جادو، جنات اور شیطانی اثرات کے اسباب

آج کا مضمون انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہمارے معاشرے کی ایک خاص تعداد اس مرض اور وہم میں مبتلا ہے۔ یہ سچ بھی ہے اور کسی حد تک ایک وہم بھی۔ اسے جادو یا بد اثرات یا پھر شیطانی اثرات کا نام دیا جاتا ہے۔

ایک تحقیق جو میری بساط میں تھی وہ اس بارے میں کیا کہتی ہے، آج آپ ملاحظہ فرمائیں گے۔ اس سلسلے میں اساتذہ، علماء اور مشائخ کی مدد بھی حاصل کی۔ خصوصاً علماء حق سے مشاورت کی۔

جادو، بد اثرات یا شیطانی اثرات کیا ہیں؟
میں نے ان تین معاملات کو یکجا اس لئیے کر دیا ہے کہ ان کی علامات اور اثرات ملتے جلتے ہیں اور اس مختصر تحریر میں ان کو جامعیت سے بیان کرنا ہی بہتر ہے۔

جب کسی فرد پر جادو ، جنات، بد اثرات حاوی ہو جائیں تو اس سے رحمتِ الٰہی بھی اٹھ جاتی ہے۔ الا ماشاء اللہ۔ نماز، قرآن، شرعی احکام، خلوص و وفا، حسنِ سلوک، آدابِ معاشرت، حقوق العباد، تعلیم و تعلم اور فکرِ آخرت اس کے ذہن سے نکل جاتے ہیں۔ جادو ایک شیطانی عمل ہے اس لئیے شیطان اپنے حملے میں کامیاب ہو کر اس انسان کو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات سے دور کر دیتا ہے۔ جادو کی سب سے بڑی نحوست یہی ہوتی ہے کہ بندہ عبادات اور اچھائی کے کاموں سے دور ہو جاتا ہے اور وہ مزید ایسے عمل کرتا ہے جس سے رحمت کی بجائے اس پر زحمت نازل ہوتی ہے۔ یوں بے برکتی اور نحوست کا یہ سلسلہ بڑھتا چلا جاتا ہے۔ حتٰی کہ اس بندے کو اپنے اوپر کئیے گئے جادو کا احساس بھی نہیں ہوتا اور وہ کفرانِ نعمت کرتا رہتا ہے۔ اگر کوئی اس کو سمجھانے کی کوشش کرے تو وہ الٹا اس کو برا کہے گا اور خود کو درست بتائے گا۔ جادو کی نحوست کی وجہ سے وہ اپنا علاج کروانے کی توفیق سے بھی محروم رہتا ہے اور اس کی یہ نحوست آہستہ آہستہ اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب تک بھی جا سکتی ہے۔ جادو کا بنیادی مقصد تو کسی کی زندگی تباہ کرنا، اسے ہلاک کرنا، مصیبت میں مبتلا کرنا، ذہنی سکون چھیننا اور اذیت و پریشانیوں میں مبتلا کرنا ہوتا ہے۔

جادو کے اثرات و علامات آپ نے ملاحظہ فرما لیں۔

جادو کیسے ہوتا ہے؟
بہت سارے لوگ جادو یا جنات کا پتہ چلنے کے فوری بعد پہلا سوال یہ کرتے ہیں کہ یہ جادو/جنات کس نے بھیجے ہیں؟ اگر لوگوں کو یہ پتہ چل جائے تو گھروں میں آگ لگ جائے۔ کیونکہ بہت سارے واقعات میں اپنے انتہائی قریبی عزیز ہی ملوّث ہوتے ہیں۔ لہٰذا اس پر غور نا کریں کہ یہ حرکت کس نے کی بلکہ اس کے علاج پر توجہ مرکوز کریں۔

اسی طرح ہمارے معاشرے میں موجود جہالت، دین و شریعت سے ناواقفیت کی وجہ سے لوگ مبتلائے مصیبت ہوتے ہیں اور وہ تصور کرتے رہتے ہیں کہ فلاں نے مجھ پر جادو کیا ہے۔ میری اپنی معلومات کے مطابق 75٪ لوگ ایسے ہیں جن پر جادو یا شیطانی اثرات ان کی اپنی غلطیوں، بد اعمالیوں اور شرعی احکام کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔

جادو، جنات اور شیطانی اثرات کی چند وجوہات ملاحظہ فرمائیں۔
1- وضو اور غسل کا شرعی طریقہ نا جاننا۔ 2- قرآن کریم کو اس کے آداب کے خلاف پڑھنا۔ 3- نماز کی پابندی نا کرنا۔4 - نماز کے احکام، فرائض و واجبات سے ناواقف ہونا۔ 5- غیبت اور چغل خوری کرنا۔ 6- لباس گندہ رکھنا۔ 7 - جسم ناپاک رکھنا۔ 8- گھر کے اندر ناپاک کپڑوں کو رکھنا، خصوصاً خواتین حیض ونفاس والے کپڑے استعمال کے بعد دیر تک گھر میں رکھتی ہیں- 9 - سب گھر والوں کا ایک ہی کنگھی استعمال کرنا- 10- ایک دوسرے کا لباس پہن لینا- 11 - جھوٹ بولنا- 12- ننگے سر بیت الخلا میں جانا۔ 13- خواتین کا سر کے بال کھلے رکھنا اور ننگے سر گھومنا، ابرو اور بھوئیں بنوانا، علماء نے اسے حرام قرار دیا اور ایسے کرنے والی پر لعنت کی وعید آئی- 14- نیل پالش کا استعمال کرنا کہ اس میں حرام اجزاء ہوتے ہیں اور اس سے وضو اور غسل بھی نہیں ہوتا۔ 15- ازدواجی تعلقات میں غیر فطری طریقہ اختیار کرنا اور غیر شرعی حرکات کرنا۔ 16- خواتین کا گھر سے باہر جاتے ہوئے خوشبو، عطر اور پرفیوم لگانا، ایسی عورت کو حدیث میں بدکارہ اور زانیہ سے تشبیہ دی گئی ہے۔ 17- بیت الخلا میں جا کر گنگنانا اور گفتگو کرنا۔ 18- سِترِ عورت کی خلاف ورزی اور بے پردگی کرنا۔ 19- سایہ دار درخت کے نیچے پیشاب کرنا۔ 20- قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ کر کے پیشاب کرنا۔ 21- اولیاء، علماء حقہ، اصحابِ رسول رضوان اللہ علیہم اجمعین اور انبیاء و رسلِ عظام علیہم السلام کی شان میں گستاخی کرنا۔ ایسے شخص کو تو بہ بھی بمشکل ہی نصیب ہوتی ہے۔ 22- یتیم اور بیوہ کا مال کھانا۔ 23- سود کھانا یا کھلانا۔ 24- رشوت دینا یا دلانا۔ 25- ناجائز منافع خوری۔ 26- کسی بے گناہ پر تہمت اور الزام لگانا۔ 27- جھوٹی قسم کھانا۔ 28- قرآن کی تلاوت کے وقت خاموشی اختیار نا کرنا۔ 29- اوندھے منہ یعنی الٹا لیٹنا کہ یہ اہلِ جہنّم کا طریقہ ہے۔ 30- فجر کے وقت سوتے رہنا۔ 31- قرآن کو بے وضو ہاتھ لگانا۔ 32- والدین کی نافرمانی کرنا۔ 33- گھر میں کتا پالنا- 34- شراب و نشہ۔ 35- جوا کھیلنا۔ 36- حرام غذا کھانا۔ 37- غریب کا حق نا دینا۔ 38- زکوٰہ ادا نا کرنا۔39 - شرک اور بدعت میں مبتلا ہو جانا، یعنی کفار و مشرکین کی رسومات میں مبتلا ہو جانا۔ ہمارے دیہاتی معاشرے میں شادی بیاہ، موت اور دیگر مواقع پر بہت ساری خرافات موجود ہیں جو خالصتاً ہندوانہ رسومات ہیں۔ اس طرح حاملہ خواتین کے بارے میں بہت کچھ کہا جاتا ہے۔ یہ تمام امور، جنّات، جادو اور شیطانی اثرات کا راستہ آسان کر دیتے ہیں۔

اب اگر آپ غور فرمائیں تو آپ کو سمجھ آ جائے گی کہ یہ وہ کام ہیں جن سے شریعت نے منع کیا ہے۔ جب بھی کسی کام میں شرعی احکام کی خلاف ورزی ہو گی اسی وقت شیطان کا راستہ صاف ہو جائے گا۔ جب رحمان کی بجائے شیطان کو دعوت دی جائے گی تب ہی تباہی ہو گی۔

ضروری نہیں کہ مذکورہ تمام خامیاں موجود ہوں تو ہی جادو ہوتا ہے، ان میں سے کوئی ایک حرکت بھی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔ تاہم جس کو اللہ توبہ کی توفیق دے وہ واپس رحمتِ الٰہی کے دریا میں غوطہ زن ہو جاتا ہے۔

اوپر ذکر کی گئی وجوہات وہ ہیں جو ہماری بد اعمالیوں اور شرعی نافرمانیوں کے نتیجے میں واقع ہوتی ہیں۔ اب کچھ ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جن پر ان کے رشتہ دار، عزیز یا جاننے والے کسی چیز کا بدلہ لینے یا پھر بلا وجہ گزند اور نقصان پہنچانے کے لئیے بھی یہ شیطانی عمل کرتے ہیں۔ اس کے بہت سارے محرّکات ہیں۔ بعض اوقات جادو کرنے کے لئیے کپڑا، کنگھی، بستر، کھانا، پانی، مٹھائی، مٹی استعمال کی جاتی ہے تو بعض اوقات بغیر کسی چیز کا سہارا لئیے براہِ راست شیطانی عمل کے ذریعے حملہ کیا جاتا ہے۔ بے شک جادو ایک خطر ناک عمل ہے اور یہ قبر کی دیواروں تک پہنچا دیتا ہے۔

اگر کسی کے ساتھ ایسا معاملہ ہو تو مخلصانہ مشورہ ہے کہ کسی پر شک نا کریں بلکہ اس کا علاج کریں۔ علاج کروانا ہی مقصد ہونا چاہئیے، جس نے یہ حرکت کی ہوگی وہ خود اذیت میں مبتلا ہو جائے گا۔ انشاء اللہ۔
میں نے پہلے لکھ دیا کہ جادو ، جنات اور شیطانی اثرات میں مبتلا انسان کو سکون نہیں ملتا اور وہ بے چین رہتا ہے اور کبھی یہاں تو کبھی وہاں۔ جو مل جائے اسی سے علاج شروع کروالیا اور نا مکمل علاج چھوڑ کر کسی اور کے پاس بھاگ گیا۔ یہ سب اس جادو ہی کے اثرات ہوتے ہیں کہ وہ شخص اپنا مکمل علاج ہی نہیں کروا پاتا۔ ایک درد مندانہ گذارش ہے کہ توبہ و استغفار کریں اور مکمل علاج کروائیں۔

اللہ کی نافرمانیاں، اس کے حبیب ﷺ کی ناراضگی اور گناہوں کی کثرت ہی اس مصیبت کی راستے آسان کرتی ہے۔ بہت کم ایسے لوگ ہیں جو بلا وجہ یا بے گناہ کسی کے ظلم کا شکار ہوتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو شریعتِ مطہرہ کا پابند بنائے، ان مصیبتوں اور پریشانیوں سے نجات عطا کرے۔ دنیا کے غموں سے پاک کر دے اور غمِ مدینہ عطا کرے۔ بیمارِ کربلا کے صدقے سب کو شفا دے اور ہم سب کو ایک دوسرے کے لئیے آسانیاں پیدا کرنے والا بنا دے۔ آمین

جادوگر کی سزا کیا ہے؟ اس پر پھر کسی وقت کلام کریں گے۔ یہ ایک مکمل اور جامع بحث ہے۔
رابطہ کے ذرائع:
ای میل:
[email protected]
فیس بک پیج:
: https://www.facebook.com/iftikharulhassan.rizvi
Iftikhar Ul Hassan Rizvi
About the Author: Iftikhar Ul Hassan Rizvi Read More Articles by Iftikhar Ul Hassan Rizvi: 62 Articles with 236355 views Writer and Spiritual Guide Iftikhar Ul Hassan Rizvi (افتخار الحسن الرضوی), He is an entrepreneurship consultant and Teacher by profession. Shaykh Ift.. View More