سمجھ سے باہر ، ماورائے عقل

کیا یہ کسی غیر مرئی مخلوق کی شرارت تھی؟

یہ تقریباً ڈیڑھ برس پہلے کی بات ہے گھر کے کام کاج کے دوران محسوس ہؤا کہ گلے میں پہنی ہوئی گولڈ کی چین غائب ہے ۔ ایک لمحے کو تو ہمارا دل دھک ہو کے رہ گیا کیونکہ چین کافی وزنی اور قیمتی تھی ۔ گھبرا کر اپنے گلے کو ٹٹولا پھر اپنے آس پاس اور پھر سارا گھر چھان مارا خود اپنے کپڑوں کو بھی خوب جھاڑا پھٹکا کہ ٹوٹ کے یا لاک کُھل کے کہیں اٹکی نہ رہ گئی ہو مگر چین کا کوئی سراغ نہ ملا ۔ ناچار تھک ہار کے اور مایوس ہو کے ایک طرف بیٹھ گئے اور کچھ ہی دیر میں دیکھا کہ چین گلے میں موجود ہے ۔

ابھی تک بھی کچھ سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر اُس روز ہؤا کیا تھا؟ نہ تو چین کے گلے سے نکل جانے کا پتہ چلا اور نہ ہی واپس آنے کا ۔ وہ بغیر محسوس ہوئے غائب بھی ہوئی اور واپس بھی ۔ کیا یہ کسی غیر مرئی مخلوق کی شرارت تھی؟

اس سے کچھ ملتا جلتا سا واقعہ کافی عرصہ پہلے پاکستان میں بھی پیش آیا تھا ۔ کپڑے سلائی کرتے ہوئے نیچے بابن میں دھاگہ ختم ہو گیا تو اسے نکال کر باہر مشین پر ہی رکھ دیا اور مطلوبہ دھاگے کی ریل لے کر جب بابن اٹھانا چاہا تو وہ اپنی جگہ سے غائب ۔ جبکہ وہاں ہمارے علاوہ کوئی موجود نہ تھا کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ یہ ماجرا کیا ہے؟ جس جگہ بابن رکھی تھی وہاں بھی ہاتھ لگا کر دیکھا مگر کچھ نہیں تھا ۔ اگر نظر کا دھوکا ہوتا تو ایک مادی اور ٹھوس وجود اپنا لمس تو برقرار رکھتا وہ چُھونے پر محسوس تو ہوتا مگر ایسا نہیں ہؤا ۔ ہم نے دوسری بابن نکالی پھر دیکھا کہ پہلی والی بابن اسی جگہ موجود تھی جہاں ہم نے رکھی تھی ذرا سا بھی فرق نہیں تھا ۔
بس جو بھی تھا سمجھ سے باہر تھا آج بھی عقل سر پکڑے بیٹھی ہے ۔
(رعنا تبسم پاشا)
 

YOU MAY ALSO LIKE: