مسلمانوں کیخلاف سازش

اﷲ کے رسول ؐ نے فرمایا کہ ظالم اور مظلوم دونوں کی مدد کرو ،صحابہ کرام ؓ نے فرمایا کہ اے اﷲ کے رسول مظلوم کی مدد کرنا تو سمجھ میں آتی ہے لیکن ظالم کی مدد کیسے کی جائے ؟اﷲ کے رسول ؐ نے فرمایا کہ ظالم کا ہاتھ پکڑ کر تاکہ وہ کسی پر ظلم نہ کر سکے ۔یہ حدیث بہت مشہور و معروف ہے ۔دوسری حدیث بھی ہے کہ رسول اﷲ ؐ نے ایک بار خانہ کعبہ کی چادر کو پکڑ کر کہا ،اے کعبہ تجھ سے زیادہ عزیز مجھے ایک انسان کی حرمت یعنی خون ہے اگر وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ناحق بہایا جائے ۔یہ حدیث بھی بہت مشہور و معروف ہے ۔ان دونوں حدیث کی روشنی میں مملکت سعودی عرب کو دیکھنے کی ضرورت ہے ۔روزنامہ ہندوستان ایکسپریس نئی دہلی کے شمارہ ۲۴؍اپریل کے ایڈیٹوریل صفحہ پر ایک معتبر اور دینی تنظیم کے ذمہ دار کا مراسلہ نظر نواز ہوا ۔جس کا موضوع تھا ’’سعودی حکومت کا مستحسن قدم ‘‘اور اس مراسلہ میں سعودی عرب کو دنیا کی اکلوتی توحیداسلامی حکومت قرار دیا ہے ۔حیرت ہی نہیں بلکہ ایک ذمہ دار تنظیم سے ایسی امید نہیں تھی ۔آج کے ترقی یافتہ دور میں حقیقت کو حقیقت تسلیم نہ کیا جائے تو اس سے بڑی جہالت اور کیا ہو سکتی ہے ۔جس سعودی حکومت کو انہوں نے اکلوتی توحید اسلامی مملکت قرار دیا ہے کیا اس کی تاریخ دنیا نہیں جانتی ہے ۔جس کی بنیاد ہی اسلامی خلافت کے خاتمہ پر رکھی گئی اور بادشاہت قائم کی گئی اس سے کون واقف نہیں ہے ۔اگر بادشاہت جائز ہوتا تو سیدنا امام حسین ؓ کو یزید کے خلاف بغاوت نہیں کرنی چاہئے تھی کیونکہ وہ جلیل القدر صحابی حضرت امیر معاویہ ؓ کے صاحبزادے تھے۔لیکن امام حسینؓ نے اسلام کے سب سے اہم رکن خلافت کو بچانے کیلئے نہ صرف صحابی رسول ؐکے صاحبزادے کیخلاف بغاوت کی بلکہ اپنے تمام اہل و عیال کے ساتھ کربلاکے میدان میں خیمہ زن ہو گئے اور شہید ہونا گوارہ کر لیا لیکن اسلام کے رکن سے سمجھوتہ نہیں کیا ۔ محض نسلی بنیاد پر خلافت عثمانیہ کا خاتمہ کرنے کیلئے آل سعود نے جو بد ترین حربہ اختیار کیا اس سے آج کون واقف نہیں ہے ،اہل یوروپ کے ساتھ مل کر عرب کی سرزمین میں صہیونی حکومت کے قیام کیلئے راستہ ہموار کرنا اور خلافت عثمانیہ کے خلاف الم بغاوت بلند کر کے خانہ کعبہ میں موجود عثمانی خلافت کے سپاہیوں کو آل سعود نے گولیوں سے بھون ڈالا تھاان کے پاس ہتھیار ہونے کے با وجود حرمت کعبہ کی خاطر وہ سب گرتے رہے شہید ہوتے رہے لیکن گولیاں نہیں چلائی اور آل سعود نے عثمانیہ خلافت کا قبا چاک کر کے حجاز کی سرزمین جزیرۃ العرب کو سعودی عرب بنا کر بادشاہت کی بنیاد ڈالی ۔مذہبی امور آل شیخ کے حوالے کیا اور حکومتی امور آل سعود نے اپنے پاس رکھا ۔صہیونی حکومت کے ظلم سے کون واقف نہیں ہے گزشتہ سال ہی غزہ میں دو ہزار سے زائد فلسطینیوں کو ظالم نے شہید کر ڈالا اور مصر کی سب سے پہلی جمہوری اور عوام کی تائید سے بننے والی اخوان المسلمین کی حکومت کے خاتمہ کیلئے سعودی عرب کا سب سے بڑا رول رہا اس کے ساتھ ساتھ اسرائیل اور امریکہ کی مصری فوج کو بھر پور مدد ملتی رہی تاکہ کسی بھی طرح اسلامی حکومت قائم نہ ہو سکے ،اس سے پہلے کہ جمہوری راستہ سے اسلامی حکومت قائم ہو جائے اسے ملیا میٹ کر دیا گیا اور ہزاروں ہزار کلمہ گو دینی حمیت کے حامی مصریوں کو سعودی ڈالر و دینار کے بل بوتے پر موت کی نیند سلادیا گیا ۔ان کا جرم صرف یہ تھا کہ ان کے ملک میں اسلامی حکومت قائم ہو گرچہ جمہوری راستہ کے ذریعے کوشش کی گئی تھی ۔یمن میں جب الاصلاح جماعت یعنی اخوان المسلمین کی حکومت قائم تھی تو ان کے خلاف طرح طرح کی سازیشیں سعودی حکومت نے کی اور جب حوثیوں نے بغاوت کرنا شروع کیا تب بھی وہ خاموش رہے لیکن جب ایران وغیرہ نے حوثیوں کو اپنی پناہ میں لیا تب سعودی حکومت نے آل یمن پر حملہ بول دیا ۔وہ بھی فضائی تاکہ ایک حوثی باغی کے ساتھ ہزاروں یمنی کلمہ گو مسلمان شہید ہو جائیں ۔اور صہیونی اور امریکہ نے جو عہد وسطی کا جو خواب دیکھا تھا اس کو سچ کر دکھایا جائے ۔افغانستان سے لیکر لیبیا ،عراق ،مصر،شام ،فلسطین اور اب یمن پر حملہ کیا یہ صہیونی ریاست کی توسیع نہیں تو اور کیا ہے ؟موصوف نے جس کو اکلوتی توحید اسلامی حکومت قرار دیا ہے تاریخ شاہد ہے کہ اس سے ہمیشہ اسلام اور مسلمانوں کا نقصان ہی ہوا ہے ۔کہیں سعودی عرب میں اسپین کی تاریخ تو نہیں دہرائی جا رہی ہے ۔جہاں عیسائی مسلمان عالم کی شکل میں مسجدوں میں امام بن گئے تھے جہاں کے مدرسوں میں عیسائی مسلمان عالم کی شکل میں استاذ کا فریضہ انجام دے رہے تھے اور تاریخ نے یہ بھی دیکھا کہ ایک وقت ایسا آیا کہ وہاں اسلام کا نام لینے والا کوئی نہیں بچا اور پورے طور پر عیسائی حکومت صرف قائم ہی نہیں ہوئی بلکہ مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ کر رکھ دیا گیا ۔موصوف نے ہندوستانی مسلم تنظیموں کو بھی سعودی کی حکومت کی نا عاقبت اندیشی پالیسی پر تائید بتائی ہے ۔جو مضحکہ خیز ہی نہیں بلکہ سفید جھوٹ پر مبنی بیان ہے ۔ہندوستانی ملی تنظیمیں اور ہندوستانی مسلم حق اور ناحق کو خوب سمجھتی اور دیکھتی ہے مرعوبیت کا عینک ان کی آنکھوں پر چڑھا ہوا نہیں ہے ۔اﷲ سے دعا ہے کہ موصوف کو حق پر قائم رہنے والا بنائے آمین ۔

فلاح الدین فلاحی
شاہین باغ ،جامعہ نگر اوکھلا
موبائل نمبر 9211382663
 
Falahuddin Falahi
About the Author: Falahuddin Falahi Read More Articles by Falahuddin Falahi: 135 Articles with 101894 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.