تابشؔ صمدانی کی شاعری اور میرے نام خطوط

ملتان کے معروف شاعر تابشؔ صمدانی جن کی آج 15ویں برسی منائی جارہی ہے

تابشؔ صمدانی

قارئین سے یہ وضاحت ضروری ہے کہ تابشؔ صمدانی میرے والد کے چچا زاد بھائی تھے اس رشتہ سے میرے چچا ہوئے لیکن مجھے ان سے اور شاید انہیں مجھ سے خاص انسیت تھی ، وجہ مجھے نہیں معلوم ،میں تو ان سے اس وجہ سے متاثرتھاکہ وہ میرے خاندان کے ایک ایسے فردتھے جو علم و ادب اور شعر گوئی کا اعلیٰ ذوق رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے آباؤاجداد کے علمی اور ادبی ورثہ کو اپنی آئندہ نسل میں منتقل کرنے کے امین تھے
وہ بھی مجھ پر مہر باں تھے شاید انہوں نے مجھ میں بھی کچھ ایسی ہی صفات محسوس کی ہوں واﷲ عالم بالثواب۔تابشؔ صمدانی اپنے ایک شعر میں اعتراف کیا ؂
یہ بھی مرے اجداد کا احسان ہے تابشؔ
ورثہ میں ملا ہے مجھے مدحت کا قرینہ
نام طفیل احمدصمدانی ، تخلص تابشؔ ، تابش صمدانی سے معروف تھے۔ ہندوستان کے صوبے راجستھان کے شہر بیکانیر (جوکبھی ریاست بیکانیر تھی) میں اپنے آبا ئی مکان ’’آزاد منزل‘‘ میں 20 اگست 1941 کو پیدا ہو ئے۔آپ خاندانِ باری بخش جو بعد میں خاندانِ حسین پور کہلایا کی 36 ویں نسل سے ہیں۔ آپ کے والد ماجد کا نام خلیل صمدانی اور دادا کا نا م شیخ محمد ابراھیم آزادؔ ہے۔ناچیز کے خیال میں :
باغِ ابراھیم کا ایک پھول ہیں تابش
جانشین آزادؔ اور جانِ خلیلؔ ہیں تابشؔ
آزادؔ ، خلیلؔ اور تابشؔ ایک ہی تسلسل کے تین نام ہیں ، خاندا ن، پیشہ، مزاج، عادات و اطوار، ذوق علم و آگہی، شعر گوئی وشعرفہمی اور سب سے بڑھ کر نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اﷲ علیہ و سلم سے والہانہ عشق اور عقیدت اور اس کا اظہارنعت گوئی کے ذریعہ کرنا ایسی قدرِ مشترک ہیں کے جس کا کوئی ثانی نہیں۔ ایک ہی خاندان کے دادا، بیٹے اور پوتے میں تسلسل کے ساتھ اسقدر مطابقت اور قدر مشترک کا پایا جانا خدا تعالیٰ کا خاندان باری بخش کے لئے ایک انمول عطیہ ہے۔ ہم اﷲ تعالیٰ کی اس عنایت پر جس قدر شکر ادا کریں کم ہے :
ہونہ کیوں ناز ہمیں آزا د ؔ ‘ خلیل ؔ و تابشؔ پر
کہ ایک ہی چمن کے یہ درخشندہ ستارے ہیں
رہی ہمیشہ جن کے لبوں پر سر کار کی مدحت
جو صدیوں میں ہوں پیدا یہ مہ انجم ہمارے ہیں
تابشؔ صمدانی نے اپنے آبائی شہر بیکانیر کے آبائی گھر ’’آزاد منزل‘‘ میں آنکھ کھولی تو آزاد منزل کے درو دیوار شعر و سخن کی فضاء سے منورو معمور تھے۔ آزاد منزل کو علم و ادب ‘شعر گوئی اور مدحت رسول ﷺ کی محافل کے انعقاد میں راجستھان میں عام طور پر اور بیکانیر میں خاص طورایک امتیازی حیثیت حاصل تھی۔بقول انصار محشرؔ عباسی امروہوی’’ بیکانیر میں اردو ادب کی داغ بیل کا سہرا آزادؔ مرحوم نے ڈالا ‘‘۔ ہندوستان کے معروف شعراء آزاد منزل میں منعقد ہو نے والی ادبی مجالس اور مشاعروں میں شر کت کیا کرتے تھے اس ادبی ماحول ‘ خاندانی
اثرات اور اپنے والد کی سر پرستی نے تابشؔ صمدانی کی شخصیت کو مجسم سخن فہم اور عاشق زار بنادیا ۔تابشؔ صمدانی کو وکالت کے ساتھ ساتھ شعر و نعت گوئی ورثہ میں ملی تھی ۔ تابش ؔ صمدانی کے دادا جناب آزادؔ ا، والد بزرگوار خلیلؔ صمدانی اور خاندانِ باری بخش کے بے شمار احباب شعر و سخن کا ذوق رکھتے تھے۔تابشؔ نے از خود اس بات کا اعتراف بر ملا کیا کہ انہیں مدحت کا قرینہ ورثہ میں ملا ۔
وراثت میں ملی ہیں جسے آبا کی صفات
کتنا خوش نصیب مدحت سرا ہے تابشؔ
جناب حافظ لدھیانوی نے تابشؔ صمدانی کے مجموعے کلام ’مرحبا سیدی‘ میں ’فکر تابشؔ ‘ کے عنوان سے اظہار خیال کر تے ہوئے واضح کیا کہ ’’ تین پشتوں سے یہ معزز گھرانہ حضور ﷺ کے مدحت نگاروں کی حیثیت سے جا نا پہچانا جا تا ہے۔ تین پشتوں سے گھرکی فضاء میں نعت کے زمزمے گونجتے رہے ہیں میر انیسؔ نے اپنے خاندنی شرف کو بیان کر تے ہوئے کہا تھا ’’پانچویں پشت ہے شبیر کی مداحی میں‘‘حافظ صاحب نے اس مصرعہ کی مناسبت سے ایک اور مصرعہ کہا اور تابشؔ صمدانی کو مشورہ دیا کہ وہ اس کرم خاص کا ذکر کر تے ہوئے کہہ سکتے ہیں کہ’’ تیسری پشت ہے سرکار کی مداحی میں‘‘۔الحمد اﷲخاندان باری بخش میں شروع ہی سے ذوق شاعری بدرجہ اتم موجود ہے اوران کا شمار حضور اکرم محمد مصطفی ﷺ کی مداح سراحوں میں ہوتا ہے۔ جناب آزادؔ کے بعد تیسری ہی نہیں بلکہ چوتھی اور پانچویں پشت میں بھی ذوق شعری، نعت گوئی پا یا جاتا ہے۔الحمد اﷲ تابشؔ صمدانی کے بیٹے رہبر ؔ صمدانی اور سرورؔ صمدانی اعلیٰ شعری ذوق رکھتے ہیں۔ اس وقت ملتان شہر کے معروف شعراء میں شمار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے آبا و اجداد کی میراث کو نہ صرف سنبھال کے رکھا ہوا ہے بلکہ اسے پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
عجز و انکساری کا پیکر ، قناعت اور پاک باطنی ان کی سرشت میں تھی ۔ تہذیب و شائستگی ان کے خمیر میں شامل تھی ۔ وہ ایک بے باک اور کھرے انسان تھے اور سب سے بڑھ کرسر تا پا عاشق رسول ﷺ اور بزرگوں کا حد درجہ احترام تابشؔ صمدانی کی شخصیت کا خاصّہ تھا۔ علامہ احمد سعید شاہ کاظمیؒ کے صاحبزادے جناب مظہرسعید شاہ کاظمی تابشؔ صمدانی کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ’جب میں نے تابشؔ صمدانی کو قریب سے دیکھا تو معلوم ہوا کہ نحیف و نزا ر اور کمزور و ناتواں شخص عزم صمیم کا پیکر‘ اِخلاص و ایثار کا مجسمہ اور جذبوں کا جوالا مکھی ہے عشق رسول ﷺ اس کا مسلک اور بزرگان دین اور اولیاء کرام سے عقیدت و محبت اس کا شرف ہے یہی وجہ ہے کہ نعت رسول ﷺ مقبول ہو یا منقبت اولیا کرام تابشؔ صمدانی کے کلام میں ادبی خوبیوں اور فنی محاسن کے ساتھ ساتھ ان کے دل کی دھڑکن سنائی دیتی ہے اور مثرہ پر چمکتے ہو ئے آنسود کھائی دیتے ہیں‘۔ در حقیقت تابشؔ صمدانی عجز و نکساری کا پیکر تھے بزرگوں کا حد درجہ احترام کیا کرتے اپنوں سے چھوٹوں کے ساتھ بھی انکساری سے پیش آتے بزرگوں کا احترام تو ان کی زندگی کا شعار تھا۔ ایک جگہ آپ کہتے ہیں :
مجھ کمتر و بے مایہ پہ الطاف کی بارش
تابشؔ یہ ثمر ہیں بزرگوں کی دعا کے
تابشؔ صمدانی نمودو نمائش ، دکھاوے اور شہرت سے بہت دور تھے۔ ان کی گفتگوسادہ ، لباس میں حد درجہ سادگی ، رہن سہن میں سادگی اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا کہ تابشؔ صمدانی کی ظاہر ی اور باطنی کیفیت منکسرانہ اور عاجزانہ تھی وہ اپنی گفتگو ، لب و لہجہ ، چال ڈھال اور برتاؤ میں ایک مثالی انسان تھے البتہ شاعرانہ خصو صیات نمایاں تھی۔ انہیں دیکھ کر ایک عام آدمی بھی یہ کہ سکتا تھا کہ مو صوف شاعر ہیں۔ مولوی محمد سلطان عالم انصاری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ملتان کے مطابق ’’انہوں نے کبھی نام و نمود اور شہرت حاصل کرنے کے ذرائع نہیں اپنا ئے پیشہ وکالت کے ساتھ ساتھ انہوں نے ملتان میں نعت گوئی کے فروغ میں جو خدمات سر انجام دی ہیں انہیں کبھی نظر انداز نہیں کیا جاسکے گا‘‘۔ملتان ہی کے جناب حافظ محمد فاروق خان سعیدی کا کہنا ہے کہ ’تابشؔ صمدانی ملتان کی نامور اور ہر دلعزیز علمی و ادبی شخصیت ہیں آپ زود گو اور مشاق
سخنور ہو نے کے ساتھ ساتھ ممتاز قانون داں بھی ہیں۔ شاعری کے علاوہ قانون دانی بھی آپ کو ورثہ میں ملی ہے‘۔
مجھے تابشؔ صمدانی کے انتقال سے کوئی چار ماہ قبل(6جنوری 2002)کو ملتان جا نے اور ان کی تیمارداری کا شرف حاصل ہو ا ۔برادر م سہیل صمدانی نے مشکل آسان کی اور اپنے ہمراہ مجھے تابشؔ صمدانی کے گھر لے گئے ۔ راقم بہت عر صہ سے ان کی شخصیت اور نعت گوئی پر لکھنے کا ارادہ رکھتا تھا چنانچہ دیگر باتوں کے علاوہ اپنے اس ارادہ کا اعادہ بھی کیا ۔ آپ اس وقت اپنی بیماری (کینسر) سے نبرد آزماں تھے ، سخت تکلیف اور کرب میں تھے۔ ایسی صورت میں انسان حوصلہ افزائی ہی کر سکتا ہے سو ایسا کیا اپنے مزاج کے مطابق کسر نفسی سے کام لیا بات یہ طے ہوئی کہ میں کراچی جاکر ایک سوالنامہ بھیجوں گا وہ ان سوالات کے جوابات تحریرکر کے بھیج دیں گے۔ چنانچہ راقم نے ایسا ہی کیا دوسری جانب موذی مرض ان پر حاوی آتا جارہا تھا اور وہ اس کے ہاتھوں اندر ہی اندر شکست کھاتے جارہے تھے۔اپنے انتقال سے ایک ماہ گیارہ دن
قبل (5 مارچ2002) کو آپ نے راقم کو ایک خط تحریر کیا جس کے اوپرتحریر تھا ’’بستر علالت سے ‘‘ ۔ خط کا مکمل متن حسب ذیل ہے۔
بستر علالت سے 786 5/3/2002
عزیز محترم رئیس صمدانی صاحب سلام مسنون
کچھ روز ہوئے والانامہ ملا۔ علالت بڑھتی جارہی ہے۔ پروردگار عالم کی رحمت کی آس ہے۔ انسان کو ہر حال میں شکر ادا کرنا چاہیے۔ آج پھر کیمو تھراپی کے لیے اسپتال میں ایڈمٹ ہو رہا ہوں۔ ایک ہفتہ گھر پر اور دو ہفتے اسپتال میں گزرتے ہیں۔ انشاﷲ جلد ہی دوسرا نعتیہ مجموعہ ’’مرحبا سیدی‘‘ منظر عام پر آرہا ہے پیش کروں گا۔’’آزادؔ ؒ ‘‘ ‘ پر جو مضمون تحریر فرمایا اس کی کاپی عنایت کریں(اپنے جد امجد حضرت شیخ محمد ابراھیم آزادؔ پر راقم کا تحریر کردہ مضمون قصور سے شائع ہو نے والے رسالے ’انوار الصوفیہ ‘ میں شائع ہوا تھا )۔ انٹر ویو کے لیے بہتر اور معروف شخصیت کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ میں کیا اورمیری شخصیت کیا ۔ اگر زندگی اور علالت نے اجازت دی جس قابل ہوں سوالنامہ کا جواب عرض کر نے کی کوشش کروں گا۔ اس میں کوئی شک نہیں آپ محنت اور کاوش فرمارہے ہیں۔یہ اپنی جگہ تعمیری کام
ہے ۔ کراچی کے بیشتر عزیزان سے قریب قریب رابطہ ختم ہو گیا ہے اور نہ ہی ان حضرات کے ایڈریس معلوم ہیں۔
آپ نے ملاقات کے لیے وقت نکالا اس کے لیے میں آپ کا احسان مند ہوں۔ ’مرحبا سیدی‘ میں ڈاکٹر فرمان فتح پوری کا خط بھی شامل ہورہا ہے جو اپنی جگہ سند کا درجہ رکھتا ہے۔ خدا کرے بات بن جائے اور یہ کلام بارگاہِ رسالت میں مقبول ہو جائے۔ علالت کے زمانے میں ہی کلام رہبر اور سرور ( دو نوں آپ کے بیٹے ہیں)سے یکجا کروایا ۔ خود ہی اپنے کلام کا جیسا تیسا انتخاب ہو سکا کیا ہے۔انشاء اﷲ کتاب آنے پر فوری آپ کی خدمت میں روانہ کروں گا۔ دعا فرمائیں خیریت سے یہ شارٹ کامیاب رہے اور گھر خیریت سے واپسی نصیب ہو۔ بھابی صاحبہ (راقم کی والدہ محترمہ)کی خدمات میں خاص طور پر دعا کی استدعا ہے۔ عزیزان کے لیے سلام و دعا۔ گھر کا فون نمبر ۷۷۸۷۷۷ ہے۔ کچھ روز پہلے ہی فون لگا ہے۔ مغیث صاحب سے ملاقات ہو تو میرا سلام اور دعا کے لیے عرض کر دیجئے گا۔ اب
ہمارا بھی کیا پتہ ہے۔ خدا جانے حالیؔ نے کس کرب سے شعرکہا تھا :
اٹھ گئے ساقی جو تھے میخانہ خالی رہ گیا یاد گارِ بزم دلی ایک حالیؔ رہ گیا
پر وردگار عالم آپ کا حافظ و ناصر رہے اور آپ اسی طرح علمی اور ادبی خدمات انجام دیتے رہیں۔ فقط والسلام
دعا گو بھی اور محتاج دعا بھی ، تابشؔ
تابشؔ صمدانی بیماری کی اس کیفیت میں بھی بلند حوصلہ تھے ان کی بیماری ان کے کمزور اور نحیف جسم پر تو حاوی آتی جارہی تھی لیکن وہ کسی صورت بھی ان کے حوصلے اور قوت ارادی کو شکست نہ دے سکی۔وہ تو اﷲ کی ذات پر مکمل بھروسہ رکھتے تھے اور حضور اکرم ﷺ کے سچے عاشق اور مداح سرا ہوں میں سے تھے۔ عشق رسول سے والہانہ محبت کا یہ عالم تھا کہ سخت اذیت اور تکلیف میں ہو نے کے باوجود خواہش ہی نہیں بلکہ عملی طور پر اس جستجومیں تھے کہ کسی طرح ان کا دوسرانعتیہ مجموعہ کلام منظر عام پر آجائے۔ آپ کی یہ خواہش پوری ہوئی آپ کا مجموعہ کلا م ’’ مر حبا سیدی‘‘ آپ کے انتقال سے چند روز قبل منظر عام پر آگیا۔ انتقال سے صرف 12 روز قبل4مارچ 2002 کو آپ نے ایک مختصر خط راقم
الحروف کو تحریر کیا جس کے ہمراہ آپ نے اپنے تازہ مجموعہ کلام کی کاپیاں بھی ارسال کیں۔ خط کا مکمل متن کچھ اس طرح ہے۔
بستر علالت سے ۷۸۶ مورخہ۴ اپریل ۲۰۰۲ء
عزیز محترم رئیس صمدانی صاحب سلام مسنون !
گزستہ دنوں آپ کا خط ملا۔ علالت کی یہ نوعیت ہے ایک ماہ میں کم وبیش پندرہ روز اسپتال میں گذرتے ہیں۔ کل پھر کیمو تھراپی کا شارٹ لگنا ہے۔ ایک ہفتہ دس روز ایڈمٹ رہنا ہوتاہے ۔ دوسرا نعتیہ مجموعہ ’’مرحبا سیدی‘‘ پیش کررہاہوں ۔ ایک کتاب برادر مغیث صمدانی صاحب اور ایک کتاب انعام صدیقی صاحب کے لیے ہے۔ ان حضرات کو بھجوادیں۔ میرے پاس ان کا ایڈریس نہیں ہے۔ انٹر ویو کے لیے مناسب شخص کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ میں کیا اور میری شخصیت کیا ۔ تاہم زندگی رہی اور بیماری نے کچھ مہلت دی تو آپ کے سوال نامے کا جواب عرض کردوں گا۔ آپ البتہ بروشر کے لیے اپنے تاثرات عنایت کریں۔ محترمہ بھابی صاحبہ کی خدمات میں سلام اور دعا کی استدعا ہے۔ جملہ عزیزان کو سلا م دعا۔
فقط والسلام ۔
دعا گو۔ تابشؔ
میرے نام تابشؔ صمدانی کا یہ آخری خط تھا ان کا پہلا خط جو میرے پاس محفوظ ہے انہوں نے ملتان ہی سے 29 جون1980 کو تحریر کیاتھا ۔ان سے میری رفاقت ان کے پاکستان آنے (۱۹۷۰ء)کے بعد سے ہے جب کبھی ملاقات ہوئی دیگر خاندانی موضوعات کے علاوہ علمی اور ادبی موضوعات پر بھی گفتگو ہوا کرتی۔ خط و کتابت کا آغاز1980 میں ہوا ۔ میں نے حضرت شیخ محمد ابراھیم آزادؔ جو میرے پر دادا اور تابشؔ صمدانی کے دادا ہو تے ہیں کے نعتیہ کلام کے انتخاب پر مبنی مجموعہ تر تیب دینے کا ارادہ کیا۔ تابشؔ صمدانی نے میرے اس فیصلہ کی نہ صرف تائید کی بلکہ کلام کے انتخاب میں معاونت کا بھی وعدہ کیا۔1980 میں میں نے اپنی اک کتاب جنا بِ تابش ؔ کوارسال کی اس کے
جواب میں آپ نے راقم کو 29 جون 1980 کو جواب تحریر کیاآپ نے تحریر فرمایا :
’’کتاب عنایت فرمانے کا شکریہ ۔ بڑی مسرت ہوئی ۔پرور دگارعالم آپ کو اس سے بھی زیادہ کامیابی اور شہرت عطا فرمائے آپ خاندان حضرت آزادؔ کا وقار بن کر ابھریں۔میں نے حضرت آزادؔ کے کلام کا انتخاب شروع کردیا ہے یا تو میں تمام انتخاب کی نقل روانہ کردوں یا آپ ملتان کا پروگرام بنالیں۔ میں اس تحریک میں ہر وقت آپ کے ساتھ
ہوں‘‘۔ اس مجموعہ کلام کا عنوان ’’بر لب قدسیاں‘‘بھی جناب تابشؔ صمدانی نے ہی تجویز کیا تھا۔
جنابِ آزادکا نعتیہ کلام جو میں نے اور جناب تابشؔ صمدانی نے منتخب کیا تھا کتابت بھی کرالیا گیا اس کی تصحیح ہو رہی تھی کہ کاتب قمر صدیقی کا اچانک انتقال ہو گیا اور مجھے کتابت شدہ مسودہ باوجود کوشش کے نہیں مل سکا اور یہ مجموعہ منظر عام پر نہیں آسکا جس کا افسو س آج تک ہے۔31 جولائی1980 کے تحریر کردہ اپنے خط میں تابشؔ صمدانی نے دیگر خاندانی باتوں کے علاوہ ملتان ریڈیو اسٹیشن سے حضرت علیؓ کے سلسلے میں 4اگست کو منقبت پڑھنے کی اطلاع بھی دی۔5 نومبر 1980 کو تحریر کیے گئے خط میں 8 نومبر کی شب ریڈیو اسٹیشن ملتان سے سیدنا فاروق
اعظم کی منقبت پڑھنے کی اطلاع بھی دی۔
1986 کی بات ہے تابشؔ صمدانی کراچی تشریف لائے گھر آئے لیکن مجھ سے ملا قات نہ ہوسکی انہیں غالباً اسی روز واپس جانا تھا ۔ میرے نام ایک پرچہ اور ایک فائل چھوڑ گئے۔ پرچہ میں تحریر تھا ’’ ملاقات نہیں ہوسکی ۔ فائل چھوڑے جارہا ہوں ۔ ڈاکٹر صاحب (ڈکٹر فرمان فتح پوری) سے مفصل تاثرات حاصل فرمائیں۔ آپ کو زحمت تو ہو گی کچھ کلام ابھی باقی ہے ۔ جلد ہی کتابت کا کام شروع کرارہاہوں امید ہے اس سلسلے میں آپ خاطر خواہ تعاون فرمائیں گے‘‘۔اس پرچہ پر تاریخ درج نہیں اورنہ ہی مجھے اب صحیح تاریخ یاد ہے البتہ اگست 1986 سے پہلے کی بات ہے (یہ پرچہ اور وہ فائل میرے پاس آج بھی محفوظ ہے)یہ فائل تابشؔ صمدانی کے مجموعہ کلام ’’ برگ ثنا‘‘ کی تھی جو1988میں منظر عام پر آئی۔بعد میں آپ نے اس سلسلے میں کئی خطوط بھی تحریر فر مائے۔اس مجموعہ کلام میں تابشؔ صمدانی کی نعتیہ شاعری کے بارے میں احمد ندیم قاسمی، حفیظ تائب، عرش صدیقی،عاصیؔ کرنالی، اقبال صفی پوری اور حزیں صدیقی کے خیالات شامل ہیں۔باوجود کوشش کے ڈکٹر فرمان فتح پوری صاحب سے رابطہ نہ ہوسکا۔اس دوران آپ کی ایک مختصر کتاب ’’ نذر سعید‘‘شائع ہو ئی جو حضرت علامہ احمد سعید شاہ کاظمی ؒ کے بارے میں
ہے راقم نے کتاب کے بارے میں اپنے تاثرات اور مبارک باد تحریرکی جس کے جواب میں آپ نے تحریر فر مایا :
’’نذر سعید ‘‘ کو پسند فرمانے کا شکریہ ۔ خدا کے فضل سے ادبی حلقوں میں نذرسعید کو پسند کیا گیا ۔ کراچی میں علامہ احمد سعید شاہ کاظمی ؒ کے بڑے مرید اور معتقد ہیں لیکن وہاں میرا کوئی رابطہ نہیں ہے۔نعتیہ مجموعہ ’’برگ ثنا‘‘ کی کتابت کا مرحلہ قریب قریب مکمل ہے فروری میں مکمل ہو جائے گا۔ محترم اقبال صفی پوری صاحب نے اپنے تاثرات عنایت فرما دئے ہیں۔اب کتاب کی طباعت کا مرحلہ در پیش ہے اس سلسلے میں آپ کے تجربات اور تجاویز سے فائدہ اٹھا نا چاہتا ہوں۔ ملتان کی طباعت کا معیار ’’نذر سعید ‘‘ ہے۔ایسی طباعت تو ملتان میں ہو سکتی ہے۔اگر آپ کو مصروفیات
اجازت دیں تو اپنے مشورے سے نوازیں‘‘۔(یہ خط ۴ فر وری ۱۹۸۸ء کو تحریر کیا گیا)
تابشؔ صمدانی کے والد جناب خلیلؔ صمدانی اور دیگر اہل خانہ اپنے بڑے بھائی جناب انیق احمد والد بزرگوار جناب رشید احمد صمدانی کی تیمارداری کی غرض سے پاکستان تشریف لائے اور ملتان میں قیام کیا۔اس دوران تابشؔ صمدانی کے والد اچانک اﷲ کو پیارے ہو گئے تدفین ملتان میں ہوئی۔اس حادثہ کے بعد تابشؔ صمدانی نے فیصلہ کیا کہ وہ اب مستقل پاکستان اورملتان میں قیام کریں گے اپنے والد محترم کی آخری آرام گاہ کو چھوڑ کر اپنے آبائی وطن نہیں جائیں گے۔آپ کو اپنے والد سے بے انتہا محبت اور عقیدت تھی آپ نے اپنی زندگی کا یہ معمول بنا لیا تھا کہ آپ ہر روز اپنی زندگی کے معمولات کی شروعات سے قبل اپنے والد کے مزار پر فاتحہ پڑھا کرتے بعد از آں دنیا وی معمولات شروع کیا
کرتے۔ اپنے اس طرز عمل پر آپ آخر تک قائم رہے۔
تابشؔ صمدانی ملتان میں طرحی نعتیہ مشاعروں کے انعقاد کے بانی تصور کیے جاتے ہیں۔آپ نے ایک ادبی انجمن ’بزم نو‘ قائم کی ۔ اس انجمن کے زیر اہتمام ملتان شہر کے شعراء کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور طرحی نعتیہ مشاعر وں کا سلسلہ شروع کیا۔ مرزاعزیزاکبر بیگ کے مطابق ’’بیشتر غزل گو شعراء اس تحریک سے متاثر ہو کر نعت رسول اکرم ﷺ کی طرف مائل ہوئے اور اب ملتان میں ہر طرف نعتیہ مشاعروں کا
چرچاہے‘‘۔تابشؔ صمدانی کی رہائش گاہ جو نیو ملتان میں ہے نعتیہ مشاعروں کا مرکزتصور کی جاتی ہے۔
تابشؔ صمدانی علی گیرین تھے۔ آپ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے 1965 میں اردو میں ایم اے کی سند حاصل کی تھی ۔ ملتان شہر میں قائم ’علی گڑھ اولڈ بوائز ایسو سی ایشن‘ سے تابشؔ دور کیسے رہ سکتے تھے ۔1970 میں ملتان میں سکونت اختیار کر تے ہی آپ ایسو سی ایشن سے منسلک ہو گئے اور کئی سال اس کے جنرل سیکریٹری رہے۔ ایسو سی ایشن کے صدر اور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ملتان مولوی سلطان عالم انصاری کے مطابق تابش ؔ صمدانی کی گرانقدر خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہیں علی گڑھ سے والہانہ لگا ؤ ہے اور اس تحریک کو وہ پاکستان کی اساس
سمجھتے ہیں‘۔
تابشؔ صمدانی باہمی اخوت اور میل جول پر یقین رکھتے تھے۔ہر ایک کی خوشی اور دکھ درد میں شریک ہوتے ۔ اگر کسی دوسرے شہر میں کسی عزیز رشتہ دارکے دکھ تکلیف کا علم ہو جا تا تو اس سے خط کے ذریعہ اظہار ہمدردی کیا کر تے ۔مجھے یاد نہیں کہ میرے گھر کسی بھی قسم کی پریشانی یا غم میں انہوں نے خط لکھ کر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہا ر نہ کیا ہو۔آپ خاندان کے افراد میں باہمی میل جول، محبت ، رواداری اور خوش گوار تعلق پر یقین رکھتے تھے۔ خاندانی ایسو سی ایشن ’’ ینگ میں حسین پوری ایسو سی ایشن‘‘کی سر گرمیوں میں بھی آپ شریک رہے۔ میں 1990ایسو سی ایشن کے صدر جناب مشکو ر احمد نے تابشؔ صمدانی ، رشید احمد صمدانی، جناب عبدالخالد، جناب فہیم احمد صدیقی اور ملتان شہر میں رہائش پذیردیگر اہل خاندان کو ایسو سی ایشن کی سر گرمیوں میں فعال کردار اداکر نے کی دعوت دی۔ مشکور صاحب کی دعوت پر نہ صرف تابشؔ صمدنی نے بلکہ ملتان سے تعلق رکھنے والے تقریباً تمام ہی حسین پوریوں نے لبیک کہا اور ایسو سی ایشن کی سر گرمیوں میں بھر پور حصہ لیا۔26 دسمبر 1991 میں ایسو سی ایشن کا اجلاس عام فیصل آباد کے شہر ’’بابے والا‘‘ میں منعقد ہوا جس میں صرف ملتان شہر سے تعلق رکھنے والے تقریباً20 اراکین نے شرکت کی۔آپ نے تقریر کرتے ہوئے کہا ’’کبھی بچپن میں ایسو سی ایشن کے بارے میں سنا تھا اب مشکور صاحب کے ملتان آنے کے بعد مجھ تک یہ پیغام پہنچا کہ ینگ مین حسین پوری ایسو ایشن کا اجلاس ہورہاہے تو میرے ذہن میں کچھ سوالات ابھرے ، میرے سامنے ایسو سی ایشن کا منشور نہیں تھا اس لیے میں نے سوچا کہ ینگ میں حسین پوری ایسو سی ایشن کے لیے میں مدعو کیا جارہا ہوں ، میں تو اب پچاس کے پیٹھے میں ہوں ، میں بڑی الجھن میں رہا کہ مجھے اس میں شریک ہونا چاہیے یا نہیں ، میرے برادر گرامی رشید احمد صمدانی اس میں جائیں یا اپنے بچوں کو بھیجیں تو اس کے نام میں ایک ابہام ہے اسے دور ہونا چاہیے‘‘۔آپ نے مزید فر مایا کہ ’’ میں موجودہ انتظامیہ کو ہدیہ تبریک پیش کر تا ہوں ان کا سب سے بڑا کارنامہ تو یہ ہے کہ مجھ جیسے رسوائے زمانہ اور گوشہ عافیت میں رہنے والے شخص کو وہ اسٹیج پر لے آئے تو کیا یہ
ان کی ولایت نہیں ہے۔ میں تو مشکور صاحب کو صدر ہی نہیں سمجھتا بلکہ دور حاضر کا ولی سمجھتا ہوں اور جناب مشکور احمد کا کردار یہ کہ رہا ہے :
اٹھ کہ خورشید کا سامان سفر تازہ کریں
نفس سوختہ شام و سحر تازہ کریں
ایسو سی ایشن کا اجلاس عام 25 دسمبر 1993 میں ملتان شہر میں منعقد ہوا ۔ یہ اجلاس عام ڈاکٹرمصبا ح ا لحق صاحب کے ملتان ہومیوپیتھک میڈیکل کالج میں منعقد ہوا جس میں پاکستان بھر سے خاندان حسین پور کے احباب نے شرکت کی۔تابش ؔ صمدانی نے اپنی تقریر کا آغاز حسب روایت اس شعر سے کیا ؂امیر آتی ہے مجھ کو شرم اس محفل میں کچھ کہتے ہوئیکہ میں ناقص ہوں اور کامل یہاں ہر فن کے بیٹھے ہیںآپ نے کہا ’’میں ان تمام بزرگوں کی ارواح مقدسہ کو سلام پیش کر تا ہوں جنہوں نے یہ ایسو سی ایشن قائم کی اور ہم آج ایک عظیم مقصد کے لیے یہاں یکجا ہوئے ہیں ‘‘۔ خاندان میں پائے جانے والے اختلافات اور رنجشوں کے حوالے سے آپ نے کہا کہ ’’ ہمیں اس بات کا اندازہ لگانا ہو گا کہ وہ کون سے عوامل ہیں جو ہمیں نفاق کی طرف لے جارہے ہیں ان عوامل کا پتہ چلانے کے بعد ہمیں اپنا انداز فکر بدلنا ہوگا۔ پرانی
قدروں کو جدید تقاضوں سے ہم آھنگ کرنا ہوگا کہ آج کا یہ جدید طرز عمل ہی ہمارے درخشاں مستقبل کی ضمانت ہے ‘‘۔
تابشؔ صمدانی اپنے بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ان کے والد قبلہ خلیل احمد نے اپنی زندگی کا طویل حصہ بیماری میں گزارا۔ آپ نے اس بات کا اظہار اس طرح کیا ’’ میری عمر کا بہترین زمانہ اکثر و بیشتر علالت میں گزرا۔ قریب قریب تیس برس مہلک و جاں فرسا امراض کینسر ، ٹیریجمینل نورلجیا وغیرہ وغیرہ میں مبتلا رہا ‘‘۔اس وجہ سے بھی تابشؔ صمدانی کی زندگی دباؤ اور بوجھ میں رہی لیکن انہوں نے حالات کا مقابلہ انتہائی حوصلہ اور بہادری سے کیا۔طالب صمدانی اور حسین صمدانی ان کے چھوٹے بھائی ہیں۔ عقیلہ، طیبہ، طاہرہ، قدسیہ اورسعدیہ ان کی بہنیں ہیں۔ تابشؔ صمدانی کی شادی اپنے خاندان ہی میں جناب مشتاق احمد کی صاحبزادی بہار آرا سے ہوئی۔ تین بیٹے رہبر، سرور، صفدر اور دو بیٹیاں عظمت اور نصرت ہیں۔بیٹے شعری ذوق رکھتے ہیں ، سرور اپنے والد کی طرح شعبہ قانون سے وابستہ ہیں۔شعر بھی کہتے ہیں۔ امید ہے
خاندان کے ساتھ ساتھ اپنے والد کا نام بھی روشن کریں گے۔
تابشؔ صمدانی کی نعتیہ شاعری
تابشؔ صمدانی ان خوش نصیبوں میں سے ہیں کہ جنہیں مدحت سراحی اپنے اجداد سے ورثہ میں ملی گویا نعت گوئی تابشؔ صمدانی کے خمیر کا حصہ ہے۔جیسا کہ پہلے بیان کیا گیا کہ تابشؔ کے دادا حضرت شیخ محمد ابراہیم آزادؔ اور والد بزرگوار جناب خلیلؔ صمدانی اپنے وقت کے معروف اور مستند صاحب دیوان نعتیہ شاعر تھے ۔ تابشؔ صمدانی نے شعور کی دنیا میں قدم رکھا تو اپنے گھر کی فضاء کو سخن فہمی و سخن گوئی سے مسحور پایا انہوں نے اِ سی فضاء میں اپنے دادا حضرتِ آزادؔ اور والد خلیل ؔ صمدانی کی زیر سر پرستی پرورش پائی ۔شعر گوئی کا ذوق پیدا ہو جانا ایک قدرتی عمل تھا چنانچہ وہ بچپن ہی سے شعر کہنے لگے تھے۔ آپ کی شاعری ذہن و ادراک کو متاثر کرنے والی ہے۔ انہوں نے نہایت نازک ، حساس اور شاعرانہ طبیعت پائی تھی ۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے اپنے احساسات و جذبات کوخوبصورت اور دلکش الفاظ کا روپ دیا ۔ آپ کو ایک فطری شاعر کہا جاسکتا
ہے۔
تابشؔ صمدانی کی نعت گوئی میں جو عاجزی و انکساری پائی جاتی ہے وہ ان کی شخصیت کا حصہ ہے ۔ بزرگوں کاحد درجہ احترام ان کی زندگی کا خاصا تھا یہی وجہ ہے کہ تابشؔ کی نعت کی فضاء شاعرانہ ہو نے کے ساتھ ساتھ حد درجہ مودبانہ ہے۔ معروف دانشور ڈاکٹر فرمان فتح پوری کا کہنا ہے کہ’’ آپ نے غزل کا مزاج پایا ہے اس کے رموز آشنا ہیں اور ان رموز کو عشق رسول ﷺ سے بطریق احسن منسلک کر نے کا سلیقہ بھی
ہے‘‘۔تابش صمدانی اس کا اعتراف کر تے ہوئے کہتے ہیں :
مجھ کو یہ اعتراف ہے تابشؔ کہیں کہیں
مضمون غزل کے دیوان میں آگئے
معروف شاعر احمد ندیمؔ قاسمی کے خیال میں ’’تابشؔ صمدانی کی نعتوں کا مجموعہ پڑھ کر مجھے محسوس ہوا کہ نعت بطورعبادت بھی کہی جاسکتی ہے ان کی نعتوں میں وہی عبادت کی سی سپردگی اور لگن ہے وہ حضور ﷺ کے حسنِ صورت کا ذکر کریں یا جمالِ سیرت کا بیان صاف معلوم ہوتا ہے کہ یہ شاعر حضور ﷺ کی ذات و الا صفات کے عشق میں کھویا ہوا ہے اور نعت برائے نعت نہیں کہہ رہا بلکہ اس میں اپنے شعور و وجدان کی تمام رسائیوں اور لطافتوں کو سمو رہا ہے‘‘ ۔ڈاکٹر وزیر آغا کا کہنا ہے کہ تابشؔ صمدانی کی نعت میں عبد و معبود کا ایک حقیقی رشتہ ابھرکر سامنے آگیا ہے ‘‘۔ ڈاکٹر جمیل جالبی نے کہا کہ تابشؔ کے نعتیہ کلام میں عشق رسول ﷺ سے پیدا ہونے والی گرمی نے کلام کو پر اثر بنا دیا ہے‘‘۔اقبال عظیم نے کہا کہ ’’یہ نعتیں پڑھ کر ہر دیانت دار صاحب فکر و نظر کوتسلیم کر نا پڑے گا کہ یہ کلام ایک ایسے پختہ مشق شاعر کا ہے جسے نہ صرف زبان و بیان پر مکمل قدرت حاصل ہے بلکہ جو آدابِ نعت گوئی اور نکات سخن وری سے پوری طرح آگاہ ہے اور جس نے حیات پاک رسول اﷲ ﷺ کا مطالعہ بھی خاطر خواہ کیا ہے ‘ ۔ (مرحبا سیّدی )تابشؔ صمدانی کی نعت میں حضور اکرم ﷺ سے دوری ، ان تک پہنچنے کی تڑپ حدرجہ پائی جاتی ہے۔ ان کی یہ خواہش کہ وہ دربار بنوی ؑ میں حاضر ی دیں ان کے کلام میں نمایاں طورپر نظر آتی ہے۔ آپ کہتے ہیں :
ہر لمحہ آس ہے کہ بلاوا اب آئے گا
اس طرح جی رہا ہوں درمصطفےٰ سے دور
ایک اور جگہ تابشؔ کہتے ہیں :
جاکے واپس نہ آؤنگا تابش
حاصل مدعا مد مینہ ہے
ادب، احترام، عاجزی ، انکساری اور دھیمہ پن تابشؔ صمدانی کی ذات کا حصہ ہیں جنہیں ان کے کلام میں نمایاں طور پر محسو س کیا جاسکتا ہے ۔ آپ ایک جگہ کہتے ہیں :
ہے یہ بھی عطا آپ کی میں نعت سرا ہوں
ورنہ تھا کہاں مجھ میں سلیقہ میرے مولا
پروفیسر ڈاکٹر عرش صدیقی نے کہا کہ تابشؔ صمدانی کا باطن عشق رسول ﷺ سے منور اور ان کا ظاہر یہاں تک کہ ان کی گفتگو کا دھیما پن ان کی چال ڈھال غرض ان کی شخصیت کے ہر پہلو میں عشق رسول منعکس ہے ان کی نعت گوئی کا سب سے نمایاں پہلو محبت کا وہ دلکش والہانہ پن ہے جو ادب کی حدود کا بھی احترام کر تاہے۔ ‘‘(برگ ثنا)
تابشؔ صمدانی کا کوئی باقاعدہ استاد نہیں تھا ابتد ا میں اپنے والد سے فیض حاصل کیا، تابشؔ نے جس ادبی اور شعری ماحول میں پرورش پائی اس نے تابشؔ میں پختگی پیدا کردی۔ پروفیسر عاصی کرنالی کے بقول تابشؔ صمدانی ایک پختہ فکر شاعر ہیں ۔ جوانی ہی میں وہ دستگاہ کمال کے اعلیٰ مقام پر فائز ہیں۔مشاقی نے ان میں مہارت اور چابک دستی کا ھنر پیدا کیا ‘‘۔ ڈاکٹر بیدل حیدر کہتے ہیں کہ تابشؔ صمدانی علمی بصیرت ہے کہ ان کے کلا م میں دور دور تک کسی قسم کا کوئی سقم نظر نہیں آتا ‘‘۔محمد افسر ساجد کا خیال ہے کہ ’’ تابشؔ کی فکر میں پختگی ہے‘‘۔ تجدید نو اسلام آباد کی مدیرہ عذرا اصغر کاکہنا ہے کہ ’ تابشؔ صمدانی کی نعت گوئی کی فضاء مکمل طور پر شاعرانہ آھنگ سے ہمکنار ہے۔ مودبانہ بھی ہے اورمحبت سے لبریز بھی اس طر ح تابشؔ صمدانی ہمیں ایک پختہ گو اور فکر و آگہی کے شاعر نظر آتے ہیں‘‘۔
یہ بات ازظہر من شمس ہے کہ تابشؔ صمدانی نعت گوئی کا قرینہ رکھتے تھے اور اس کے من جملہ رموز سے اچھی طرح آگاہ تھے۔اعزاز احمد آذرؔ کا کہنا ہے کہ ’’ تابشؔ صمدانی کی نعت گوئی اپنے اسلوب و ابلاغ کے لحاظ سے بھی خوبصورت اور اثر آفرینی کا حسین امتزاج ہے‘‘۔ پروفیسر شیخ محمد اقبال نے کہا کہ ’’وہ لفظی جادوگری اور ادبی شعبدہ بازی سے کام نہیں لیتے اور نہ ہی بزم کا جادو جگا تے ہیں ان کا بز تو ان کی محبت
ہے ‘‘۔ تابشؔ صمدانی نے نعت گوئی کو اپنی زندگی کا مقصد قرار دیا ان کی خواہش تھی کہ وہ ہمیشہ نعت کہتے رہیں ۔
تابشؔ صمدانی کا پہلانعتیہ مجموعہ کلام ’’ برگ ثنا‘‘1988 میں جب کہ دوسرا مجموعہ2002 میں منظر عام پر آیا۔ آپ نے اپنے والد جناب خلیلؔ صمدانی کے کلام پر مشتمل مجموعہ بھی مر تب کیا جا 1968 میں بیکانیر، راجستھان سے شائع ہوا ۔یہ آپ کی پہلی ادبی کاوش تھی۔ بزرگان دین سے والہانہ محبت و عقیدت تابشؔ صمدانی کی شخصیت میں کوٹ کوٹ کر بھری تھی اس جذبہ کا اظہار عملی طور پر ان کی مطبوعات ’’نذرِ سعید‘‘ اور ’’ منقبت کے پھول ‘‘ ہیں ۔ اول الذکر اعلیٰ حضرت علامہ احمد سعید کاظمی ؒ سے والہانہ ارادت و عقیدت اوربے پناہ محبت و مؤدت کی آئینہ دار ہے ۔یہ کتاب ۷۸۹۱ میں منظر عام پر آئی۔ ’منقبت کے پھول‘ جناب علامہ حامد علی خان ؒ کی شان میں تابشؔ کا نظرانہ عقیدت ہے۔ تابشؔ کے مجموعہ کلام کے بارے میں ان کے بڑے بیٹے رہبر صمدانی نے یہ قطعہ کہا :
شا ہدِ کبریا کی خصو صی عطا
فکرِ تابشؔ کو کرتی گئی پرُ ضیأ
تاقیامت رہیں گی یہ جلوہ فشاں
’’مرحبا سیّدی‘‘ اور ’’ برگِ ثنا‘‘
تابشؔ صمدانی نعت گوئی کو اپنے اجداد کا ورثہ تصور کرتے ہیں اور اس آرزو کا بھی اظہار کرتے ہیں کہ وہ اپنے اجداد کی طرح زندگی کے اختتام تک سرور کائینات احمد مجتبیٰ ﷺ کے حضور نعت کا نذرانہ پیش کرتے رہنے کی خواہش رکھتے ہیں ۔ اس خواہش کا اظہار انہوں نے اس طرح کیا :
زیست اب جتنی ہے باقی عزم ہے تابشؔ یہی
حمد باری او ر نعت مصطفےٰ لکھونگا میں
لکھ لکھ کے نعت پڑ ھتا رہوں آپ کے حضور
یہ عظمتِ قلم یہ نوا چاھیے مجھے
میری تو زندگی یہی میری تو بندگی یہی
آخری سانس تک رہوں مدح سرا مصطفےٰ
اﷲ نے تابشؔ صمدانی کی یہ آرزو پوری کی باوجود سخت بیماری اور تکلیف کے انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں بھی بستر علالت سے حضور اکرم ﷺ کے حضور نعت کا نذرانہ پیش کیا۔اﷲ تعالیٰ ان کی خواہش کو قبول و منظور فرمائے۔ آمین ؂
ہے عیاں عشق محمدی ؑ ہر ایک شعر سے
رشید الخیال و بلیغ ا لنظر ہے تابشؔ
قبول مدح محبوبی ہو تابشؔ کی رئیس
ہے یہ دعا تمہیں جنت ہو نصیب تابشؔ
تابشؔ صمدانی کو ہم سے جدا ہوئے 15سال بیت گئے ۔ ان سے ملاقاتین، ان کی گفتگو ، ایسا محوس ہوتا ہے کہ ابھی کل کی بات ہے۔ تابش صمدانی نے16اپریل 2002کو داعی اجل کو لبیک کا ، 17اپریل کو ملتان کی متبرک سرزمین اس کا مستقل مستقر ٹہری۔ اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے۔ (16اپریل2017)
 

Prof. Dr Rais Ahmed Samdani
About the Author: Prof. Dr Rais Ahmed Samdani Read More Articles by Prof. Dr Rais Ahmed Samdani: 852 Articles with 1280481 views Ph D from Hamdard University on Hakim Muhammad Said . First PhD on Hakim Muhammad Said. topic of thesis was “Role of Hakim Mohammad Said Shaheed in t.. View More