دل اور روح کا حق - زکر اللہ اور فکر اللہ

’’ذکراللہ‘‘ انسان کے دل اور روح کی خوراک اور روزی ہے۔۔۔ ہم اپنے جسم کے لئے کتنی محنت کرتے ہیں تو کیا ہم پر ہماری روح اور دل کا کوئی حق نہیں ہے؟۔۔۔

یاد رکھیں دل مُردہ ہو گیا تو نہ گناہ سے باز آئے گا اور نہ کفر سے۔۔۔ بلکہ سیدھا جہنم کی طرف لے جائے گا۔۔۔ اور روح مُردہ ہوگئی تو اسے بھی جہنم میں جانا پڑے گا۔۔۔ ارے پیارے مسلمانوں تھوڑی دیر خالص اللہ پاک کی رضا کے لئے تنہائی میں تلاوت تو کر کے دیکھو۔۔۔ دل اور روح کو کتنا سکون ملتا ہے؟۔۔۔ تھوڑی دیر تنہائی میں اللہ پاک کی خالص رضا کے لئے اللہ اللہ کر کے دیکھو۔۔۔ سبحان اللہ، والحمدللہ، اللہ اکبر، پڑھ کر دیکھو۔۔۔ یوں لگے گا کہ دل کے زخم مندمل ہورہے ہیں۔۔۔

کبھی ایک نماز تو خالص اللہ پاک کی رضا کیلئے اور اُس کی یاد میں مشغول رہ کر ادا کرو۔۔۔ دل آسمانوں سے اوپر پہنچ جائے گا۔۔۔ یاد رکھو ذکر میں فائدے ہی فائدے ہیں۔۔۔ اور ’’ذکراللہ‘‘ سے غفلت میں نقصان ہی نقصان ہے۔۔۔ علامہ ابن قیمّ رحمتہ اللہ علیہ نے قرآن پاک کی آیات اور احادیث مبارکہ کو سامنے رکھ کر ’’ذکراللہ‘‘ کے سو فائدے لکھے ہیں۔۔۔ جس کو شوق ہو اُن کی کتاب ’’الوابل الصیّب‘‘ میں دیکھ لے۔۔۔ اُن سو فائدوں میں سے چند ایک یہ ہیں۔۔۔
(۱) ذکر اللہ تعالیٰ کی رضا کا ذریعہ ہے۔
(۲) ذکر شیطان کو دفع کرتا ہے اور اُس کی قوت کو توڑتا ہے۔
(۳) ’’ذکراللہ‘‘ دل سے فکر وغم کو دور کرتا ہے۔
(۴) ’’ذکراللہ‘‘ بدن اور دل کو طاقت بخشتا ہے۔
(۵) ’’ذکراللہ‘‘ چہرے اور دل کو منور کرتا ہے۔
(۶) ’’ذکراللہ‘‘ رزق میں برکت کا ذریعہ ہے۔
(۷) ’’ذکراللہ‘‘ اللہ تعالیٰ کے قرب اور اُس کی معرفت کا ذریعہ ہے۔
(۸) ’’ذکراللہ‘‘ کرنے والے کا ذکر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ہوتا ہے۔
(۹) ’’ذکراللہ‘‘ دل اور روح کی روزی ہے۔
(۰۱) ’’ذکراللہ‘‘ آدمی کی ہر ترقی کا ذریعہ ہے۔

ہر وقت توبہ کریں اور نیت صالح کرلیں کہ اب تک جو غفلت ہوگئی اُس پر استغفار کرلیا جائے۔۔۔ پختہ نیت کرلی جائے کہ نماز میں کوئی غفلت، سستی نہیں ہوگی۔۔۔ اور نماز بالخصوص باجماعت توجہ سے ادا کریں گے۔۔۔ اور نماز میں دل اور جسم کو اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ رکھیں گے۔۔ تلاوت کے ناغے کا تصور بھی نہیں کریں گے (عورتیں مجبوری کے ایام میں تلاوت کے وقت کسی اور ذکر کا اہتمام کرلیا کریں)۔۔۔ اور اپنے تمام معمولات اور اذکار کو سب سے زیادہ ترجیح دے کر پورا کریں گے۔

اگر کسی بھی طرح ہماری محنت اور اللہ کی توفیق سے اگر میری اور آپ کی زندگی میں ’’ذکراللہ‘‘ آگیا تو پھر ہم ہر چیز کے مالک بن جائیں گے۔۔۔ یہ ایک نعمت ہے اور ایک ایسی نعمت جس کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔

ولذکراللہ اکبر

دعاء کریں۔۔۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے یہ بڑی چیز اور بڑی نعمت مجھے اور آپ کو نصیب فرمادے۔

اللہ، اللہ اللہ
آمین برحمتک یا ارحم الراحمین
وصلی اللہ تعالیٰ علی خیرخلقہ سیدنا محمد والہ وصحبہ وسلم تسلیما کثیراکثیراکثیرا

اللہ کا ایک گناہ گار بندہ مگر اللہ کی رحمت و کرم و عنایت و شفقت کا سچا بھکاری
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت کا طلب گار اور امیدوار
اور آپ حضرات کی دعاوں کا انتہائی طلب گار
M. Furqan Hanif
About the Author: M. Furqan Hanif Read More Articles by M. Furqan Hanif: 448 Articles with 494362 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.