سیاسی ڈاکٹریٹ

ابن آدم روز اول سے ہی طالب علم تھا، ہے اور تا قیامت رہے گا، زندگی میں بہت کچھ سمجھ پایا لیکن ایک سوال ایسا بھی ہے، جو آج بھی جواب طلب ہے، وہ یہ ہے کہ اگر سیاستدان اور بیورو کریٹس پاک دامن ہیں، مومن ہیں، جذبہ انسانیت سے سرشار ہیں، ملک و قوم کے وفادار ہیں تو پھر کیا وجہ ہےکہ قدرت کی تمام تر نعمتوں، ہر قسم کے موسم اور جغرافیائی لحاظ سے اہمیت کا حامل ملک پاکستاناکیسویں صدی میں بھی ترقی یافتہ ممالک میں شامل نہ ہوسکا، غریب، غریب تر، امیر، امیر تر ہوتا جارہا ہے، مسائل کے انبار، قرضوں کے پہاڑ ہیں، صحت کا معیار ہے نہ تعلیم کا، بے روزگاری کا خاتمہ ہوا نہ جہالت کا، المیہ یہ ہےکہ ہر آنے والا پچھلی حکومت پرناکامی، کرپشن اور اقربا پروری کے الزام دھرکر خود کو بری الذمہ قرار دیتا ہے اور حسب روایت عوام کی آںکھوں میں دھول جھونک کر بلی کو دودھ کی رکھوالی کا کام سونپ دیا جاتا ہےاور جب یہ ہی سیاست دان، بیورو کریٹ اقتدار، طاقت، دولت اور شہرت کے سحر میں گرفتار ہوں تو موج مستیاں، غیر ملکی دورے، بیش قیمت گاڑیاں، شاہانہ پروٹوکول، شاہی طرز زندگی ان کا وطیرہ ہوتی ہے، دور دور تک کسی بیماری کے آثار دکھائی نہیں دیتے، جب ان سے حساب مانگا جائے، احتساب کیا جائے تو فوری طور پر دل کا عارضہ، گردوں میں تکلیف اور بلڈ پریشر جیسی بیماریاں لاحق ہوجاتی ہیں لیکن پچیس جولائی دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں عوام نے ووٹ کی طاقت سے "راکٹ سائنس" سوال کے جواب اور سیاسی بیماری کا علاج دریافت کرنے کی ایک کوشش کی ہے، وزیراعظم عمران خان اچھے لیکچرار تو ہیں ہی لیکن اب انہیں سیاسی ڈاکٹریٹ میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھانا ہوں گے،انہیں این آر اوز، باریاں لینے والوں کی مفاہمتی پالیسی اور جمہوریت کو لاحق خطرے کے کھوکھلے نعروں سے ہٹ کر قانون کی بالادستی، تفریق کے خاتمے اور احتساب کیلئے بہترین علاج کرنا ہوگا تاکہ مملکت خداداد کو اس موذی بیماری سے نجات مل سکے ورنہ خان صاحب یاد رکھیں، وقت سب سے بڑا استاد ہے اور تاریخ خود کو دہراتی ہے، شاید پھر آپ کو یہ موقع مئیسر نہ ہو۔۔

Adnan Bonairee
About the Author: Adnan Bonairee Read More Articles by Adnan Bonairee: 15 Articles with 11675 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.