنے کھڑی ہوسکتی ہے۔ کراچی میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف اقتدار میں آگئی تو ملک کی خود مختاری پر کوئی بات قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے تمام سیاسی قوتوں اور عوام کو تحریک انصاف کے تحت کراچی میں دینے جانے والے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں اور انہیں کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کسی اتحاد کا حصہ نہیں بن رہی۔ اس پریس کانفرنس سے قبل کراچی پہنچنے پر ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھی بھیڑ بکریاں عوام کو تحفظ نہیں دلاسکتیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قومی اسمبلی 55 ہزار روپے ایک منٹ کا خرچ کررہی ہے۔ پارلیمنٹیرین ہمیں تحفظ دے رہے ہیں نہ ہماری خود مختاری کی حفاظت کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے میرے گھر پر نہیں ہورہے ہیں، بحیثیت انسان پاکستانی اور مسلمان اپنا فرض پورا کررہا ہوں۔
 
Usman Hassan Zai
About the Author: Usman Hassan Zai Read More Articles by Usman Hassan Zai: 111 Articles with 77910 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.