ڈاکٹر ذاکر نائیک پر بھارتی پابندیاں

وہ ہر لحاظ سے دوسروں سے مختلف ہیں۔یادداشت ،ذہانت اور مباحثے کی صلاحیت بے پناہ۔بولتے وقت مختلف مذہبی کتابوں کے حوالے ایسے دیتے ہیں جیسے سپر کمپیوٹر کھلاہو۔کتابوں کے ابواب کے نام اور آیات کے نمبر تیزی سے بتاکر آگے بڑھ جاتے ہیں۔روایتی تعلیم میڈیکل کی اور تقابل ادیان کا مضمون احمد دیدات سے سیکھا۔شیخ احمد دیدات فرمایا کرتے تھے کہ جو کچھ میں نے40سال میں جانا اور سمجھا۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے صرف 4 سال میں حاصل کرلیا۔یہ ذاکر نائیک پر اﷲ کا خصوصی کرم ہے۔اﷲ کی دی ہوئی صلاحیتوں کو وہ اﷲ کے دین کے لئے مختص کئے ہوئے ہیں۔ اب تک ان کی تبلیغ سے ہزاروں ہندو،دلت اور عیسائی مسلمان ہوچکے ہیں۔جب بھی کوئی مرد یا عورت اسلام کے دائرہ میں آنا چاہتا ہے تووہ بیانگ دہل ہر ایک سے پوچھتے ہیں کہ آپ پر کوئی معاشرتی یا مالی دباؤ تو نہیں ہے؟۔آپ اپنی رضا سے دین اسلام کے حصار میں آرہے ہیں؟۔اس صورت حال کو تمام دنیا میڈیا پر دیکھ رہی ہوتی ہے۔جیسے انکے پروگراموں میں ڈسپلن دیکھنے میں آیا۔اس سے پہلے کبھی کسی بھی جماعت میں دیکھنے میں نہ آیا۔لائنیں جوعمودی ہوتی ہیں اور متوازی بھی۔ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ کا جدید ترین نظام کسی بھی تنظیم میں یوں نہ دیکھا گیا۔پہلے انہوں نے IRFکے نام سے ادارہ بنایا اور پھر پیس ٹی۔وی کو انگلش ،اردو،بنگلہ اور چینی زبانوں میں پیغام پہنچانے کا ذریعہ بنایا۔انکے طریقے کے مطابق10۔کروڑ لوگوں تک بیک وقت اور بلا واسطہ دین کی دعوت پہنچتی تھی۔انکے قائم کردہ اسلامک انٹرنیشنل سکولوں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جارہی تھی۔بھارت سے باہر بہت سے مسلم ممالک میں تعلیمی ادارے قائم ہوچکے تھے۔تیزی سے پھیلتے دین اسلام کے اس ماثر پیغام کو مودی سرکار برداشت نہ کرسکی۔ایک سال پہلے ڈھاکہ ریسٹورنٹ میں ہونے والے واقعہ کو بھارتی حکومت نے بہانہ بنایا۔عالمی مبلغ اسلام پر بے شمار الزامات لگائے گئے۔یہ کہ دھماکہ کرنے والے ذاکر نائیک سے متاثر تھے۔ساتھ ہی منی لانڈرنگ کا کیس بنادیا گیا۔ اور یہ بھی کہ وہ بھارت میں فرقہ وارانہ اختلافات کا سبب بن رہے ہیں۔یہ تمام باتیں جھوٹ پر مبنی تھیں۔انڈین ایجنسی NIAنےFIRدرج کرادی۔سمن جاری ہونے شروع ہوئے اور آخر میں اب ریڈوارنٹ جاری کرکے انٹرپول سے رابطہ کی کوشش جاری ہے۔جب ذاکر نائیک پر ریاست کی طرف سے الزامات لگنے شروع ہوئے تو وہ پہلے ہی سعودی عرب میں تھے۔عرب امارات،انڈونیشیاء اور اب آخر میں ان کا ٹھکانا ملائشیاء ہے۔یہاں کے ہندوں نے بھی اعتراضات شروع کردیئے ہیں۔برطانیہ اور کینیڈا ان پر پہلے ہی پابندی لگاچکے تھے۔تیزی سے پھیلتی ہوئی اسلام کی دعوت کو بھارت برداشت نہیں کرسکتاتھا۔اب بھارت میں انکے تمام اداروں پر پابندی لگ چکی ہے۔5سال کے لئے ذاکر نائیک پر بھی کام کی پابندی ہے۔12ممبران جن میں ان کے خاندان اور اداروں کے لوگ ہیں انکے تمام کاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں۔انکے قائم اثاثوں کی مالیت18کروڑ کے لگ بھگ تھی۔یہ تمام مخیر حضرات کے تعاون سے قائم کئے گئے تھے۔ان پر یہ جھوٹا الزام بھی لگایا گیا کہ وہ داؤد ابراہیم کے ذریعے پاکستان سے مدد لیتے ہیں۔ذاکر نائیک کو مقامی عدالتوں سے انصاف ملنے کی ہرگز توقع نہ ہے۔اس لئے انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا مقدمہ بین الاقوامی عدالت انصاف میں چلایا جائے۔ان کے مالیاتی امور کو دیکھنے والے عامر گذدار کوبھی گرفتار کرلیاگیا۔ذاکر نائیک کی نہ صرف ویب سائٹ بند کردی گئی بلکہ امریکی کمپنیوں سے رابطہ کرکے کہا جارہا ہے کہ ذاکر نائیک سے متعلقہ سوشل میڈیا کے صفحات بھی بند کردیئے جائیں۔چمن میں بولتے ہوئے بلبل کو مکمل طورپر خاموش کرنے کی ہرکوشش جاری ہے۔لیکن قارئین دیکھ رہے ہونگے کہ میڈیا اب بھی انکے پروگراموں کو دنیا بھرمیں دکھاتا رہتا ہے۔ایک خطرہ البتہ بہت شدید ہوگا اگر بھارت نے اقوام متحدہ کے ارکان سے ملکر کر عالمی پابندیاں لگادیں۔تو پھر اس عالمی مبلغ اسلام کا کام ضرور متاثر ہوگا۔مسلم ممالک کو اقوام متحدہ میں ایسی پیش کردہ قرارداد کو مسترد کروانے کی جدوجہد کرنی چاہئے۔انکی تقریروں،لیکچرز،آڈیوز اور ویڈیوز سے کہیں بھی یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہ بھارت میں فرقہ واریت اور دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے جب بھی پیغام دیا صرف اور صرف امن کا پیغام دیا۔آپس میں مل جل کررہنے کا درس دیا۔انکی ایک ایسی ویڈیو بھی دیکھی گئی کہ جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ بھارت کے مسلمان اور ہندو اگر آپس میں متحدہوکر رہیں تو بھارت بہت جلد دنیا کی سپر پاور بن سکتا ہے۔خودکش دھماکوں کی مذمت انہوں نے اپنے پروگراموں میں کئی دفعہ کی۔فرانس اور جرمنی میں ہونے والے دھماکوں کی خصوصی مذمت کی گئی۔انہیں چند سال پہلے سعودی عرب کی طرف سے دین اسلام کی خدمات پر"کنگ فیصل ایوارڈ"دیاگیا۔ملائیشیاء کے مسلمانوں نے بھی انکی خدمات کوسراہتے ہوئے خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔وہ قرآن و سنت کے حوالوں سے اسلام کی دعوت کو پھیلا رہے ہیں۔انہیں انگریزی کے علاوہ بہت سی زبانوں پر دسترس حاصل ہے۔تیزی سے انگریزی بولتے بولتے وہ اچانک قرآنی آیت کا بالکل درست حوالہ دیکر اپنے موضوع کو واضح کردیتے ہیں۔مسلمانوں میں ایک ترتیب سے قرآن پڑھتے ہوئے حفاظ تو بہت دیکھے ہیں لیکن موضوع سے متعلقہ قرآنی آیات و صحیح حدیث کے حوالے دینا،اور سورۃ نمبر اور آیت نمبر ایسے ہی حدیث کے نمبر بتانا،یہ استعداد صرف ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہاں ملتی ہے۔اینجیل،تورات اور ہندوں کی کتابیں بھی انہیں ازبر ہیں۔توحید اور رسالت کے ثبوت دوسروں کی کتابوں سے وہ بہت تیزی سے ثابت کرتے چلے جاتے ہیں۔ڈاکٹر ذاکر نائیک صاحب نے جہاد کا مفہوم برائیوں کے خلاف جدوجہد ہی بتایا ہے۔وہ جہاد کا انگریزی متبادلStrive and struggleہی بتاتے ہیں۔یہاں سے بھی دنیا کو امن کا پیغام ہی جاتا ہے۔وہ 500ماثر مسلمانوں کی فہرست میں2009ء میں شامل ہوئے اور اب تک اس فہرست میں نمایاں مقام بنائے ہوئے ہیں۔انکے دینی کام کی اگر ماضی کی کسی شخصیت سے مشابہت ہے تووہ صرف اور صرف امام ابن تیمیہؒ ہیں۔امام صاحب نے بھی قرآن وسنت کے چشمہ صافی میں اردگرد سے شامل ہونے والے"اجنبی نظریات"کو اٹھا کرباہر پھینک دیاتھا۔وہ جب حدیث کا لفظ اپنی زبان سے بولتے ہیں توAuthentic Hadithکی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔ضعیف اور وضعی احادیث کو وہ سنت شمارنہیں کرتے۔وہ منطق اور دلائل سے اپنے مؤقف کو حق ثابت کرنے کا فن خوب جانتے ہیں۔وہ مباحثوں میں ڈاکٹر ولیم کیمبل اور ڈاکٹر روی شنکر کو مات دے چکے ہیں۔بھارتی حکومت کو انکے تیزی سے پھیلتے اثرات سے خدشہ ہوا۔کہ ہندوں کی اکثریت کہیں اسلام کے کیمپ میں ہی نہ چلی جائے۔نیچ ذاتوں کے ہندو تو واقعی تیزی سے اپنا کیمپ بدل رہے تھے۔بھارت نے ڈھاکہ دھماکوں کے موقع کو غنیمت جانا اور انکے تمام اداروں پر پابندی لگادی اور ذاکر نائیک پر مقدمات قائم کردیئے۔اگر وہ بھارت سے باہر مستقل رہائش پذیر ہونا چاہتے ہیں تو کون اسے اجازت دے گا؟۔ہر ایک کو پتہ ہے کہ دباؤ نہ صرف بھارت بلکہ اقوام متحدہ کی طرف سے آنے کا بھی امکان ہے۔بادشاہتوں کے لئے ایسے دباؤ کو برداشت کرنا بہت مشکل ہوگا۔کوئی طاقتور جمہوریت ہی انہیں مستقل جگہ دے سکتی ہے۔دورجدید کے مبلغ اسلام کے کام کوجاری رہنا انتہائی ضروری ہے-

Prof Jamil Chohdury
About the Author: Prof Jamil Chohdury Read More Articles by Prof Jamil Chohdury: 72 Articles with 49750 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.