کیا آپ واقعی ایک مثالی خاتون ہیں؟

image


بقول شاعر کائنات میں تمام رنگ وجود زن سے ہیں یعنی اگر اس دنیا میں سے عورت کے نام کو نکال دیا جائے تو یہ دنیا بے رنگ ہو جائے اس کا حسن ماند پڑ جائے عورت کی اہمیت اس سے زیادہ کیا ہوگی کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق کے ساتھ ہی ان کے لیے بی بی حوا کو بھی تخلیق کر ڈالا - ہمارے معاشرے میں ایک عام نظریہ ہے کہ ہم اس عورت کو مثالی سمجھتے ہیں جو صبر و ایثار کی مثال ہو جو گھر کے کام کرنا جانتی ہو اس کے ساتھ ساتھ سلائی کڑھائی اور کھانا بنانا اضافی ہنر سمجھے جاتے ہیں اس کے ساتھ نماز روزے کی پابند ہو تو یہ اس کی اضافی خاصیت سمجھی جاتی ہے - اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں ہے کہ یہ تمام خوبیاں رکھنے والی عورت کا گھر جنت کا نمونہ ہوتی ہے مگر ان سب کے ساتھ ساتھ کچھ ایسی خصوصیات بھی ہیں جو کہ کسی بھی عورت میں اگر ہوں تو وہ اس عورت کو ایک بہترین عورت بنا دیتی ہیں-

1: تعلیم یافتہ ہو
عام طور پر آج بھی بد قسمتی سے ہمارے معاشرے میں ایسے گھرانے موجود ہیں جہاں پر عورت کی تعلیم کو اہمیت نہیں دی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ عورت نے کون سی نوکری کرنی ہے جو اس کو تعلیم حاصل کرنی ہو یا بڑی ڈگری حاصل کرنی ہو جب کہ تعلیم صرف نوکری کے حصول کے لیے نہیں ضروری ہوتی بلکہ تعلیم کا حصول تو ہر مرد اور عورت کا مذہبی فریضہ ہے
 

image


2: خود اعتماد ہو
عام طور پر پر اعتماد عورتوں کو پسند نہیں کیا جاتا ہے لوگوں کا خیال ہے کہ عورت ایسی ہونی چاہیے جو کہ ہر معاملے میں مرد پر انحصار کرتی ہو خوداعتماد عورت کو خودسر گردانا جاتا ہے جب کہ عورت کا خوداعتماد ہونا اس کے جیون ساتھی کے بہت سارے مسائل کو حل کرنے کا باعث بن سکتا ہے-

3: مضبوط کردار کی حامل ہو
عورت کی گود درحقیقت وہ مدرسہ ہوتی ہے جہاں ہمارا مستقبل پروان چڑھتا ہے اس لیے اس کے کردار کی مضبوطی براہ راست اگلی نسل پر اثر انداز ہوتی ہے اس لیے عورت کا کردار مضبوط ہونا بہت ضروری ہے-

4: محنتی ہو
ایک ہر فن سے آشنا عورت اگر محنتی نہ ہو تو اس کا گھر اس کے پھوہڑ پن کا نمونہ بن جاتا ہے اس لیے عورت کے لیے صرف ہر فن کو سیکھنا ضروری نہیں ہوتا ہے بلکہ اس کے اندر محنت کا ایسا جذبہ بھی ہونا چاہیے کہ وہ اپنے ہنر کو محنت کے ساتھ اپنے گھر میں استعمال کرے کیوں کہ اس کے عمل کو اس کی اولاد سیکھے گی اور ایسی ہی عادتوں کو اپنائے گی-
 

image


5: فضول خرچ نہ ہو
فضول خرچی کسی بھی عورت کی وہ برائی ہے جو کہ اس کو ہمیشہ مشکلات کا شکار کر دیتی ہے اس لیے مثالی عورت لازمی طور پر ہمیشہ بجٹ کو سامنے رکھ کر خرچ کرتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ برے وقت کے لیے کچھ نہ کچھ پس انداز بھی کر لیتی ہے جو مشکل وقت میں اس کے اور اس کے گھر والوں کے کام آتا ہے-

YOU MAY ALSO LIKE: