اجتماع گاہ کا پر سکون ماحول اور پر امن پیغام

 تحریر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ حذب اﷲ مجاہد

بلوچستان کے تاریخی ضلع لسبیلہ کی سرزمین پر تبلیغی اجتماع ہونا تھا جس میں شرکت کی غرض سے میں بھی اپنی جماعت کے ہمراہ وہاں پہنچا اور میں نے وہاں جو روح پرور مناظر اور جو پرسکون ماحول دیکھا وہ بیان کرنا چاہتا ہوں۔ ہم اجتماع گاہ میں داخل ہوئے تو ہر طرف آدمی ہی آدمی تھی،لاکھوں کا مجمع تھا۔

پاکستان کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ان لاکھوں لوگوں کی موجودگی میں کسی بھی حادثے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتاتھا مگر اجتماع گاہ کے اندرکسی کے چہرے پر یہ خوف نہ تھی۔ نہ ہی اس مجمع کی سیکیورٹی کیلئے ہیلی کاپٹر فضاء میں محو پرواز تھے، نہ ہی زمین پر حفاظت کیلئے کمانڈوز تعینات تھے،نہ ہی داخلی و خارجی راستوں پر کوئی واک تھرو گیٹز لگے ہوئے تھے اورنہ ہی سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر کسی کنٹرول روم سے سیکورٹی انتظامات سنبھالے جارہے تھے،صرف کچھ مقامی رضاکار بانس کے ڈنڈے تھامے خدمت پر معمور تھے( جو صحیح معنوں میں اردو نہیں بول سکتے تھے، سیکیورٹی معاملات میں تو ان کا دور کا کوئی تجربہ نہیں تھا) مگر پھر بھی لوگ مطمعن تھے ہر گز لوگوں کو ان رضاکاروں کی سیکیورٹی پر بھروسہ نہیں تھالوگ صرف اﷲ تعالی کے بھروسے پر مطمعن اور بے خوف تھے انہیں صرف اس ذات پر بھروسہ تھا جس سے وہ اپنے گناہوں کی مغفرت کیلئے یہاں اکھٹا ہوئے تھے۔

قارئین! یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہمارے معاشرے کے اندر عدم برداشت کی صورتحال یہ ہیکہ اگر ہم کسی سے ٹکرا جائیں اور غلطی بھی ہماری ہو پھر بھی ہم لڑ پڑتے ہیں مگر یہاں سب کا رویہ عاجزانہ تھا اگر آپ غلطی سے کسی سے ٹکرا جاتے تو آپ کی ٹکر کا نشان بننے والاآپ سے معافی کا طلب گار ہوتا، اجتماع گاہ کے اندر ہر جماعت کیلئے الگ الگ کمرے یا کیبن نہیں بنے ہوئے تھے بلکہ جس کو پنڈال کے اندر جدھر جگہ مل جاتی چٹائی بچھا کر اپنا سامان رکھ لیتا یہ تو اس کے ذہن بھی نہیں آتا کہ کوئی سامان اٹھا کر لیجائے گا اگر کسی کو کام سے کہیں جانا ہوتا تب بھی وہ برابر والے سے یہ درخواست کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا کہ میری چیزوں کا خیال رکھنا۔ یقینا اسے لوگوں پر بھروسہ نہ تھا کیونکہ یہ وہی لوگ ہی تھے جو ہمارے ساتھ روزانہ ہوٹلوں میں رہائش پزیر ہوتے ہیں ، یہ وہی لوگ تھے جو ہمارے ساتھ روزانہ ہمسفر ہوتے ہیں مگر ہم دوران سفر ان پر بھروسہ کرکے سفری تھیلا (Travel Bag)کوبغیر تالالگائے رکھنے یا ہوٹل کے کمرے کو ان کے بھروسے کھلا چھوڑنے پر ہر گز تیار نہیں ہوتے ہیں مگر یہاں لوگوں کا بھروسہ اس خالق کائنات پر تھا جس کی رضا مندی کیلئے وہ یہاں جمع تھے ۔ اتنی بڑی بھیڑ میں ہر کوئی خود سے زیادہ دوسروں کا خیال رکھ رہا تھا ہر ایک کی یہی کوشش ہوتی تھی کہ اس کی وجہ سے کسی دوسرے کو تکلیف نہ ہو۔

اب آتے ہیں اس پنڈال ( اجتماع گاہ) کے پیغام کی جانب جہاں صرف اور صرف وہی پیغام دیا جاتا تھا جو پیغام ہمیں چودہ سو سال پہلے آقا دو جہاں حضرت محمدﷺ نے دی تھی ، یہ وہی پیغام تھا جو پیغام کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کرامؑ نے دی تھی اور اس کیلئے محنت کی تھی یہ وہی پیغام تھا جس پر آج علماء کرام محنت کر رہے ہیں کہ اے لوگو! اس بات پر یقین رکھو کہ سب کچھ اﷲ سے ہوتا ہے اور غیر سے کچھ نہیں ہوتا۔ اے لوگو! اپنی زندگی اﷲ اورا س کے رسولﷺ کے احکامات کے مطابق گزارو تم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوجاؤگے ۔ یہی پیغام کہ اگر کوئی تھپڑ مارے تو اس سے لڑنے کے بجائے دوسرا گال پیش کردو۔ کسی بھی مرحلے پر یہ پیغام نہیں دیا گیا کہ شیعہ زائرین کا قتل عام کرو، کبھی یہ پیغام نہیں دیا گیا کہ غیر ملکیوں کو قتل کرو، یہی پیغام دیا گیا کہ انسانیت کی قدر کرو اور ہر انسان کو انسان سمجھ کر اس کا احترام کرواور اسے عزت دو۔ کبھی یہ پیغام نہیں دیا گیا لڑکیوں کو تعلیم نہیں دلاؤ انہیں قید کر کے رکھو۔

میں اپنے ان سیکولر، لبرل، ترقی پسند (ان کے بقول) اور مغربی دنیا کے حقیقت پسند دوستوں کو ( جو کہ اسلام کو شدت پسندی اور انتہا پسندی کا ذریعہ سمجھتے ہیں) دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اسلام کے اس پر امن پیغام کو بھی اپنے کانوں سے سنیں اور اس پر امن ماحول کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں پھر اسلام کے متعلق اپنی رائے قائم کریں۔

Mujahid Langove
About the Author: Mujahid Langove Read More Articles by Mujahid Langove: 8 Articles with 6918 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.