امید نو !

اس سال کی سب سے خاص بات کہ مجھے خوشیوں اور کامیابیوں کی بیش بہا نعمت اللہ پاک کی طرف سے ملی ہیں.. شہیر کے حفظ قرآن کی تکمیل، شجیعہ کی آنکھوں کے حوالے سے امید، اسکے امتحانات میں نمایاں کامیابی، میرے چھوٹے بھائی عاطف کا رشتہ طے ہونا ❤ جی ہاں آپ حیران ہوں شاید کہ چھوٹے بھائی کے رشتے میں ایسا کیا ہے جو اتنی زیادہ خوشی کی بات ہے؟ تو آج سال کے آخری دن میں آپ لوگوں سے اپنے دل کی کچھ اور باتیں بھی شئیر کرتی چلوں
...
سنگ گراں ہے راہ میں حائل تو کیا ہوا
منزل چھپی ہوئی تو میرے حوصلوں میں ہے

میرا بھائی پارشیلی نابینا ہے ، باہمت کتنا ہے ؟ محنتی کتنا ہے؟ اور متوازن کتنا ہے؟؟ یہ میں بتانا بھی چاہوں تو وقت شاید اجازت نہ دے اسکی عمر اس وقت بتیس سال ہے مجھ سے آٹھ سال چھوٹا ہے .. اسکی آنکھوں کا مسئلہ پہلی بار تب سامنے آیا جب وہ تین سال کا ہوا ، جیسے ہم آپ سامنے نظر رکھنے کے باوجود اطراف میں ہونے والی حرکات کو محسوس کرسکتے ہیں اس طرح اسے دائیں بائیں نظر نہیں آتا جب تک آنکھیں گھما کر باقاعدہ اس چیز کی طرف فوکس نہ کرے جس کو دیکھنا چاہتا ہے .. خیر میری امی ایک ایسی بہادر خاتون ہیں جن کے اعزاز میں اگر میں کتاب بھی لکھنا چاہوں تو صدیاں بیت جائیں مگر وہ کتاب مکمل نہ ہوسکے .. شاید ساری مائیں ہی اتنی بہادر ہوتی ہیں ؟؟؟ smile emoticon عاطف کو سنبھالنے میں میری امی اور امّاں ( میری دادی) کا بہت اہم کردار رہا ..میری امی جب انڈیا سے پاکستان ہجرت کر کے آئیں تو انکے ہاتھ میں صرف ایک سوٹ کیس تھا جس میں انکے چند جوڑے انکے بی اے آنرز کی ڈگری اور ایک عدد نکاح نامہ تھا !! امی اور ابّا جان کا نکاح ہونے کے بعد ابّا جان پاکستان آگئے تھے اور بعد میں امی کو بلوایا گیا تھا انڈیا پاکستان حالات خاصے خراب تھے امی جب دوران سفر اپنی کیفیات بتاتی ہیں تو کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ہم نے آنکھیں گیلی ہوتی محسوس نہیں کی ہوں انکی زندگی کا سفر محض ایک سوٹ کیس سے شروع ہوا جب میں دنیا میں آئی تو ایک جلا ہوا ٹوٹا میز میرا بستر بنا تھا .. امی کہتی ہیں جب آپا ( میری قابل تکریم پھپھی جنکے ساتھ امی نے زندگی کی شروعات کی ) کے گھر میں فون کی گھنٹی بجتی تھی تو میں اکثر حسرت سے سوچتی.. کیا کبھی میں بھی اپنے گھر میں اس طرح فون کی گھنٹی بجتی سن سکوں گی؟ جب عاطف کی آنکھوں کا مسئلہ سامنے آیا تب امی نے صحیح معنوں میں جدوجہد کے معنی سمجھے تھے انتہائی خراب معاشی حالات میں کسی کا خاص علاج کروانا کیسا ہوسکتا ہے ہم آج سوچ بھی نہیں سکتے تب امی نے اپنی آنرز کی ڈگری استمعال میں لانے کا فیصلہ کیا انہوں نے گورنمنٹ جاب کے لیے کوششیں شروع کیں اور باالاخر ایک اسکول میں پڑھانے لگیں عاطف کی صحت کے حوالے سے ہم نے ہمیشہ بہت پریشانی دیکھی ہم بہن بھائیوں میں وہ سب سے کمزور بچہ تھا اکثر بیماری کا شکار رہتا میں نے کتنی ہی بار خواب میں اسے انتہائی بیمار رہنے کے بعد وفات پاتے ہوئے دیکھا تھا ڈرے سہمے دل امید اور نا امید کے درمیان مانگی جانے والی دعائیں ، اسکی ایک مسکراہٹ پر ہم جان نثار کرنے کو تیار رہتے تھے ، امی کی جاب کے بعد میری ذمہ داریاں بھائیوں کے حوالے سے ازخود بڑھ گئیں تھیں.... ہماری ہر لمحہ مدد کو میری امّاں ہماری تربیت اور خدمت پر ایسے مامور رہتیں کہ بیان نہیں کیا جاسکتا ... میں نے امی اور امّاں میں کبھی ساس بہو والی جنگ کی کیفیت نہیں دیکھی.. امی کے اسکول سے انے سے پہلے کھانا تیار ہوتا اور امی کو ہمیشہ بہت محبت سے کھانے کی دعوت ملتی .. آج کی کوئی بہو یہ تصور نہ کرسکے شاید smile emoticon یہ عام لوگوں کی باتیں نہیں تھیں یہ بہت خاص لوگ تھے جنکے دکھ اجتماعیت پر مبنی تھے انکی نظروں میں ذات سے بہت آگے زندگی کے مقاصد تھے انہیں بیٹے اور شوہر کے لیے لڑائیاں نہیں لڑنی تھیں ..انہیں تو اگلی نسل کے لیے مل کر کام کرنا تھا !!میں اپنی استاد سے کہتی ہوں " ہمارے بڑوں کو ہم سے شکایات ہیں کہ بچے اب بڑوں کی عزت نہیں کرتے ..بہت عزت کے ساتھ ادب سے سر جھکا کر مجھے یہ عرض کرنے کی اجازت دیجیے کہ مجھے بھی اپنے بڑوں سے شکایات ہیں کہ وہ بھی اپنے چھوٹوں کے لیے مہربان نہیں رہے !! " آج تک میری امی، امّاں کو ایسے یاد کرتی ہیں کہ کبھی میں نے انہیں اپنی امی کو یاد کرتے نہیں دیکھا ... محبت اور اتفاق کے یہ اسباق ہم بھولتے جارہے ہیں شاید اسی لیے ہمیں اپنی پریشانیوں کا سرا نہیں ملتا؟

خیر عاطف پر الله کی رحمتوں کے سائے ، محبت توجہ تربیت ہر طرح سے شامل حال رہے .. اب ماشااللہ میری امی اپنے گھر میں تمام نعمتوں سے ملا مال ہیں عاطف معاشرے کا ایک کارآمد فرد ہے انتہائی پر اعتماد انداز میں سفید چھڑی لے کر سارے شہر میں گھومتا ہے اپنی کمائی ، سیونگ دوسروں پر خرچ کرنے کے سب سلیقے سے سجا ہوا ! آج جب امی کے گھر رہنے جاتی ہوں تو عاطف کو اپنے تمام کام خود کرتے دیکھتی ہوں اور مجھے وہ لمحات یاد اتے ہیں جب وہ اسکول جانے سے پہلے مجھ سے کنگھی کروایا کرتا تھا جب میں اسکو جوتے موزے پہناتے ہوئے نت نئی کہانیاں بنا بنا کر اسے ہنسایا کرتی اسکے حوصلے بڑھایا کرتی !! کتنے رنگ ہیں زندگی کے!!
ہم بہت دنوں سے اسکے رشتے کے لیے پریشان تھے ، اس میں ایک لاکھ خوبیاں بھی ہوں تو آنکھ والوں کو ظاہری خامی سب سے زیادہ نظر آتی ہے !! میرا بھائی دل کی آنکھ سے دیکھتا ہے اسلیے اس نے کبھی شرائط نہیں لگائیں کبھی کبھی ہم سوچتے کہ بس جیسی بھی لڑکی ہو کوئی خامی بھی ہو اس میں ... مگر کوئی راضی ہی نہیں ہوتا ... اسکے رشتے کی جہاں بھی بات ہوتی ہم کہتے پہلے آپ ہمارے گھر آکر ہمارے بیٹے کو دیکھ لیں پھر ہم آئیں گے !! تقریباً دس دن پہلے ایک خاتون نے ایک رشتہ بتایا اور کہا کہ لڑکی والے پہلے آپ کو بلانا چاہتے ہیں ہم نے ساری صورتحال واضح کردی دی پھر بھی انکا اصرار تھا کہ آپ لوگ پہلے آئیں .. ہم چلے گئے ایک سمجھ دار پڑھی لکھی بہت سلجھی ہوئی لڑکی بالکل ہمارے جیسی فمیلی سے تعلق رکھنے والے لوگ ،، سب بہت اچھا تھا مگر عاطف سے ملاقات کے بعد ہمیں شک تھا کہ یہ کیوں واپس آئیں گے ؟ اتنی اچھی لڑکی کو رشتوں کی کیا کمی؟ انکی امی اور ماموں ہمارے گھر آئے وہ لوگ کافی مطمئن تھے .. پھر اگلے دن انکی امی کا فون آیا " ہمارے دل تھوڑے سے غیر مطمئن تھے آپ لوگ بہت پسند آئے ہمیں مگر .. " اس مگر کے بعد وہی سب کچھ ہونا تھا جو ہوتا آیا ہے امی نے مسکرا کر الله حافظ کہنا چاہا تو انکی امی نے بات مکمل کی " مگر رابعہ عاطف سے خود ملنا چاہتی ہے اسکا کہنا ہے کہ شادی سے پہلے جو بات آپکو اچھا رشتہ ٹھکرانے پر مجبور کررہی ہے کیا آپ کے پاس گارنٹی ہے کہ وہ کہیں اور شادی کی صورت میں بعد میں پیش نہیں آسکتی ہے؟؟ اس جملے نے جو درجات اس لڑکی کے لیے میرے دل میں بڑھائے ہیں وہ میں بیان کر ہی نہیں سکتی ... الله نے میرے بھائی کے لیے اتنا بہترین جوڑا اور بدلہ رکھا تھا اور ہم نا امیدی کے اندھیروں میں کہاں تک سوچ رہے تھے؟؟ مجھے نہیں معلوم کہ ہم اللہ کی رحمتوں سے نا امید کیسے ہوجاتے ہیں ؟ مگر کبھی کبھی ہوجاتے ہیں !!ان مع العسر یسرا

اللہ ہمیں یہ توفیق دے کہ اس پر خلوص لڑکی کے لیے ہم بھی ایسے ہی قدردان بن کر رہیں ہمیشہ .. اس سال کی سب سے بڑی خوشی میرے لیے یہی ہے .. نو جنوری کو اللہ کی رضا کے ساتھ میرے دونوں بھائیوں کی رسم ایک ساتھ ادا ہونی ہے .. میں امی کی طرف دیکھ ہی نہیں رہی ہوں جب دیکھتی ہوں وہ مجھے گلے لگا کر رونے لگتی ہیں خوشی اور غم کے اس انوکھے ملاپ پر میں بس یہ دعا کرتی ہوں کہ الله میری امی کے گھر کی رونقوں کو قائم رکھنا !! آپ سب سے بھی دعا کی درخواست ہے۔۔۔۔

Nebula Fatima
About the Author: Nebula Fatima Read More Articles by Nebula Fatima: 14 Articles with 25676 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.