تبلیغ ودعوت کی عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی ممبئی کی مطبوعہ کتابیں

ہندوستان میں ایساکون سی مذہبی مسلمان ہوگاجسے یہ خبرنہ ہوکہ تبلیغ ودعوت کی عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی ،تبلیغ کے میدان میں نمایاں کارنامے انجام دے رہی ہے۔عوام الناس میں جاکرانہیں مذہبی تعلیمات وافکارسکھانے نیزانہیں عمل پرابھارنے کافریضہ تویہ تحریک تقریبا گزشتہ پچیس سالوں سے کرہی رہی ہے اس کے علاوہ عوام الناس کے اصلاح عقائدواعمال کے لیے کتابیں بھی شائع کرچکی ہے۔اس مقصدکے تحت اب تک مختلف موضوعات پربہت ساری کتابیں شائع ہوچکی ہیں ۔ذیل میں ہم پہلے امیرسنی دعوت اسلامی عطاے مفتی اعظم ہندحضرت مولانامحمدشاکرنوری مدظلہ العالی کی تصنیف کردہ کتابوں کامختصرتعارف پیش کررہے ہیں اس کے بعددیگرمصنفین کی کتابوں کاتذکرہ کریں گے ۔یہ کتابیں سنی دعوت اسلامی کے دوسرے نشریاتی ادارہ ’’ادارہ معارف اسلامی‘‘کے زیراہتمام شائع ہوئی ہیں۔
(۱) برکات شریعت (درسی کتاب):(اردو،ہندی)
یہ سنی دعوت اسلامی کی درسی کتاب ہے ۔یہ خالص مردوں کے لیے تیارکی گئی ہے ۔ایک ہزارسے زائدصفحات پرمشتمل اس کتاب کو اسلامیات کاایک انسائیکلو پیڈیابھی کہہ سکتے ہیں۔آسان لب ولہجے میں تیارکی گئی اس کتاب میں ہراس چیزکاتفصیل سے بیان ہے جس کی ایک انسان کواسلامی زندگی گزارنے کے لیے عموما ضرورت پڑتی ہے ۔
(۲) برکات شریعت برائے خواتین (درسی کتاب):(اردو)
یہ بھی سنی دعوت اسلامی کی درسی کتاب ہے لیکن یہ خالص خواتین کے لیے تیارکی گئی ہے۔اس کے بھی صفحات ایک ہزارسے زائدہیں ۔چوں کہ عورتوں کے بعض احکام ومسائل مردوں سے مختلف ہوتے ہیں ،ان کی نفسیات اوررجحانات بھی مردوں سے جداگانہ ہوتے ہیں اس لیے مستقل طورپران کے لیے اس کتاب کوتیارکیاگیاہے ۔سنی دعوت اسلامی کی مبلغات اس کتاب سے درس دیتی ہیں ۔
(۳) تذکرۂ صالحات :(اردو،ہندی ،انگلش)
یہ کتاب ہماری ان قابل فخر اور تاریخ ساز ماؤں کے تذکرے پر مشتمل ہے ، جنہوں نے تاریخ میں انقلاب برپا کیا اور اپنی تربیتی نقوش اپنے بچوں اور ماتحتوں میں اس طرح منتقل کیے کہ ان کے بچے بھی نہ صرف یہ کہ خود جگمگائے بلکہ تاریخ کو بھی جگمگاگئے۔ ۳۰۴؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب میں قرآن کریم میں خواتین کا ذکر ، اﷲ کی محبت ، اﷲ سے دوستی ، عشق رسول صلی اﷲ علیہ وسلم ، اطاعت رسول صلی اﷲ علیہ وسلم ، توکل علی اﷲ کے واقعات ، جذبہ قربانی ، خوف خدا، دین پر استقامت، ذکر خدا کا شوق ، شوق عبادت ، صبر و تحمل ، فکر آخرت ، جذبۂ سخاوت و انفاق فی سبیل اﷲ، دنیا سے بے رغبتی ، جذبۂ شجاعت ، حیا اور پاک دامنی ، شوہر کی فرماں برداری اور محبت ، جذبۂ تعلیم و تعلم ، تربیت اولاد ، متفرق واقعات ۔ ان ابواب کے تحت درجنوں واقعات ذکر کیے گئے ہیں ۔ خاص عورتوں کے لیے لکھی گئی یہ کتاب مردوں کو بھی پڑھنی چاہیے ۔
(۴) نوری اور ادو وظائف :(اردو،ہندی،انگلش)
یہ کتاب اور ادوادعیہ وغیرہ پر مشتمل ہے ، اس میں ہر ماہ کے اشغال و احکام اور دعاؤں اور وظیفوں کو بڑی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے ۔ امراض کا روحانی علاج بھی ہے ۔ یہ کتاب ۶۰۸؍ صفحات پر مشتمل ہے اور نہ جانے کتنے درد کے ماروں کا ’’شافی علاج‘‘ ہے ۔ اس کتاب کی ترتیب و تدوین میں سنی دعوت اسلامی کے مرکزی ادارہ جامعہ غوثیہ نجم العلوم ممبئی کے فارغ التحصیل تین فاضل مولانا سید عمران الدین نجمی ، مولانا محمد عبداﷲ اعظمی نجمی ، مولانا جاوید رضا نجمی (اساتذہ جامعہ حرا، مہاپولی بھیونڈی ، مہاراشٹر)کا بھی تعاون رہا ہے ۔
(۵) ماہِ رمضان کیسے گزاریں ؟ :(اردو،ہندی ،انگلش)
۱۵۲ ؍صفحات کی یہ کتاب ماہ رمضان المبارک کے فضائل و برکات ، مسائل و احکام اور اشغال و اعمال پر مشتمل ہے ۔ ماہ رمضان المبارک کو صحیح طور پر گزارنے کے لیے یہ کتاب بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ ۱۵۲؍ صفحات میں وہ سب کچھ بیان کردیا گیا ہے ، جس کی ایک عام مسلمان کو اس مہینے میں ضرورت پڑتی ہے ۔کئی سالوں سے یہ کتاب ماہ رمضان کی آمد سے قبل چھپتی ہے اور عام ہوتی ہے ۔
(۶) بچوں کو نصیحتیں : (اردو،انگلش)
اس کتاب میں یہ بتایا گیا ہے کہ بچوں کی تربیت کیسے کی جائے ۔ قرآن و حدیث اور اقوال ائمہ کی روشنی میں قارئین کی رہنمائی کی گئی ہے ۔ مصنف کی جانب سے کوشش کی گئی ہے کہ قرآن کریم میں جہاں جہاں نصائح کا ذکر ہے اس کا ذکر کردیا جائے ، چنانچہ انبیاے کرام ، حضرت لقمان اور حضرت امام غزالی کی نصیحتوں کو بھی بطور خاص شامل کیا گیا ہے ۔ کتاب کے صفحات ۹۶ ؍ہیں۔
(۷) حیات سلطان الہند خواجہ غریب نواز :(اردو،ہندی)
عطاے رسول ، خواجۂ خواجگان، ہند کے راجا ہمارے خواجہ حضرت سیدنا خواجہ معین الدین چشتی اجمیری (ولادت ۵۳۰ھ ، وصال ۶۲۷ھ ) علیہ الرحمۃ و الرضوان کی حیات وخدمات کو مختصر طور پر بیان کیا گیا ہے ، اجمالی طور پر جو حضرات حضرت غریب نواز کی شخصیت کو جاننا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ عمدہ تحفہ ہے ۔ کتاب کے صفحات ۴۶ ؍ہیں ۔
(۸) حیات مفتی اعظم ہند کے تابندہ نقوش :(اردو)
اعلیٰ حضرت امام احمد رضاقدس سرہ کے شاہ زادے حضور مفتی اعظم ہند علامہ مصطفی رضا خاں قادری علیہ الرحمہ حضرت امیر سنی دعوت اسلامی کے شیخ طریقت بھی ہیں ۔ گویا یہ کتاب مصنف محترم کی جانب سے ان کے شیخ طریقت کی بارگاہ میں ایک خراج عقیدت بھی ہے۔ حضور مفتی اعظم ہند سے ان کی وابستگی کا عالم یہ ہے کہ اب انہیں عطاے مفتی اعظم ہند کہا جاتا ہے بلکہ یوں کہاجائے کہ عطاے مفتی اعظم ہند ان کے نام کا جز بن چکا ہے ۔ اس کتاب میں انھوں نے اپنے شیخ طریقت کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر بڑے احسن طریقے سے روشنی ڈالی ہے کتاب کے صفحات ۵۶ ؍ہیں ۔
(۹) طریقۂ کار و ہدایت براے مبلغین :(اردو)
امیر سنی دعوت اسلامی چوں کہ سنی دعوت اسلامی کی زمام امارت سنبھالے ہوئے ہیں اس لیے ضروری تھا کہ تحریک سے وابستہ مبلغین کے لیے کچھ ہدایات اور کام کرنے کا طریقۂ کار ضبط تحریر میں ہو۔ یہ کتاب اسی کی عملی شکل ہے ، اس میں بتایا گیا ہے کہ مدعو کی تربیت کیسے کرنی ہے ، تحریک کی جانب سے جو دعوتی قافلے مختلف علاقوں میں جاتے ہیں ان کے ذمہ داران اور منتظمین کے لیے بھی ہدایات ہیں ، معلمین کے لیے بھی ہدایات درج کی گئی ہیں کہ طلبہ کو کیسے پڑھانا ہے ۔ الغرض یہ کتاب نظم و ضبط سکھاتی ہے ۔ سنی دعوت اسلامی سے وابستہ حضرات اور دعوتی کاموں کا جذبہ رکھنے والے حضرات کو یہ کتاب ضرور پڑھنا چاہیے ۔
(۱۰) خواتین کے واقعات :(اردو،ہندی)
اس کتاب میں اسلاف خواتین کا تذکرۂ جمیل کیا گیا ہے ، مختصر واقعات ذکر کرکے قارئین کی فکری و عملی تربیت کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے ۔ کتاب ۴۸؍ صفحات پر پھیلی ہوئی ہے۔
(۱۱) خواتین کا عشق رسول :(اردو،ہندی)
۲۴؍ صفحاتی مختصر کتاب میں خواتین کے عشق رسول کے واقعات ذکر کیے گئے ہیں ، انہیں پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ہماری اسلام کی خواتین نہ صرف یہ کہ عابدہ زاہدہ تھیں بلکہ ان کے سینوں میں عشق رسول کا سمندر بھی موجزن رہتا تھا ۔ شمع عشق نبوی سے روشنی کشید کرنا ان کی حیات مبارکہ کا خلاصہ تھا۔
(۱۲) مسلم کے چھ حقوق : (اردو،ہندی،انگلش)
کتاب صرف ۳۲ ؍صفحات پر مشتمل ہے لیکن نہایت اہم موضوع پر ہے ۔ ایک حدیث نبوی میں فرمایا گیا ہے کہ ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پر چھ حقوق ہیں۔ یہ کتاب در اصل اسی حدیث نبوی کی تشریح ہے ۔ کتاب پڑھنے کے لائق ہے ۔
(۱۳) امام احمد رضا اور اہتمام نماز :(اردو،انگلش)
چودھویں صدی کے مجدد اور عبقری اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری بریلوی قدس سرہ العزیز جتنے بڑے عالم و مفتی تھے اتنے ہی بڑے متقی بھی تھے۔ ان کی پوری حیات تقویٰ و طہارت کے نور سے معمور ہے ۔ اس کتاب میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا کی مبارک حیات کے صرف ایک پہلو کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا ہے ۔ نماز کے سلسلے میں ان کا اہتمام اور مواظبت ہم سب غلامانِ امام احمد رضا کے لیے مشعل راہ ہے۔ کتاب میں اہتمام نماز سے متعلق امام احمد رضا کے اقوال و اعمال کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ کتاب کے صفحات ۴۰؍ ہیں ۔
(۱۴،۱۵،۱۶) معمولات حرمین : (اردو،ہندی،انگلش)
حضرت امیر سنی دعوت اسلامی کی یہ سب سے مقبول کتاب ہے۔ معمولات حرمین در اصل تین کتابوں کا مجموعہ ہے ۔ (۱) حج کیسے کریں ؟ (۲) حج کیوں کریں ؟ (۳) آدابِ مدینہ ۔ حج اور عمرہ کرنے والوں کے لیے نہایت ضروری ہے معمولات حرمین کا مطالعہ کریں ، خود بھی خریدیں اور اپنے احباب کو تحفے میں بھی پیش کریں ۔ یہ تین مختصر مختصر کتابیں پاکٹ سائز کے ایک باکس میں دی جاتی ہیں ، اور اس باکس کا نام معمولات حرمین ہے۔
(۱۷) بے نمازی کا انجام :(اردو،ہندی،انگلش)
نماز سے غفلت عام ہے اسی غفلت سے جگانے کے لیے یہ مختصر کتاب تیار کی گئی ، مصنف محترم نے کوشش کی ہے کہ نماز سے دور بھاگنے والوں کو سجدوں سے قریب کردیاجائے ۔ کتاب کے صفحات ۲۰؍ ہیں ۔اس کا نیاایڈیشن اضافے کے ساتھ جلدمنظر عام پر آنے والاہے۔
(۱۸) عذاب قبر سے نجات کا ذریعہ :(اردو،ہندی)
عذاب قبر برحق ہے ۔ گنہگاروں کو ضرور اس راہ سے گزارا جائے گا ۔ اس کتاب میں ان اعمال کا تذکرہ کیا گیا ہے جو عذاب قبرسے نجات دلاتے ہیں ۔ دوسر ے معنوں میں کہا جاسکتا ہے کہ مصنف محترم نے قارئین کو نیک اور صالح بننے کے گر سکھائے ہیں تاکہ عذاب قبر کی نوبت ہی نہ پیش آئے ۔ کتاب ۳۲؍ صفحات پر مشتمل ہے۔
(۱۹) قوموں کی تباہی کا اصلی سبب :(اردو،انگلش)
۸۰؍ صفحات پر پھیلی ہوئی اس کتاب میں حضرت امیر سنی دعوت اسلامی نے اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی ہے کہ امم سابقہ ہلاکت سے دو چار کیوں ہوئیں۔ قرآن کریم کی روشنی میں انھوں نے وہ سبب تلاش کرکے اپنے قارئین سے شیئر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پچھلی امتیں محض اس وجہ ہلاک ہوئیں کہ انہوں نے اپنے انبیا کی توہین کی تھی اور ان کی اطاعت کرنے سے انکار کیا تھا ۔ یہ آئینہ سامنے رکھ کر انہوں نے آج کے بدمذہبوں کو ان کا چہرہ دکھانے کی بھرپور کوشش اور کامیاب کوشش کی ہے۔
(۲۳-۲۲-۲۱-۲۰) تحفہ نکاح :(اردو،ہندی،انگلش)
یہ کتاب چار حصوں کا مجموعہ ہے ۔ (۱) نکاح کا اسلامی تصور ۔ (۲) حقوق زوجین ۔(۳) طلاق اور عدت کے احکام ۔ (۴) جہیز کی حقیقت ۔ گویا یہ چار کتابوں کا سیٹ ہے ۔ شادی کرنے والوں اور شادی کرانے والوں کے لیے یہ نہایت اہم تحفہ ہے ۔ کتابوں کے ناموں سے اندازہ ہوگیا ہوگا کہ اس کے مندرجات کس قسم کے ہوں گے ۔ شادی بیاہ میں جہیز کی وبا نے اسلامی معاشرے کی روح کو زخمی کردیا ہے ، اسی زخم پر مرہم رکھنے کے لیے یہ ’’دوا‘‘ تیار کی گئی ہے۔ واقعی یہ بڑی ’’شافی دوا‘‘ ہے ۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ جہیز کے نقصانات کیا ہیں۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں قارئین کو متوجہ کیا گیا ہے کہ شادی سادگی سے کی جائے ۔ سادگی ہی میں برکتیں ہیں ۔
(۲۴) داعیان دین کے اوصاف :(اردو)
یہ غالباً حضرت موصوف کی اولین کتابوں میں سے ہے۔ دین کی دعوت دینے والوں کو کن خصوصیات کا حامل ہونا چاہیے، اجمالی طور پر اس کتاب میں اس کی وضاحت کی گئی ہے۔صفحات ۔۔۔ہیں۔
(۲۵) موبائیل کا استعمال قرآن کریم کی روشنی میں :(اردو،انگلش)
یہ بڑا اچھوتا عنوان ہے ۔ موبائیل کا استعمال جہاں فائدہ مند ہے وہیں اس کے بے شمار نقصانات بھی ہیں ۔ اس کتاب میں موبائیل استعمال کرنے والوں کو صحیح سمت بتائی گئی ہے تاکہ ایسا نہ ہو کہ وہ موبائیل کے استعمال میں اپنے وقت کا ضیاع کرتے رہیں اور دیگر اہم کاموں سے غافل ہوجائیں ۔ دراصل یہ آپ کا خطاب تھاجسے تحریر کا جامہ پہنایاگیا۔
(۲۶) عظمت ماہِ محرم اور امام حسین :(اردو)
اس کتاب کاموضوع در اصل واقعۂ کربلا ہے۔ ماہ محرم الحرام کی عظمت و برکت اور فضیلت و اہمیت پر گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت امام حسین رضی اﷲ عنہ کی شخصیت پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔اور امام حسین نیزشہدائے کربلاسے محبت کا تقاضاکیاہے اس پر عوام کو متوجہ کیاگیاہے۔ساتھ ہی نیااسلامی سال ہم سے کیاتقاضاکرتاہے ؟نیااسلامی سال کس اندازمیں مسلمان کو مناناچاہیے ،بیان کیاگیاہے۔
(۲۷) گلدستۂ سیرت النبی صلی اﷲ علیہ وسلم :(اردو،ہندی ،انگلش)
سیرت نبوی بڑا وسیع اور لامتناہی باب ہے۔ انسان اگر اس سمندر میں اترے تو اس کی پوری زندگی کھپ جائے مگر سیرت نبوی کے متعدد گوشوں کا احاطہ نہ کرسکے ۔حضرت مصنف نے اپنے قارئین کے لیے سیرت النبی کے حوالے سے ضروری ضروری باتیں زیب قرطاس کی ہیں ۔ انہیں پڑھنے کے بعد ایک عام قاری نبی پاک صلی اﷲ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ و مطہرہ کی بہت ساری جہات سے اجمالا آشنا ہوجاتا ہے۔
(۲۸) قربانی کیا ہے ؟ :(اردو،انگلش)
عیدالاضحی میں کی جانے والی قربانی کی معنویت سے پردہ اٹھایا گیا ہے اور جدید ذہن کے اس خلجان کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو یہ کہتے ہیں کہ قربانی ایک جانور کا خون بہانا ہے ۔ قارئین کو بتایا گیا ہے کہ قرب خداوندی کے لیے قربانی کتنی اہم اور ضروری ہے ۔ضمنااس کتاب کے اخیر میں فضائل عقیقہ مع احکام ودعامذکور ہے۔
(۲۹) مژدۂ بخشش : (اردو،ہندی،رومن انگلش)
حضرت موصوف مصنف و خطیب کے ساتھ ایک بہترین شاعر بھی ہیں ۔ مژدۂ بخشش اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ، پاکٹ سائز کی اس کتاب میں اشعار کی شکل میں عشق نبی کے جلوے جگہ جگہ نظر آتے ہیں ۔ اس میں مناقب بھی شامل ہیں ۔
(۳۰) طریقہ عمرہ و آداب مدینہ (برائے خواتین) :(اردو،انگلش)
عمرہ کرنے والی خواتین کے لیے یہ ایک مکمل گائیڈ ہے ، پاکٹ سائز کی اس کتاب میں مختصر طور پر وہ ساری باتیں اس میں جمع کردی گئی ہیں جن کی عمرہ کرتے وقت ضرورت پڑتی ہے ۔ ہر عمرہ کرنے والی خاتون کو یہ کتاب اپنے ساتھ ضرور رکھنی چاہیے۔
(۳۱) Condemnation of Adultery :
یہ کتاب بہت پہلے کی ہے ۔ کتاب میں زنا کاری کی ہولناکیاں بیان کی گئی ہیں ۔ انگلینڈ کے حالات کے پیش نظر وہاں کے احباب نے حضرت موصوف سے یہ کتاب تحریر کروائی تھی۔ وہیں کے لوگوں نے اس کا انگریزی میں ترجمہ بھی کیا۔ اس کا اُردو ورژن اب دستیاب نہیں ہے ، مستقبل قریب میں امید ہے کہ اسے اُردو زبان میں بھی منتقل کردیا جائے ۔ کتاب ۴۰؍ صفحات کی ہے۔
(۳۲) Evils of Sodomy :
اس کتاب میں لواطت کی تباہ کاریوں کا ذکر ہے۔ اس کتاب کو بھی انگلینڈ کے کچھ احباب نے انگریزی کا لبادہ پہنایا ہے ۔ کتاب کے صفحات ۳۲؍ ہیں۔
(۳۳) The Wisdom of Namaz :
یہ کتاب نماز کی حکمتوں پر مشتمل ہے ، اس کا ترجمہ کناڈا کے حافظ محمد سلیم پٹیل نے کیا ہے ، انگریزی قارئین کے لیے یہ کتاب تیار کی گئی تھی۔ ہمارے ملک کے انگریزی پڑھنے والے بھی اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ کتاب ۳۰؍ صفحات پر مشتمل ہے۔
(۳۴) Islamic Rules :
اسلام سے ناواقف لوگوں کے لیے یہ بہت عمدہ کتاب ہے۔ اس میں نماز ، روزہ ، حج ، قربانی ، وضو ، غسل ، اذان ، تیمم ، اعتکاف، صدقہ ، تراویح اور دیگر بنیادی باتوں کو خوبصورتی کے ساتھ بیان کیا گیا ہے ، کتاب کا ترجمہ حافظ محمد سلیم پٹیل (کناڈا) نے کیا ہے۔ صفحات ۶۴؍ ہیں۔
(۳۵) اسلاف کا دورِ طالب علمی :
یہ کتاب خاص طور پر طلبہ کو مد نظر رکھ کر لکھی گئی ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ ہمارے اسلاف کا دور طالب علمی کیسا تھا اور کن راستوں پر چل کر وہ عظیم المرتبت کے منصب پر فائز ہوئے ، جس کے نتیجے میں آج ہم اپنے دلوں میں ان کی عقیدت کا دیپ جلانے پر یک گونہ طمانیت محسوس کرتے ہیں ، یہ بڑا اچھا موضوع ہے ۔ بڑی محنت سے یہ کتاب تیار کی گئی ہے۔ مواد کی فراہمی میں جامعہ حرا نجم العلوم کے اساتذہ نے بھی ہاتھ بٹایا ہے ، یہ کتاب امسال منظر عام پر آئی ہے۔ تقریباً ساڑھے چار سو صفحات پر مشتمل ہے ۔
(۳۶) اسلام میں ڈپریشن کا علاج :(اردو،غیر مطبوعہ )
دور حاضر میں مادیت میں لتھڑے ہوئے لوگ آج جس مرض کے سب سے زیادہ شکار ہیں وہ ڈپریشن ہے ، یعنی مایوسی ۔ اس تناظر میں یہ کتاب وقت کی اہم ضرورت ہے ، جسے حضرت موصوف نے تیار فرمایا ہے ۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے کسی بھی مذہب نے آج تک ڈپریشن کی دوا تیار نہیں کی ۔ یہ صرف اسلام ہے جس میں ڈپریشن کا شافی اور کافی حل موجود ہے۔ ڈپریشن کے مریضوں کے لیے یہ کتاب مفیدثابت ہوگی۔ان شاء اﷲ ، کتاب کے صفحات تقریباً ۲۰۰؍ ہیں ۔
(۳۷) کامیابی کے پانچ اصول : (اردو)
کامیابی کی طرف سَرپٹ دوڑنے والے لوگ کامیابی تلاش کررہے ہیں ، وہ صرف مادیت کو ہی کامیابی سمجھ رہے ہیں ، حالاں کہ انہیں ظاہری طور پر تو کامیابی مل جاتی ہے مگر وہ حقیقی کامیابی نہیں ہوتی۔ حضرت موصوف نے اس کتاب میں قارئین کو بتایا ہے کہ حقیقی کامیابی کیا ہے ، یہ کیسے حاصل ہوتی ہے اور اس کے اصول و ضوابط کیا ہیں وہ کون سے اعمال ہیں جنھیں اپناکر دائمی فلاح حاصل ہوسکتی ہے ۔ یہ کتاب بھی بہت اہم ہے اور لائق مطالعہ ۔ صفحات کل ۹۶؍ ہیں ۔
(۳۸)برکات درودوسلام:(اردو)
سنی دعوت اسلامی کی زمام امارت سنبھالنے کے بعدحضرت موصوف نے سب سے پہلے یہی کتاب تصنیف فرمائی تھی ۔درودوسلام کے حوالے سے اجمالی طورپراس میں بحث کی گئی ہے اورقارئین کونبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم سے قریب ہونے کی نہایت مبارک سعی کی گئی ہے ۔کتاب مختصرہے مگرجامع ہے ۔
(۳۹)پیغامات:(اردو)
ماہ نامہ سنی دعوت اسلامی ممبئی میں ہرماہ امیرسنی دعوت اسلامی کایک صفحاتی پیغام شائع ہوتاہے۔یہ کتاب انہی پیغامات کامجموعہ ہے ۔ جنوری ۲۰۱۱ء سے دسمبر۲۰۱۵ء تک شائع ہونے والے ان پیغامات کی تعداد۵۹ہے جواس کتاب میں شامل کیے گئے ہیں ۔۱۲۸صفحات کی اس کتاب میں حضرت امیرسنی دعوت اسلامی کے افکارعالیہ کے جابجابکھرے ہوئے ہیں ۔
یہ توتھیں حضرت امیرسنی دعوت اسلامی کی کتابیں ۔اب ہم ادارہ معارف اسلامی کی دیگرمطبوعات کاذکرکررہے ہیں۔
(۱)تذکرہ مخدوم علی مہائمی:(اردو)
۳۸۲صفحات کی یہ کتاب اپنے وقت کے جلیل القدربزرگ ،مفسرقرآن حضرت مخدوم علی مہائمی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ جن کامزارمبارک ماہم ،ممبئی میں ہے ۔یہ کتاب ان کی حیات وخدمات کے حوالے سے ہے ۔مفتی عبدالمجیدرضوی مصباحی مقیم حال ممبئی نے بڑی محنت سے اس کتاب کومرتب کردیاہے ۔اہل سنت کی طرف سے یہ پہلی کتاب ہے ۔اہل سنت پریہ بہت بڑاقرض تھا جسے مفتی صاحب نے اتاراہے اورسنی دعوت اسلامی نے اسے شائع کیاہے ۔
(۲)مبارک راتیں:(اردو)
محقق مسائل جدیدہ حضرت مفتی نظام الدین رضوی مصباحی کی یہ مختصرکتاب مبارک راتوں کے فضائل ،آداب،برکتیں اورمسائل کااحاطہ کرتی ہے ۔شب معراج،شب براء ت ، شب قدراورشب عیدالفطروشب عیدالاضحی کے متعلق یہ مختصرسی کتاب بہت عمدہ ہے ۔۴۶صفحات میں مفتی صاحب نے فضائل ومسائل کے متعلق مستنداحادیث سے مبارک راتوں کی فضیلت ثابت کی ہے ۔مبارک راتوں کے علاوہ کتاب میں اوربھی مفیدچیزیں شامل کی گئی ہیں جسے تلاوت قرآن،دعاکامسنون طریقہ،اموات کے لیے خیرات وفاتحہ،فاتحہ وایصال ثواب کاطریقہ،دردوشریف ،قرآن وحدیث کی دعائیں وغیرہ۔
(۳)فکرانگیزتحریریں:(اردو)
حضرت مولانامفتی محمدزبیرمصباحی برکاتی کے اداریوں کامجموعہ ہے یہ کتاب،یہ اداریے سہ ماہی سنی دعوت اسلامی میں شائع ہوچکے ہیں۔اس میں ۲۴اداریے ہیں اورتین مضامین ۔ مولاناتوفیق احسن برکاتی مصباحی( چیف ایڈیٹرماہ نامہ سنی دعوت اسلامی ممبئی) نے اسے بڑی محبت اورمحنت سے مرتب فرمادیاہے اورایک بہترین مقدمہ بھی تحریرکیاہے ۔کتاب کے کل صفحات ۱۸۴ہیں۔مفتی محمدزبیربرکاتی مصباحی کے محبین کے لیے خصوصاًیہ کتاب تحفہ نایاب سے کم نہیں ہے۔
(۴)اسلام کانظام عدل:(اردو)
یہ کتاب دراصل مفکراسلام خلیفہ حضورمفتی اعظم ہندحضرت علامہ قمرالزماں اعظمی دام ظلہ علیناکا خطاب ہے۔یہ خطاب سنی دعوت اسلامی کے بیسویں سالانہ سنی اجتماع ۲۰۱۰ء میں فرمایاتھا۔ادارہ معارف اسلامی کے ارکان نے اسے کیسٹ سے کاغذپرمنتقل کیا۔کتاب کے صفحات ۵۶ہیں۔ مولانامظہرحسین علیمی نے کتاب کوترتیب اورنظرثانی سے گزاراہے۔
(۵)امام احمدرضااورمدینہ منورہ:(اردو)
مولاناتوفیق احسن برکاتی صاحب کایہ مختصررسالہ مدینہ منورہ کے تعلق سے اعلیٰ حضرت امام احمدرضاقدس سرہ العزیز کے محسوسات وفرمودات پرمشتمل ہے ۔مصنف نے بڑی خوبصورتی اوربڑی محبت وعقیدت سے انہیں یک جاکرنے کی کوشش کی ہے اورکامیاب ہوئے ہیں۔۶۴صفحات کی یہ کتاب گلشن رضامیں خوشبوبکھیررہے عشق نبی کے گلاب سے ہمیں بھی معطرکررہی ہے ۔آپ کوبھی اگرمعطرہوناہوتوآپ بھی پڑھیے۔
(۶)جرائم کاسدباب اوراسلام:(اردو)
یہ کتاب بھی مولاناتوفیق احسن برکاتی مصباحی کی ہے ۔اس میں موصوف نے آیات کریمہ،احادیث نبویہ اورفقہی کتب کی روشنی میں جرائم کے سدباب کے لیے اسلامی طریقہ کارپراحسن اندازمیں روشنی ڈالنے کی کوشش کی ہے ۔یہ کتاب دراصل ان کے عہدطالب علمی کاایک مقالہ ہے جسے چارسال کے بعدمزیدتحسین وتزئین کے ساتھ شائع کیاگیاہے ۔۸۰صفحات کی اس کتاب میں مصنف کی محنت ،عرق ریزی ،ذوق تحقیق،گوہرمقصودحاصل کرنے کی جدوجہدواضح طورپردکھائی دے رہی ہے۔اﷲم زدفزد۔
(۷)Guidance For The Youth:
خلیفہ اعلیٰ امام احمدرضاقدس سرہ ،مبلغ اسلام ،نابغہ روزگارحضرت علامہ عبدالعلیم میرٹھی نوراﷲ مرقدہ کی لازوال کتاب ’’بہارشباب‘‘کایہ انگریزی ترجمہ ہے۔علامہ میرٹھی کی بہارشباب نہایت غیرمعمولی ہے اسے ہرنوجوان کوپڑھناچاہیے۔کتاب بڑی موثرہے ۔انگریزی میں شائع اس کتاب کو عصری تعلیم یافتہ حلقے تک ضرورپہنچناچاہیے۔کتاب کے صفحات ۷۰ہیں۔
(۸)مومن کی پہچان:(اردو،انگلش)
حضرت ذوالنون مصری علیہ الرحمہ کے عربی رسالے ’’صفۃ المومن والمومنۃ‘‘ کایہ عربی ترجمہ مولانامظہرحسین علیمی صاحب نے فرمایاہے ۔ایک مومن مردوعورت کوکیسے زندگی گزارنی چاہیے اوراس کی صفات کیاہونی چاہیے ،اس مختصرسی کتاب میں ان کااحاطہ کیاگیاہے ۔مولانامظہرحسین علیمی نے انٹرنیٹ سے یہ کتاب تلاش کرکے ترجمہ کیااوراسے افادہ عام کے لیے پیش کیا۔کتاب مطالعے کی دعوت دیتی ہے۔صفحات ۳۲ہیں۔
(۹)معراج حبیب:(ارود)
یہ کتاب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کے سفرمعراج کے حوالے سے بہت ساری معلومات ہمارے سامنے رکھتی ہے۔کتاب کاعربی نام’’ الانوارالبہیہ فی اسراء ومعراج خیرالبریۃ‘‘ ہے جسے حضرت علامہ سیدمحمدبن علوی مالکی مکی علیہ الرحمہ نے تصنیف فرمایاتھا اوراس کااردوترجمہ کرکے مولانامظہرحسین علیمی صاحب نے معراج حبیب کے نام سے پیش فرمایاہے ۔اس میں سفرمعراج کے آغازسے لے کراختتام تک کی پوری روداداورہمارے آقائے کائنات صلی اﷲ علیہ وسلم کی افضلیت پرخوب خوب روشنی ڈالی گئی ہے۔۱۱۲صفحات کی یہ کتاب اپنے موضوع پرمکمل کہی جاسکتی ہے اورمطالعے کی دعوت دیتی ہے۔
(۱۰)تہترمیں ایک کون:(اردو،انگلش)
یہ مختصرکتاب دراصل استاذگرامی محقق مسائل جدیدہ حضرت مفتی نظام الدین رضوی مصباحی دام ظلہ علینا صدرالمدرسین جامعہ اشرفیہ مبارک پوراعظم گڑھ کاایک بہترین اورپرمغزخطاب ہے ۔ حضرت موصوف نے ۱۸جنوری ۲۰۱۰ء مطابق ۱۲صفرالمظفر۱۴۳۱ھ بروزمنگل سنی دعوت اسلامی کے زیراہتمام منعقد(باندرہ)ممبئی کے ایک جلسے میں سواگھنٹے تک یہ خطاب فرمایاتھاجسے مولاناتوفیق احسن برکاتی صاحب نے موبائل سے کاغذپرمنتقل کیا۔کتاب پڑھنے کے بعداندازہ ہوتاہے کہ حضرت مفتی صاحب کامطالعہ نہایت وسیع اورگہراہے اورماخذپران کی گرفت بڑی مضبوط ہے ۔ظاہرہے ان خصوصیات کاحامل انسان جب بولے گاتووہ خطاب یقینامحققانہ ہوجائے گا۔یہ عالمانہ خطاب کتاب کے ۲۸صفحات پرپھیلاہواہے۔
(۱۱)سیرت رسول اورہماری زندگی:(اردو)
یہ مختصرتحریرماہررضویات اورعظم مفکرودانشورپروفیسرمسعوداحمدمجددی علیہ الرحمہ کی ہے جس کی تلخیص وترتیب استاذگرامی حضرت مولانامحمدعبدالمبین نعمانی قادری مدظلہ العالی نے افادہ عام کے لیے فرمائی ہے ۔ہلکے پھلکے اندازمیں سیرت نبوی کاپاکیزہ بیان کیاگیاہے اورعوام الناس کوجینے کااسلوب بتایاگیاہے ۔۳۲صفحات کی اس ملخص کتاب میں بہت کچھ ہے جسے ہرمسلمان بلکہ ہرانسان سے آشناہوناضروری ہے ۔یہ کتاب زندگی جینے اورزندگی کی حقیقتوں سے لطف اندوزہوناسکھاتی ہے۔
(۱۲)نوری قاعدہ :
یہ درس کی کتاب ہے جوسنی دعوت اسلامی نے مکاتب کے بچوں کے لیے تیارکرائی ہے ۔اولایہ کتاب چارکلرمیں بہت خوبصورت اندازمیں شائع کی گئی،اب اس کا سادہ ایڈیشن بھی آچکاہے اور۱۳۲صفحات پرمشتمل ہے ۔ اردو،عربی سیکھنے والوں کے لیے یہ بالکل ابتدائی کتاب ہے ۔اس موضوع پرکتابیں توبہت سی ہیں مگرمرتبین مولاناسیدعمران الدین نجمی اورمولاناعبداﷲ اعظمی نجمی نے بہت کڑی محنت کے بعداسے جدیداندازمیں مرتب کیاہے اورجگہ جگہ اساتذہ کے لیے ہدایات بھی درج کردی ہیں ۔مکاتب کے طلبہ کوعموماًپہلے ابتدائی قاعدے،پھریسرنالقرآن اورپھرقرآن کریم کاکوئی پارہ خصوصاًعم پارہ شروع کرایاجاتاہے ۔مگراس کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ اگرطالب علم اسے پڑھ لے اوراستاذمحنت سے پڑھادے تواس کوپڑھنے کے بعدبچہ ڈائرکٹ قرآن مقدس صحیح ڈھنگ سے پڑھنے لگتاہے ۔ضرورت ہے کہ اسے عام کیاجائے۔
(۱۳)جشن بہاراں:(اردو،انگلش،ہندی)
حضرت پروفیسرمسعوداحمدمجددی علیہ الرحمہ کایہ مختصررسالہ عیدمیلادالنبی کے حوالے سے ہے اوربہت ہی پرمغزاورفکرانگیزہے اورساتھ ہی حوالوں سے مزین ہے۔ عیدمیلادالنبی صلی اﷲ علیہ وسلم پراعتراضات کرنے والوں کاحضرت پروفیسرصاحب نے علمی وعقلی دونوں اندازسے تعاقب کیاہے اورعوام الناس بلکہ پڑھے لکھے لوگوں کوبھی سوچ وسمجھ کرفیصلہ لینے کی دعوت دی ہے ۔کتاب کے صفحات کل ۴۸ہیں ۔
(۱۴) احادیث شفاعت:(اردو،انگلش)
اعلیٰ حضرت امام احمدرضارضی اﷲ عنہ سے کسی نے پوچھاکہ حضوراکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کاشفیع محشرہوناکس حدیث سے ثابت ہے ۔اس کاجواب امام احمدرضانے دیاتووہ ایک مختصررسالہ ہوگیا۔آپ نے چالیس احادیث نبویہ سے حضورصلی اﷲ علیہ وسلم کاشفیع محشرہوناثابت فرمایاہے ۔یہ رسالہ فتوی رضویہ میں موجودہے ۔اس کاحقیقی نام اسما ع الاربعین فی شفاعۃ سیدالمحبوبین ہے ۔کتاب کے صفحات سولہ ہیں۔
(۱۵)شرک کیاہے؟:(اردو،انگلش)
استاذگرامی خیراالاذکیاء حضرت علامہ محمداحمدمصباحی صاحب قبلہ دام ظلہ علیناکی یہ مختصرمگرجامع کتاب ہراس شخص کے مطالعے میں آنی چاہیے جوشرک کے بارے میں ابھی تک غلط فہمی کاشکارہے۔بات بات پرشرک شرک کی رٹ لگانے والے لوگوں کے فریب میں پھنس جانے والے بھولے بھالے اوربے پڑھے لکھے عوام الناس اورپڑھے لکھے سمجھداروں کی غلط فہمی دورکرنے کے لیے یہ کتاب تیارکی گئی ہے ۔دراصل یہ حضرت موصوف کاایک خطاب تھا جوغالباً۲۰۱۱ء میں سنی دعوت اسلامی کے زیراہتمام منعقدایک اہم اجلاس بمقام جھولامیدان بائیکلہ ممبئی میں ہواتھا ۔اس کی اہمیت وافادیت کے پیش نظراسے سنی دعوت اسلامی نے شائع کیا۔صفحات۲۴ہیں۔
(۱۶)معارف حدیث:(اردو)
حدیث اورمحدثین کے متعلق مفیدمعلومات ،فن حدیث کے مبادیات ،اقسام حدیث کی اصطلاحات اوراحادیث نبویہ کے متعلق امام احمدرضاقادری بریلوی کے ارشادت وتحقیقات پریہ کتاب مشتمل ہے ۔مرتبین مولاناجاویدرضانجمی اورمولاناعبداﷲ اعظمی نجمی نے محنت اورتلاش وتحقیق کے بعدعوام الناس کوحدیث اوراصحاب حدیث سے متعارف کرانے کے لیے یہ کارنامہ انجام دیاہے ۔ ۳۳۶صفحات کومحیط کتاب بہت عمدہ ہے ۔معلوم ہواہے کہ اس کی افادیت کے پیش نظردارالعلوم علیمیہ جمداشاہی (نسواں)کے نصاب میں یہ کتاب شامل کرلی گئی ہے۔
(۱۷)عقائدومعمولات اہل سنت:(اردو)
کتاب ضخیم ہے مگراپنے موضوع پربھرپورہے اورکافی وشافی ۔کتاب میں اہل سنت کے عقائداورمعمولات کوکتاب وسنت اوراسلاف کی کتابوں سے ثابت کیاگیاہے اوراس ضمن میں بے شمارضروری مسائل بھی آگئے ہیں جن کاجانناضروری ہے ۔کتاب تین حصوں میں منقسم ہے ۔پہلے حصے میں ضروریات دین اورضروریات اہل سنت،بحث ومباحثے کے اصول وضوابط اوردیگرضروری باتیں ہیں،دوسرے حصے میں اہل سنت کے عقائدکااثبات دلائل کے ساتھ نیزان پرکیے جانے والے اعتراضات کے جوابات ہیں،تیسرے حصے میں اہل سنت کے معمولات کااثبات دلائل کے ساتھ نیزان پرکیے جانے والے اعتراضات کے جوابات درج ہیں۔مرتبین مولاناجادیدرضانجمی،مولاناعبداﷲ اعظمی نجمی اورمولاناعبدالکریم نجمی نے اپنی صلاحیتوں کوبروئے کارلاتے ہوئے یہ ۷۳۶کی یہ کتاب مرتب فرمائی ہے۔
(۱۸)ممبئی عظمی کی مختصرتاریخ:
مولاناتوفیق احسن برکاتی مصباحی کی یہ کتاب بڑی دستاویزی نوعیت کی ہے اورممبئی کے اہل سنت کے مدارس،علما،تنظیمیں اورادارے نیزاہل سنت کے احوال پرکافی سیرحاصل گفتگوکرتی ہے ۔مصنف محترم نے بہت عرق ریزی اورکئی سال کی تحقیق وتفتیش کے بعدیہ کتاب تصنیف کی ہے اپنے طورپراسے بھرپوربنانے کی حتی الامکان کوشش کی ہے ۔ ممبئی میں اہل سنت کی تاریخ تلاش کرنے والوں کے لیے یہ بڑاہی گراں قدراورنفیس تحفہ ہے ۔یوں کہاجاسکتاہے کہ مولاناکاممبئی شہرکے اداروں،تنظیموں اورمدرسوں پرایک بہت بڑااحسان ہے کہ ان کی تاریخ ایک جگہ جمع کردی ہے اورمطالعہ وتحقیق کے رسیاحضرات کے لیے کام آسان کردیاہے ۔۴۷۰صفحات پرپھیلی یہ کتاب نہایت معلوماتی ہے ۔ممبئی کے ہرادارے کے پاس یہ کتاب لازماًہوناچاہیے ۔
(۱۹)بلال باکمال:
جلیل القدرصحابی رسول حضرت بلال حبشی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی حیات طیبہ کے مختلف پرنورگوشوں کویہ کتاب احاطہ کرتی ہے ۔کتاب صرف ۳۲صفحات کی ہے مگرحضرت بلال حبشی رضی اﷲ عنہ کی مبارک زندگی کے ضروری ضروری پہلوہمارے سامنے آگئے ہیں ۔خاص بات یہ ہے کہ جوبات بھی کہی گئی ہے بالکل خالص ہے ،نکھری ہوئی اورپختہ کیوں کہ ہربات کامکمل حوالہ دیاگیاہے ۔کتاب کے مطالعے سے اندازہ ہوتاہے کہ مصنف محترم مولانامحمدمحب اﷲ نوری صاحب نے کس قدرمحنت فرمائی ہے اوران کی نظرکتنی گہری ہے۔یہ مختصرکتاب ہمارے مطالعے میں آناچاہیے۔
(۲۰)دولت بے زوال وبرکت حال ومآل:
یہ کتاب سیدالخلفاء مفتی سیدعبدالفتاح گلشن آبادی (متوفی:۱۳۲۳ھ)کی ہے جس کی تسہیل وترتیب کافریضہ فاضل گرامی مولانامحمدافروزقادری چریاکوٹی نے انجام دیاہے ۔کتاب میں تنگ دستی کی وجوہات کے سومسائل مندرج ہیں اوردولت مندہونے کے سواسباب بھی مذکورہیں ۔یہ بڑی عمدہ کتاب ہے ۔ہرباذوق خاص وعام کویہ کتاب ضرورپڑھناچاہیے ۔کتاب ۱۲۸صفحات پرمشتمل ہے ۔
(۲۱)برکات سنت رسول:(اردو،ہندی)
سچ پوچھیے تویہ سنی دعوت اسلامی کی بڑی مایہ نازکتاب ہے ۔اس میں تقریباتمام سنن وآداب کااحاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔پیدائش سے لے کرموت تک جوبھی انسانی ضرورتیں ہوتی ہیں سنت رسول کی روشنی میں وہ سب بیان کی گئی ہیں ۔کتاب دس ابواب پرمشتمل ہے اس میں آقائے کائنات صلی اﷲ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ کے متعددعملی اورفکری گوشے ہمارے سامنے رکھے گئے ہیں تاکہ ہم انہیں اپنی فکروعمل کاحصہ بناکراپنی دنیابھی سنواریں اورآخرت بھی ۔اﷲ ہمیں اس کی توفیق بخشے ۔کتاب ضخیم یعنی ۱۰۳۲صفحات پر مشتمل ہے لیکن مرتبین نے معلومات کاخزانہ جمع کردیاہے اورمختلف اہم ماخذات کی علمی سیرکرکے اردوداں حلقے کے لیے ایک بہترین تحفہ تیارکردیاہے ۔اس کے مرتبین میں مولانا مظہر حسین علیمی،مولاناسیدعمران الدین نجمی،مولاناعبداﷲ نجمی اورمولاجاویدرضانجمی شامل ہیں۔یہ چاروں مرتبین زبردست مبارک بادکاحددرجہ استحقاق رکھتے ہیں۔
(۲۲)اسلامیات:(اردو،ہندی،رومن انگلش)
عصری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے لیے یہ کتاب تیارکی گئی ہے۔اس کے دوحصے ہیں ۔ممبئی ،مضافات ودیگرعلاقوں میں شبینہ مکاتب کے طلبہ کے لیے یہ کتاب تیارکی گئی ہے ۔نصابی سائز کی کتابوں کی طرح شائع شدہ اس کتاب کے صفحات ۱۰۲ہیں اورتقریباًاتنے ہی صفحات حصہ دوم کے بھی ہیں۔ابھی ا س پرمزیدکام ہورہاہے۔
(۲۳)عقائداسلامی:
اس کتاب کے صفحات ۲۰۰ہیں ۔سنی دعوت اسلامی کے مرکزی ادارہ الجامعۃ الغوثیہ نجم العلوم ڈونگری ممبئی کے ۲۰۱۰ء کے۱۱ فارغین طلبہ نے یہ کتاب مرتب کی ہے۔دراصل یہ کتاب اعلیٰ حضرت امام احمدرضاقادری بریلوی قدس سرہ العزیز کی فتاوی رضویہ مترجم سے عقائدوکلام کے متعلق منتخب مسائل کاحسین اورجامع مجموعہ ہے۔جامعہ غوثیہ کے استاذ مولانا توفیق احسن برکاتی صاحب کی تحریک نیزان کی اصلاح کے بعدیہ کتاب شائع ہوئی ہے ۔
ان کتابوں کے علاوہ شایدکچھ کتابیں چھوٹ رہی ہیں جن کاریکارڈنہیں رکھاجاسکااوراسٹاک ختم ہوگیا۔مذکورہ کتابوں میں سے بعض کتابیں تووہ ہیں جوانتہائی مقبول ہیں اور باربار شائع ہوتی ہیں اورباربارختم ہوجاتی ہیں۔چندمطبوعہ کتابوں پرابھی مزیدتحقیق وریسرچ ہورہی ہے اورانہیں جدیدتقاضوں کے مطابق ترمیم واضافے کے ساتھ شائع کرنے کا پلان ہے ۔ سنی دعوت اسلامی کے محققین کی ٹیم اس کام کے لیے متواترتحقیق وتصنیف کے کام میں منہمک ہے ۔
sadique raza
About the Author: sadique raza Read More Articles by sadique raza : 135 Articles with 170490 views hounory editor sunni dawat e islami (monthly)mumbai india
managing editor payam e haram (monthly) basti u.p. india
.. View More