قرآن محبت ہے

اپنے ہوم پیج پر آئ پوسٹس دیکھ کر میں سوچ رہی تھی .. کہ درد یا غم کی کیفیت زندگی کا ایک حصہ ہے مگر ایسے میں جب لوگ دکھی گانے اور ویسی ہی ڈپریسو شاعری سے اسکو ریلیٹ کر رہے ہوتے ہیں تو وہ نفس کے درد کی لذت پسندی، خود ترسی، خود ساختہ مظلومیت کو اکسا رہے ہوتے ہیں .. جو کہ انانیت اور خود پسندی کی ہی ایک شکل ہے. . جو کرتے کرتے انہیں اپنے درد کی تشہیر پر لے آتا ہے .. حالانکہ سچ کہوں میں کوئ تبلیغ یا نیکی کی بات نہیں کر رہی .. سونگز میں بھی ادھر ادھر سن لیتی ہوں.. مگر ایسی کیفیت میں اگر آپ واقعی سچے دل سے قرآن سے رجوع کریں تو جیسے قرآن اپنے مزید مفہوم لئے آشکار ہوتا ہے. مزید آپکے درد کا اذیت میں ڈھلنے کا نہیں بلکہ کیفیت کی تطہیر کا عمل شروع ہو جاتا ہے. دکھی شاعری یا سونگز سے درد کم نہیں ہوتا بلکہ بڑھ جاتا ہے جبکہ قرآن کی بات سے جیسے واقعی سکون اترنے لگتا ہے.. سچا درد سچے طبیب کو ہی درد کے راز دیتا ہے تشہیر یا واویلے نہیں مچاتا. اور سچا درد سچے مرہم سے ہی شفا پاتا ہے ..!

قرآن شفا ہے دلوں کے لئے .. دلوں کے روگ کے لٰئے.. ہدایت ہے ان کے لئے جو نصیحت قبول کرنا چاہیں .. امید ہے ان ٹوٹے دلوں کے لئے جو اپنی شکستگی میں الزام اور جواز تراشی سے پرہیز کرتے فقط رب سے رجوع کرتے ہیں .. قرآن بلکتے دلوں کا سہارا ہے .. صبر کا راز لئے امید سے مزین سعیء مستقل کا درس و رمز دیتا اللہ کا بے حد خوبصورت رحمتوں سے بھرپور تحفہ ہے اپنے پیارے محبوب رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر انکی امت کے لئے ..

مگر افسوس یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو بس مردوں کو ثواب پہنچانے کا ذریعہ بنا چھوڑا ہے.. یہ کتاب تو تیرگی میں مشعل راہ ہے یہ تو زندہ انسانوں کی راحت جاں ہے ..اپنی زندگی کو گانوں فلمز ڈراموں اور شاعری سے ایسوسی ایٹ کرنے کی بجائے اگر ہم واقعی قرآن میں انبیاء کے واقعات سے درس لیں تو ہم اپنی اور دوسروں سب کی زندگی میں باعثِ سکون بن سکتے ہیں ان شاءاللہ .. اللہ ہم سے بہت پیار کرتا ہے .. دیکھتا ہو گا میرا بندہ اپنے گھر میں رکھے مرہم کی بجائے .. یعنی مجھے چھوڑ کر کس سے مدد لے رہا ہے.. میں اسکے لئے خیر کا سامان کئے اسکے رجوع کا منتظر اور وہ اپنے ہی درد میں کہاں مارا مارا پھر رہا ہے ..اللہ ہمیں ہدایت دے اور قرآن کا سچا رمزِ محبت عطا فرمائے اللھم آمین..! تو آؤ اپنی ہی خیر کی جانب..تو آؤ اپنے رب کی جانب.. والی ربک فارغب.. ففروا الی اللہ!

حیاایشم!
Haya Aisham
About the Author: Haya Aisham Read More Articles by Haya Aisham: 12 Articles with 16740 views Alhumdulillahe Rabbil Aalmeen!.. View More