ایک جنتی شخص

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ ہم لوگ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بیٹھے ہوئے تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
''ﯾطﻟﻊ ﻋﻟﯾﮐم اﻵن رﺟل من اھل الجنة ''
ابھی تمہارے پاس ایک جنتی شخص نمودار ہوگا ،
چنانچہ ایک انصاری صحابی اس حالت میں تشریف لاتے ہیں کہ وضو کا پانی ان کی داڑھی سے ٹپک رہا تھا اور انہوں نے اپنے جوتے بائیں ہاتھ میں اٹھارکھے تھے ،

دوسرے دن بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی بات کہی اور پھر وہی صحابی نمودارہوئےجو گزشتہ دن
نمودار ہوئے تھے اور آج بھی پہلے کی طرح جوتے ھاتھ میں اٹھائے ہوئے تھے ،

تیسرے دن بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہی بات دہرائی اور اس دن بھی وہی صحابی اسی حالت میں نمودار ہوئے
(یعنی ان کی داڑھی سے ٹپک رہا تھا اور انہوں نے اپنے جوتے بائیں ہاتھ میں اٹھارکھے تھے)

جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم اٹھ کر چل دیئے تو سیدناعبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما ان انصاری صحابی کے پیچھے لگ گئے اور عرض کیا کہ والد سے میرا کچھ اختلاف ہوگیا ہے اور تین دن تک ان سے جدا رہنے کی میں نے قسم کھالی ہے لہذا اگر آپ مناسب سمجھیں تو اس مدت تک اپنے یہاں رہنے کی مجھے اجازت مرحمت فرمائیں ، انصاری صحابی نے جواب دیا : ٹھیک ہے ،

سیدنا عبد اللہ کا بیان ہے کہ میں نے تین رات ان کے یہاں گزاری لیکن دیکھا کہ وہ رات میں کوئی عبادت نہیں کرتے البتہ رات میں جب بھی اُن کی نیند ٹوٹتی یا کروٹ بدلتے تو اللہ کا ذکر کرتے اور اس کی بڑائی بیان کرتے ، تاآنکہ فجر کے لئے بیدار ہوتے ، میں نے ایک بات یہ بھی دیکھی کہ وہ زبان سے بھلی بات ہی نکالتے تھے، جب تین دن پورے ہوگئے اور میرے دل میں اُن کا کوئی عمل بھی بڑا معلوم نہ ہوا-

تو میں نے کہا : اے اللہ کے بندے ! میرے اور میرے والد کے درمیان کوئی لڑائی اور ناراضگی نہیں تھی البتہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ تین دن لگاتار آپ کے بارے میں فرما رہے تھے : "ابھی تمہارے پاس ایک جنتی شخص نمودار ہو گا " اور تینوں دن آپ ہی تشریف لائے ، تو میں نے ارادہ کیا کہ آپ کے پاس رہ کر آپ کا عمل دیکھوں تا کہ میں بھی ویسا عمل کرسکوں ، لیکن میں دیکھ رہا ہوں آپ نے کوئی زیادہ عمل نہیں کرتے ، پھر کیا وجہ ہے کہ آپ اس مقام کو پہنچے جس کی بنیاد پر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات کی ہے ؟

انہوں نے کہا : بس میرا عمل تو صرف اتنا ہی ہے جو تم نے دیکھا ، پھر جب میں وہاں سے واپسی کے لیے مُڑا تو انہوں نے مجھے آواز دے کر بلایا اور فرمایا :عمل تو وہی ہے جو تم نے دیکھاالبتہ ایک بات ضرور ہے کہ میرے دل میں نہ تو کسی مسلمان کے لئے دھوکہ کا جذبہ ہے اور نہ ہی اللہ تعالٰی کی دی ہوئی بھلائی اور نعمت پر ان سے حسد کرتا ہوں ،

سیدنا عبد اللہ بن عمرورضی اللہ عنہما نے کہا : بس یہی چیز ہے جو آپ کو اس مقام تک لائی ہے اور یہی وہ خصلت ہے جس کو اپنانے کی ہم میں طاقت نہیں ''

( مسند احمد :3/166 ، ) حافظ عراقی تخریج الاحیاء( 3 / 187 )

الله پاک ہم سب کو بھی اسی طرح پاک دل ہونے کی اور نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے. آمین الٰھی آمین
Muhammad Tauseef Paracha
About the Author: Muhammad Tauseef Paracha Read More Articles by Muhammad Tauseef Paracha: 16 Articles with 17260 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.