کیا نواز شریف رہا ہونے والے ہیں

جج صاحب کی وڈیو اور احتساب عدالت کا جج کو لکھا گیا تادیبی خط کیا نواز شریف کیس میں ایک ایم پیش رفت ہے۔

جہاں آگ لگتی ہے وہاں دھواں بھی اٹھتا ہے آج کل پاکستان کی صورتحال کچھ ایسی ہے کہ بیک وقت کئی محاذوں پر آگ لگی ہوئی ہے اور دھویں کی تو پھر ظاہر ہے کچھ ایسی صورتحال ہے کہ ہر سمت دھواں ہی دھواں ہے ہر چیز دھندلائی ہوئی ہے کچھ بھی واضح نہیں ہے، سب سے بڑی آگ جس نے ہمیں اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے وہ ہے مہنگائی کی آگ، جس میں ملک کی اکثریت یعنی کہ غریب عوام جھلس رہے ہیں اگر مزید کچھ عرصہ یہ آگ یونہی لگی رہی تو امید ہے کہ غریب طبقہ جل کر خاکستر ہو جائے گا اور ہمارا ملک ہماری موجودہ حکومت کے سابقہ وعدوں کے مطابق انشاء اللہ بہت جلد نا صرف غربت بلکہ غریب سے بھی پاک ہو جائے گا-

دوسری طرف ایک اور آگ جو کے موجودہ حکومت کی ٹیکس پالیسی کی لگائی ہوئی ہے جس سے ظاہر ہے ٹارگٹ نمبر ون یعنی غریب تو پوری طرح سے فیض یاب ہو رہے ہیں اس کے علاوہ اس نے تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ معیشت کی کمر بھی توڑ کر رکھ دی ہے۔ پھر آئی ایم ایف کی لگائی ہوئی آگ ہے جس کے دھویں کے بادل اتنے گہرے ہیں کہ دور دور تک نشان منزل دکھائی نہیں دیتا، اور ہم نشان منزل کی تلاش میں ہاتھ میں کٹورا لئے بقول غالب بنا کے فقیروں سا بھیس، تماشہ اہل کرم دیکھ رہے ہیں -

معاشی مشکلات اور بے روزگاری کا شکار قوم کو حکومت نے واقعی تنہا نہیں چھوڑا اور فارغ عوام کی تفریح طبع کے لئے چور سپاہی کا تماشہ بھی لگا رکھا ہے سیاسی مخالفین جیلوں اور عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں اور حکومت روزاول کی طرح سلطان راہی والی بڑکیں مارنے کا کام بخوبی سر انجام دے رہی ہے جس طرح حکومتی پٹاری سے آئے روز کوئی نہ کوئی سانپ برآمد ہوتا رہتا ہے اسی طرح سیاسی مخالفین بھی شعبدہ بازی میں کسی سے کم نہیں ان کی جادوئی ٹوپی سے بھی آئے روز کوئی نیا کبوتر پھڑپھڑاتا دکھائی دیتا ہے جیسے آج کل مریم نواز نے جج صاحب کی مبینہ دھاندلی کا کبوتر اڑا رکھا ہے اور حکومتی ارکان میں پکڑو پکڑو کا شور مچا ہوا ہے -

خود ہی گواہ خود ہی ثبوت جیسی ایسی ہی صورتحال نواز شریف کی گرفتاری اور سزا کے وقت بھی پیش آئی تھی ، سوال یہ ہے کہ ن لیگ کے پاس نااہلی کی سزا کے ڈیڑھ دو سال بعد اچانک اتنے پختہ ثبوت کہاں سے اور کیوں آ گئے، کیا ایسا نہیں لگ رہا کہ نواز شریف کو جس طرح پری پلاننگ کر کے پھنسایا گیا تھا اب ویسی ہی پری پلاننگ ہو رہی ہے، یہ شاید ان کی رہائی کی طرف اشارے ہیں، جیسا کہ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف باہر آئیں گے اور پہلے سے ذیادہ طاقت کے ساتھ وزیر اعظم بنیں گے -

اگر دھواں سا اٹھ رہا ہے تو ظاہر ہے کہیں آگ بھی لگی ہو گی اور اندرون خانہ کیا کھچڑی پک رہی ہے یہ تو وقت آنے پر ہی پتا چلے گا۔
 

Sobia Zaman
About the Author: Sobia Zaman Read More Articles by Sobia Zaman: 12 Articles with 14307 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.