بعثتِ رحمتِ عالم ﷺاور ہماری ذمہ داریاں

بسم اللہ الرحمن الرحیم

رسول اللہ ﷺ سے اظہارِمحبت اور عقیدت کے مختلف طریقے مسلمانوں میں موجودہیں ، قرآن پاک میں بعثت رحمتِ عالم ،ان کی تعلیمات اوراسوہ حسنہ کو اپنانے کاتذکرہ کرکے رسول اللہ سے محبت کا انداز سیکھایا گیا،حقیقت یہ ہے کہ انقلاب آفرینی کی بنیاد آپﷺ کی بعثت عالی سے رکھی گئی ہے ،آپ کی بعثت کے بعد قیامت تک کے سوالات کا جواب اللہ کے کلام کے ذریعہ انسانوں کو میسر آئے ،آپ نے انسانوں کو اللہ کریم کی معرفت سے آشناکروایا ،اور آپ کو اللہ کی طرف دعوت دینے والا اور روشنیاں باٹنے والا روشن چراغ بنا کر مبعوث کیا گیا ، پیغمبر اسلام ﷺنے 23سال محنت کے نتیجہ میں انسانیت تباہی سے بچ کر فلاح و کامرانی کی شاہراہ پر گامزن ہوئی،باہم دست و گریبان بھائی بھائی بن گئے اور مواخات کی لازوال تاریخ رقم ہوئی،انسانوں نے روحانی اور ایمانی ترقی کی معراج کا سفر خاتم الانبیاء ﷺ کی معیت میں ایک لمحہ میں طے کیا اوربکھرے ہوئے ہجوم سے ایک امت کی شکل اختیار کرکے پوری انسانیت کی راہنمائی کے منصب پر فائز ہوئے ۔

امام الانبیاء وخاتم الانبیاء ﷺ کی بعثت کے اسی پیغام کو پوری دنیا میں پھیلانے کے لیے چند سال قبل سلسلہ عالیہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ ،قاسم فیوضات حضرت مولانا امیر محمد اکرم اعوان رحمہ اللہ نے بعثتِ رحمتِ عالم کانفرنسز منعقد کرنے کاسلسلہ شروع کیاتھا ،اورکچھ ہی عرصہ بعد ان کانفرنسسزکااہتمام ملک و بیرون ملک بڑے پیمانے پر کیا جانے لگا ۔شیخِ مکرم حضرت مولاناامیر محمد اکرم اعوان رحمہ اللہ کے وصال کے بعد ان کے جانشین اور سلسلہ عالیہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ نے بعثت رحمت عالم کانفرنس کے انعقاد کے تسلسل کو جاری رکھا ،اور ملک کے طول و عرض میں اس عنوان سے کانفرنسز کے انعقادکے ساتھ ساتھ مرکزی پروگرام 2دسمبر بروز اتواردارالعرفان منارہ چکوال میں منعقد کیا ،بعثت رحمت عالم کانفرنس ایک عظیم الشان روح پرور اجتماع تھا ،جس کا نظم ونسق مثالی تھا ،گاڑیوں کی پارکنگ سے لے کر شرکاء کی نشستوں کی ترتیب تک اور ذمہ داریوں پر معمور رضاکاروں میں تنظیمی عنصر نمایاں تھا جب کہ شرکاء کانفرنس عشقِ رسالت سے سرشار ایک ہی نعرہ "وردِ زباں" کئے ہوئے تھے ۔
فجاء محمدسراجا منیر ا
فصلواعلیہ کثیرا کثیرا

بعثت رحمت عالم کانفرنس سے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیرعبدالقدیراعوان نے مفصل خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ بندہ مومن کا ایمان کامل نہیں ہوسکتا ہے جب تک کہ آپ ﷺکی ذات تمام رشتوں اور تعلقات سے پیاری نہ ہو ،آپ نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ جب رسول اللہ ﷺ سے اظہار محبت کریں گے تو یہ وہ بارگاہ ہے جہاں محبت بھی اصول و ضوابط کی پابند ہے جن کو اللہ نے مقرر فرمایا ہے اور یاد رکھیں کہ ہم ولادت باسعادت کو مناتے ہیں، ضرور منانا چاہیے۔ یہ تمام جہانوں کے لئے باعث رحمت ہے ،آپ مجسم رحمت ہیں اور جب ہم بعثت رحمت عالمﷺ کے موضوع پر بات کریں گے تو انسان کی زندگی اسوہ رسول کی پابند ہو جاتی ہے اور اللہ کریم قرآن مجید میں ارشاد فرماتے ہیں کہ میں نے مومنین پر احسان فرمایا کہ ان میں نبی رحمتﷺ کو مبعوث فرمایا،نبی کریم ﷺ کی بعثت اللہ کریم کا احسان عظیم ہے اور اس آیت کریمہ کے مخاطب قیامت تک کے انسان ہیں ،آپ نے فرمایا کہ جب بندہ مؤمن کی رسول اللہ ﷺ سے اظہار محبت کی بات ہوگی تو اس مکلف کے لیے شہادت ضروری ہے ،اللہ کریم کا خصوصی انعام اس کے لیے ہے ۔اب سوال یہ ہے کہ اتباع محمدرسول اللہ ﷺ میں ہم کہاں کھڑے ہیں ؟ جس مقصد کے لیے آپ کی بعثت ہوئی اس پر ہمارا عمل کتنا ہے؟امیر عبدالقدیر مدظلہ نے بعثت رحمت عالم کانفرنس کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ نبی کریم کے صحابہ کی عظمت اور اوصاف قرآن پاک میں ارشاد فرمائے ہیں ان کی محبت اور نفرت کے تقاضے ارشاد ات رسول اللہ ﷺ کے مطابق ہوتے تھے۔کیا ہماری محبت اور سختیاں رسول اللہ ﷺ کے ارشاد کی پابند ہیں ؟کیا پابند ہے ہمارا عشق در مصطفی کا؟آپ نے فرمایاکہ ایمان کی نشانی ہے کہ اللہ کی رحمت کی امید اور اپنے اعمال پر نظر رکھتے ہوئے خوف بھی ہو ۔عبادات کا مقصداللہ کے فضل اور رضا کا حصول ہے۔دین اسلام رواجاً نہیں ہے اتباعاً ہے ،یہ دنیا اور نظام دنیا اتفاق نہیں ہے بلکہ ایک مقصد کے لیے ہے ۔

کانفرنس کے آخری لمحات میں شیخ المکرم قاسم الفیوضات حضرت مولانا محمد اکرم اعوان رحمہ اللہ کا آڈیو بیان کا کچھ حصہ سنایا گیا جس میں آپ فرما رہے تھے کہ سراج منیر ،لازوال نعمت الہی کہ ہر کام تمھارا درود کے سانچے میں ڈھل جائے ،اتباع رسول ﷺ کے لیے اپنے آپ کو پیش کرو ،جو جہاں ہے وہ اتباع رسول میں ڈٹ جائے،اب کریں گے جو حبیب ﷺ کی پسند ہے ،اللہ اورہمارے درمیان محمدرسول ﷺ کا واسطہ ہے ۔اپنی اصلاح آج سے ہی شروع کرو۔سب مل کر یہ نعرہ لگاؤ۔
فجاء محمد سراجاً منیراً
فصلوا علیہ کثیراً کثیراً

جب کہ بعثت رحمت عالم کانفرنس سے جنرل (ر)عبدالقیوم ،عبداللہ گل چیئرمین تحریک نوجوانان پاکستان اور جماعت اسلامی یوتھ کے صدر محمد زبیر گوندل نے خطاب کیا اور کانفرنس کا اختتام شیخ سلسلہ عالیہ امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ کے دعا کے ساتھ ہو ا۔
 

Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 250971 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More