پنجاب میں جگر کی پیوند کاری

حکومت پنجاب گذشتہ ساڑھے آٹھ برسوں سے دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر صوبے کے عوام کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔حکومت نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج ومعالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔عوام کو صحت کی بہترین سہولتو ں کی فراہمی کے سلسلے میں صوبے بھر کے تمام ہسپتالوں کو جدید آلات سے آراستہ کیاگیا ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنا اور غریبوں کی خدمت کرنا وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا مشن رہاہے جسے وہ آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ خیال ہے کہ وہ کسی پر احسان نہیں کر رہے بلکہ ان کا یہ ایمان ہے کہ قومی وسائل پر غریبوں کا حق ہے یہ وسائل عوام پر ، ضرورت مندوں پر خرچ ہونے چاہئیں تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات میں احساس محرومی پیدا نہ ہو۔ صحت کے میدان میں مفت ادویات کی فراہمی، فری ڈائلسسز، ینگ ڈاکٹرز کی مستقلی ، ڈاکٹروں کی تنخواہو ں میں اضافہ، ڈاکٹروں کے سروس سٹرکچر کی منظوری، ہسپتالوں میں ائرنڈیشنزز کی تنصیب ، نرسز کی ریگولرائزیشن ، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔صوبے کے دو ر دراز علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو صحت کی سہولیات انکی دہلیز پر مہیا کرنے کیلئے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موبائل ہیلتھ یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔صوبائی دارلحکومت لاہور میں واقعہ شیخ زید ہسپتال میں پنجاب حکومت کی جانب سے جگر کی پیوند کاری کا بھی آغاز کیا جا چکا ہے، جو کہ نہایت کامیابی سے جاری ہے۔

گزشتہ روز شیخ زید ہسپتال لاہور کے لیور ٹرانسپلانٹیشن یونٹ میں پاکستان کے ایک تاریخ ساز مسیحا، ڈاکٹر طارق بنگش سے ملاقات ہوئی تو احساس ہوا کہ "ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جہاں میں۔" ڈاکٹر بنگش کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہیں لیکن وہ پنجاب میں بیٹھ کر مذکورہ ہسپتال کے اس نہایت ہی اہم شعبہ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

شیخ زید ہسپتال کے لیور ٹرانسپلانٹیشن یونٹ نے اپنی عملی زندگی کی شروعات اگست 2011 ء میں کیں جب سید عامر رضا نامی ایک مریض جگر کے ناکارہ پن کی وجہ سے کاتبِ تقدیر کے آگے دست بَدْعا تھا۔ انھی دِنوں لاہور کا میٹرک کا ایک طالبِ علم 16 سالہ ارسلان شدید زخمی حالت میں شیخ زید ہسپتال میں داخل ہوا۔ ارسلان نے اپنے والدین کو وصیت کی کہ اگر وہ مر جائے تو اس کا جگر Donate کردیا جائے۔ پھر وہی ہوا کہ ارسلان تو داعئی اجل کو لبیک کہہ گیا لیکن سید عامر رضا کو ایک نئی زندگی عطا کر گیا۔کم و بیش 12 گھنٹے کی اعصاب شکن لیکن انہماک سے بھرپور جدوجہد کے بعد ڈاکٹر طارق علی بنگش کی ٹیم نے ارسلان کے جگر کی عامر رضا کو پیوند کاری کرکے پاکستان میں ایک تاریخ رقم کر دی۔ ڈاکٹر عامر لطیف ، ڈاکٹر عمر علی اور ڈاکٹر خاور شہزاد نے ڈاکٹر بنگش کی ٹیم میں شمولیت کرکے اپنے ناموں کو احترام اور مہارت کی علامت کے طور پر محفوظ کر لیا۔

قارئین کی دلچسپی کے لیے یہ بتانا ضروری معلوم ہوتا ہے کہ ڈاکٹر بنگش نے 1996 ء میں ایم بی بی ایس کیا اور پھر مزید تعلیم کے لیے انگلستان چلے گئے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ نے لیڈز میں جگر کی پیوند کاری کے 9 مختلف مراکز میں کام کرکے اپنے شعبہ میں مہارت حاصل کی۔ ڈاکٹر صاحب پاکستان تشریف لائے تو ہمیشہ بھارت کی طرف اْٹھنے والی آنکھوں نے انھیں اپنا مسیحا و ملجا سمجھنا شروع کر دیا اور ڈاکٹر بنگش نے اپنے محدود وسائل کے باوجود اْن کی امیدوں پر پورا اْترنے کی کوشش کی۔

24 فروری 2012 ء کو جگر کی پیوند کاری کے میدان میں ایک اور بڑا قدم اْٹھا جب کسی غیر ملکی ڈاکٹر کی مدد اور رہنمائی کے بغیر ڈاکٹر بنگش نے کامیاب پیوند کاری کرکے یہ ثابت کر دیا کہ ہم کسی سے کم نہیں۔ 2015 ء کے اوائل تک جب شیخ زید ہسپتال کے جگر کی پیوند کاری کے شعبہ میں ڈاکٹر بنگش 47 کامیاب پیوند کاریا ں کر چکے تھے تو48 ویں سرجری میں پہلی بار ناکامی کا مْنہ دیکھنا پڑا۔ نتائج کی اِس شرح کو دیکھا جائے تو یہ حیران کْن منطر نامہ پیش کرتی ہے اور اہلِ وطن سے سجدہ شکر بجالانے کا تقاضا کر تی ہے۔

گزشتہ روز کی ملا قات میں ڈاکٹر بنگش نے بتایا کہ وہ اِس یونٹ میں 88 پیوند کاریاں کرچکے ہیں۔ ان مریضوں میں الحمد ﷲ 79 بقیدِ حیات ہیں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ لوگوں کو 90 فیصد کامیابی کو مرکزِ نگاہ بنانا ہوگااور اﷲ کی ذات پر بھروسہ کرنا ہوگا۔ راقم نے جب اْن سے یہ سوال کیا کہ گْردہ عطیہ کرنے والے لوگوں میں شرح موت کیا رہی تو اْن کا جواب سْن کر اْن کے ہاتھ چومنے کو جی چاہا۔ فرمانے لگے کہ ریکارڈ کی بات ہے کہ اِس ہسپتال میں جگر کا ایک Donor بھی موت کے مْنہ میں نہیں گیااور ہم اِس بات پر ربِ ذوالجلال کے بے حد شکر گزار ہیں۔

 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Asghar Ali Javed
About the Author: Asghar Ali Javed Read More Articles by Asghar Ali Javed: 19 Articles with 22706 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.