نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا باقاعدہ افتتاح ، اور پروٹوکول کی روایت

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ اوکاڑہ جہاں انہوں نے تحصیل رینالہ کے قصبہ شیر گڑھ بائی پاس کے قریب نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا یہ دورہ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ گزشتہ دوہفتوں سے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کے صوبائی وزیروں نے افتتاحی تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے وہ ہی ہتھکنڈے استعمال کیئے جن کو جناب عمران خان بطور اپوزیشن لیڈر سخت تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں صوبائی وزراء کی اوکاڑہ آمد اور یہاں قیام کا واحد مقصد وزیر اعظم عمران خان کے پروٹوکول میں شہنشاہوں والی روایت کو برقرار رکھنا تھا جس کے لئے ضلعی انتظامیہ کے سربراہان خاص طور پر ڈپٹی کمشنر مریم خاں اور انکی ٹیم نے دن رات ایک کئے رکھا ڈپٹی کمشنر صاحبہ نے لاھورمیں میٹنگزکے ساتھ ضلع میں اپنی ٹیم کو اس حد تک مصروف رکھا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں انکے دفاتر میں آنے والے سائلین کو سوائے مایوسی کے سوا کچھ نہ ملا لاتعداد کیسیز اور سائلین ضلعی انتظامیہ کی وزیر اعظم کی تقریب "نیا پاکستان " ہاؤسنگ سکیم کو کامیاب کرنے کی بھینٹ چڑھ گئے ،سانچ کے قارئین کرام !وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی تقریب میں کی گئی تقریر کا مکمل متن تو ضرور پیش کرونگا لیکن پہلے بات پروٹوکول کی ہوجائے جسکے خاتمے کے لئے عمران خان گزشتہ دو دہائیوں سے آواز بلند کئے ہوئے تھے سرکاری میڈیا کی چھتری تلے کامیاب تقریب کی کوریج کوئی نئی بات نہ ہے یہ پہلے بھی ہوتا آیا ہے اور شاید آئندہ بھی جاری رہے گا کیونکہ یہ سیاسی شخصیات جب اپوزیشن میں ہوتی ہیں تو میڈیا کی ہمدردی کا بخار چڑھ جاتا ہے اُس وقت سرکاری میڈیا سے دوری کو فخریہ بیان کیا جاتا ہے لیکن اگراقتدارمل جائے تو ہر کام سرکاری میڈیا کو سونپ کرپرائیویٹ چینلز اور پرنٹ میڈیا کو اپنے سے دور رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے وزیر اعظم یا وزیر اعلی کی چھوٹے شہروں میں دوروں کے دوران ضلعی انتظامیہ خاص طور پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ مقامی میڈیا کو اُنسے دور رکھنے کی پرانی روایت کو بھر پور طریقہ سے سرانجام دیتی ہے یہ درست ہے کہ اعلی شخصیات کی سیکورٹی انتہائی ضروری ہوتی ہے لیکن سیکورٹی اور پروٹوکول میں فرق واضح ہونا چاہیے پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں سیکورٹی کے نام پر مقامی میڈیا کو اِن حکومتی عہدیداران کے پاس جانے یا گفتگو سے روک دیتے ہیں جس کا واحد مقصدعوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر اعلی عہدوں پر جانے والوں کو حقیقی زمینی حقائق سے بے خبر رکھنا اور سب اچھا کی رپورٹ دینا پرانی روایت رہی ہے اور اب موجودہ حکمرانوں نے بھی قائم رکھی ہوئی ہے ،سانچ کے قارئین کرام !سیکورٹی کا حق ہر پاکستانی شہری کا حق ہے لیکن پروٹوکول خاص طورپر شہنشاہوں والا پروٹوکول اکیسویں صدی میں قائم رکھنا اورچند قصیدہ گو کو کوریج کے لئے اجازت دینا حیران کن ہی نہیں افسوس کا مقام ہے راستوں میں لگے روٹ اور ہزاروں کی تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی نئے پاکستان کے دعویداروں پر سوالیہ نشان ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو چند دنوں کے بعد دس ماہ ہونے کو ہیں عوام کو کہیں بھی ریلیف نہیں ملا ،مہنگائی ، بے روزگاری کے ساتھ پٹرول ،گیس ،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جس تیزی سے ہوا ہے اُس سے عام آدمی بُری طرح متاثر ہوا ہے سب سے حیران کن بات تو رمضان بازاروں کے سلسلہ کو جاری رکھنا ہے جس سے تیس لاکھ سے زائد آبادی والے ضلع کے دو فیصد سے بھی کم لوگ مستفید ہو سکیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ کا سارا عملہ اسے کامیاب کروانے کے لئے رمضان المبارک کا سارا مہینہ لگا رہے گا اور ان کے دفاترآنے والے اکثر سائلین گزشتہ دو ہفتوں کی طرح چکر لگاتے اور خوار ہوتے رہیں گے ،سانچ کے قارئین کرام !ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے افتتاح کے لئے بنائی گئی مارکی میں دو ہزار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے مارکی کا درجہ حرارت کنٹرول کرنے کے لئے تین ٹن کے پندرہ ایئر کنڈیشنر لگائے گئے سیکورٹی کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اطہر اسماعیل کی سربراہی میں ایک ایس پی ، سات ڈی ایس پی ،بائیس انسپکٹر اور ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے ، سی سی ٹی وی کیمروں سے سیکورٹی کو مانیٹر کیا جاتا رہا پی ٹی آئی کارکنوں خاص طور پر درخواست جمع کروانے والے افراد کو واک تھرو گیٹس سے گزارنے کے ساتھ چیکنگ بھی کی گئی رینالہ خورد وزیر اعظم کی آمد پر ایک کلو میٹر تک موبائل جیمر کام کرتا رہا مارکی میں اسٹیج تیس فٹ چوڑا چالیس فٹ لمبا بنایا گیا پنڈال میں تین سو پچاس وی وی آئی پی اور تین سو وی آئی پی سیٹس لگائی گئیں وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا افتتاح کیا رینالہ خورد کے قریب بنائی گئی اس ہاؤسنگ سکیم میں 859مکانات تعمیر کیے جائیں گے جن میں پانچ مرلہ کے 510اور تین مرلہ کے 349مکانات تعمیر ہونگے تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے اوکاڑہ میں رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان، صوبائی وزیرہاؤسنگ محمود الرشید، جہانگیر ترین، ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن ،صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی شاہ بخاری ،صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن سمیت مقامی قیادت چوہدری عبداﷲ طاہر ، چوہدری سلیم صادق ، محمد اشرف خان سوہنا ،پاکستان تحریک انصاف ضلع اوکاڑہ کے صدرسمیت خواتین ونگ ، وکلاء ونگ ،کسان ونگ کے صدور اورسرکاری افسران بھی موجود تھے صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید تقریب کی کامیابی کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ گزشتہ چار دن سے اوکاڑہ میں کاموں کا جائزہ لیتے رہے انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیر اعظم نے ہاؤسنگ سکیم کا اعلان کیا تو اپوزیشن نے مذاق کیا تھا ہاؤسنگ سکیم میں بیس بیس گھر شہدا کے لئے رکھے گئے ہیں،وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پانچ سالوں میں پچاس لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے آسان کام سابقہ حکمرانوں نے کیئے جبکہ سارے مشکل کام ہم کریں گے معاشرے میں جب تک احساس نہیں ہوتا اس وقت تک دنیا میں آگے نہیں بڑھا جا سکتا یورپ میں ایک چیز احساس اور غریب کی فکر کرنا ہے جن لوگوں کے پاس چھت نہیں اُسکی ذمہ داری ریاست کو لینی چاہیے غریب کے بچوں کو تعلیم، انصاف ،علاج اور روزگار فراہم کرے بھوکے کے لئے کھانے کا بندوبست بھی ریاست کی ذمہ داری ہے مدینہ کی ریاست کا نظام فلاحی ہے جب ریاست میں احساس ہوتا ہے تو پھر اﷲ کی طرف سے اس ریاست کی مدد ہوتی ہے حضرت عمر ؓ کا قول ہے کہ اگر کتا بھی بھوک سے مر جائے تو میں اسکا ذمہ دار ہونگا یورپ نے اُن باتوں کو اپنا لیا آج وہاں جانوروں کا بھی خیال رکھا جاتا ہے اﷲ اس معاشرے کو عزت دیتا ہے جو حضور پاک ﷺ کی تعلیمات کے مطابق چلتا ہے جو گھر نہیں لے سکتے حکومت انکی مدد کرے گی بنک آسان شرائط پر لوگوں کو قرض دیں گے پرائیویٹ سیکٹر میں موجود چھوٹے کنسٹریکٹر کو روز گار کے مواقعے ملیں گے نوجوانوں کوملازمتیں ملیں گی کچی آبادی پروگرام میں چائنہ سے نئی ٹیکنالوجی لائی جائے گی جس کے تحت ہفتوں میں گھر تعمیر ہوں گے جو لوگ کہتے تھے کہ یہ ناممکن ہے وہ دیکھ لیں ہم نے سچ کر دیکھایا ہے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا آغاز ہو چکا ہے جو کبھی اپنی تنخواہ میں اپنا ذاتی گھر بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے وہ بھی گھر بنائیں گے میاں محمود الرشید اور انکی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اوکاڑہ سے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا آغاز کیا جو جلد ہی سارے پاکستان میں بنائی جائیں گی ٭

Muhammad Mazhar Rasheed
About the Author: Muhammad Mazhar Rasheed Read More Articles by Muhammad Mazhar Rasheed: 129 Articles with 121584 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.