حق ادا نہ ہوا

تنکا تنکا اکٹھا کرکے گھونسلہ بنانا کتنا جان جوکھوں کا کام ہے ۔ جب حوادثِ زمانہ کی بے رحم آندھی اس گھونسلے کو اُڑا کر تنکا تنکا بکھیر دیتی ہے تو ٹوٹے ہوئے گھونسلے کے تنکے پھر سے جوڑنا اس یقین پر کہ یہ گھونسلہ پھر سے ٹوٹے گا ۔۔۔ کس قدر صبر آزما بھی ہے اور تکلیف دہ بھی ۔ جس رب ّ ِ کردگار نے اپنے پیارے بندوں کو دہکتی آگ میں گرتے دیکھا ہے ۔۔۔ دریاؤں میں کودتے دیکھا ہے ۔۔۔ اپنے جسم پر لکڑی کی میخیں گڑواتے دیکھ ہے ۔۔۔ تپتے صحراؤں میں برہنہ جسم گھسٹتے دیکھا ہے ۔۔۔نہتے ۳۱۳ کو 1000 سے بے خوف لڑتے دیکھا ہے ۔۔۔ اور ۔۔۔ 3000 کو 100000 (ایک لاکھ ) سے نہ صرف لڑتے بلکہ بازی جیت کر پلٹتے دیکھا ہے ۔۔۔ کیا وہ صرف چند تسبیحوں کے دانو ں یا چند تعریفی کلمات سے خوش ہو جاتا ہے ؟ ۔۔۔ ہاں ! مگر ناراض بھی نہیں ہوتا ۔ انسان جنت کی آرزو کرتا ہے اور اسے اپنے سے بہت دور خیال کرتا ہے ۔۔۔ ان تسبیح کے دانوں سے کیا ہو گا ؟ ۔۔۔ کیا اس کی بندگی کر سکو گے ؟ ۔۔۔ تم نے کہا ” میں نے اس کی بندگی کی ۔۔۔ اس کے لئے اپنی جان وار دی “ ۔۔۔ غالب نے بھی کہا :
جان دی ، دی ہوئی اس کی تھی
حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا

ان تسبیح کے دانوں سے کیا ہو گا ؟ ۔۔۔ زارو قطار روتے ہو ، رونے سے کیا ہو گا ؟ ۔۔۔ بیشک وہ رحیم و کریم ہے ۔۔۔ لیکن ۔۔۔ دھاگے میں گرہ تو لگ جائے گی ۔ اس کو سمجھ سکتے ہو ؟ ۔۔۔ کبھی گلے لگایا ؟ کبھی اس کو سجدہ کیا ہے ؟ ۔۔۔ مگر ۔۔۔ یہ سب کچھ کرنے کا حکم تو اس نے دیا ہے تو اب کفِ افسوس کیوں ملتے ہو ؟ ۔۔۔ سنو ! وہ عظیم ہے جسے چاہے عرش پر جوتے سمیت بلا لے اور جسے چاہے فرش پر جوتے اتارنے کا حکم دے ۔۔۔ جسے چاہے طور پر جلوہ دکھائے ، اور جسے چا ہے عرش پر بلا کر دوری کو بھی دور کر دے ۔۔۔ اسے دُور کہتے ہو ؟ جو تمہاری شہ رگ سے بھی قریب ہے ۔۔۔ ان تسبیح کے دانوں سے کیا ہو گا ؟ ۔۔۔ ہاں ! اگر ہو گا تو اس سے جس کے بارے میں اس نے موسٰی سے کہا ” موسٰی ! ذرہ سنبھل کر ، اب تیرے لئے دعا کرنے والے لب خاموش ہو چکے ہیں ۔۔۔ ہاں ان تسبیح کے دانوں سے کیا ہو گا ، جب تک کہ دل نہیں پکارے گا اور وہ خود نہیں کہے گا ۔۔۔
یہ بندہ دو عالم سے خفا میرے لئے ہے
Prof Riffat Mazhar
About the Author: Prof Riffat Mazhar Read More Articles by Prof Riffat Mazhar: 864 Articles with 558402 views Prof Riffat Mazhar( University of Education Lahore)
Writter & Columnist at
Daily Naibaat/Daily Insaf

" پروفیسر رفعت مظہر کالمسٹ “روز نامہ نئی ب
.. View More