الہام کی رم جھم

اس آدمی کا چہرہ اور ظاہری حلیہ اس کی ناگفتہ بہ حالت کا آئینہ دار تھا۔ دریافت کیا گیا۔”کیا یہ آدمی مالی تنگی کا شکار ہے؟ عرض کی "نہیں یا رسول ؐ اللہ ۔ یہ آدمی تو اچھا خاصا مالدار ہے۔ ا س پر اللہ نے بڑا فضل کر رکھا ہے۔
"اچھا لیکن مجھے تو اس کے جسم پر اس فضل و کرم کے کوئی آثار نظر نہیں آتے "۔
اللہ جمیل ہے اور جمال پسند بھی ۔ اسے ہر اچھی چیز پسند ہے جبھی تو اس کی بنائی ہوئی کائنات میں صرف حسن کی کارفرمائی دکھائی دیتی ہے۔ لیکن انسان کی ستم ظریفی دیکھئے کہ وہ بدصورتی کوخوبصورتی سمجھ کر نفرت کی چلتی پھرتی تصویر بنا پھرتا ہے ۔ کس قدر دکھ کا مقام ہے کہ ہمیں کچھ نہ ملے تو واویلا کرتے ہیں اور سب کچھ پا کر بھی اس کے فضل کا چرچا نہیں کرتے ۔ یہ تو اس کی عام سی نعمتوں کا ذکر ہے لیکن وہ جو نعمت عظمیٰ ہے اس کے بارے میں ہمارا طرز فکر کیسا ہونا چاہیے ؟ جو بذات خود رحمت العالمین ؐ ہیں جن کے وجود مسعود کی برکت سے اس امت پر سے عذاب اٹھا لیا گیا اور شکلوں کے مسخ ہو جانے کے سلسلے پر خط تنسیخ پھیر دی گئی ۔ جن کے سجدوں نے اس بت کدہ کو سجدہ گاہ بنا دیا ۔جن کے وجود کی برکت سے اس زمین کا چپہ چپہ سجدہ گاہ بن گیا۔ ظلمت نے نور کے آگے ہتھیار ڈال دئیے ۔ جن کے آمد سے آتش کدے بجھ گئے اور توحید کی شمع ہمیشہ ہمیشہ کیلیے فروزاں ہوگئی ۔ جانی دشمن جگری یار بن گئے۔ شیطان کی فلک شگاف چیخیں گونج اٹھیں اور قدر ت کے لبوں پر مسکراہٹ پھیلتی اور گہری ہوتی چلی گئی۔

وحشتوں کا عروج ذلت کی پستیوں میں غرقاب ہو گیا اور تہذیب و شائستگی نے گویا پھر سے جنم لے لیا۔
بدصورتیاں منہ چھپاتی پھریں اور لوگ پھر سے خوبصورتی سچائی اور حقیقت حسن کے گرویدہ ہو کر اس کے گرد دیوانہ وار گردش کرنے لگے ۔قتل و غارت میں مصروف لوگ شفقتوں میں معروف ہونے لگے ۔ قلب و لسان کی دوری رفتہ رفتہ دور ہوتی چلی گئی ۔ بہار نے ڈیرے ڈال لئے اور خزائیں دکان اپنی بڑھا گئیں ۔ بخشش نے سائلوں پر اپنی جھولیاں خالی کرنا شروع کر دیں ۔ گویا ہر طرف الہام کی رم جھم کا سما ں تھا۔
الہام کی رم جھم کہیں بخشش کی گھٹا ہے
یہ دل کا نگر ہے کہ مدینہ کی فضا ہے
اللہ تعالی انسان بنا کر فخر کیا ہے تو اس بے نیاز ذات کے پیش نظر وہ فخر موجودات ہستی تھی کہ جس کی محبت انسان کو محبوب الہٰی بنا دیا کرتی ہے ۔ جس کی اطاعت کو رب ذوالجلال نے اپنی اطاعت قرار دیتا ہے ۔ جس کے الفاظ وحی الہٰی کے ترجمان ٹھہرے ۔ چالیس برس دور جاہلیت میں زندگی گزارنا جس کے کردار کی چمک دمک کو ماند نہ کر پایا ۔ الٹا اسی معاشرہ نے یک زبان ہو کر آپ ؐ کے صادق و امین ہونے کی گواہی دے ڈالی ۔ اب یہاں انسان کا باطنی تضاد بے نقاب ہو جاتا ہے کہ ہدایت کا یہ طالب جانے کیوں ہادیان برحق کا مخالف بن جایا کرتا ہے ۔ عرب کے بت پرست مفاد پرست بن کر اسی کو جھٹلانے لگے کہ جس کی اس اعلان پر وہ کبھی سر ہلانے لگے تھے کہ پہاڑی کے پیچھے ایک لشکر جرار حملہ آور ہوا چاہتا ہے ۔ اس اعتراف کی گواہی ان کے دلوں نے دی تھی کہ یہ انسان کامل جھوٹ سے آشنا ہی نہیں اور پھر تاریخ عالم نے یہ شرمناک منظر بڑی حیرت سے دیکھا کہ حق کی صدا بلند کرنے کی جزاء کے طور پر راستے میں کانٹے بچھائے جا رہے ہیں ۔غلاظتیں ڈالی جارہی ہیں۔ کوڑا کرکٹ اچھالا جا رہا ہے ۔ ادھر کردار کشی کی مہم جاری ہے اُدھر وہ انسان کامل پتھر کھا کر بھی کلامات خیر زبان سے ادا کرتا ہے تو تاریخ کو یہ منظر پہلے منظر سے کہیں زیادہ حیرت انگیز لگتا ہے ۔ سچ کہتے ہیں کہ بارش کا قطرہ سانپ کے منہ میں گرتا ہے تو زہر میں بدل جاتا ہے ' سیپ کے منہ میں گرے تو گوہر میں ڈھل جاتا ہے' پیاسی زمین کو زرخیز بنا دیتا ہے ' پھلواڑی پر گرے تو اسے اور مہکا دیتا ہے' بے جان زمین میں زندگی کی لہر بن کر دوڑ جاتا ہے اور جب گندگی کے ڈھیر پر گرتا ہے تو ماحول کا تعفن اور بڑھا دیتا ہے ۔ گویا بات ساری ظرف کی ہے ۔نیک دوسروں کو نیک اور برا ساری دنیا کو برا کہتا ہے تو اسی ذاتی ظرف کے بموجب ۔

نیک نے نیک بد نے بد جانا مجھے

کاش عرب کے تضاد پرست اپنی کہی ہوئی بات کا پاس کرتے تو کبھی نعمت ایمانی سے محروم نہ رہتے ۔ صادق کا لقب دے کر جھٹلانا انہیں کب زیب دیتا تھا۔ لسان حق پر یہ تہمت دھرنا کس قدر قابل مذمت ہے کہ انہوں نے معاذ اللہ ذاتی کلام کو رب باری کا کلام قرار دے دیا ہے۔ تلواریں ہاتھ میں لئے سر اڑانے کے لیے تیار کھڑے ان بد طینتوں نے اپنی امانیتں تا حال اسی امین کے پاس رکھی تھیں ۔ یہ ہے عظمت معراج انسانی کہ دشمن کو اپنے مالی خطرے کے لیے کوئی جائے پناہ ملی بھی تو اسی ذات کے پاس کہ جس کی جان کے وہ خود درپے تھے۔ شعیب ابی طالب کی سختیاں بھی میرے رسولؐ کے حوصلے کو کم نہ کر سکیں۔ جس کا عزم اس پائے کا ہو کہ اس کے ایک ہاتھ پر لا کر سورج رکھ دیا جائے اور دوسرے پر چاند تب بھی حق اور تبلیغ حق سے اسے باز نہ رکھا جا سکے ۔ وہاں یہ عارضی سختیاں کمزوری کی بجائے تقویت اور مظبوطی کا باعث بن جاتی ہیں۔

غار حرا کی تاریکی سے طلوع ہونے والی یہ الہامی روشنی آج کروڑوں دلوں میں فروزاں ہے۔ کتاب ہدایت نے بعثت کا مقصد تلاوت آیات ، تذکیہ ، تعلیم و کتاب و حکمت قرار دیا ہے ۔ لیکن میرے اچھے رسول ؐ نے ان چاروں مقاصد کو ایک نقطہ میں سمو کر ارشاد فرمایا کہ میری بعثت کا مقصد مکارمِ اخلاق کی تکمیل ہے ۔ قربان جائیے آقا کی حکمت پر کہ ایک ہی فقرے میں مقصد بھی بتا دیا اور مقصد کے حصول کا ذریعہ بھی ۔یہ ہے اعجازِ زبانِ حق بیان۔ خوش خلقی وہ خوبصورتی ہے جو چہرے کی بدصورتی(معروف معنوں میں ورنہ کوئی بھی چہرہ بدصورت نہیں ہوتا ۔ اگر یقین نہ آئے تو کسی ماں سے پوچھ لیں) کو چھپا لیا کرتی ہے لیکن چہرے کی خوبصورتی اخلاق کی بدصورتی کو چھپا نہیں پاتی ۔ تاریخ عالم گواہ ہے کہ حسن خلق میں کوئی میرے رسول کی گردِ پا کو بھی نہیں چھو پایا اور کیوں نہ ہو ۔ وہی تو وہ واحد ہستی ہیں کہ جہاں جبرائیل کے پر جلتے ہیں ۔محبوب ؐ خدا کی منزل کا آغاز وہاں ہوتا ہے ۔

شب معراج یہ راز کھلا ہے ہم پر آسمانوں سے گزرتا ہے زمین کا رستہ

آج جب کہ تہذیب و تمدن اپنے کمال پر ہے تو انسان اخلاقی زوال کی مثال بن چکا ہے اور ستم ظریفی دیکھئے کہ اس سلسلہ میں ہم مسلمانوں کا ریکارڈ سب سے برا ہے ۔ ہم اختلافات(مسلکی ، لسانی ، علاقائی وغیرہ ، وغیرہ) کو فروغ دے کر دشمنی بلکہ جانی دشمنی میں بدلنے کے لیے دن رات متحرک رہتے ہیں۔ اپنے نقطہ نظر پر ڈٹ کر ہم اپنی ذات کا دفاع کرنے میں مصروف ہوتے ہیں ۔ ہم نے کج بحثی میں بنی اسرائیل کو بھی مات دے ڈالی ہے ۔
یہی رویہ ہمیں میلاد النبی ؐ کے حوالے سے بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔
کہیں منانے والوں زیر عتاب آتے ہیں تو کہیں نہ منانے والوں کو مطعنون کیا جاتا ہے ۔ میں حیران ہوں کہ کیا اظہار محبت کے لیے بھی کسی کتاب کے سہارے کی ضرورت ہوتی ہے ؟ قرآنی فرمان کے مطابق اللہ کی نعمتوں کا چرچا کرنے کو کہا گیا ہے اور میرے رسول ؐ تو نعمت عظمیٰ ہیں ہمارا مشترکہ سرمایہ ۔ ہمارا محور و مرکز ۔ آج تک کسی فرقے کو یہ کہنے کی جرات نہیں ہوئی کہ وہ اپنے فعل کو ذاتی فعل کہ سکے ۔ سبھی اپنے مذہنی فرائض کی تائید سنت نبوی سے لیتے ہیں(ہاں فہم حدیث میں اختلاف ممکن ہے) ہم سب اپنے نبی ؐ کے امتی اور نام لیوا ہیں اور ان کی پیروی ہمارا فرض منصبی ۔ آئیے آج ایک عہد کرتے ہیں کہ ہر میلاد پر اپنے رسول کریم ؐ کو ایک تحفہ بھیجیں گے ۔ ہر سال کسی ایک سنت نبی ؐ کو اپنی ذات پر ہمیشہ کے لیے نافذ کرنے کی کوشش کا عہد کر کے ۔ اس طرح ہم ناجانے کتنی سنتوں کے عامل بن کر رضائے الہٰی کے حامل اور مومن کامل بن جائیں گے اور یقیناًیہ بات ہمیں Man of Words کی بجائے Man of Deedsکے درجے پر پہنچا دے گی ۔ جو تقاصائے دین بھی ہے کہ ہم باتونی کی بجائے عملی بن جائیں۔ میں اپنے پڑھنے والوں سے یہ عہد کرتا ہوں کہ اپنی آئندہ زندگی میں اس بار کے میلاد کی خوشی میں اس حدیث پر عمل پیرا ہونے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔
"اپنے بھائی کے لیے وہی چیز پسند کرو جو تمہیں خود اپنے لیے عزیز ہو "
اور اگر توفیق الہٰی شامل حال رہی تو اپنی محبوب چیزوں کو راہ خدا میں قربان کر کے قرب الہٰی کے حصول کی ہر ممکن کوشش کروں گا ۔ انشاء اللہ ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے ۔ امین ۔ اپنے کالم کا اختتام سیرت کے حوالے سے پسندیدہ ترین شعر پر کروں گا۔
دنیا میں احترا م کے قابل ہیں جتنے لوگ
میں سب کو مانتا ہوں مگر مصطفی ؐ کے بعد

 

Safder Hydri
About the Author: Safder Hydri Read More Articles by Safder Hydri: 77 Articles with 63908 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.