گزارشات۔۔۔۔۔

پولیس فورس کے جوانوں سے
جو اپنی حفاظت نہ کر سکیں وہ دوسروں کوکیا تحفظ فراہم کریں گے، گزشتہ روز کراچی میں پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور سات پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا گیا۔چند دن پہلے چھوٹو کا شکار کرنے والے خود اس کا شکار بن گئے، پولیس کے جوانوں کا خون پاکستان میں بہت ارزاں ہے، آئے روز دو چار جوانوں کو شہید کر دیا جاتا ہے اور ذمہ دار دہشت گرد۔۔۔نہ
حکومت ، نہ کوئی وزیر نہ مشیراور نہ ہی کوئی پولیس کا اعلیٰ افسر۔

ان لوگوں سے تو کوئی گلہ بھی نہیں کیوں کہ یہ اپنا کام کر رہے ہیں دہشت گرد شہید کر رہے ہیں اور وزیر مشیر انعامات کے اعلانات۔۔ریٹ بھی ہر صوبے کا الگ ہے کوئی مرنے پر دس لاکھ دیتا ہے تو کوئی بیس۔۔قاتل پکڑنے پر پچاس ، پچاس لاکھ۔۔۔مگر افسوس یہ اعلانات نہ تو مرنے والوں کو واپس لا سکتے ہیں اور نہ ہی ان کے خاندان کا غم کم کر سکتے ہیں ، اگر یہی پیسہ ان جوانوں کی مناسب تربیت پر لگا یا جاتا، ان کے پاس بھی جدید اسلحہ ہو تا، بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ ہو تا تو شا ئد ان کی زندگیاں بچائی جا سکتیں ۔

مجھے گلہ ہے تو پولیس فورس کے جوانوں پر، جب ڈاکٹرز، استاد، کلرک ، سب اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرتے ہیں ، اور حقوق بھی وہ جن سے کم از کم ان کی جان کو کوئی خطرہ لا حق نہیں ہوتا ، تو آپ لوگ اپنے حقوق کی آواز کیوں نہیں بلند کرتے، کیوں آپ لوگ مناسب تربیت، جدید اسلحہ اور دیگر حفاطتی آلات کا مطالبہ نہیں کرتے، کب تک آپ لوگ بے

گناہ موت کا شکار بنتے رہیں گے۔ جب کروڑوں روپے سیاستدان اپنی عیاشیوں پر خرچ کر سکتے ہیں تو آپ کی سہولیا ت کے لئے کیوں نہیں ؟

کاروباری/مخیر شخصیات سے
پاکستان میں بہت سی ایسی کمپنیاں اور کاروباری شخصیات ہیں ،جن کا کاروبا ر بہت اچھا ہے ،یہ کمپنیاں ہر سال کروڑوں روپے ایڈورٹائزنگ پر خرچ کر تی ہیں ،اگر یہ کمپنیاں یا کاروباری حضرات اپنے ایڈور ٹائزنگ کے بجٹ کا کچھ حصہ پولیس فورس کے جوانوں کے حفاظتی آلات (بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹ وغیرہ) کیلئے مختص کر دیں ، اور ان آلات پر سپانسر کے طور پر اپنی کمپنی یا کاروبا ر کا نام یا لوگو وغیرہ چسپاں کر دیں تو اس طریقہ سے ان کی ایڈورٹائزنگ بھی ہوتی رہے گی اور پولیس کے جوان بھی محفوظ رہ سکیں گے۔

اگر بڑے بڑے سپورٹس ایونٹ سپانسرشپ سے کامیاب ہو سکتے ہیں ، توپولیس فورس کے جوانوں کو محفوظ بنانے کا ایونٹ بھی اس طرح یقینا کا میاب ہو سکتا ہے۔گو کہ یہ کام حکومت کا ہے مگر حکومت کچھ نہ کرے تو ایسے کاروباری حضرات کی بھی معاشرتی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کے کاموں کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ پولیس کے جوان بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور ایک انسان کی جان بچانا گو یا پوری انسانیت کو بچانا ہے۔
IMRAN HYDER AWAISI
About the Author: IMRAN HYDER AWAISI Read More Articles by IMRAN HYDER AWAISI: 3 Articles with 5571 views President of Awaisia Foundation Regd. Member of Institute of Cost and Management Accountants of Pakistan (ICMAP), Finalist of Institute Chartered Acco.. View More