آپکی پسندیدہ سیاسی پارٹی میں کیوں نہ شامل ہو جاؤں؟

معاف کیجئے گا ، آپکی پسندیدہ سیاسی پارٹی کو میں صرف اس لئے پسند نہیں کروں گا کہ آپ میرے رشتے دار ہیں ، دوست ہیں یا میرے محسن ہیں ، بلکہ مجھے کہنے دیجئے کہ میں کسی بھی مجبوری یا خوف یا لالچ کی وجہ سے کسی ایسی سیاسی پارٹی کی حمایت ہرگز نہیں کر سکتا ، جسکے نتیجے میں ایک طرف تو پاکستان اور پاکستانی عوام کا مستقبل تاریک ہو جائے ، اور ، دوسری طرف مجھے قیامت کے دن گُناہ گار لوگوں کے گروہ کے ساتھ عذابِ الہٰی کے حوالے کردیا جائے ۔ بلکہ سچ تو یہ ہے کہ میں نے اپنے ضمیر کی کسوٹی پر تمام سیاسی پارٹیوں کے منشور اور اُن کی اچھائیوں کو پرکھنے کے بعد جب آپکی پسندیدہ سیاسی پارٹی کا مُفصل جائزہ لیا ہے تو مجھے یوں محسوس ہورہا ہے کہ :۔
تمنائیں حدِ نظر بن گئی ہیں
دعائیں سراپا اثر بن گئی ہیں

اﷲ کا شکر ہے کہ آپکی سیاسی پارٹی میں مجھے کوئی نقص یا خامی نظر نہیں آتی، بلکہ ، اُس میں مندرجہ ذیل ان گنت اچھائیاں ہی اچھائیاں نمایاں طور پر نظر آتی ہیں : ۔

الف) آپکی پارٹی کا بانی اور تمام عہدیداران انتہائی، ایماندار، امانتدار، خُدا ترس، باکردار، رحم دل، سماجی کارکن اور پاکدامن انسان ہیں ، وہ صرف تعلیم یافتہ اور با صلاحیت ہی نہیں، بلکہ انہوں نے نہ تو آج تک کسی کو شکایت کا موقع دیا ہے اور نہ ہی اُن کے خلاف کوئی مقدمہ دائر ہوا ہے اور نہ ہی وہ کبھی کسی الزام میں جیل گئے ہیں اور سچ و حق گوئی کی وجہ سے عوام میں سے کوئی اُنکا دشمن نہیں ہے ۔

ب) آپ کی پارٹی نے غریب عوام کو ٹریفک مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لئے تمام روٹس پر اپنی پارٹی کے زیرِ انتظام انتہائی سستے کرایوں کی بسیں ، ویگنیں ، اور رکشے وغیرہ چلا رکھے ہیں جو دن رات غریب عوام کو اُن کی منزل تک پہنچاتے رہتے ہیں ۔

پ) آپ کی پارٹی کے نیک صفت لیڈران نے غریب عوام کے علاج معالجے کے لئے مفت اسپتال اور ڈسپینسریز کا جال بچھا رکھا ہے ، جہاں سے روزانہ لاکھوں مریض اور زخمی افراد مفت دوائیں، شفاء اور غذائیں حاصل کرتے ہیں۔

ت) آپکی پارٹی نے عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے ہر محلے اور گاؤں میں پارٹی کے یوٹیلٹی اسٹورز قائم کر رکھے ہیں ، جہاں پر خالص اور معیاری دودھ، آٹا، تیل، چینی، گوشت، سبزیاں ، دالیں ، صابن، چاول ، فروٹ، مسالہ جات، جوتے، چپل اور کپڑے وغیرہ حکومت کی مقرر کردہ نرخ سے آدھی قیمت پر دستیاب ہیں ۔

ٹ) ہر چند کہ آپ کی پارٹی کے جھنڈے، نعرے اور تصاویر کھمبوں اور دیواروں پر نظر نہیں آتے ، مگر ، لوگوں کے دلوں میں رہنے کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ آپ کی پارٹی نے ہر گاؤں اور محلے میں ایسے بہترین اسکول قائم کر رکھے ہیں جہاں بچوں کو مفت تعلیم، مفت کتابیں ، مفت یونیفارم اور مفت کھانے کے علاوہ انہیں پھل اور کھیل کود کے ساتھ ساتھ تعمیرِ کردار اور فنی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے ۔

ث) آپ کی پارٹی کے کارکنان کسی ناجائز کاروبار یا آمدنی میں ملوث نظر نہیں آتے ، نہ وہ لوگوں سے بھتہ لیتے ہیں ، نہ وہ اسلحہ رکھتے ہیں ، نہ وہ دہشت گردی میں ملوث ہیں ، نہ اُن پر کھالیں چھیننے کا الزام ہے، نہ آپ کی پارٹی میں ملیٹنٹ وِنگ موجود ہے ، نہ وہ رُشوت یا کمیشن کو حلال سمجھتے ہیں ، نہ اُن کی دولت دوسرے ممالک میں ہے، نہ اُنکے بچے باہر کے ملکوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں، نہ ہی آپ کی پارٹی والے فرقہ پرستی کی لعنت میں شامل ہیں اور نہ ہی وہ دوسروں کی غیبت یا کردارکشی کرتے ہیں ۔

ج) آپ کی پارٹی کے لوگ ہڑتال کی کال دیکر نہ لوگوں کو بیروزگار کرتے ہیں اور نہ ہی لوگوں کا کاروبار خراب کرتے ہیں ، اور نہ جلسے یا جلوس کے بہانے کسی سڑک ، گلی ، راہگذر یا ٹریفک کو بند کرتے ہیں ۔ اور شاید یہی وجہ ہے کہ آپکی پارٹی کے کارکنان نہ کبھی چندہ ، بھتہ ، پرچی یا اغوا برائے تاوان کے ذریعے دولت حاصل کرتے ہے، نہ آپ کی پارٹی عوام سے زکوات، کھالیں ، فطرہ یا چندہ طلب کرتی ہے ، بلکہ مُخیر حضرات خود ہی رضاکارانہ طور پر آپکی پارٹی کی مالی معاونت کرتے رہتے ہیں ۔

چ) آپ کی پارٹی کو پسند کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اُس میں کوئی خودکش حملہ آور نہیں، کسی پر غیر ملکی ایجنٹ ہونے کا الزام نہیں، کسی پر لسانی، صوبائی ، فروئی، علاقائی تعصبات کو ہوا دینے کا الزام نہیں، کسی پر اثاثے ظاہر نہ کرنے ، ناجائز منافع کمانے، سٹہ ، جوا ، یا میچ فکسنگ میں حصہ لینے کا الزام نہیں ، بلکہ ، آپ کی پارٹی کے لوگ جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کرتے ہیں ، بجلی چوری کرنے والوں، سڑکوں، گلیوں ، اور زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف شکایات کرتے ہیں اور سچی گواہی نہ صرف خود دیتے ہیں بلکہ سچی گواہی دینے والوں کو سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں ۔۔

ح) آپکی سیاسی پارٹی کے تمام کارکنان میں ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہ وقت کے پابند ہیں، اپنے اپنے حلقے میں صحت، صفائی، پانی بجلی اور گیس کے مسائل پیدا نہیں ہونے دیتے، کسی مذہبی مہینے یا تہوار کے موقع پر چیزوں کی قلت یا مہنگائی نہیں ہونے دیتے، اور نوجوان نسل کو سگریٹ، نسوار، گُٹکے، چرس یا دیگر منشیات سے دور رکھتے ہیں ۔ یہانتک کہ حکومت کی کسی کوتاہی یا بدنظمی میں مصلحت یا منافقانہ غفلت کی وجہ سے شریکِ جُرم نہیں ہوتے ۔

خ) کاش میں نے آپ کی سیاسی پارٹی میں بہت پہلے سے شمولیت اختیار کرلی ہوتی ، کیونکہ ، آپ کی پسندیدہ پارٹی کے دورِ حکومت میں قانون کی بالا دستی رہتی ہے ، امیر سرمایہ داروں کے قرضے معاف نہیں کئے جاتے ، غریبوں سے ٹیکس نہیں لیا جاتا، پولیس اور دیگر سرکاری ملازمین کی ماہانہ تنخواہ اتنی ہوتی ہے کہ رشوت لئے بغیر اُنکی ضروریات پوری ہوجاتی ہیں کیونکہ آپکی پارٹی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیتی ، سمگلنگ ، ٹیکس چوری، رشوت کے لین دین، بجلی کی چوری ، زمین اور جائداد پر ناجائز قبضہ ، مُنافہ خوری ، زخیرہ اندوزی ، دہشت گردی ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، بِلا ضرورت فائرنگ کرنے ، یا ، ٹارگیٹ کلنگ وغیرہ میں ملوث گنہگاروں کو انتہائی سخت سزائیں دی جاتی ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ آپ کی دردِ دل رکھنے والی جماعت ہمیشہ انسانی فلاح کے لئے بھت کچھ مثبت کاروائیاں کرتی رہتی ہے ۔ یقیناََ آپ کی پارٹی کے کارکنان کے ذہن میں یہ بات ہوگی کہ :
درد ِ دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لئے کچھ کم نہ تھے کرو بیاں

د) آپ کی پسندیدہ سیاسی پارٹی کی اس صلاحیت سے بھی کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ انہوں نے ملک کے نظر انداز شدہ معدنیات کے خزانوں اور پیٹرول و گیس کے ذخائر کو ملکی ترقی اور استحکام کے لئے مہیا کر نے کے ساتھ ساتھ آپکی پارٹی نے ملک میں توانائی اور سَستی بجلی کو خود کفالت کی شکل دے دی ہے اور خاص بات یہ ہے کہ آپ کی جماعت نے ایک مو ثر احتسابی نظام کو حرکت دیکر P.I.A. ، اسٹیل مل ، پاکستان ریلوے اور دیگر قومی اہمیت کے اداروں کو انتہائی منافع بخش اداروں میں تبدیل کر دیا ہے ، جنگلات کی کٹائی روک دی گئی ہے ، ہر پھل کے بیج اور گٹھلی کو شجر کاری کے ذریعے استعمال کیا جارہا ہے، زراعت کے ذریعے سبز انقلاب برپا کردیا گیا ہے ، نہری نظام کو جدید طرز پر رواں کردیا گیا ہے ۔ لوڈشیڈنگ ختم ہونے کی وجہ سے تمام پیداواری ادارے روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں اور شکر ہے کہ ہمارا ملک اب غیر ملکی قرضوں کا محتاج نہیں رہا ، ہمارا ملک قرضے اُتارتا جارہا ہے اور اگر آپ کی پسندیدہ سیاسی پارٹی کو عوامی حمایت حاصل رہی تو انشاء اﷲ عنقریب یہ ملک ترقی اور خود کفالت کی شاہ راہ پر سبک رفتاری سے گام زن نظر آتا رہے گا ۔

ڈ) اگر ہر سمجھدار شخص ، نیکی بدی ، اچھائی بُرائی ، اور جزا و سزا کا ادراک رکھتے ہوئے ، اپنے ملک اور قوم کی بھلائی کی خاطر مندرجہ بالا خصوصیات کی حامل سیاسی پارٹی میں شامل ہوجائے ، تو میرے جزبات کی ترجمانی کچھ اسطرح ہوسکتی ہے کہ :
آج سجدوں کی انتہا کر دوں
شوق مٹ جائے یا جبیں نہ رہے
Agha Syed Atta-u-Allah Shah
About the Author: Agha Syed Atta-u-Allah Shah Read More Articles by Agha Syed Atta-u-Allah Shah: 5 Articles with 3547 views Advocate,
Author of Book : - Raah-e-Raast
Article-writing,
Providing Free Legal Aid to needy poor persons; irrespective of cast, creed or
.. View More